Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

روشن راستہ

$
0
0

منہ کی بدبو
سوال: میرے منہ سے بہت بدبو آتی ہے حالاںکہ میں باقاعدگی سے دانت صاف کرتی ہوں اور میرے دانت بھی سفید اور چمک دار ہیں۔
(ف۔خ: فیصل آباد)
جواب: اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کا نظامِ ہضم درست نہیں ، ممکن ہے آپ کو قبض رہتا ہو۔ نظامِ ہضم کا باقاعدہ علاج ضروری ہے۔
تینوں وقت کھانے سے قبل زرد رنگ کی شعاعوں کا پانی ایک ایک کپ پی لیا کریں۔ ہر کھانے کے بعد تھوڑی سی سونف خوب اچھی طرح چبا کر کھائیں۔ صبح اور شام ایک ایک پیالی نیم گرم پانی میں ایک ٹیبل اسپون شہد اور ایک عدد لیموں کا رس ملاکر پییں۔

اچانک رشتہ ختم کردیا
(ایک مجبور بیٹی)
سوال: میری شادی کی تیاریاں ہورہی تھیں۔ سارے کام آخری مرحلے پر تھے کہ اچانک لڑکے نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ میں ملک سے باہر جارہا ہوں اور مجھے شادی نہیں کرنی۔ آپ لوگ یہ رشتہ ختم سمجھیے۔ اُس لڑکے کے ساتھ میری منگنی اُسی کی خواہش پر ہوئی تھی۔ اچانک اُسے کیا ہوگیا کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ وہ ملک سے باہر بھی نہیں جاسکا اور اسی شہر میں ہے۔ صدمے سے میری والدہ کو دل کا دورہ بھی پڑچکا ہے۔
جواب: سب کاموں سے فارغ ہونے کے بعد رات کو سونے سے پہلے گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ تین سو مرتبہ یرسل الریاح فیما کان فیہ پڑھ کر بستر پر لیٹ جائیں اور دعا کرتے کرتے سوجائیں۔ کم ازکم ایک ماہ تک یہ عمل جاری رکھیں۔

غیریقینی حالات
(نام شائع نہ کریں)
سوال: میں اس وقت M.Phil کر رہا ہوں۔ معاشی تنگی کی وجہ سے تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی اور مستقل جاب کی تلاش میں بھی ہوں۔ لیکن غیریقینی حالات نے مجھے سخت ذہنی انتشار میں مبتلا کردیا ہے۔ مجھے طرح طرح کے اندیشے گھیرے رہتے ہیں۔
جواب: عشاء کی نماز پڑھ کر جلد سوجائیں۔ آدھی رات کے بعد اُٹھ کر تین سو مرتبہ: اللھم لک الحمد لک الشکر، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں۔ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یاقیوم کا ورد کرتے رہا کریں۔

سر میں شدید خارش
(ر۔ خ: اٹک)
سوال: میرے چھوٹے بھائی کے سر میں کھانا کھانے کے بعد شدید خارش شروع ہوجاتی ہے۔
جواب: طبی علاج کے ساتھ ساتھ کچھ عرصے تک آپ کے چھوٹے بھائی کھانے میں سرخ مرچ کے استعمال سے پرہیز کرلیں۔ سبز شعاعوں میں تیار کردہ پانی صبح و شام ایک ایک کپ پییں۔ نیلی شعاعوں میں تیارکردہ پانی ایک ایک پیالی دوپہر اور رات کھانے سے قبل استعمال کریں۔

حلق سے آواز
(ع: ڈی۔ آئی۔ خان)
سوال: مجھے یہ خوف رہتا ہے کہ میں کوئی چیز نگلوں گی تو حلق میں آواز پیدا ہوگی۔ اکثر ایسا ہو بھی جاتا ہے کہ جب میں کھانا کھاتی ہوں یا پانی پیتی ہوں تو میرے حلق سے عجیب سی آواز نکلتی ہے۔ مجھے ڈر لگتا ہے کہ ساتھ بیٹھے ہوئے لوگ بھی محسوس کرلیں گے اور مجھے عجیب سی نظروں سے دیکھیں گے ۔ اب اس شرمندگی سے بچنے کے لیے کچھ کھاتے ہوئے پہلے میں کوئی شور پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ مثلاً پین کو ٹیبل پر مار کر یا کوئی برتن یا کسی چیز کو پٹخ کر۔
جواب: شہتوت کے سبز پتوں کا جوشاندہ بنالیں۔ نیم گرم جوشاندے کو چھان کر اس میں ایک چمچ نمک ملالیں۔ رات کو سونے سے پہلے اس سے غرارے کریں۔ جب بھی پانی پییں گیارہ مرتبہ بسم اﷲ الرحمن الرحیم پڑھ کر اس پانی پر دم کرلیں۔

عشق میں ناکامی
(ن۔ل: لاہور)
سوال: میرے بھائی جب دسویں کلاس میں تھے تو کسی لڑکی کے عشق میں مبتلا ہوگئے تھے۔ لڑکی والوں نے اس کم عمری میں رشتہ دینے سے انکار کردیا تو بھائی نے اس غم میں پڑھائی چھوڑ دی اور غلط قسم کے دوستوں میں اُٹھنے بیٹھنے لگے۔ کچھ عرصے بعد ہماری امی کا انتقال ہوگیا، امی کی وفات کا بھی بھائی کو بہت صدمہ پہنچا ، وہ رات رات بھر گھر سے باہر رہنے لگے اور اس دوران نشے کے عادی ہوگئے ہیں۔
جواب: ایسے وقت جب آپ کے بھائی گہری نیند سوجائیں تو اُن کے سرہانے کھڑے ہوکر سورہ المائدہ کی آیت نمبر90 گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ ایک مرتبہ اتنی آواز سے پڑھیں کہ اُن کی نیند خراب نہ ہو۔ یہ عمل چالیس روز تک جاری رکھیں۔

غصہ آتا ہے
(الف۔ ط: کراچی)
سوال: میں سیکنڈ ایئر کی طالبہ ہوں۔ مجھے غصہ بہت آتا ہے ۔ چھوٹی چھوٹی بات پر بھی ہر ایک سے ناراض ہوجاتی ہوں۔ غصے پر قابو پانا میرے لیے مشکل ہوجاتا ہے۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے خیالات میں یکسوئی نہیں ہے۔ خیالات منتشر رہتے ہیں۔
جواب: صبح نہار منہ ایک گلاس پانی پر اکیس مرتبہ اللہ تعالیٰ کا اسم ’’یا ودود‘‘ تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر دم کرکے پی لیں۔ رات سونے سے قبل 101مرتبہ درود شریف اور 101مرتبہ یاحی یاقیوم کا ورد کرکے نیلی روشنیوں کا مراقبہ کریں۔

رشتہ نہیں آتا
(نام شائع نہ کریں)
سوال: میری عمر انتالیس سال ہے۔ صورت بھی اﷲ نے اچھی دی ہے، رشتے بھی بہت آئے لیکن کہیں بات نہیں بن سکی۔ اب تو رشتے آنا بھی بند ہوگئے ہیں اور مجھے شادی سے دل چسپی بھی نہیں رہی، لیکن گھر والے اور رشتہ دار جینے نہیں دیتے۔ میں ریڈی میڈ کپڑوں کا بوتیک چلا رہی ہوں ۔ میرا تیار کردہ مال بیرونِ ملک ایکسپورٹ بھی ہوتا ہے۔ لیکن اب نامعلوم کیوں کاروبار بہت کم ہوگیا ہے۔ خاندان کے کئی افراد میرے کاروبار سے حسد کرتے تھے۔ میں اپنے گھر والوں پر کسی طرح بوجھ نہیں بلکہ گھر میں مالی معاونت بھی کرتی ہوں ، لیکن اب میرے گھر والے بھی مجھے ناپسند کرنے لگے ہیں ۔ والد صاحب بات بے بات ڈانٹنے لگے ہیں۔
جواب: رات سونے سے قبل وضو کرکے مصلے پر بیٹھ جائیں۔ 101مرتبہ: بسم اﷲ الواسع جلَّ جلالہٗ، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کراللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل 90 روز تک جاری رکھیں۔

بدتمیز بھائی
(ع۔س: کراچی)
سوال: میرے تین بھائی ہیں دو میٹرک کرچکے ہیں اور ایک مڈل میں ہے۔ تینوں امی کے ساتھ نہایت بدتمیزی سے پیش آتے ہیں، امی کا کہنا نہیں مانتے ۔ اُن کے سامنے چیخ کر بات کرتے ہیں۔ رات کو دیر سے گھر آتے ہیں۔
جواب: رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورۂ بنی اسرائیل 17کی آیت 23، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے تینوں بھائیوں کا تصور کرکے دم کردیں اور انہیں والدہ کے ادب و احترام کی توفیق ملنے کی دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

محبت کی شادی
(نام شائع نہ کیا جائے)
میری شادی کو تقریباً 8 سال کا عرصہ گزر چکا ہے، یہ ہم دونوں کی پسند اور محبت کی شادی تھی۔ ہمارے پاس اﷲ کا شکر ہے سب کچھ ہے، لیکن شادی کے ابتدائی دو تین سالوں کے بعد ہمارے تعلقات میں ترشی آتی چلی گئی۔ اب مجھے ایسا لگتا ہے کہ جیسے اُن کا دل مجھ سے بھر گیا ہے۔ میرے ماں باپ انتقال ہوچکا ہے۔ میرے مرحوم والدین کی باتوں کے مجھے طعنے دیتے ہیں۔ میرے قریب آنا بھی اب اُنہیں گوارا نہیں ہے۔ دفتر سے گھر آکر گھنٹوں چپ چاپ بیٹھے رہتے ہیں۔ کسی سے بات نہیں کرتے۔ گھر میں میرے دو بچے اور ہم دو میاں بیوی کل چار افراد ہیں۔ اب ہم دونوں بھی آپس میں بات نہ کریں تو گھر تو محض در و دیوار اور سامان کا نام تو نہیں ہوتا۔
جواب: آپ کے اور آپ کے شوہر کے درمیان دوریوں میں سارا قصور ان کا ہی نہیں۔ آپ خود اپنے بارے میں بھی غور کیجیے۔ آپ ان کی توقعات پر کس قدر پوری اُتررہی ہیں۔ آپ نے خود ان کی شخصیت، مزاج ، پسند ناپسند اور مختلف اوقات میں ان کے موڈ کو سمجھنے کی کتنی کوشش کی ہے۔۔۔۔؟

کئی ذاتی مسائل ۔۔۔۔۔
(س۔ ع: کراچی)
میں ایک ریٹائرڈ آدمی ہوں، میری اہلیہ پرائمری اسکول میں ٹیچر ہیں۔ B.Ed ہونے کے باوجود 16 سال گزر گئے اُن کی ترقی نہیں ہوئی۔ ریٹائر ہونے پر مجھے جو رقم ملی اُس سے بڑے لڑکے کو پڑھنے کے لیے بیرونِ ملک بھیجا۔ اُس سے چھوٹا بیٹا کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کرنے کے باوجود معمولی سی ملازمت کررہا ہے۔ اس میں آگے بڑھنے کی لگن نہیں ہے۔ دو چھوٹے بچے ابھی پڑھ رہے ہیں۔ جس مکان میں ہم رہتے ہیں ، میرے والد کا ہے، میرا اپنا کوئی مکان یا زمین نہیں ہے۔ یہ اور اس قسم کی بہت سی اُلجھنیں میرے سر پر سوار رہتی ہیں۔
جواب: صبح فجر کی نماز کی ادائیگی کے بعد گیارہ مرتبہ درودشریف پڑھ کر تین مرتبہ آیت الکرسی پڑھیں اس کے بعد ایک تسبیح آیت الکرسی میں بیان ہونے والے اللہ تعالیٰ کے اسماء العلی العظیم کا ورد کریں۔ آخر میں گیارہ مرتبہ درودشریف پڑھ کر اپنے مسائل کے حل کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل نوے روز تک جاری رکھیں۔ اپنے گھر میں پرندوں کے لیے دانہ پانی کا اہتمام کریں۔

ناک میں گوشت
(نام نہیں لکھا)
سوال: میری ناک کا گوشت بڑھ گیا ہے۔ یہ پرابلم تقریباً چار سال سے ہے۔
جواب: رات سونے سے پہلے ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک چمچا نمک گھول لیں۔ اس پانی کو ناک میں اس طرح چڑھائیں جیسے وضو میں کرتے ہیں۔
روزانہ صبح اور رات یونانی مرکب شربت اسطو خودس دو دو ٹیبل اسپون ، نیم گرم پانی میں ملاکر پیئیں۔ یہ عمل کم از کم تین ہفتوں تک جاری رکھیں۔

امی کو ابو پر شک ہے۔۔۔۔۔
(الف۔ و: راولپنڈی)
سوال: میری والدہ کو یہ وہم ہوگیا ہے کہ اُن کے اوپر جادو ہورہا ہے اور جادو کرنے والا کوئی اور نہیں ۔۔۔۔۔ خود اُن کے شوہر یعنی ہمارے والد ہیں۔ گھر میں کوئی پریشانی آجائے، گھر کی کوئی چیز خراب ہوجائے، بھائیوں کو کوئی مسئلہ درپیش ہو ۔۔۔۔۔ حتیٰ کہ محلے میں بھی کچھ ہوجائے تو وہ یہی کہتی ہیں کہ یہ تمہارے ابو نے ہی کچھ اُلٹا سیدھا پڑھ کر پھونکا ہوگا۔ ہم اپنی والدہ کو سمجھاتے ہیں کہ سارے زمانے کی خرابی کے ذمہ دار ابو نہیں ہیں۔ اس پر وہ کہتی ہیں کہ چوںکہ ہم بھی ابو کے جادو کے زیراثر ہیں اسی لیے ایسا کہہ رہے ہیں۔ ہم پانچ بہن بھائی جس ٹینشن سے گزر رہے اُس کا کوئی شاید ہی اندازہ کرسکے۔
جواب: رات کے وقت جب آپ کی والدہ سوجائیں تو آپ یا آپ کا کوئی بھائی بہن ایک سو گیارہ مرتبہ اسمِ الہٰی ’’یاقابض‘‘ پڑھ کر آنکھیں بند کرلیں۔ پھر اپنی والدہ کا تصور کرکے دم کردیں۔ اس کے بعد دل ہی دل میں اپنی والدہ صاحبہ سے کہیں کہ آپ کے اوپر جادو کا جو اثر تھا وہ اب ختم ہوگیا ہے۔ اس عمل کو اکیس روز تک جاری رکھیں۔ کوشش کریں کہ اس عمل کے دوران ناغہ نہ ہونے پائے۔

بے پرواہ اور لااُبالی
(نام شائع نہ کریں)
سوال: میرا اکلوتا بھائی لااُبالی اوربے پرواہ واقع ہوا ہے۔ تعلیم میں اُس کی دل چسپی نہیں ہے۔ امتحانات کے دوران تو ایسا لگتا ہے کہ اُس کا نہیں بلکہ سب گھروالوں کے امتحان ہورہے ہیں۔ اگر اُس کے ساتھ بیٹھی رہوں تو وہ پڑھتا ہے ورنہ یونہی وقت ضائع کرتا رہتا ہے۔ ذہین بہت ہے لیکن نہ جانے کیوں پڑھنے میں دل چسپی نہیں لیتا۔
جواب: ممکن ہے آپ کا بھائی کسی ٹیکنیکل شعبے میں چلا جائے تو زیادہ دل چسپی سے پڑھنے لگے اور وہاں اُس کی صلاحیتیں زیادہ نکھر کر سامنے آسکیں۔ بہتر ہوگا اس کے رجحان کے مطابق اسے تعلیم دلانے کا اہتمام کیا جائے۔

تبادلہ ہوجائے
(م۔ ح: ساہیوال)
سوال: میں چاہتا ہوں کہ میرا تبادلہ اپنے ادارے کے ایک دوسرے ڈیپارٹمنٹ میں ہوجائے۔ ایک عرصے سے اس کے لیے کوششیں بھی کررہا ہوں لیکن کام یاب نہیں ہوپارہا۔ کوئی ایسا وظیفہ بتائیں جس کی برکت سے متعلقہ افسران رضامند ہوجائیں۔
جواب: نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر درودشریف کے ساتھ اکتالیس مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں۔ عمل کی مدت چالیس روز ہے۔ کسی مجبوری سے ناغہ ہوجائے تو دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
’’روشن راستہ‘‘ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469

The post روشن راستہ appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>