علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ:
دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں۔
اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!
اول طریقہ تاریخ پیدائش:
مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔
ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے، یعنی باہم جمع کیجیے:
1+2+7+1+9+9=29
29 کو بھی باہم جمع کریں (2+9) تو جواب 11 آئے گا۔
11 کو مزید باہم جمع کریں (1+1)
تو جواب 2 آیا یعنی اس وقت تک اعداد کو باہم جمع کرنا ہے جب تک حاصل شدہ عدد مفرد نہ نکل آئے۔ پس یعنی آپ کا لائف پاتھ عدد/نمبر ہے۔
گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔
اور طریقہ دوم میں:
سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے
مثلاً نام ”احسن ” والدہ کا نام ” شمسہ” والد کا نام ” راشد۔”
حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:
1 کے حروف (ا،ء، ی،ق،غ)
2 کے حروف (ب،ک،ر)
3 کے حروف (ج،ل،ش)
4 کے حروف (د،م،ت)
5 کے حروف (ہ،ن،ث)
6 کے حروف (و،س،خ)
7 کے حروف (ز،ع،ذ)
8 کے حروف (ح،ف،ض)
9 کے حروف (ط،ص،ظ)
احسن کے نمبر (1،8،6،5)
تمام نمبروں کو مفرد کردیں:
(1+8+6+5=20=2+0= 2
گویا احسن کا نمبر2 ہے۔
ایسے ہی احسن کی والدہ ”شمسہ” کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے۔
اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا:
(2+9+1=12=1+2=3)
گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!
علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
20 تا 26 جون 2022
پیر 20 جون 2022
آج کا حاکم عدد 7 ہے۔ 7 کا عدد ہمیشہ ہی پراسرار، خوش بختی، فطرت سے قریب اور روحانیت کا نمائندہ سمجھا جاتا ہے، پیر کے دن یہ دل کے جذبات کو اور گاڑھا کردیتا ہے۔آپ کی تاریخ پیدائش میں 3,4,5,7,8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ یا نام کا پہلا حرف ح یا ف ہے تو آج کا دن آپ کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں1,2اور خصوصاً 6 کا عدد یا پیدائش کا دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و یا س ہے تو آپ کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔صدقہ: 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِ صدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔
اسمِ اعظم ”یارحیم، یارحمٰن، یااللّہ” 11 بار یا 200 بار اول وآخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔
منگل 21 جون 2022
آج کا حاکم عدد 6 ہے۔ ایک اچھا دن ہوسکتا ہے، تلخی کے وجود سے کچھ نرم و شگفتہ پھول کھل سکتے ہیں، گرم فضا میں ٹھنڈک کی لہر سی محسوس ہوسکتی ہے۔
اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں اور9 خصوصاً 9 کا عدد ہے یا آپ کی پیدائش کا دن منگل ہے یا نام کا پہلا حرف ص یا ط ہے تو آپ کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2,3 اور 7 خصوصاً 2 یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب، ک یا ر ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذورسیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔
وظیفۂ خاص”یاغفار، یاستار، استغفراللّہ العظیم” 9 یا 90 بار اول وآخر11 بار درود شریف پڑھنا بہتر ہوگا۔
بدھ 22 جون 2022
آج کا حاکم عدد3 ہے۔ نئے مواقع مل سکتے ہیں، نئے مشورے جو بزنس اور کام کو مزید بہتر کرنے کی راہ ہموار کرسکتے ہیں، کسی بزرگ سے ملاقات ہوسکتی ہے۔
2,3,4,7,8 اور9 خصوصاً کا عدد 3 یا پیدائش کا دن جمعرات ہے یا نام کا پہلا حرف ج یا ل ہے تو آپ کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔
لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1,5اور 6 خصوصاً 5 یا یا پیدائش کا دن بدھ یا نام کا پہلا حرف ن یا ہ ہے تو آپ کو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔صدقہ: زرد رنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کو دینا بہتر ہے، تایا، چاچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔
وظیفۂ خاص”یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللّہ” 41 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔
جمعرات 23 جون 2022
آج کا حاکم عدد 2 ہے۔ مذہبی حوالے سے ماحول میں تناؤ رہ سکتا ہے، توہینِ مذہب سے متعلق خبریں گرم رہ سکتی ہیں، زندگی کے امور میں اتار چڑھاؤ کا شکار ہوسکتے ہیں۔اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1,3,4,5,8اور9 خصوصاً 4 کا عدد یا پیدائش کا دن اتوار یا نام کا پہلا حرف ا یا ی ہے تو آپ کے لیے بہتر دن ہے۔
لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں2،6 اور7 خصوصاً 6 کا عدد یا پیدائش کا دن جمعہ یا نام کا پہلا حرف و یا س ہے تو اندیشہ ہے کہ کچھ امور میں آپ کو مشکل ہوسکتی ہے۔صدقہ: میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے، مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔
وظیفۂ خاص”سورۂ فاتحہ 7 بار یا یاقدوس، یاوھابُ، یااللّہ” 21 بار اول و آخر 11 بار درود شریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔
جمعہ 24 جون 2022
آج کا حاکم عدد 6 ہے۔ ایک راحت فزا دن، کچھ افراد کے لیے آج کا دن کسی بڑی خوش خبری کا دروازہ کھول سکتا ہے۔اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں1,4,5,6,8
اور9 خصوصاً 9 کا عدد یا پیدائش کا دن منگل یا نام کا پہلا حرف ط یا ص ہے تو آپ کے لئے بہتری کی امید ہے۔
لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش 2,3اور7 خصوصاً 7 کا عدد یا پیدائشی دن پیر یا جن کے نام کا پہلا حرف ز یا ع ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
صدقہ: 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا6 کلو چینی۔ سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔
وظیفۂ خاص”سورۂ کہف یا یاودود، یامعید، یا اللّہ” 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔
ہفتہ 25 جون 2022
آج کا حاکم عدد 9 ہے۔ سرد اور سخت مزاج دن کو 9 کا عدد متحرک ہونا، چڑچڑاپن، تلخی اور دوریاں ہوسکتی ہیں، محتاط رہیں۔
اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1,2،3،5،6 اور7 خصوصاً 6 یا پیدائشی دن جمعہ یا نام کا پہلا حرف و یا س ہے تو آپ کے لیے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4,8 اور9 خصوصا 8 کا عدد یا پیدائشی دن ہفتہ یا نام کا پہلا حرف ف یا ح ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
صدقہ: 80 یا 800 روپے یاکالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذور یا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔وظیفۂ خاص”یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللّہ” 80 بار اول و آخر 11 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔
اتوار 26 جون 2022
آج کا حاکم نمبر 3 ہے۔ حکم راں طبقے کے لیے ایک بہتر دن کی امید کی جاسکتی ہے۔ حکومت سے متعلق کسی سے مشاورت کے لیے سازگار دن ہوسکتا ہے۔
اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2,3,4,7,8اور9 خصوصاً 3 کا عدد ہے یا جن کا پیدائشی دن جمعرات ہے یا نام کا پہلا حرف ج یا ل ہے، ان کے لیے ایک اچھے دن کی امید ہے۔
لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1,5اور6 خصوصاً 5 یا جن کا پیدائشی دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ یا ن ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: 13 یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل،کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔
وظیفۂ خاص”یاحی، یاقیوم، یااللّہ” 13 یا 100 بار اول و آخر 11 بار درود شریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔
The post روحانی دوست appeared first on ایکسپریس اردو.