Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

پیدل چلنے کے 9 شاندار فوائد

$
0
0

پیدل چلنے کا عمل آپ کے جسمانی جوڑوں کے لئے کتنا مشکل ہوسکتا ہے؟

اپنے جسم سے یہ سوال پوچھیے، وہاں سے جواب آئے گا : ’’ بالکل بھی مشکل نہیں۔‘‘ کیونکہ یہ نہایت آسان عمل ہے۔ پیدل چلنے کے بعد جسم میں توانائی محسوس ہوتی ہے، اپنا آپ طاقت ور لگنے لگتا ہے۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ پیدل چلنا زندگی میں آگے بڑھنے اور جسمانی سرگرمی بڑھانے کا ایک شاندار عمل ہے۔

جب آپ صبح سویرے بیدار ہوتے ہیں تو ممکن ہے کہ آپ کو باقاعدہ جسمانی ورزش کرنا زیادہ آسان نہ لگتا ہو لیکن پیدل چلنے سے دن کا آغاز کرنا تو چنداں مشکل نہیں ۔ اس کے لئے گھر کا قریبی پارک سب سے بہتر جگہ ہوسکتی ہے، یا نہر ، دریا اور سمندر کا کنارا یا پھرایسی ہی کوئی جگہ جہاں فضا میں آلودگی نہ ہو یا پھر کم از کم ہو۔

آپ ایک بار پیدل چلنے کو معمول بنالیں گے تو چند ہی دنوں میں اپنے اندر ایسی شاندار تبدیلی محسوس کریں گے جو آپ کو یہ عمل مسلسل جاری رکھنے کی ترغیب دے گی۔ اور پھر آپ صحت کے ضمن میں چند نہایت اہم فوائد سے ہم کنار ہوں گے۔

ذیل میں ایسے 9فوائد بیان کیے جاتے ہیں ، جنھیں جان کر یقیناً آپ اگلی صبح فجر کے ساتھ ہی پیدل چلنے کے لئے نکل کھڑے ہوں گے۔

1۔ توانائی بڑھانے کی فطری تدبیر

صبح سویرے تیز رفتار پیدل چلنے سے آپ اپنے اندر تازگی اور ایک نئی جوانی محسوس کریں گے۔ مختلف تحقیقی رپورٹس بتاتی ہیں کہ باقاعدگی سے تیز پیدل چلنا جسم میں توانائی کی سطح بلند کرنے میں اہم ترین کردار ادا کرتا ہے۔اس کے نتیجے میں آپ کوئی بھی جسمانی سرگرمی سرانجام دیتے ہوئے جلدی نہیں تھکتے، بلکہ سارا دن اپنے آپ کو مضبوط محسوس کرتے ہیں۔ یہ صرف مضبوطی کا ایک احساس ہی نہیں ہوتا بلکہ آپ حقیقت میں مضبوط ہوچکے ہوتے ہیں۔

2 ۔ ذہنی صحت میں بہتری

پیدل چلنے کے نتیجے میں خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے، موڈ بہتر ہوتا ہے، ذہنی دباؤ اور بے چینی میں کمی واقع ہوتی ہے۔اس اعتبار سے پیدل چلنا ذہنی صحت کے ضمن میں بہترین نتائج فراہم کرتا ہے۔ تیز رفتار پیدل چلنے یا جسمانی ورزش کرنے سے نہ صرف انسانی ذہن کے اندر سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے بلکہ ارتکاز کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے، ذہن واضح اور صاف ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ذہن میں ایسے ہارمون پیدا ہوتے ہیں جو نہ صرف تھکن اور درد ختم کرنے میں کردار کرتے ہیں بلکہ انسان کو خوشی اور لطف محسوس کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

ایسے ہارمون بھی پیدا ہوتے ہیں جو انسان کو سونے ، کھانے پینے اور اسے ہضم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مکرر عرض ہے کہ صبح سویرے باقاعدگی سے تیز رفتار چلنا ( اپنی سکت کے مطابق ) ڈپریشن اور ذہنی دباؤ سے محفوظ رکھتا ہے۔

3۔ گہری نیند

جسم فعال ہو تو اس کے نتیجے میں میلاٹونین نامی ہارمون کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے، یوں آپ آسانی سے نیند کی گہری وادیوں میں اتر جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا کے ہر خطے میں کروڑوںلوگ رات کو نیند نہ آنے کی شکایت کرتے ہیں، بعض سونے کی گولیاں استعمال کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ صبح پیدل چلنے کے دوران میں سورج کو طلوع ہوتے دیکھنے کا عمل بھی انسانی زندگی کے نظام میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس حقیقت سے بہت کم لوگ واقف ہیں کہ انسان سونے اور جاگنے کے ایک فطری عمل کے تحت زندگی گزارتا ہے، اسے انگریزی زبان میں circadian rhythm کہا جاتا ہے۔

یہ نیند کا ایک چکر(Cycle) ہے، صبح سویرے سورج کی روشنی انسانی زندگی میں نیند کے اسی چکر کو بہتر بناتی ہے جس کے نتیجے میں انسان رات کے وقت گہری نیند سوتا ہے، یوں وہ اگلا سارا دن زیادہ توانائی کے گزارتا ہے اور زیادہ چست اور فعال رہتا ہے۔

4۔دماغ کی صحت

پیدل چلنے کے بہت سے جسمانی فوائد ہیں لیکن شاید آپ نہیں جانتے کہ صبح سویرے پیدل چلنے کو روزانہ کے شیڈول میں شامل کرنے سے آپ کے دماغ کے فنکشنز میں بہتری بھی پیدا ہوتی ہے۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ پیدل چلنے سے دماغ کو زیادہ خون فراہم ہوتا ہے، اس کے نتیجے میں جاننے اور سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

یادداشت بہتر ہوتی ہے، ذہنی ارتکاز بہتر ہوتا ہے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے۔ اعتدال والی جسمانی ورزش مثلاً پیدل چلنے سے دماغ کو الزائمر کے مدمقابل مزاحمت کی طاقت حاصل ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ الزائمر کے نتیجے میں یادداشت شدید متاثر ہوتی ہے اور تازہ ترین معلومات بھی انسانی ذہن میں برقرار نہیں رہتیں۔ یہ ہمارے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اور مزاج کو بھی متاثر کرتی ہے۔

5۔ دل کی صحت میں بہتری

صبح سویرے پیدل چلنے سے بلڈپریشر اعتدال پر رہتا ہے، دوران خون میں بہتری آتی ہے اور امراض قلب کے خطرات میں کمی واقع ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق روزانہ 30منٹ پیدل چلنے سے امراض قلب کے خطرات میں 35 فیصد کمی واقع ہوتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ روزانہ پیدل چلنے کا اہتمام کرنے والوں کو دل کے دورے کم ہی پڑتے ہیں،اور اس کے نتیجے میں کولیسٹرول معمول پر رہتا ہے۔

6۔ سماجی تعلقات میں بہتری

آپ اپنے گھر کے قریب کسی پارک میں پیدل چلیں یا پھر نہر ، دریا ، سمندر کنارے، دوست بنانے کے مواقع زیادہ ملتے ہیں۔ روزانہ واک کے لئے آنے والے ایک دوسرے سے شناسا ہوتے ہیں۔ یہ شناسائی دوستی میں بدلتی ہے۔ ہم خیال لوگ ایک گروہ کی شکل اختیار کرتے ہیں۔ یہ گروہ مختلف ہوسکتے ہیں۔ ایک ہی عمر کے لوگ ، ایک جیسا فاصلہ طے کرنے والے لوگ ، ایک جیسی جسمانی مضبوطی کے حامل لوگ ۔ اس طرح کے تعلقات قائم ہونے اور مضبوط ہونے سے آپ کی اپنی کمیونٹی میں حیثیت بہتر ہوتی ہے۔

تحقیق کرنے والے کہتے ہیں کہ گروہوں کی شکل میں پیدل چلنے کے بذات خود بے شمار فوائد ہیں، ایسے تمام لوگوں کے زیادہ بلڈپریشر میں کمی واقع ہوتی ہے، جسم میں چربی کم ہوتی ہے، کولیسٹرول لیول اپنی مناسب مقدار میں رہتا ہے، ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کے خطرات کم ہوتے ہیں۔

7۔ ذیابیطس کے خطرات کم ہوتے ہیں

ممکن ہے کہ آپ پیدل چلنے کو ایک عام سی سرگرمی سمجھتے ہوں تاہم یہ ذیابیطس سے بچنے کی بہترین تدابیر میں سے ایک ہے۔ یہ ان بیماریوں سے بھی دیر تک محفوظ رکھتی ہے جن کے بارے میں عام طور پر جملہ بولا جاتا ہے:’’ یہ عمر زیادہ ہونے کے سبب لاحق ہو ہی جاتی ہیں۔‘‘

ایک تحقیق کے مطابق روزانہ تیس منٹ پیدل چلنے والے ٹائپ ٹو ذیابیطس اور موٹاپے سے ہمیشہ محفوظ رہتے ہیں۔ باقاعدہ واک کرنے سے انسولین کو رسپانس دینے کی صلاحیت بڑھتی ہے، خون میں شوگر بھی قابو میں رہتی ہے، یوں ذیابیطس کے خطرات نہیں بڑھتے۔ جن لوگوں میں ذیابیطس ہو، وہ اس کے خطرات سے بچنا چاہتے ہیں تو واک کو کبھی ترک نہ کریں۔

8۔جسمانی توازن میں بہتری

صبح سویرے پیدل چلنے سے نہ صرف آپ کا پورا دن بھرپور توانائی کے ساتھ گزرتا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں جسم کے نچلے حصے کو بھی مضبوطی ملتی ہے ، جو کہ جسمانی توازن کے لئے ضروری ہے۔ یہ توازن ہی ہے جو انسان کو زمین پر گرنے سے محفوظ رکھتا ہے۔ توازن عمر کے ساتھ ساتھ کم ہوتا چلا جاتا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ دیر تک جسمانی توازن قائم رکھیں تو کبھی روزانہ پیدل چلنے کی عادت ترک نہ کیجیے گا۔

9۔ پٹھوں اور جوڑوں کی درد میں کمی

بعض لوگوں کے لئے بستر سے اٹھنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ وہ جوڑوں کے درد اور پٹھوں کے اکڑاؤ میں مبتلا ہوتے ہیں۔ پیدل چلنے سے جوڑوں کے اردگرد پٹھے چکنے اور مضبوط رہتے ہیں، یوں ایسے لوگ جوڑوں کے درد میں مبتلا نہیں ہوتے۔ عمر بڑھنے یا دیرینہ امراض کے سبب بعض لوگ گٹھیا کے مریض بن جاتے ہیں۔ آپ حیران ہوں گے کہ پیدل چلنے سے گٹھیا کے مریضوں کو درد میں آرام رہتا ہے، وہ اکڑاؤ اور سوجن سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔

پیدل چلنے کے یہ صرف 9ہی فوائد نہیں ہیں بلکہ ان سے جڑے دیگر بے شمار فوائد ہیں، جی ہاں ! انھیں شمار کرنا واقعتاً آسان نہیں۔ مثلاً پیدل چلنے والوں کی جنسی صحت برقرار رہتی ہے۔ انھیں کبھی ادویات استعمال کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ روزانہ دو میل (تقریباً سوا تین کلومیٹر) کا فاصلہ 30سے 45 منٹ میں پیدل طے کریں ، ان کی جنسی صحت ہمیشہ بہتر رہتی ہے۔

اب اپنے آپ سے پوچھیے کہ کیا مذکورہ بالا فوائد جاننے کے بعد بھی آپ کل دیر تک سوتے رہیں گے اور سورج طلوع ہونے سے پہلے پیدل چلنے کے لئے تیار نہیں ہوں گے؟ یقیناً یہ آپ کے لئے ایک دلچسپ تجربہ ثابت ہوگا۔ ہاں! کتنا پیدل چلنا ہے اور کس رفتار سے چلنا ہے؟ اس کا فیصلہ اپنے جسم کی سکت کے مطابق کیجیے گا یا پھر اپنے معالج کے مشورہ سے۔

The post پیدل چلنے کے 9 شاندار فوائد appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>