برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
اس ہفتے کو تین حصوں میں تقسیم کرلیں۔ پہلا حصہ کچھ اداسی، مایوسی اور ناامیدی کا ہوسکتا ہے، دوسرے حصے میں آپ کے اندر ہمت پیدا ہوگی اور اپنے ارادوں پر عمل کرنے کے لیے پھر سے ایک نئی توانائی سے میدان میں اتریں گے ، آخری حصے میں مالی اور بیرون ملک سے متعلق امور میں کام یابی ملتی ہوئی نظر آتی ہے۔ ابتدائے ہفتہ بیرون ملک کے لیے کی گئی کوششیں رنگ لاسکتی ہیں۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
یہ وقت مکان، والدہ اور آپ کے معدے کے لیے نامناسب وقت ہوسکتا ہے۔ کوشش کریں کہ وقت پر کھانا کھائیں اور سوئیں۔ مالک مکان کی طرف سے الجھن ہوسکتی ہے۔ مکان کے وراثتی مسائل سر اٹھاسکتے ہیں۔ آپ کا سیارہ اپنے کام کے حوالے سے کچھ دباؤ محسوس کرسکتا ہے۔ ماضی کے کچھ مسائل پھر سے تنگ کرسکتے ہیں۔ آخرِہفتہ ایک مہربان کے تعاون سے کچھ بہتری کے امکانات ہیں۔
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ قوس سے گزر رہا ہے۔ شریکِ حیات سے دوری ہوسکتی ہے۔ ایسے میں زیارات یا عمرہ ہوسکتا ہے۔ بیرون ملک یا دوردراز سے کسی سے رابطہ ہوسکتا ہے اور یہ رابطہ آپ کی دیرینہ خواہشات کی تکمیل کی راہ ہم وار کرسکتا ہے۔ آپ کی تصوراتی محبت عملی صورت دھار سکتی ہے۔ اس سلسلے میں بدھ اور جمعرات کافی بہتر نظر آتے ہیں۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
اس ہفتے کی ابتدا میں نئے تعلق میں ایک نیا موڑ آسکتا ہے۔ ممکن ہے کچھ عرصے کے لیے آپ کے رشتے اور تعلق میں ایک فاصلہ ایک وقفہ آجائے۔ ضروری نہیں ہے اس میں تلخی ہو، آپ کے کام کاج کی وجہ سے مصروفیت بھی ہوسکتی ہے۔ ایسے میں اپنی صحت پر لازمی توجہ دیں۔ آپ کی امیدیں اس ہفتے کے آخری دو ایام میں پوری ہوتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ دوستوں کا تعاون حاصل ہوگا۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
آپ کا سیارہ اعلٰی تخلیقی خانے میں جاچکا ہے، لیکن آپ کے اندر ایک دنیا آباد ہونے جارہی ہے۔ ہوسکتا ہے اس ہفتے آپ خود کو ایک خودکار نظام کے تحت شعوری نظام سے منقطع اور لاشعوری نظام سے مربوط ہوتا محسوس کریں گے۔ ابتدائے ہفتہ اس سلسلے میں اہم ہے۔ پیر اور منگل کے ایام میں آپ خود کو ظاہری امورِزندگی اور رہائش گاہ میں بے سکون محسوس کرسکتے ہیں۔ روحانی مشاہدات کے لیے موزوں وقت ہوسکتا ہے۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ بیرون ملک کے سیارے کے ساتھ ہم کلام ہے۔ چاند کی آٹھویں خانے میں موجودگی آپ کو بیرون ملک کے لیے آسانیاں فراہم کرسکتی ہے۔ ہوسکتا ہے اس سلسلے میں آپ کی کسی سے اہم ملاقات بھی ہوجائے یا فون پر رابطہ بھی ہوسکتا ہے۔ زہرہ تیزی سے کیتو کی جانب بڑھ رہا ہے۔ یہاں مالی نقصان یا غیرضروری خرچہ ہوسکتا ہے۔ آپ کا اس ہفتے کوئی سفر ہوسکتا ہے۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا رویہ کچھ افراد کو آپ کے خودغرض ہونے کا احساس دے سکتا ہے۔ ممکن ہے آپ روحانیت کی سمت رجحان محسوس کریں۔ ایسی کیفیت میں احساسات کم یا بالکل ختم ہوتے ہوئے محسوس ہوسکتے ہیں۔ آپ کی شعوری کوشش رائیگاں ہوسکتی ہے ’’سینس لیس‘‘ ہونے جیسا معاملہ ہوسکتا ہے۔ سفر میں کسی اہم علمی یا سرکاری شخصیت سے ملاقات ہوسکتی ہے۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کی اس ہفتے بیرون ملک کے لیے کئی گئی کاوش نتیجہ خیز ہوسکتی ہے۔ یہاں ساتویں خانے کا مالک بھی بارھویں خانہ میں متحرک ہے۔ شریکِ حیات سے ذہنی یا ظاہری طور پر دوری کا اندیشہ موجود ہے۔ آپ مالی امور کے لیے کچھ فکرمند ہوسکتے ہیں۔ مالی اور بیرون ملک سے متعلق معاملات کے لیے اس ہفتے کے آخری دو ایام بہتر ہیں۔ اچھی خبر سن سکیں گے۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کا سیارہ ابھی الٹے قدم ہی چل رہا ہے اور یہ سلسلہ ابھی چلتا رہے گا۔ جنوری کی 10 تاریخ تک کوشش کریں کہ کوئی بھی بڑی سرمایہ کاری نہ کریں ورنہ زیان کا اندیشہ ہے۔ بڑا قدم نہ اٹھائیں، اس میں ردوبدل کا امکان ہے اور وہی قدم پریشانی کا سبب بن جائے یہ بھی ممکن ہے۔ اس ہفتے کے آخر سے بیرون ملک اور بزرگوں کا تعاون حاصل ہونا شرور ہوجائے گا۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
آپ کی صحت خراب خصوصاً سینے اور معدے سے متعلق تکلیف ہوسکتی ہے۔ عمررسیدہ افراد کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس ہفتے کے آخر میں شریکِ حیات سے بگڑے ہوئے تعلق میں مثبت تبدیلی کی امید ہے۔ اس ہفتے اولاد کی خوشی بھی مل سکتی ہے۔ والدہ کی صحت متاثر ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے اسپتال کا چکر لگانا پڑسکتا ہے۔ آپ کے کیریئر میں کوئی شخص خرابی لانے کی کوشش کرسکتا ہے لیکن اسے ناکامی ہوتی ہوئی نظر آتی ہے۔
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
اس ہفتے مالی امور بزنس یا جاب کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔ کسی ادارے کے ساتھ معاہدہ ہوسکتا ہے۔ اس ہفتے سفر بھی نظر آتا ہے اور اس سفر کا تعلق بھی آپ کے مالی امور سے ہی متعلق ہوسکتا ہے۔ اس ہفتے آپ کی کسی بزرگ یا روحانی شخصیت سے بھی ملاقات ہوسکتی ہے یا ممکن ہے زیارات یا عمرے کی سعادت بھی حاصل ہوسکے۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
ابتدائے ہفتہ ہی کیریئر میں کام یابی کا امکان ہے۔ آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ ممکن ہے بہتر جگہ تبادلہ ہوجائے یا بہتر کرسی مل جائے یا افسران کی نظر میں آپ کا قد بڑا ہوجائے۔ آپ کے لیے اس ہفتے سفر نظر آتا ہے۔ آپ کے خیالات میں مذہبی رنگ ابھرے گا جوکہ بظاہر آپ کی شخصیت میں بھی جھلکتا ہوا دکھائی دے گا۔ یہ ہفتہ آپ کے لیے شان دار ہوسکتا ہے۔
The post علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.