ٹینکی کا پانی گدلا ہونا
نوشابہ ، کوئٹہ
خواب : میں نے پچھلے ہفتے خواب دیکھا کہ ہمارے گھر کے سب نلکوں سے مٹیالا سا پانی آ رہا ہے ۔ ہم نے ٹینکی بھی صاف کر کے دوبارہ بھری مگر اس کے باوجود سارے گھر میں گندا پانی ہی ہوتا ہے ۔ ہمسائیوں سے پوچھتے ہیں تو ان کا بالکل صاف شفاف ہوتا ہے۔ اپنے گھر واپس آ کر کافی دیر پانی بہاتے ہیں، مگر وہی گدلا اور مٹیالا ہی رہتا ہے۔ اس پر میرے میاں مجھ پر ناراض ہوتے ہیں کہ جیسے میری کسی غلطی کی وجہ سے یہ پانی گندا ہوا ہو ۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے۔ جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔
پاؤں میں جوتا نہیں
بنت شوکت وٹو، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں بازار جا رہی ہوں اور میرے پاوں میں جوتا نہیں ہے ۔ میں خواب میں ہی پریشان ہوں اور کراہت محسوس کر رہی ہوں ، مگر اس کے باوجود چلتی جا رہی ہوں ۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔ گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے ۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔
دودھ اور کھجوریں بانٹنا
سعد حسین، شیخوپورہ
خواب : میں نے دیکھا کہ بہت بڑا دودھ کا کنستر ہے جو ہمارے گھر کے باہر ہے اور ہم سب اس کو بانٹ رہے ہیں ۔ ساتھ کھجوریں بھی دے رہے ہیں ۔ میرے ساتھ میرے چچا اور دادا بھی ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذہن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔
عمارت سے گرنا
ساجد منظور، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جگہ سے گر رہا ہوں ۔ شائد کوئی چھت ہے یا کوئی اونچی بلڈنگ یہ نہیں سمجھ سکا ۔ نہ ہی پتہ چلا کہ کسی نے دھکا دیا ہے یا خود گرا پھر خود کو ہاسپٹل میں دیکھتا ہوں وہ بھی جیسے کوئی بیسمنٹ ہے یا کوئی زمین کے اندر جگہ جس سے میرا دل بہت گھبراتا ہے اور میں چلانے لگتا ہوں کہ کوئی مجھے تازہ ہوا میں لے جائے ۔
تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
دعوت پر مکھیوں کا حملہ
پرویز جاوید،گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر شائد کوئی دعوت ہے اور خوب کھانے پکے ہیں اور لوگ بھی ہیں مگر ایک دم سے اتنی مکھیاں آ جاتی ہیں کہ جیسے اندھیرا چھا جائے اور کھانے میں بھی گر جاتی ہیں جس کی وجہ سے سارا کھانا خراب ہو جاتا ہے ۔ مجھے اپنے والد کا اداس چہرہ یاد ہے کہ وہ اتنے زیادہ نقصان پر کتنے پریشان تھے ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
مگر مچھ کا حملہ
مظہر علی بٹ ، شاہ کوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں چڑیا گھر میں ایک مگر مچھ کو دیکھ رہا ہوں مگر جانے وہ کیسے وہاں سے نکل کر میرے قریب آ جاتا ہے ۔ میں خوفزدہ ہو کر وہیں پتھر کا بن جاتا ہوں اور اپنی جگہ سے ہل نہیں پاتا ۔ مجھے کانوں میں لوگوں کے بھاگنے اور چیخنے کی آوازیں آ رہی ہوتی ہیں مگر میں بس اس کی طرف دیکھتا جا رہا ہوتا ہوں ، پھر میں اپنے پاوں پر اس کے دانتوں کو محسوس کرتا ہوں ۔ اس کے بعد مجھے خواب یاد نہیں۔ مگر اس کا خوف اور تکلیف اگلے دن تک مجھے محسوس ہوتی رہی۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
کفن سلائی کرنا
صائمہ علی ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں سفید رنگ کا ایک کپڑا سی رہی ہوں ۔ اسی دوران میری ایک بہت قریبی دوست بمساء میرے گھر آتی ہے تو مجھ سے پوچھتی ہے کہ تم کفن کیوں سی رہی ہو ۔ میں یہ سن کر ڈر جاتی ہوں اور کہتی ہوں کہ نہیں میں تو سوٹ سی رہی ہوں ۔ وہ مجھے کھول کر دکھاتی ہے ۔ اس سے میں بہت زیادہ ڈر کر چیخنے لگتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی مگر میں تب بھی کافی ڈری ہوئی تھی ۔
تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں بھی کوئی مسلہ پیش، آ، سکتا ہے ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب استطاعت صدقہ کیا کریں ۔
فوت شدہ ہمسائی کو دیکھنا
مقصودہ بیگم ، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی گلی میں کھڑی ہوں اور میری ہمسائی جو کافی عرصہ پہلے وفات پا چکی ہیں دروازے پہ کھڑی منتظر نظروں سے راستے پہ نظر جمائے کھڑی ہیں، جیسے کسی کا انتظار کر رہی ہوں ۔ میں یہ دیکھ کر ڈر جاتی ہوں اور کانپنا شروع کر دیتی ہوں مگر خوف کے مارے اپنی جگہ سے جنبش نہیں کر پاتی ۔
تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
خوبصورت چادر خریدنا
شاہد حسین، میانوالی
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے والدین کے ساتھ کہیں بازار جا رہا ہوں، میرے والدین کو کوئی جاننے والے اسی بازار میں ملتے ہیں تو وہ ان سے بات چیت کرنے لگ جاتے ہیں۔ میں بور ہو کر آگے مارکیٹ میں گھومنے لگ جاتا ہوں ۔ اسی دوران میری نظر ایک خوبصورت چادر پر پڑتی ہے تو میں رک کر اسے دیکھنے لگتا ہوں ۔ اس کے رنگین ڈیزائن مجھے اتنے پسند آتے ہیں کہ میں باقاعدہ طور پر ان کو پکڑ پکڑ کر دیکھتا ہوں ۔ پھر میں اسے خرید کر اپنے بیگ میں رکھ لیتا ہوں، اس کے بعد مجھے نہیں یاد کہ کیا ہوا ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو ایک نیک شریک حیات ملے گی۔ جس سے آپ کو بھی ہدایت ملے گی ۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی، مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ کوشش کریں کہ اللہ کی راہ میں کچھ خیرات کر دیں ۔
گلاب کے پھول
شگفتہ جبین، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اور باقی فیملی کے لوگ کسی باغ میں سیر کرنے آئے ہیں ۔ باقی گھر والے تو ایک جگہ پر بیٹھ کر باتیں کرنے لگ جاتے ہیں مگر میرے میاں مجھے اشارہ کرتے ہیں تو ہم اٹھ کر گھومنے چل پڑتے ہیں ۔ آگے ہی کسی جگہ پر بہت ہی خوبصورت پھول لگے ہوتے ہیں اور گلابوں کی کیاریاں بنی ہوتی ہیں۔ میں وہاں رک جاتی ہوں اور اپنے میاں کو بھی وہ پھول دکھاتی ہوں۔
تعبیر: یہ خواب اچھا ہے، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کسی نیک اور صالح فرزند کو ظاہر کرتا ہے جو آپ کے لئے توقیر اور عزت کا باعث ہو گا ۔ آپ کے خاندان کے نام کو وقار و عزت دے گا ۔ آپ کے رزق میں بھی اضافہ ہو گا اور آپ کے مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام و سکون ہو گا ، آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
گاؤں میں چھٹیاں گزارنا
نواز الدین ، کوئٹہ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کچھ دن کے لئے چھٹیاں گزارنے اپنے گائوں آتا ہوں اور ایک دن گائوں کا حجام ہمارے گھر آتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ میری حجامت بنانے آیا ہے۔ وہ مجھے اپنے پاس بٹھا لیتا ہے اور میری حجامت بناتے ہوئے مجھے آسانی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میں نے سوچا کہ آپ کو آنے کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں نکھار پیدا ہو گا ۔ عمر میں برکت ہو گی، رزق میں اضافہ اللہ کی مہربانی سے ہو گا جس سے یقینی طور پر مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ اگر اللہ نہ کرے کوئی بیماری ہے تو شفا کاملہ عطا ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔
گندم کا گودام
نیرہ عباسی، سکھر
خواب : یہ خواب میرے میاں نے دیکھا ہے اور وہ دیکھتے ہیں کہ ہماری جو دکان ہے اس کے پیچھے ہی ہمارا گودام ہے جو ہم سامان رکھنے کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ وہاں صفائی کے دوران دیکھتے ہیں کہ جگہ جگہ کھلے اناج کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں اور جگہ جگہ پڑے ہوتے ہیں۔ جبکہ میرے میاں عام طور پر اناج کو اس طرح کھلا نہیں رکھتے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی۔ مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ دولت بھی ملے گی جس سے خوشی نصیب ہو گی۔ گھر میں آرام و سکون ملے گا ۔ دین و دنیا دونوں میں بھلائی آئے گی ۔ عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
زیور بیچنا
صوفیہ علی، کراچی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے جو زیور شادی پر تحفتاً پائے تھے اور بعد میں اپنی ساس کے پاس رکھوا دیئے تھے۔ دیکھتی ہوں کہ میرے میاں نے ان سے لے کر کہیں بیچ دیا ہے حتیٰ کہ وہ چین اور انگوٹھی جو انھوں نے مجھے دی تھی وہ بھی انہوں نے بیچ دی ہے۔ دوسرے منظر میں مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ جیسے بیچنا وہ اپنا چاہتے تھے اور وہی نکالا اس کے بعد کا حصہ مجھے یاد نہیں مگر یہ سوچ آنکھ کھلنے کے بعد بھی رہی ۔
تعبیر: مرد اور عورت کے لئے سونے کی تعبیر الگ ہے، یہ خواب اچھا ہے ، پریشانی کی بات نہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے رزق میں اضافہ ہو گا اور گھر و کاروبار میں برکت ہو گی ۔ کسی پریشانی یا مشکل وقت سے نجات حاصل ہوگی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔
بند جگہ سے رہائی ملنا
فواد احمد، راولپنڈی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں کسی جیل نما جگہ پر بند ہوں، کہیں سے بھی باہر جانے کا راستہ نہیں ہے ، اگر کہیں ہے بھی تو وہاں جیل کی طرح کے دروازے لگے ہوئے ہیں ۔ اگلے منظر میں دیکھتا ہوں کہ میں اسی عمارت کی چھت پر کھڑا اذان دے رہا ہوں اور پھر جانے کہاں سے ادھر لوگ آ جاتے ہیں جو میرے ساتھ ادھر نماز پڑھنے لگ جاتے ہیں ۔ اس کے بعد جب میں دوبارہ ان کمروں کی طرف جاتا ہوں جہاں پہلے بھی گیا تھا اور سلاخیں نما دروازے دیکھ کر واپس آ گیا تھا ، وہاں اب کچھ نہیں ہوتا بلکہ کمروں میں دروازوں کی جگہ ہوتی ہی نہیں بس چوکور سا خلا ہوتا ہے ۔ میں نارمل انداز میں باہر نکل کر گھر کی طرف چل پڑتا ہوں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو کسی پریشانی غم یا رکاوٹ کو دور کرنے کی طرف اشارہ کرتا ہے یعنی اس سے نجات پا کر آپ کی عزت و توقیر پھر سے بحال ہو جائے گی اور پریشانیاں و رکاوٹیں دور ہوکر کاروبار میں بھی برکت ہوگی ، سکون ہو گا ، آپ نمازپنجگا نہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کریں ۔
سکول جانا
شازیہ طفیل، جھنگ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں سکول جا رہی ہوں مگر جوتا کافی تنگ کر رہا ہے۔ میں یہ سوچ کر پریشان ہوتی ہوں کہ میرا اب سارا دن سکول میں کیسے گزرے گا۔ اس کے علاوہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کیا کروں۔کبھی سوچتی ہو ں کہ گھر واپس چلی جائوں کبھی سوچتی ہوں کہ سکول کے نزدیک کسی استاد کا گھر ہو تو وہاں سے تبدیل کرآئوں۔ اسی کشمکش میں سکول پہنچ جاتی ہوں اور میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: آپ کا خواب کچھ پریشانی کو ظاہر کرتا ہے جس کا تعلق نوکری وکاروبار سے بھی ہو سکتا ہے اور گھریلو معاملات میں بھی، جس سے ذہنی پریشانی ہوسکتی ہے۔ ظاہری سی بات ہے کہ مال ووسائل کمی یا ان میں رکاوٹوں سے ذہنی مسائل جنم لیتے ہیں۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔
ننھیال جانا
ہانیہ خان، پشاور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ننھیال گئی ہوئی ہوں اور وہاں میری ممانی سب بچوں کو ناشتہ دے رہی ہوتی ہیں۔ گھر کے سب بچے اور نوجوان ان کے گرد کچن میں ہی جمع ہوتے ہیں۔ جب میری باری آتی ہے تو میں دیکھتی ہوں کہ مجھے باقی کزنز کے برعکس ناشتے میں پنیر اور شہد ملتا ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور مزے سے کھاتی ہوں۔
تعبیر؛ اچھا خواب ہے اور کسی خوشخبری و آسانی پہ دلیل کرتا ہے۔ یہ تعلیمی امور سے متعلقہ ہو سکتی ہے یا گھریلو اور کاروباری زندگی سے بھی۔ اس سے رزق میں بھی اضافہ ہوگا اور مال ومسائل میں بھی برکت ہوگی اور ظاہری سی بات ہے کہ اس سے گھر میں بھی آرام وسکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ اداکیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.