دوپٹہ وقار، پاکیزگی اور تقدس کی علامت بھی ہے اور ہماری سماجی اور مذہبی اقدار کا ایک جزو بھی۔
اسے ہمارے ہاں ہر عمر کی خواتین کے لباس کا بنیادی حصّہ سمجھا ہے۔ لڑکیاں ہر نیا فیشن اپناتی ہیں، لیکن دوپٹے کو فقط فیشن کے طور پر نہیں بلکہ تہذیبی شناخت اور اقدار کا مضبوط حوالہ بھی مانتی ہیں۔ یہ ان کے نزدیک پاکیزگی اور تقدس کا نشان ہے۔ خواتین کا سر ڈھکنا ہماری تہذیب کی ایک روشن روایت ہے، جسے ملک کے چاروں صوبوں میں بسنے والی خواتین اپناتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہے۔ تقریبات میں خصوصاً شادی بیاہ کے موقعوں پر دوپٹے کے رنگ اور بناوٹ پر بہت توجہ دی جاتی ہے۔
ہمارے ہاں اکثر دوپٹے گوٹے کناری اور شیشوں سے سجے ہوتے ہیں۔ کبھی انہیں رنگا جاتا ہے تو کہیں یہ دوپٹے ستاروں اور موتیوں کے کام سے بھرے ہوتے ہیں۔ شرم وحیا اور مشرقیت کی یہ علامت مختلف رنگوں اور طریقوں میں ڈھل کر چہرے کو معصومیت اور تقدس ہی عطا نہیں کرتی بلکہ شخصیت کو نکھار بھی دیتی ہے۔