لاہور: پاکستان کے تمام مسائل کا حل قومی یکجہتی میں ہے لہٰذا سیاسی جماعتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے ذاتی مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح اور قومی سوچ کو فروغ دینا ہوگا۔
1947ء کی نسبت آج پاکستان ہر میدان میں بہتر ہے، یہاں تک کہ ہم نامساعد حالات کے باوجود ایٹمی طاقت بنے، تعلیم، صحت، کھیل و دیگر میدانوں میں بھی ہم نے عالمی سطح پر اپنی قابلیت منوائی ہے،پاکستان میں ا قلیتیں بھارت سے زیادہ محفوظ اور آزاد ہیں ان خیالات کا اظہار حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں نے ’’75 واں یوم آزادی۔۔۔کیا کھویا کیا پایا؟‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ نریندر مودی اور ہندواتا کی سوچ نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان کا قیام کتنا ضروری تھا، وہ لوگ جو 2 قومی نظریئے کی مخالفت کرتے آرہے ہیں، آج ان کی غالب اکثریت پر بھی واضح ہوچکا کہ دنیا کے عظیم لیڈر قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے درست نظریہ دیا، ان کے پائے کا کوئی دوسرا لیڈر موجود نہیں ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے حقوق حاصل ہیں، یہاں کی اکثریت ان کا تحفظ کرتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نوید چودھری نے کہا کہ یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے، سوال یہ ہے کہ جس مقصد کیلیے آزادی لی، وہ پورا ہورہا ہے؟ انھوں نے کہا کہ کسی میں بھی حب الوطنی کے جذبے کی کمی نہیں ہے، جب بھی کوئی مشکل گھڑی یا آفت آئی تو پوری قوم متحد ہوکر سامنے آئی ہے۔
جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت دیمک زدہ ہے، جمہوریت کی ناکامی نے ہماری کامیابیوں پر پانی پھیر دیا ہے لہٰذا جب تک صحیح معنوں میں جمہوریت نہیں آئے گی تب تک ملک میں استحکام نہیں آسکتا۔ انھوں نے کہا کہ جاگیرداروں، وڈیروں، خاندانوں اور اشرافیہ کی اجارہ داری اور سیاست میں عام آدمی کے پیچھے رہنے کی وجہ سے قومی محبت اور قومی مفاد کی روح کچلی جاتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اتحاد سے ہی ہوکر گزرتا ہے لہٰذا ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے سب اپنے گریبان میں جھانکیں، اپنی خامیاں دور کریں اور ملک کی خاطر متحد ہوکر کام کریں، یہی یوم آزادی کا تقاضا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی مخالف رہی ہیں مگر دونوں نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہو یا کوئی اور محاذ، تقسیم اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان ہورہا ہے لہٰذا ہمیں اپنے جمہوری رویئے اختیار کرنا ہوں گے۔
The post مسائل کا حل قومی یکجہتی، ہماری اقلیتیں بھارت سے زیادہ محفوظ ہیں، ایکسپریس فورم appeared first on ایکسپریس اردو.