وضع وضع کے لباس کے ذریعے ہم ایک طرف ہم خود کو ڈھانپنے کی ضرورت پوری کرتے ہیں، تو دوسری طرف اس کی تراش خراش کے ذریعے اسے مزید دیدہ زیب بناتے ہیں۔ لباس ہماری روایات اور ثقافت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بہت سے ناقد رواج پانے والی کچھ چیزوں پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں اور ان کا کہنا ہوتا ہے کہ یہ چیز ہمارے ماحول سے لگا نہیں کھاتی۔
اس بات کے تناظر میں اگر ہم لونگ شرٹ کا جائزہ لیں تو دیکھنے میں یہ نہایت بھلی معلوم ہوتی ہے، بلکہ اس کے طویل گھیرے دار دامن سے روایتی ملبوسات کا گماں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روایت پسند حلقے بھی اسے جی کھول کر سراہتے ہیں۔
اسی بنا پر لمبی لمبی قمیصوں کا رواج خوب پھل پھول رہا ہے۔ مزاج کے اعتبار سے اگرچہ تبدیلی اچھی معلوم ہوتی ہے، لیکن اچھی چیزوں پر ٹھہر جانا بھی طبیعت کو بہت بھلا معلوم ہوتا ہے۔