روپیہ گم ہوگیا
وسیم ضیاء، ملتان
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ بازار میں کچھ سودا خریدنے جا رہا ہوتا ہوں۔ جب میں دوکان کے سامنے کھڑا ہوتا ہوں اور دکاندار کو رقم ادا کرنے لگتا ہوں تو اس میں سے ایک روپیہ گم ہوگیا ہوتا ہے۔ میں سوچتا ہوں کہ روپیہ کہاں گم ہوگیا ہے۔ میں بہت پریشان ہوتا ہوں کہ روپیہ آخر کہاں گم ہوگیا ہے پھر اسی پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں رکاوٹ آسکتی ہے اور رقم نہ ملنے کا خدشہ بھی ہو سکتا ہے۔ رزق میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ ضرور کریں اور کوشش کریں کہ ان کے نقش قدم پر چلیں۔ اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
کثرت سے درود شریف پڑھنا
نمرہ ایوب، کراچی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میرے گھر میں ایک محفل ہو رہی ہوتی ہے۔ اس میں سب مل کر درود شریف پڑھتے ہیں۔ میں بھی اس محفل میں بیٹھ جاتی ہوں اور نبی کریمؐ کے حضور درود شریف پڑھنا شروع کر دیتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی دلی مراد پوری ہوگی۔ دین اور دنیا دونوں میں بہتری ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے روضہ رسولؐ کی زیارت نصیب ہو سکتی ہے۔ رزق اور وسائل میں بہتری ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد بھی کریں۔ رات کو بعد از نماز عشاء کم از کم 313 مرتبہ درود شریف پڑھ کر سویا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔
کانٹے دار درخت
ثاقب خان، پشاور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک پہاڑ کے دامن میں جا رہا ہوتا ہوں۔ وہاں کچھ درخت ہوتے ہیں۔ درختوں کے اوپر ایک کانٹے دار تہہ ہوتی ہے۔ جب میں ان کے قریب سے گزرتا ہوں تو کچھ کانٹے میرے کپڑوں کے اوپر لگ جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے۔ میں ان کانٹوں کو کپڑوں سے جدا کرتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا رنج و غم پیش آسکتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی شدید قسم کی بیماری لاحق ہو جائے جس سے رنج و غم اور پریشانی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یا حفیظ یا عزیز کا ورد کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔
والدین کو دیکھنا
سید توقیر حسن، بنوں
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کام کے سلسلے میں دوسرے شہر میں جاتا ہوں۔ رات کو میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے والدین مجھ سے ملنے آئے ہیں اور مجھے بڑی خوشی سے ملتے ہیں۔ میری والدہ مجھے سینے سے لگا کر پیار کرتی ہیں۔ میں بھی اپنے ماں اور باپ دونوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں ۔ تعبیر بتا دیجئے۔ میں آپ کو بتاتا چلوں کہ میرے والدین حیات ہیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ کی پریشانی دور ہو گی۔ رنج و غم سے نجات ملے گی۔ آپ کے کاروبار میں برکت اور وسائل و اسباب میں ترقی ہوگی۔ حالات بہتر سے بہتر ہو جائیں گے۔ ماں باپ کی محبت اور شفقت بھی ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو کے یا شکور یااللہ کا ورد کیا کریں۔
کمرے میں بچھو
آفتاب شیر، کویت
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں۔ نہ جانے کمرے میں ایک بچھو کہاں سے آ جاتا ہے۔ میں اس بچھو کو دیکھ کر اسے مارنے کے لئے کوئی چیز ڈھونڈتا ہوں تو مجھے اپنے کمرے میں کوئی چیز نہیں ملتی۔ پھر میں باہر سے ایک ڈنڈا اٹھا کر لاتاہوں تو مجھے بچھو کمرے میں نظر نہیں آتا۔ وہ بچھو نہ جانے کہاں غائب ہو جاتا ہے۔ میں اسی پریشانی میں کھڑا ہوتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی شخص اچانک دشمن بن جائے گا جو آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ آپ کی طبیعت میں رنج و ملال پیدا ہوگا۔ آپ کے ذہن کے اوپر ایک خوف اور پریشانی طاری رہے گی جس سے آپ کو صدمہ اور تکلیف سے دوچار ہونا پڑے گا۔ آپ کے کاروبار میں بھی کمی یا نقصان کا اندیشہ ہو سکتا ہے جس سے آپ کے مال و وسائل میں بھی کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
نرگس کا پھول دیکھنا
تمنا ظہیر، آسٹریلیا
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ ایک مقامی باغ میں جاتی ہوں۔ وہاں ہم دونوں سیر کر رہے ہوتے ہیں اور پھر میں پھولوں کی ایک کیاری کے پاس آکر رک جاتی ہوں۔ وہاں پر نرگس کے پھول لگے ہوئے ہوتے ہیں۔ میں ان کو بڑے غور سے دیکھتی ہوں اور پھر نیچے جھک کر اس کی خوشبو بھی سونگھتی ہوں۔ بڑی اچھی خوشبو ہوتی ہے اور پھر ہم وہا ں سے واپس آتے ہیں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے ہاں ایک خوبصورت فرزند پیدا ہوگا جو آپ کے خاندان کی عزت اور وقار میں اضافہ کرے گا۔ تجارت اور کاروبار میں ترقی ہوگی اور آپ کے رزق میں بھی اضافہ ہوگا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔
ماں میرا صدقہ دیتی ہے
سمیرا خان، لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں سو رہی ہوتی ہوں کہ میری امی میرے کمرے میں آتی ہیں۔ ان کے ہاتھ میں کچھ گوشت ہوتا ہے اور وہ گوشت میرے جسم پر سے سات مرتبہ وار دیتی ہیں۔ پھر نوکرانی کو آواز دے کر وہ گوشت اس کے حوالے کر دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ یہ صدقہ ہے اور کسی کو باہر دے آؤ۔ میں اپنی امی کی طرف دیکھتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے تنگ دستی، غم اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی۔ اگر گھر میں کوئی بیمار ہے تو اس کو شفاء ملے گی۔ کاروبار میں اضافہ ہوگا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ گھر کا ماحول بہتر ہوگا۔ آرام اور سکون بھی ملے گا۔ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔
ٹھنڈے آم کھانا
چودھری عمر، شجاع آباد
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے چچا کے گھر میں ہوتا ہوں۔ میرے چچا مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور پھر مجھے کھانے کی دعوت دیتے ہیں۔ پھر ہم سب مل کر میز پر بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔ پھر میری چچی کافی زیادہ ٹھنڈے آم لے کر آتی ہے اور میرے سامنے رکھ دیتی ہے کہ میں جس قدر آم کھا سکتا ہوں کھا لوں ۔ میں وہ ٹھنڈے آم بڑے شوق سے کھانا شروع کر دیتا ہوں ، مجھے خوب مزہ آتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار اورروزگار میں ترقی ہوگی۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ اللہ تعالیٰ غیب سے مدد فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد بھی جاری رکھیں ۔
کتے کا کاٹنا
محمد طیب، رحیم یار خان
خواب: میں نے دیکھا کہ میں شاہی بازار میں ہوں۔ ابھی تھوڑی دور تک جاتا ہوں کہ سامنے سے ایک کتا بھاگتاہوا آتا ہے۔ میں ایک طرف ہو جاتا ہوں مگر وہ کتا سیدھا آکر مجھے ٹانگ پر کاٹ لیتا ہے۔ میں جلدی سے اپنی ٹانگ اس کتے سے چھڑاتا ہوں مگر اس کتے کے دانت میری ٹانگ پرلگ جاتے ہیں۔ جب میری آنکھ کھلی تو میری ٹانگ کانپ رہی ہوتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو اس سے کوئی نقصان پہنچ جائے۔کاروبار میں کوئی رکاوٹ آپ کو پریشان کرے۔آپ نماز پنجگانہ اداکیاکریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروادی جائے گی۔کچھ صدقہ و خیرات کریں۔
شادی کاخواب
آمنہ بتول، لندن
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ گھر میں بہت زیادہ رونق ہے۔ گھر کے باہر باورچی کھانا پکانے میں لگے ہوئے ہیں۔ میں جلدی سے نہا دھو کر تیار ہوتی ہوں کہ بارات آجاتی ہے۔ دلہا میرا کزن ہوتا ہے۔ پھر میں نے دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوتی ہوں اور میرے شوہر میرے ساتھ باتیں کر رہے ہیں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ بیمار ہو جائیں جس کی وجہ سے گھر والے پریشان ہو سکتے ہیں۔کاروبار میں کوئی رکاوٹ یا بندش پیدا ہو سکتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروادی جائے گی ۔کچھ صدقہ وخیرات کریں۔
ناخن کاٹنا
صوفیہ ناز، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی اپنے ناخن کاٹنے کے بعد ان کو اکٹھا کرنا شروع کر دیتی ہوں۔ ایک کاغذ میں بند کر کے باہر پھینک دیتی ہوں۔ تعبیر بتا دیجیئے۔ یہ خواب اکثر نظر آتا ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کسی پریشان میں مبتلا ہو سکتی ہیں۔ یہ خواب نحوست کو ظاہرکرتا ہے۔ ہر کام میں رکاوٹ اور دل لگاکر نہ کرنا بھی اس میں شامل ہیں ۔کاروبار میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے جس سے آمدنی میں کمی ہو سکتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔ رات کو سیرت النبیؐ کا مطالعہ کریں ۔
استخارے کا جواب
میشا علی، اسلام آباد
خواب : میں نے اپنی چھوٹی باجی کی شادی کیلئے استخارہ کیا تھا۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری بڑی باجی اور میری چچی آپس میں لڑ رہی ہیں اور کسی بات پر کہہ رہی ہیں ان کو پکڑو، اتنے میں میں اور باجی بھاگنا شروع کردیتے ہیں اور پھر کسی کچی آبادی میں جاتے ہیں۔ وہاں کچھ لوگ ہمیں پکڑ کر کمرے میں بندکر دیتے ہیں۔ میر ی باجی مجھے کہتی ہیں کہ تم اس کھڑکی سے باہر نکل جاؤ اور کسی کو بلالاؤ۔ میرے دل میں یہ خوف ہوتا ہے کہ اگر میں وقت پر نہ پہنچی تو وہ لوگ باجی کو مار نہ دیں۔ راستے میں مجھے میرا بھائی اور کزن مل جاتے ہیں۔ میں ان کو ساری بات بتا دیتی ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ تو جا ابھی ہم اس کو لے کر آتے ہیں۔ میں گھرآتی ہوں اوراپنی کزن سے گلے ملتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جس بات کیلئے آپ نے استخارہ کیا ہے اس سے تعلق رکھتا ہے۔ اس خواب کا کچھ حصہ پریشانی کو ظاہرکرتا ہے آخرکار اللہ کی مہربانی سے دلی مراد پوری ہوگی یعنی جس جگہ آپ شادی کرنا چاہتی ہیں پریشانی اور رکاوٹ کے بعد وہاں ہو جائے گی۔ آپ پریشان نہ ہوں نماز پنجگانہ ادا کریں ۔کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کریں اورخیرات کریں۔ محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔
صبح مسواک کرنا
عثمان اقبال، جھنگ
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نماز فجر ادا کرنے کیلئے جا کر مسواک کرتا ہوں۔ مسواک کرنے کے بعد میں پھر وضو کرتا ہوں۔ اس کے بعد نہ جانے کیوں دوبارہ میں مسواک کرنے لگتا ہوں۔ برائے کرم اس خواب کی تعبیر بتادیجئیے اور میرے لئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جواس بات کو ظاہرکرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے دین اور دنیا دونوں میں بھلائی نصیب ہوگی۔ اللہ وسائل اور رزق میں برکت عطا فرمائیں گے۔ جس کی وجہ سے قرض کی ادائیگی احسن طریقہ سے مکمل ہو جائے گی۔ اولاد سعادت مند اور فرمانبردار ہوگی۔ وضو یا بغیر وضو یا اللہ یارحمٰن یا رحیم کا ورد بھی کریں۔ آپ کیلئے دعا کروا دی جائے گی۔
مسجد میں نماز ادا کرنا
عمر ریاض، جدہ
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے محلے کی جامع مسجد میں جاتا ہوں۔ وہاں وضو کرنے کے بعد نماز پڑھنے کیلئے مسجد میں داخل ہوتا ہوں۔ وہاں مجھے اپنا دوست جاوید ملتا ہے۔ میں اس سے دعا سلام کرنے کے بعد نماز ادا کرتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے آپ نیک بخت ہوں گے اور اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں میں شمار ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے رزق اور وسائل میں برکت دے گا اور دین اور دنیا دونوں میں بھلائی نصیب ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یااللہ یا رحمٰن یا رحیم پڑھ کر پانی پر دم کرکے پی لیا کریں۔
گھوڑے پر سواری
بلاول اکبر، سرگودھا
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں ہوتا ہوں۔ میرا ایک مزارعہ ایک بہت ہی اچھا گھوڑا لاتا ہے اور مجھے کہتا ہے کہ یہ گھوڑا نیا خریدا ہے۔ میں اس گھوڑے پر سوار ہوتا ہوں اور اسے اپنے علاقے میں لے جاتا ہوں۔ مجھے سواری کرتے ہوئے بہت مزہ آتا ہے۔ پھر میں اپنے گھر کی طرف آتا ہوں۔ راستے میں لوگ میری طرف دیکھتے ہیں پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے آپ کو مال و دولت عطا فرمائیں گے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ سیاست یا حکومت میں آپ کو شہرت اور منصب مل جائے اور آپ کی عزت اور توقیر میں مزید اضافہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے وسائل میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
سرراہ خوبصورت لڑکا ملنا
ن ف، فیصل آباد
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نکل کر اپنے چچا کے گھر جا رہا ہوتا ہوں کہ راستے میں ایک لڑکا جو اسی طرف جا رہا ہوتا ہے مجھے مل جاتا ہے اور میرے ساتھ باتیں کرنی شروع کردیتا ہے۔ میں بھی اس کے ساتھ باتیں کرتا ہوں پھر اسی اثناء میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کی دلی مراد پوری کریں گے۔ اگر شادی نہیں ہوئی تو آپ کی جلد شادی ہو جائے گی۔ کاروبار میں اضافہ اور رزق میں برکت نصیب ہوگی۔ اللہ تعالیٰ عزت اور وقار میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔ اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
جنگل میں لومڑی
تابش بصیر، چونیاں
خواب: میں نے دیکھا کہ ہمارے گاؤں کے ساتھ ایک چھوٹا سا جنگل ہے اور اس جنگل میں کافی تعداد میں جانور رہتے ہیں۔ ایک لومڑی وہاں میرے آگے آگے چلتی جاتی ہے۔ مگر بار بار مڑ کر میری طرف دیکھتی ہے۔ مجھے خوف سا آتا ہے کہ کہیں یہ مجھ پر حملہ نہ کردے۔ میں آہستہ ہو جاتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی قریبی رشتہ دار کی باتوں میں آ کر آپ اس کے مکرو فریب کا شکار ہو سکتے ہیں جس کی وجہ سے کاروبار میں نقصان کا اندیشہ ہے۔ کوئی رقم ڈوب جانے کا بھی خدشہ ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے استغفار کیا کریں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔
نیلا آسمان نظر آنا
زاہدہ اصرار ،گلگت
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر کھڑی ہوتی ہوں۔ سورج غروب ہونے کا وقت ہوتا ہے کہ آسمان پر ایک نیلے رنگ کی رنگت چھا جاتی ہے۔ جہاں جہاں میری نظر جاتی ہے آسمان بالکل نیلے رنگ کا دکھائی دیتا ہے۔ مہربانی فرماکر اس خواب کی تعبیر بتادیجیئے۔
تعبیر: اچھاخواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے مشکلات کا خاتمہ ہوگا اور آرام اور سکون کی زندگی نصیب ہو گی۔ اللہ تعالیٰ رزق میں برکت عطا فرمائیں گے اور مال و وسائل میں بھی برکت ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یاعزیز کا ورد بھی کیا کریں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔ آپ کچھ خیر ات بھی کریں۔
ابو گائے خرید کر لائے
یاسمین جالب، اٹلی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے ابو مویشی منڈی گئے ہوئے ہیں اور وہاں سے میرے لیے گائے خرید کر لاتے ہیں۔ ہم ان کے گرد جمع ہو جاتے ہیں اور گائے کو بڑے غور سے دیکھتے ہیں۔ گائے بڑے خوبصورت ہوتی ہے۔ میں اسے پیار کرتی ہوں۔ براہ کرم اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: اچھاخواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی شادی جلد ہو جائے گی۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو گھر میں راحت اور سکون ملے گا۔ اللہ تعالیٰ کاروبار میں ترقی عطا کریں گے۔ رزق اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت نبویؐ کا مطالعہ بھی کیا کریں۔
پاخانہ کرنا
ثاقب خواجہ، بنوں
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے واش روم میں جاتا ہوں اور جب میں لیٹرین میں دیکھتا ہوں تو اس میں پاخانہ ہوتا ہے۔ کسی نے پاخانہ کرکے اس پر پانی استعمال نہیں کیا ہوتا۔ میں پھر واپس آنے کی سوچ رہا ہوتا ہوں تو پھر میں بھی پاخانہ کرکے پانی استعمال کرتا ہوں۔ مہربانی فرماکر اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دھیان صرف اور صرف دنیاداری کی طرف مرکوز ہے۔ مال و دولت کے ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔ کاروبار میں نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ اس طرف بھی اشارہ ہوسکتا ہے کہ آپ کی توجہ صرف دولت کمانے اور جمع کرنے کی طرف ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں۔
صاف شفاف میٹھا پانی پینا
کامران ضیاء، رسالپور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں کسی پہاڑی علاقے میں ہوتا ہوں اور وہاں پر ایک چشمہ ہوتا ہے جس سے پانی بڑے زور سے آرہا ہوتا ہے۔ میں اس کے پاس بیٹھ جاتا ہوں اور بڑے سکون سے صاف اور شفاف پانی پیتا ہوں۔ پانی بہت زیادہ ٹھنڈا اور میٹھا ہوتا ہے اور پھر وہاں سے نیچے سڑک پر آجاتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اگر آپ بیمار ہیں تو شفاء اللہ تعالیٰ عطا فرمائیں گے۔ آپ کی زندگی میں اضافہ ہوگا۔ گھر میں رزق اور وسائل میں برکت ہوگی۔ نیک بختی آپ کو نصیب ہوگی۔ اللہ تعالیٰ گھر میں آرام اور سکون عطا فرمائیں گے۔ آپ نمازپنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحفیظ یاعزیز کا ورد کیا کریں۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.