ایسے افراد جن کا مزاج بلغمی اور بادی کی طرف مائل ہوتا ہے، ان کے جسم میں سستی، تھکاوٹ، نکاہت اور دردوں کا اظہار اکثر ہوتا رہتا ہے۔ مزاج میں بادی کا عنصر غالب آنے سے بدنی خلیات میں آکسیجن ان ٹیک لیول بھی کمزور ہو جانے سے اعصاب کی چستی سستی میں بدل جایا کرتی ہے۔
خون میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہونے سے دورانِ خون کی گردش بھی متاثر ہونے لگتی ہے۔ خون میں گاڑھا پن ہوجانے سے دماغی اعصاب اور خلیات کی طرف آکسیجن کی رسد میں کمی آنے لگتی ہے۔ جب یہی آکسیجن کی کمی ایک خاص حد سے بڑھ جائے تو دماغی اعصاب اور خلیات کی کار کردگی کمزور ہونے سے اعصابی مسائل جیسے فالج، لقوہ، رعشہ اور پٹھوں کی کمزوری جیسے مسائل سامنے آنے لگتے ہیں۔ اعصابی مسائل میں بلڈ پریشر کا ہائی یا کم ہونا لازمی سامنے آیا کرتا ہے۔
لہذا سب سے پہلے مزاج سے بادی کم کرنے کے لیے بادی غذاؤں کو فوری ترک کریں۔ چاول،دال ماش،بیگن،بڑا گوشت،گوبھی،آلو،تلی اور بھنی ہوئی ڈشز، میٹھے پکوان اور دودھ،دہی و لسی وغیرہ سے پرہیز کریں۔ بلڈ پریشر ہائی ہونے کی صورت میں خوردنی نمک بھی کم سے کم کر دیا جانا چاہیے۔
اگر خدا نخواستہ بلڈ پریشر ہائی ہونے کی بجائے لو ہونے کا رجحان ہو تو مریض کے ہاتھ پاؤں کے تلووں پر میجک آئل کا مساج کرنے سے بلڈ پریشر کی سرکولیشن فوری مناسب ہو جایا کرتی ہے۔ خون کو پتلا کرنے،کولیسٹرول کی بڑھی مقدار اور بادی ختم کرنے کے لیے پودینہ 100 گرام، ادرک100 گرام، لہسن100 گرام، کالی مرچ10 گرام، سبز مرچ، انار دانہ اور سبز دھنیا حسبِ ذائقہ ملا کر چٹنی بنا کر دن میں تین بار ایک چمچ میں حسبِ ضرورت دہی ملا کر یا سادہ چٹنی کا استعمال شروع کر دیں۔
بطورِ علاج معجون ِ ازراقی اور خمیرہ گاؤزبان جدوار عود صلیب والا نصف چمچ صبح و شام باہم ملا کر نہار منہ کھا کر ایک کپ نیم گرم دودھ دارچینی ملا پی لیا کریں۔ متاثرہ اعضاء، بازو، ٹانگیں، کندھے یا کمر پر میجک آئل کا مساج کر کے ایک گھنٹے تک ہوا نہ لگنے دیں۔
خوراک میں کبوتر، فاختہ،بٹیر، تیتر اور چڑیا کے گوشت کا پتلا شوربہ اور چپاتی، آم،کھجور،انگور اور خوبانی بہترین ہیں۔ جسم میں آکسیجن لیول بڑھانے کے لیے فولادی ا جزاء والی غذائیں پالک، ٹماٹر، سیب، جامن، انجیر اور پپیتا بکثرت استعمال کریں، چند روزہ استعمال سے ہی ان شاء اللہ اعصابی مسائل سے نجات میسر آجائے گی۔
The post بلغمی اور بادی مزاج اعصابی کمزوری کی بڑی وجہ appeared first on ایکسپریس اردو.