گلیمر، رنگوں اور روشنیوں کی چکا چوند سے سجی بولی وڈ کی فلم دنیا جسے طلسماتی اور جادو نگری بھی کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کیونکہ یہاں ہر گذرتا لمحہ رنگ بدلتا ہے کب کیا ہوجائے؟ یا کب کوئی کیا کہہ دے؟ کسی کا کوئی اعتبار نہیں دوست جو آج جان سے پیارا ہے کب دشمن بن جائے اور دشمن کب دوست بن جائے اس کا کچھ پتا نہیں چلتا۔
دلوں میں ایک دوسرے کی کام یابی پر حسد کرتے ہوئے بظاہر ہونٹوں پر والہانہ مسکراہٹ سجائے ایک دوسرے سے یوں گلے ملیں گے جیسے ان سے بڑھ کر ان کا کوئی خیرخواہ نہیں اور مزے کی بات تو یہ ہے کہ یہ سب دکھاوے کی محبت کا اظہار میڈیا پر ہی ہو رہا ہوتا ہے۔ ان سب سیلیبریٹیز کے درمیان حسد، جلن، لڑائی جھگڑے، تو تو میں میں اور ہاتھاپائی ہونا اب عام سی بات لگتی ہے، کیوں کہ یہاں پل پل بدلتے موڈ کے ساتھ رویے بھی بدلتے رہتے ہیں۔ بولی وٖڈ کی ایسی ہی چند مشہور لڑائیوں کا ذکر ہے۔
سلمان خان اور ویویک اوبرائے
فلم انڈسٹری کے ان دو اسٹارز کے درمیان جھگڑے کی بنیادی وجہ ایشوریا رائے تھی۔ جب ایشوریا سلمان خان کی گرل فرینڈ تھی اس وقت تک یہ دونوں بہت اچھے دوست تھے، جب سلمان سے بریک اپ کے بعد ایشوریا نے ویویک اوبرائے سے تعلقات استوار کرلیے تب سلما ن نے اس کی کُھل کر مخالفت کی اور ویویک کے بارے میں بہت کچھ کہا تھا ایشوریا اور ویویک کی فلم ’’کیوں ہو گیا نا‘‘ کے دوران پروان چڑھنے والی ان کی لواسٹوری بنا کسی انجام کے ختم ہو گئی تھی۔ بعد میں ویویک کی کسی اور جگہ شادی بھی ہوگئی اور اس نے بارہا سلمان کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا، لیکن سلمان اس کے ساتھ شاید کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتا۔
سلمان خان اور سبھاش گھئی
سلما ن کی ہر کسی کے ساتھ جھگڑا کرنے کی عادت آج کی نہیں یہ شاید اس وقت سے ہے جب اس نے فلم انڈسٹری کو جوائن کیا تھا۔ بطور ہیرو جب سلمان اپنی پہلی فلم میں نے پیار کیا کی شوٹنگ میں مصروف تھا تب اس وقت کے ہٹ ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سبھاش گھئی نے سلمان کی اس فلم کے سیٹ پر سلمان کی شخصیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بے ہنگم جسم کا مالک یہ چھوٹا سا لڑکا کیسے ہیرو بن سکتا ہے۔ لیکن جب ’’میں نے پیار کیا‘‘ ہٹ ہو گئی تب سلمان نے ایک فلمی پارٹی میں اس بات کو بنیاد بناکر سبھاش گھئی کے ساتھ جھگڑا کیا اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی تب سلمان کے والد کی مخالفت سے یہ معاملہ رفع دفع ہوا، لیکن دونوں کے درمیان آج بھی تعلقات کشیدہ ہیں۔
رام گوپال ورما اور کرن جوہر
بولی وڈ کے یہ دونوں فم میکر مکمل طور پر ایک بالکل مختلف اسکول آف تھاٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں ہی ایک لمبے عرصے سے ایک دوسرے کے لیے درد سر بنے رہے ہیں۔ دونوں ہی نہ صرف ایک دوسرے کی فلموں پر کھل کر تنقید کرتے ہیں، بلکہ کھلے عام ایک دوسرے کی برائیاں بھی کرتے ہیں اور یہ سب آن ریکارڈ ہوتا ہے لیکن اب کچھ عرصے دونوں طرف خاموشی ہے کیوںکہ کرن جوہر اور رام گوپال کی بہت عرصے سے کوئی فلم ہٹ نہیں ہوئی ہے اسی لیے دونوں طرف مکمل خاموشی ہے۔
شاہ رخ خان اور شریش کندر
شاہ رخ خان اور شریش کندر کے درمیان ہونے والی لڑائی کو کوئی زیادہ عرصہ نہیں گزرا ہے۔ ان کے جھگڑے کی ابتدا ایک پارٹی میں ہوئی۔ یہ پرائیوٹ فنکشن سنجے دت نے اپنی فلم اگنی پتھ کی کام یابی کے سلسلے میں منعقد کیا تھا۔ اس پارٹی میں شاہ رخ اور شریش کندر نے بھی شرکت کی شریش نے ٹوئیٹر اورفیس بک پر شاہ رخ کی فلم راون پر کھل کر تنقید کی تھی (اس وقت یہ فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی) اور کہا تھا کہ شاہ رخ نے کروڑوں روپیہ اس فلم کی میکنگ پر برباد کر دیا ہے۔ اس پارٹی میں بھی شریش نے ایسے ہی ریمارکس دیے جنہیں کنگ خان نے نظرانداز کر دیا تھا لیکن جب پارٹی اپنے اختتام کو پہنچی تب سریش نے یہ بات دوبارہ شاہ رخ کے کان میں کہی۔ شاہ رخ سے برداشت نہ ہوسکا اور اس نے شریش کو تھپڑ مار دیا۔
شاہ رخ خان اور فرح خان
شاہ رخ اور فرح خان کے درمیان جھگڑے کی بنیاد اس وقت پڑی جب ’’اوم شانتی اوم‘‘ کی کام یابی کے بعد فرح خان نے اپنی اگلی فلم ’’تیس مارخان‘‘ کے لیے شاہ رخ کے بجائے اکشے کمار کو سائن کیا۔ اس وقت فرح کا کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ کے بغیر بھی ہٹ فلم دے سکتی ہیں، لیکن ایسا نہ ہو سکا اور تیس مار خان باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی۔ شاہ رخ کو فرح کی یہ بات ناگوار لگی تھی اور اس نے کہا تھا کہ اب وہ کبھی بھی فرح کے ساتھ کام نہیں کرے گا، لیکن اس جھگڑے کے پانچ سال گزر جانے کے بعد ان کے دوستوں نے ان کی صلح کرائی اور اب شاہ رخ فرح کی فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ میں کام کر رہا ہے۔ یہ فلم شاہ رخ کے ادارے ریڈ چلی انٹرٹینمینٹ کے تحت ریلیز کی جائے گی۔
مدھر بندھارکر اور ایشوریا رائے بچن
مدھر بندھارکر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ہمیشہ وومن اورینٹڈ فلمیں بناتے ہیں چاندنی بار، فیشن اور پھر ہیروئن۔ ہر اداکارہ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایک بار مدھر کی فلم میں ضرور کام کرے، لیکن وہ اپنی فلم میں کردار کی مناسبت سے اداکارہ کو کاسٹ کرتے ہیں، جیسے فلم فیشن کے لیے پریانکا چوپڑہ ایک بہترین انتخاب تھی۔ مدھر نے جب اپنی فلم ہیروئن بنانے کا اعلان کیا اس وقت اس میں ایشوریا کو کاسٹ کیا لیکن فلم کی کچھ شوٹنگز کرنے کے بعد ایشوریا نے فلم نامکمل چھوڑ دی اور پھر اس کی جگہ کرینہ کپور کو کاسٹ کیا گیا۔ یہ بات مدھر کو بری لگی اور اس نے آن اور آف ریکارڈ ایشوریا کے خلاف ایک محاذ بنالیا کہنے والے کہتے ہیں کہ مدھر نے یہ سب کچھ شہرت حاصل کرنے کے لیے کیا تھا، کیوںکہ ایشوریا اسے فلم چھوڑنے کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کر چکی تھی۔
عامر خان اور فلم فیئر ایوارڈ
عامرخان نے فلم فیئر ایوارڈ فنکشن میں کبھی شرکت نہیں کی کیوںکہ وہ اس ایوارڈ کو معتبر نہیں سمجھتے۔ فلم رنگیلا میں عامر نے مُنا کا رول کیا تھا تو دوسری طرف شاہ رخ خان نے فلم ’’رام جانے‘‘ میں رام کا کردار کیا تھا اور اس سال یہ دونوں بہترین اداکار کے لئے نام زد کیے گئے تھے۔ اس وقت فلم فئیر کے ایڈیٹر خالد محمود عامر کے گھر گئے اور ان سے کہا کہ اگر وہ فلم فیئر فنکشن میں ایک گانے پر پرفارم کر نے کی حامی بھرلیں تو مُنا کے کردار کے لیے بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ان کو مل جائے گا۔ عامر کو خالد کی یہ بات سن کر دھچکا لگا اور انہوں نے فوراً انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایوارڈ کے حق دار ہیں تو انہیں گانا پرفارم کیے بغیر ہی مل جائے گا، مگر ایسا نہ ہوا اور بہترین اداکار کا ایوارڈ شاہ رخ خان کو مل گیا۔ اس وقت سے عامر نے اس فلم فیئر ایوارڈ کا بائیکاٹ کر دیا تھا اور آج تک اس میں شرکت نہیں کی۔
ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن
شادی شدہ جوڑوں کے درمیان لڑائی جھگڑے ہونا عام بات ہے، لیکن یہ بات اس وقت خاص ہو جاتی ہے جب یہ جھگڑا نام ور فلم سیلیبریٹیز کے بیچ ہوا ہو۔ ایسی ہی ایک لڑائی ایشوریا اور ابھیشیک کے درمیان اس وقت ہوئی جب دونوں ایک پارٹی میں موجود تھے۔ ایک ذرا سی بات پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی اور ایشوریا نے غصے میں آکر پارٹی سے واک آؤٹ کردیا اور باہر گاڑی میں ابھیشیک کا انتظار کرنے لگی، لیکن جب کافی دیر ہوجانے کے بعد بھی وہ باہر نہیں آیا تب وہ دوبارہ اندر اپنے شوہر کو ڈھونڈنے گئی۔ اندر پارٹی میں ابھیشیک بہت اچھے موڈ میں تھا۔ یہ بات ایشوریا کو شدید غصہ دلا گئی اور اس نے کسی کی پرواہ کیے بغیر ابھیشیک کو کھر ی کھری سنا ڈالیں۔
رنبیر کپور اور کترینہ کیف
بولی وڈ میں آج کل جس رومانس کے چرچے سب سے زیادہ ہو رہے ہیں وہ کترینہ اور رنبیر کپور کا ہے۔ دونوں ایک دوسرے سے شادی کرنے کی حد تک سنجیدہ ہیں، لیکن کب، اس کا شاید ان دونوں کو بھی نہیں پتا۔ اسی لیے نیویارک میں چھٹیاں مناتے ہوئے جب کترینہ نے رنبیر سے شادی کی بات کی تو جونئیر کپور نے کہا کہ ابھی وہ شادی کے جھنجھٹ میں نہیں پڑنا چاہتا۔ بس اس بات پر ان دونوں کے درمیان زبردست لڑائی ہوئی اور کترینہ مکمل چھٹیاں گزارے بغیر ہی ممبئی واپس آگئی۔
سلمان خان اور ایشوریا رائے
شاہ رخ خان کی فلم ’’چلتے چلتے‘‘ کے سیٹ پر سلما ن کی بار بار مداخلت ایشوریا کو ناگوار گزر رہی تھی، لیکن وہ سلمان کا آنا نظر انداز کررہی تھی لیکن ایک بار جب وہ شوٹنگ کے دوران وقفہ ملنے پر ایشوریا کو آؤٹنگ کی آفر کر بیٹھا تو ایشوریا نے، جو پہلے ہی سلمان کی روز روز موجودگی سے خائف تھی جانے سے انکار کردیا، بس پھر کیا تھا سلما ن نے ایشوریا کو نہ صرف بے بھاؤ کی سنائیں بل کہ اسے تھپڑ بھی ماردیا۔ اس واقعے کے بعد سلمان اور ایشوریا کا بریک اپ ہو گیا تھا۔
پریانکا چوپڑہ اور کرینہ کپور
ان دونوں ہیروئنز کے درمیان تعلقات کبھی بھی خوش گوار نہیں رہے ہیں۔ دونوں ہی ایک دوسرے کو لیٹ ڈاؤن کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ ایک ایوارڈ فنکشن کے لیے پریانکا ڈانس ریہرسل کر رہی تھی، جب کرینہ بھی اسی جگہ پہنچ گئی، کیوںکہ اس کی ریہرسل کا بھی وہی ٹائم تھا۔ پریانکا کا فارغ ہونے کا کوئی موڈ نہ تھا اور کرینہ مزید انتظار نہیں کر سکتی تھی۔ بس اس بات پر دونوں نمبر ون ہیروئنز میں لڑائی جھگڑے کے ساتھ ساتھ ہاتھا پائی کی نوبت بھی آگئی تھی۔ ان کا معاملہ شاہ رخ خان نے رفع دفع کرایا جو اس وقت وہاں موجود تھے۔