ماہ صیام رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہونے کے ساتھ ماہِ مسرت بھی ہے۔
افطار کی راحت بخش ساعتوں کے ساتھ قریب آتی عید کی خوشی بھی ماہِ مبارک کے حَسین تحفوں میں سے ایک ہے۔ اس سب کے ساتھ گھروں میں مسرت کے لمحے روزہ کشائی کی صورت میں اترتے ہیں۔ کسی گھر میں ننھے میاں اپنا پہلا روزہ رکھ رہے ہیں تو کہیں گڑیا رانی اپنے روزوں کی ابتدا کر رہی ہیں۔ معصوم سے چہروں پر بکھرا نور ماں باپ کی آنکھوں میں جگمگا رہا اور دلوں میں دمک رہا ہے۔ روزہ کشائی ہماری ثقافت کے خوب صورت حصہ ہونے کے ساتھ بچوں کو روزے اور دین کی طرف راغب کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔