فیشن کی دنیا میں جہاں جدت کی لہر آتی ہے وہیں ماضی بھی لوٹ کر آتا رہتا ہے۔
ہیئر اسٹائل ہوں یا میک اپ کے انداز ماضی کے ڈھنگ جوں کے توں یا کچھ کمی بیشی کے ساتھ دوبارہ رائج ہوکر مقبولیت حاصل کرتے ہیں ہیں۔ خاص طور پر ملبوسات کی دنیا میں تو گزرا وقت بار بار پلٹ کر آتا اور اپنا سکہ جماتا ہے۔ خواتین کے پاجامے ہی کو لیجیے۔ ماضی کا یہ پہناوا بہت سا وقت گزر جانے کے باوجود اب خوش نمائی کے نئے اور اچھوتے انداز لیے دوبارہ رائج ہوا ہے۔ مختلف رنگوں میں دست یاب اور پھولوں کی بہار لیے یہ پاجامے لمبی قمیصوں اور کرتوں کے ساتھ شخصیت کو دل آویزی عطا کرتے ہیں۔ روپ کو انفرادیت اور خوب صورتی ادا کرتا یہ لباس خواتین میں تیزی سے مقبول ہوا ہے۔