ڈیٹس اسموتھی
اجزا:
کھجور (دس عدد)
کافی (ایک چوتھائی چائے کا چمچا)
چاکلیٹ (سوس دو چائے کے چمچا)
دہی (آدھی پیالی)
دودھ(آدھی پیالی)
ترکیب:بلینڈر میں کھجوریں، کافی، چاکلیٹ سوس اور دہی ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ اب اس میں دودھ شامل کر کے دوبارہ بلینڈ کریں۔ ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔
ریفریشنگ جوس
اجزا:
آم (دوعدد)
کیلے (دو عدد)
سیب (دو عدد) یا سیب کا جوس (ایک پیالی)
دودھ (ایک پیالی)
چینی (حسب ذائقہ)
ترکیب:آم چھیل کر اس کے قتلے کر کے آدھی پیالی دودھ میں بلینڈ کرلیں، بقیہ آدھی پیالی میں کیلے ڈال کر شیک بنا لیں۔ سیب کے دو تین قتلے گارنیشنگ کے لیے علیحدہ کر کے بقیہ کا جوس نکال لیں یا ایپل جوس کا پیکٹ اور ٹن استعمال کریں۔ چینی بھی پیس لیں، اگر مٹھاس کم لگے، تو استعمال کریں ورنہ نہیں۔ آم کے جوس میں دو تین کھانے کے چمچے ایپل جوس بھی شامل کردیں، جب کہ بقیہ جوس شیک میں شامل کردیں اور چورا کی ہوئی برف ڈال کر ٹھنڈا تازہ پیش کریں۔ اسٹرا ڈال دیں اور سیب کی بچی ہوئی قاشوں سے گلاس کو گارنش کریں۔
واٹر ملن ڈرنک
اجزا:
باریک کٹا ہوا تربوز (تین پیالی)
اسٹرا بریز (آٹھ عدد)
کریم (دو کھانے کے چمچے)
لال شربت (چار کھانے کے چمچے)
کْٹی ہوئی برف (ایک پیالی)
ترکیب: بلینڈر میں کٹا ہوا تربوز، کْٹی ہوئی برف، اسٹرابریز، کریم اور لال شربت ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ اب اسے پودینے کے پتیوں سے گارنش کر کے فوراً سرو کریں ورنہ اس کی غذائیت ختم ہو جاتی ہے۔
بنانااینڈ یوگرٹ شیک
اجزا:
کیلے (چھے سے آٹھ عدد)
دہی (ایک سے آدھی پیالی)
دودھ (دوپیالی)
براؤن شوگر (چارسے چھ عدد)
الائچی پاؤڈر (آدھا چائے کا چمچا)
پودینے کی پتیاں (سجانے کے لیے)
ترکیب:کیلے، دودھ، دہی، الائچی پاؤڈر اور براؤن شوگر کو اچھی طرح ملا کر بلینڈ کر لیں۔ اس کے بعد اسے گلاس میں ڈال کر پودینے کی پتیوں سے سجائیں اور پیش کریں۔ دہی جمانے کے لیے نیم گرم دودھ استعمال کریں۔ اس سے دہی میٹھا جمے گا۔
مینگو ٹینگو
اجزا:
آم ایک عدد (کٹا ہوا)
سمر ڈرنک (دو کھانے کے چمچے)
برف (ایک پیالی)
وائٹ ڈرنک (ایک پیالی)
پودینے کی پتیاں (دو کھانے کے چمچے)
چینی (دوکھانے کے چمچے)
ترکیب: بلینڈر میں برف، آم، سمر ڈرنک، وائٹ ڈرنک، پودینے کی پتیاں اور چینی ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ مزے دار مینگو ٹینگو تیار ہے۔ افطار سے آدھے گھنٹے قبل تیار کر کے رکھ لیں۔ روزہ کھلنے سے چند منٹ قبل دسترخوان پر رکھیں۔
چیری کا شربت
اجزا:
لال شربت (آدھی پیالی)
سرخ چیری کا جوس (دو کھانے کے چمچے)
سرخ چیری (دس سے بارہ عدد)
پودینہ (چند پتیاں)
آئس کیوب (دس سے بارہ)
لیموں کا رس (ایک کھانے کا چمچا)
ترکیب:دو کھانے کے چمچے لال شربت ایک گلاس پانی میں حل کریں یا پھر بلینڈر میں دو گلاس پانی میں چارچمچے جام شیریں یا شکر یا شہد ڈالیں سرخ چیریز یا بیریز کو میش کریں اور ایک کپڑے میں ڈال کر اس کا رس نچوڑ لیں یا پھر بلینڈر میں ڈال کر لیموں کے رس کے ساتھ خوب بلینڈ کریں اور چھان لیں۔ برف کے ساتھ ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔ مٹھاس کم لگے، تو چینی کا استعمال کریں۔ بیریز چیریز اور پودینے کے پتوں کے ساتھ گارنش کریں۔
پائن ایپل لسی
اجزا:
پائن ایپل (ایک ٹن)
دودھ (دو گلاس)
دہی (آدھا کلو)
چینی (چار سے پانچ کھانے کے چمچے)
ترکیب:پائن ایپل دودھ دہی اور چینی کو بلینڈر میں اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعد فریج میں رکھ دیں اور افطار کے وقت دسترخوان کی زینت بنائیں۔ یقیناً صائمین کے لیے یہ قوت اور فرحت کا باعث ہوگا۔
اسپائسی لمکا ڈرنک
اجزا:
لیموں (چھ عدد)
آئسنگ شوگر (آٹھ کھانے کے چمچے)
کالی مرچ پاؤڈر(آدھا چائے کا چمچا)
پسا ہوا کالا نمک (آدھا چائے کا چمچا)
چینی (آدھی پیالی)
برف کے ٹکڑے (دس عدد)
ترکیب:کالی مرچ پاؤڈر اور کالا نمک ملا کے چھان لیں اور چینی ملا دیں۔ اب شیشے کے گلاس کو پانی میں ڈبوئیں اور اضافی پانی جھٹک کر گلاسوں کو الٹا کر کے شکر اور کالی مرچ کی پیالی میں ڈالیں، پھر ہٹالیں۔ اس طرح گلاسوں کے کناروں پر موٹی شکر اور کالی مرچ سیاہ نمک کا مکسچر چپک جائے گا، جو گلاسوں کو گارنش کر دے گا۔ اب ایک بلینڈر جگ میں دو گلاس پانی، کالی مرچ، نمک، موٹی شکر والا مکسچر، لیموں کا رس اور برف کے پانچ ٹکڑے ڈال کر پانچ منٹ بلینڈ کریں، چکھ کر دیکھیں اگر مٹھاس کم لگے، تو آئسنگ شوگر شامل کر کے مزید ایک بار بلینڈ کریں اور احتیاط سے برف کے ٹکڑے اور شربت گلاسوں میں انڈیلیں کہ ان کی گارنیشنگ متاثر نہ ہو۔ گارنیشنگ کے لیے سیاہ نمک اور سیاہ مرچ کا استعمال کریں۔
انگور کا جوس
اجزا:
انگور (آدھا کلو)
پانی (دو پیالی)
کاسٹر شوگر (دو کھانے کے چمچے)
لیموں کا رس (ایک چائے کا چمچے)
نمک (ایک چٹکی)
بھنا ہوا کٹا زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)
برف (حسب ضرورت)
ترکیب:انگور کو دھو کر پوٹیٹو میشر سے اچھی طرح میش کر لیں۔ اب اس میں پانی ڈال کر اچھی طرح سے ملا لیں۔ پھر چھلنی کی مدد سے چھان لیں۔ اب بلینڈر میں برف، کاسٹر شوگر، نمک، لیموں کا رس اور انگور کا رس شامل کر کے بلینڈ کر لیں۔ آخر میں کٹا ہوا زیرہ اور تھوڑی سی کُٹی کالی مرچ چھڑکیں اور ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔