نماز پڑھنے میں رکاوٹ
رخسانہ قریشی، حیدر آباد
خواب : یہ خواب میرے ابو نے دیکھا کہ وہ نماز پڑھنے کے لئے گھر سے مسجد جانے کے لئے نکلتے ہیں مگر راستے میں سڑک کے کنارے ان کو بہت بڑا سانپ نظر آتا ہے جو کہ پوری جگہ گھیر کے بیٹھا ہوتا ہے۔ میرے ابو بہت پریشان ہوتے ہیں اور راستہ کاٹ کے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں مگر ہر جگہ وہی سامنے ہوتا ہے۔ برائے مہربانی اس کی کچھ تعبیر بتا دیں۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔
لباس پھٹنا
ہما عنبرین، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں مگر کپڑے بدلتے ہوئے مجھے اپنے بازووں میں کئی جگہ سوراخ نظر آتے ہیں جیسے زخم کھلا چھوڑ دیا ہو۔ میں بہت حیران ہوتی ہوں کہ یہ اتنے سوراخ کب ہوئے اور مجھے پتہ کیوں نہ چلا۔ ان کو دیکھ کہ میں کافی زیادہ ڈر جاتی ہوں اور گھبرا کے چیخنا شروع کر دیتی ہوں۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے ۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔
قرآن پڑھنا
شگفتہ پروین، اسلام آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر بیٹھی قرآن پاک کی تلاوت کر رہی ہوں کیونکہ مجھے یہ خیال آ رہا ہوتا ہے کہ کل اگر اسمبلی میں پرنسپل نے مجھے کھڑا کر دیا تو میں کیسے تلاوت کر سکوں گی۔ اگرچہ میں نے آج تک کبھی نہیں کی ۔
تعبیر۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔گھریلوو کاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
دادی کے پاس پھل
نائلہ احمد، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میری دادی ایک کمرے میں بہت زیادہ پھل لے کر بیٹھی ہیں جو کہ بہت زیادہ ہیں اور بے حد خوشنما ہیں۔ اسی دوران میری تائی اور چچی بھی ان کے پاس آ جاتی ہیں اور پھل کھانا شروع کر دیتی ہیں اس پہ میری دادی کہتی ہیں کہ پہلے خدا کے حضور شکرانے کے نفل پڑھو پھر کھانا ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی جس سے دنیاوی طور پہ بھی آپ کو فائدہ ہو گا ۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں ۔
چوٹ لگنا
صباء خان، پشاور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں صفائی کر رہی ہوں جیسے کسی مہمان کی آمد پہ کی جاتی ہے۔ میں اچانک نیچے بچھے میٹ سے الجھ کے گر جاتی ہوں جس سے میرے ٹخنے پہ شدید چوٹ لگتی ہے جیسے ہڈی کے ٹوٹنے کی درد ہو ۔ تکلیف کی شدت سے میں نیم بے ہوش ہونے والی ہوتی ہوں۔ مگر میری والدہ پریشان ہو کر پھٹے ہوئے میٹ کو ہی دیکھتی چلی جاتی ہیں کہ یہ سارا کیسے پھٹ گیا ۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔ گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔
دوست کے ساتھ پڑھائی
محمد علی، کوئٹہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر پڑھائی کرنے گیا ہوا ہوں اور ادھر ان کی والدہ کو کہیں سے اونٹ کا گوشت پکا ہوا تحفتا آتا ہے۔ وہ ہم دونوں کو بھی کھانے کو دیتی ہیں۔ میں جب کھاتا ہوں تو مجھے بہت زیادہ مزہ آتا ہے اور میں دل میں سوچتا ہوں کہ کاش کبھی ہم بھی ایسا گوشت کھا سکیں جو اس قدر لذیذ ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔
نرسری سے پودے خریدنا
ارم طاہر، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں نرسری سے پودے خرید رہی ہوں اور وہاں بہت رنگا رنگ پھول کھلے ہیں جو مجھے بہت پسند آتے ہیں اور میں سارے خرید لیتی ہوں گھر آ کر میں ان کو مالی سے لگوا دیتی ہوں ۔گھر میں سب لوگ بھی دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ مگر اگلی صبح میں جب باغ میں جا کر دیکھتی ہوں تو وہ سب جل چکے ہوتے ہیں اور کوئی ایک بھی موجود نہیں ہوتا ۔ میں یہ دیکھ کہ بہت پریشان ہوتی ہوں۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے ۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔
قالین خریدنا
ندیم اختر، جھنگ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی امی کے ساتھ کسی مارکیٹ میں موجود ہوں اور ہم اپنے نئے گھر کے لئے قالین خرید رہے ہیں۔کئی بہت زیادہ قیمتی ہوتے ہیں جو ہم کو بہت پسند آتے ہیں مگر وہ ہماری قوت خرید سے باہر ہوتے ہیں۔ بالٓاخر ایک قالین پہ ہم متفق ہو جاتے ہیں، وہ کافی بڑا اور خوبصورت ہوتا ہے۔ بہت مشکل سے دوکاندار سے ریٹ طے کرنے کے بعد ہم اس کو خرید کر گھر لے آتے ہیں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے کوئی خوشخبری ملے گی۔ اس کا تعلق آپ کی ازدواجی زندگی سے ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کاروباری معاملات میں آسانی ہو اور یہ ترقی پہ بھی دلیل کرتا ہے اور عزت و توقیر میں اضافے میں بھی ۔ اللہ آپ کے وسائل میں اضافہ فرمائیں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
پھوپھی کے گھر جانا
نذیراں بی بی، حافظ آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ ان کی پھوپھی کے گھر گئی ہوئی ہوں جہاں اور بھی رشتہ دار آئے ہوتے ہیں۔ کھانے کے بعد ہم سب مل کر ان کے لان میں ٹہل رہے ہیں۔ ان کا لان بیحد خوبصورت ہوتا ہے اور وہاں بہت خوبصورت پھول کھلے ہوتے ہیں۔ میں ایک طرف لگے نرگس کے پھول دیکھتی ہوں تو ان کی خوشبو سونگھنے لگتی ہوں۔ اس بے حد اچھی خوشبو کا احساس دل و دماغ کو معطر کر دیتا ہے ۔ میں اپنی سسرالی کزنز کو بھی بلا کے ان پھولوں کی طرف اشارہ کرتی ہوں، وہ سب بھی اس کی خوشبو کو بہت پسند کرتی ہیں۔ میں دل میں سوچتی ہوں کہ اپنے گھر بھی مالی سے کہہ کے یہ پھول لگوائوں تا کہ ہمارے گھر سے بھی ایسی ہی خوشبو آئے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کو اولاد نرینہ سے نوازا جائے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔
تاریخی مقام کی سیر
محمد اقبال، نارووال
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی قدیم سی جگہ پہ سیر کرنے گیا ہوا ہوں ۔ وہاں ایک گائیڈ سے میں اس تاریخی عمارت کے متعلق معلومات لے رہا ہوں کہ جس جگہ پہ میں کھڑا ہوا ہوتا ہوں اس کے آس پاس کا سارا علاقہ اچانک ہی زلزلے سے تباہ ہونے لگ جاتا ھے ۔ میں چیختے ہوئے ایک طرف بھاگتا ہوں کہ کسی طرح اپنی جان بچا سکوں اور اسی پریشانی کے عالم میں میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروباری معاملات میں بھی رکاوٹ مراد ہو سکتی ہے یا نوکری میں کچھ ناگہانی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے جس سے عزت و توقیر میں بھی فرق آ جائے گا ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ اگر ممکن ہو سکے تو گھر کی چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالا کریں ۔
چھت پر سانپ
ناہید خانم، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر گئی ہوئی ہوں اور وہاں سیڑھیاں چڑھتی ہوئی اوپر والی منزل کی طرف جا رہی ہوں۔ اچانک میری نظر اوپر کی طرف جاتی ہے وہاں مجھے ایک بہت بڑا کالے رنگ کا سانپ دکھائی دیتا ہے جو چھت سے چمٹا ہوتا ہے۔ اس کو دیکھ کے میں بہت زیادہ خوفزدہ ہو جاتی ہوں کیونکہ تنگ سی سیڑ ھیوں میں مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ مجھ پر گر جائے گا ۔ اس کے بعد مجھے نہیں یاد کہ وہ گرا یا نہیں اور میں نے کیا کیا ۔ شائد میری آنکھ کھل گئی ہو ۔ مجھے کچھ بھی یاد نہیں، مگر یہ جو حصہ مجھے یاد ہے وہ اسی خوفناک سانپ والا یاد ہے۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔
جانوروں کی منڈی میں جانا
نصیر ملک ، لاہور
خواب: میری امی نے خواب دیکھا کہ وہ منڈی ابو کے ساتھ قربانی کا جانور دیکھنے گئی ہوئی ہیں۔ وہاں پہ ایک اونٹ ان کی طرف بے قابو ہو کر بڑھتا ہے اور ان کا ہاتھ چبانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس پہ میرے ابو گھبرا جاتے ہیں اور ایک اینٹ اٹھا کر اس کو مارتے ہیں۔ برائے مہربانی میری والدہ کو اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ خدا نہ کرے کوئی دشمنی کر سکتا ہے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے ۔ اس سے کسی سفر میں ناکامی کا بھی امکان لیا جا سکتا ہے ۔ اس سے یقینی طور پہ طبیعت میں رنج و ملال پیدا ہو گا ۔ ذھنی طور پہ بھی کافی خوف رہے گا ۔ اور اس سے مراد کاروباری معاملات میں بھی کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ آپ ایک تو نماز پنجگانہ کی پابندی کریں دوسرا کثرت سے استغفار کیا کریں ۔
کشمش کھانا
زینب علی، پشاور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی ہمسائی کے ساتھ اس کے والدین کی طرف گئی ہوئی ہوں اور وہاں ان کی والدہ مجھے کشمش سے بھرا ایک لفافہ دیتی ہیں۔ میں اس کو دیکھ کے بہت خوش ہوتی ہوں ۔ کچھ تو میں نکال کے راستے میں ہی کھانا شروع کر دیتی ہوں اور باقی یہ سوچ کے بیگ میں رکھ لیتی ہوں کہ گھر جا کر سب کے ساتھ کھاوں گی۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو کہ کسی خوشخبری یا منافع بخش چیز پہ دلالت کرتا ہے۔آپ کو کاروباری ازدواجی یا تعلیمی معاملات میں کہیں کوئی خوشخبری مل سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور یاللہ یا رحمن یا رحیم کا ورد کیا کریں ۔
کالج میں دوستوں سے گپ شپ
افشاں منظور، سیالکوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج میں ہوں اور اپنی دوستوں کے ساتھ کالج کے باغ میں بیٹھی کچھ کھا رہی ہوں کہ اچانک کہیں سے ایک کتا تیزی سے بھاگتا ہوا آتا ہے ۔ تمام لڑکیاں چلاتے ہوئے ادھر ادھر بھاگتی ہیں ۔ میں بھی تیزی سے اٹھتی ہوں تا کہ کہیں دور جا سکوں مگر وہ کتا تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میرے پاوں پہ کاٹتا ہے ۔ میں پوری کوشش کرتی ہوں کہ بھاگ سکوں مگر تیزی کے باوجود وہ میری ٹانگ پکڑنے میں کامیاب ہو جاتا ہے ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : یہ خواب پریشانی کو ظاہر کرتا ہے جیسے کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہو اور نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ہے۔کسی قسم کی رکاوٹ بھی مراد ہو سکتی ہے، چاہے کاروباری معاملات ہوں یا تعلیمی۔ حتی کہ گھریلو معاملات بھی ممکن ہیں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ آپ مگر کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی ضرور کریں ۔
مہمانوں کی آمد
تنزیلہ چوہدری، سکھر
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوں اور کسی مہمان کی آمد کے لئے خوشی خوشی کچھ پکا رہی ہوں ۔ پھر دیکھتی ہوں کہ میرے کافی عزیز و اقارب میرے والدین سمیت میرے گھر آئے ہیں اور میں بہت خوش ہو رہی ہوں ، ساتھ ساتھ میز پہ مختلف کھانے بھی سجا رہی ہوں ۔ پھر جب سب محفل میں بیٹھ جاتے ہیں تو میں دیکھتی ہوں کہ میرے ماموں تلاوت کر کے میرے لئے دعا کرتے ہیں جس پہ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کی پریشانی دور ہو گی ۔ رنج و الم سے نجات ملے گی ۔ یہ باعث فرحت و رحمت ہے ۔ والدین کی محبت و شفقت بھی نصیب ہو گی ۔آپ والدین کی خدمت کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔ کثرت سے یا شکور کا ورد کیا کریں ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.