برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا 20 اپریل
19 تاریخ یعنی پیر کا دن کچھ، صحت کچھ کام کے دباؤ اور کچھ مہربانوں کا رویہ مل جل کر آپ کو پریشان کرسکتا ہے۔ صحت پر توجہ دیں۔ بدھ اور جمعرات بہتر دن ہیں۔ سفر یا کہیں سے کوئی آپ سے ملنے آسکتا ہے۔ یہ روح کو توانائی دینے والی ملاقات ہوسکتی ہے۔ ہفتہ کے دن مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21 اپریل تا 20 مئی
آپ کا سیارہ ہبوط کے برج سے گزر رہا ہے۔ ایسے میں عطارد جو کہ اس ہبوطی برج کا مالک ہے وہ بھی کم زور وقت سے گزر رہا ہے۔ بے سکونی اور بے ترتیبی والی کوئی نہ کوئی شے آپ کا سکون متاثر کرتی رہ سکتی ہے۔ کوئی فائدہ ہوسکتا ہے اس کا تعلق کسی اجنبی یا بیرون ملک سے ہوسکتا ہے، یہ فائدہ اتنی آسانی سے نہیں ہوگا زیادہ مشقت کم نتیجے والی بات ہوسکتی ہے۔
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
عطارد کہ جو آپ کے طالع کا مالک ہے راجع ہے۔ پرانے معاملے تازہ ہوسکتے۔ پرانے لین دین یا پھر کسی بات یا خیال کی مسلسل تکرار ہوسکتی ہے۔ ذہنی تناؤ اور الجھاؤ سا ہوسکتا ہے اور اس کی وجہ آپ کا کام یا ملازمت ہوسکتی ہے۔ افسرِاعلٰی کا رویہ بھی کچھ تناؤ لاسکتا ہے۔ 22 اور23 اگست کسی دوست کا تعاون اس جاری تناؤ کو کم کرنے میں مدد دے گا۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
بزرگوں سے ملاقات اور دورانِ گفتگو کسی امر پر اختلافِ رائے کا اندیشہ ہے۔ کوشش کریں کہ بزرگوں کا لہجہ بنا کسی وجہ کے بھی تلخ ہوجائے تو اس تلخی کو ہنس کے پی جائیں اور ماتھے پر بل نہ پڑنے پائے۔ باہر کے سفر کے سلسلے میں ممکن ہے کوئی کاغذی رکاوٹ سامنے آئے۔ دوستوں کا تعاون حاصل رہے گا اپنی غذا کا خاص خیال رکھیں اور زبان کو شہد لگالیں، یعنی میٹھا بول بولیں۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24 جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ شمس آپ کی جیب کے خانے میں جاچکا ہے۔ اس کا مطلب سیدھا سا ہے کہ آپ کی توجہ و فکر معاش پر مرتکز رہے گی۔ اپنی غذا کا تازہ ہونا یقینی بنائیں باسی کھانا زہریلے اثرات لاسکتا ہے۔ وراثتی امور میں بھائیوں سے تھوڑی سے گرما گرمی سے معاملات حل کی سمت چل پڑیں گے۔ شریکِ کاروبار یا ازدواجی ساتھی سے بھی مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
اس ہفتے محبوب سے ملاقات کی قوی امید ہے۔ آپ کی چھپی صلاحیتیں آپ پر عیاں ہوں گی اور آپ انہیں عملی میدان میں لائیں گے۔ یہ ہفتہ آپ کے کیریئر میں لمبے عرصے کے لیے تبدیلیاں لاسکتا ہے۔ ممکن ہے ایک ہی وقت میں ایک سے زیادہ کاموں کی مصروفیت مل جائے۔ بیرون ملک اور تنہائی دونوں اہمیت اختیار کررہے ہیں۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23 اکتوبر
بچوں کی صحت توجہ طلب ہے۔ آپ کی محبت سے وابستہ امیدیں متاثر ہوسکتی ہیں، اس لیے زیادہ امیدوں کے چراغ مت روشن کریں۔ آپ کا شریکِ حیات کو بیرون ملک سفر کے لیے آسانی ہوسکتی ہے۔ آپ کا ایک دوست کہ جسے آپ کے جاننے والے نہیں جانتے، وہ آپ کے کام آسکتا ہے۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کا سیارہ خفیہ خانے میں مشتری کے ساتھ موجود ہوکر آپ کی آمدن کو بہتر کرسکتا ہے۔ اس ہفتے چاند کی حوت میں آمد کے باعث آپ کی محبوب شخصیت سے ملاقات ہوسکتی ہے یا اس سے وابستہ امیدیں پوری ہوسکتی ہیں۔ کسی بات پر اختلاف بھی ہوسکتا ہے لیکن مجموعی طور پر آپ کے امور آپ کے حق میں ہیں۔ آپ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ آپ کو ایسا لگے گا جیسے موت کے اندھیرے سے نکل کے زندگی کے روشن دن میں آگئے ہیں۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبر تا 22 دسمبر
سفر ہوسکتے ہیں، چھوٹے اور بڑے دونوں طرح کے یا سفر کی تیاری ہوسکتی ہے۔ کثرتِ تعلق کہ جو آپ کے گھر میں آگ لگا دے سے گریز اچھا ہے، اگر آپ کرسکیں۔ ایک بات ذہن میں رکھیں آپ کا ساتھی ہی آپ کی کام یابی اور دستِ غیب کی وجہ ہے، خوش بختی کی وجہ ہے، اس کا دل دکھانے سے گریز آپ کے لیے اچھا ہے۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
اچانک سفر میں کوئی گڑبڑ ہوسکتی ہے۔ آپ چیزوں کو کم تنقیدی نظر سے دیکھیں۔ بزرگوں کی سخت سست سننی پڑسکتی ہے۔ آپ کا نظام انہضام الرجی سے متاثر ہوسکتا ہے۔ کام میں مسلسل سست روی آپ کے جمودی اعصاب میں ایک تحریک پیدا کرسکتی ہے کہ اب کچھ کرنا ہی ہے اور ایسے وقت میں بہتر راستے بھی سامنے آئیں گے۔ یاد رکھیں کہ یہ معاملات آگے چل کے کچھ تبدیلیاں لائیں گے جو اب جیسا نظر آرہا ہے سب کچھ ایسا نہیں ہے۔
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
شریکِ حیات کے ساتھ ابھی معاملہ کڑوا میٹھا رہ سکتا ہے۔ ایسے وقت میں ان کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔ مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ محبوب سے کچھ اختلاف کے باوجود تعلق بحال رہے گا جو گذشتہ دوہفتوں سے الجھاؤ جاری تھا اس میں کمی ضرور ہوگی، لیکن ذہن میں کوئی خلش باقی ضرور رہنے والی ہے۔ کوئی خیال الجھاؤ میں رکھ سکتا ہے۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
کرائے پر مکان لینا ہو تو اس کا راستہ، الیکٹرک کا نظام اور معاہدہ ضرور اچھی طرح دیکھ بھال لیں۔ والدہ، معدہ اور والد ان سے متعلق کچھ فکریں لاحق ہوسکتی ہیں۔ اگر پلاٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں تو بہتر تھا دو ہفتے رک جاتے، ورنہ آگے چل کے یہی معاہدہ کسی خرابی کا سبب بن سکتا ہے۔ ممکن ہے اس کی کوئی شق آپ کے لیے جو ابھی معمولی نظر آرہی ہے آگے جاکے وبالِ جان بن جائے!
The post علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.