Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

ہالی وڈ بھی کورونا کی زد میں

$
0
0

انسانی آنکھ سے نظر نہ آنے والے ایک ننھے وائرس نے آن کی آن میں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس جان لیوا اور خوف ناک کورونا وائرس کی شروعات چین سے ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ پوری دنیا میں پھیل گیا۔

کورونا وائرس کے خوف اور دہشت کی وجہ سے ان تمام ممالک کی گلیاں اور سڑکیں سنسان پڑی ہیں جہاں کبھی ہنستے، کھلکھلاتے چہرے نظر آیا کرتے تھے لوگ ڈر کے مارے گھروں میں دبکے بیٹھے ہیں کہ کہیں یہ جان لیوا وائرس ان سے نہ چمٹ جائے۔ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر کے 150 سے زائد ممالک اور تقریباً دو لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں جب کہ 7 ہزار سے زیادہ لوگ اس وائرس کے باعث جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔

بدقسمتی تو یہ ہے کہ اس جان لیوا وائرس کی ابھی تک کوئی ویکسین دریافت نہیں ہوئی اور لوگوں کو صرف احتیاط کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے جب کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن جیسی صورت حال ہے جس کے باعث دنیا بھر کی معیشت پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس نے دنیا بھر کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ کی سب سے بڑی انڈسٹری ہالی وڈ کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس وائرس کے خوف کی وجہ سے ہالی ووڈ کی بڑے بجٹ اور بڑے بینر کی زیرتکمیل متعدد فلموں کی شوٹنگ بند ہوکر رہ گئی ہے جس کے باعث ہالی ووڈ فلموں پر اربوں ڈالرز کی سرمایہ کرنے والے افراد اور نام ور پروڈکشن ہاؤسز سر پکڑ کر بیٹھے ہیں۔ سونے پر سہاگہ یہ کہ ہالی وڈ کے کئی نام ور اور بڑے اسٹارز میں کورونا وائرس کی تشخیص نے پوری انڈسٹری کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔

اب تک آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس Hanks Tomاور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن Wilson Rita، اوینجرز اسٹار ادریس البا Idris Elba، گیم آف تھرونز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار کرسٹوفر ہیوجو Hivju Kristofer اور سابق بانڈ گرل اولگا کری لینکو Kurylenko Olgaمیں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اداکار ٹام ہینکس میں یہ وائرس اس وقت منظر عام پر آیا جب وہ آسٹریلیا میں آنجہانی گلوکار ایلوس پریسلے Elvis Presley کی زندگی پر مبنی فلم کی شوٹنگ کررہے تھے۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے سنیما ہالز اور تھیٹرز ویران پڑے ہیں۔ بڑے بڑے پروڈکشن ہاؤسز نے کام چھوڑ کر عملے کو چھٹی پر بھیج دیا ہے۔ جن فلموں کی شوٹنگ چل رہی تھی وہ درمیان میں ہی روک دی گئی اور جو فلمیں تیار ہوکر ریلیز کی منتظر تھیں ان کی تاریخ آگے بڑھادی گئی ہے۔ اس صورت حال نے ہالی ووڈ کی سٹی گم کردی ہے اور اربوں ڈالرز سے بننے والی فلمیں درمیان میں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ہالی وڈ انڈسٹری کو رواں سال 20 بلین ڈالرز کے نقصان کا خدشہ ہے۔

آئیے دیکھتے ہیں کورونا وائرس کی وجہ سے کن فلموں کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔

Matrix 4

1999 میں آنے والی سائنس فکشن فلم دی میٹرکس The Matrix نے ریلیز کے بعد کام یابی کے جھنڈے گاڑ دیے تھے۔ یہ فلم دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔ اس فرنچائز کی چوتھی فلم Matrix 4کی شوٹنگ جاری تھی کہ اسے بنانے والی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز جسے وارنر بروس Warner Bros بھی کہا جاتا ہے، نے فلم کی شوٹنگ درمیان سے ہی روک دی۔ فلم میں ہالی وڈ سپراسٹار کینو ریوز، کیری اینا موس، ہینوِک جیسیکا، یحییٰ عبدالمتین اور بولی وڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑا سمیت متعدد فن کار اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

Fantastic  Beasts  3

2016 میں آنے والی فلم fantastic beasts where to find themکی کام یابی کے بعد اس کے مزید سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور Fantastic  Beasts  3اسی سلسلے کی کڑی تھی جس کی شوٹنگ رواں ہفتے برطانیہ میں شروع ہونے والی تھی۔ اس فلم کو بھی ہالی ووڈ کی مشہور کمپنی وارنر بروس ہی پروڈیوس کررہی تھی۔ تاہم کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اس فلم کی شوٹنگ کو بھی ملتوی کردیا گیا۔

Samaritan

ہالی وڈ کی مشہور پروڈکشن کمپنی میٹرو گولڈ ون میئر جسے ایم جی ایم اسٹوڈیو بھی کہا جاتا ہے۔ ہالی وڈ سپراسٹار سلویسٹر اسٹالون کے ساتھ مل کر سپرہیرو فلم سماریٹن Samaritan بنارہی تھی۔ اس فلم کی شوٹنگ اٹلانٹا میں ہونی تھی لیکن یہ فلم بھی کورونا کی بھینٹ چڑھ گئی اور فلم کی شوٹنگ دو ہفتوں کے لیے روک دی گئی۔

Red Notice

ہالی ووڈسپر اسٹار ڈوائن جانسن، وینڈر وومن گال گوڈیٹ اور ریان رینالڈز کی ایکشن اور کامیڈی فلم ریڈ نوٹس کی شوٹنگ کو بھی دو ہفتوں کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی روسن مارشل تھربر نے لکھی ہے جب کہ ڈوائن جانسن اس فلم کے شریک پروڈیوسر ہیں۔ اس فلم کا بجٹ 125 سے 150 ملین ڈالر ہے۔

 Batman The

دنیا کو بچانے والے سپر ہیرو بیٹ مین Batman پر مبنی ہالی وڈ کی مشہور فلم بیٹ مین کو بچے ہی نہیں بڑے بھی بے حد شوق سے دیکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس فلم کے کئی پارٹس منظر عام پر آچکے ہیں۔ ڈی سی فلمز اور وارنر بروس کی فلم دی بیٹ مین، بیٹ مین سیریز کا دسواں حصہ ہے جس میں ہالی وڈ کے مشہور اسٹار روبرٹ پیٹنسن، بروس وائنس Batman کا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ تاہم اس فلم کی شوٹنگ بھی دو ہفتوں کے لیے روک دی گئی ہے۔ یہ فلم اگلے سال 25 جون 2021 کو ریلیز کی جائے گی۔ ہمیں یقین ہے یہ خبر بیٹ مین کے مداحوں پر بجلی بن کر گرے گی۔

Jurassic World: Dominion

بڑے بڑے دیوہیکل ڈائناسارز پر مبنی فلم جراسک پارک Jurassic Park فرنچائز کی چھٹی فلم جراسک ورلڈ؛ ڈومینیئن ، 2018 میں ریلیز ہوئی۔ ایکشن، تھرلر اور ایڈونچر سے بھرپور فلم جراسک ورلڈ؛ فالن کنگڈم کا سیکوئل ہے۔

جراسک پارک فرنچائز کی ہر فلم کا لوگوں کو بے چینی سے انتظار رہتا ہے اور یہ فرنچائزنہ صرف ہالی وڈ کی مہنگی ترین فرنچائز میں شمار ہوتی ہے بلکہ یہ فلمیں اربوں ڈالرز کا بزنس کرتی ہیں۔ فلم جراسک ورلڈ؛ ڈومینیئن کی شوٹنگ گذشتہ ماہ فروری سے لندن میں جاری تھی، تاہم کورونا وائرس کے باعث شوٹنگ منسوخ کردی گئی اور صرف اسی فلم کی نہیں بلکہ امریکن فلم اسٹوڈیو یونیورسل پکچرز نے تقریباً تمام زیرتکمیل فلموں کی شوٹنگ کو موخر کردیا ہے۔

  Sequels Avatar

ہالی وڈ کے نمبر ون ہدایت کار جیمز کیمرون James Cameron کی سپرہٹ سائنس فکشن فلم اواتار Avatar کے سیکوئل کی شوٹنگ بھی کوروناوائرس کے باعث اگلا نوٹس آنے تک روک دی گئی ہے۔ فرنچائز کے ایگزیکٹیو کے ایک گروپ کو 20 مارچ کو شوٹنگ کے لیے نیوزی لینڈ روانہ ہونا تھا لیکن اب انہوں نے لاس اینجلس میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 Shrine

ہالی وڈ پروڈکشن کمپنی اسکرین گمز کی خوف اور ایڈونچر سے بھرپور فلم شرائن Shrine کی شوٹنگ بھی چار ہفتوں کے لیے منسوخ کردی گئی ہے۔ یہ فلم اسکرین رائٹر ایون Evan Spiliotopoulosکی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم تھی جب کہ ہالی وڈ اداکار جیفری ڈین مورگن فلم میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے تھے۔

Chi Shang

مارول اسٹوڈیو کے بینر تلے بننے والی فلم شانگ چی کی شوٹنگ بھی موخر کردی گئی ہے، کیوںکہ فلم کے ہدایت کار ڈسٹن ڈینئل کریٹن کی حالت صحیح نہیں ہے طبی ماہرین کے مطابق انہیں بھی کورونا وائرس کے مرض کا خطرہ ہے لہٰذا ڈاکٹرز نے انہیں کورونا وائرس کے مرض 19 COVID- کے ٹیسٹ کا رزلٹ آنے تک قرنطینہ یعنی لوگوں سے الگ تھلگ رہنے اور تنہائی میں وقت گزارنے کا مشورہ دیا ہے۔

  Mermaid  Little The

ہالی وڈ کمپنی والٹ ڈزنی جسے ڈزنی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نے اپنی تقریباً تمام زیرتکمیل فلموں کی شوٹنگ روک دی ہے۔ ڈزنی کی پروڈکشن میں بننے والی فلم دی لٹل مرمیڈ Mermaid Little The کے لیے لوگوں کو تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے ڈزنی نے اس فلم کی شوٹنگ کو موخر کردیا ہے۔ اس کے علاوہ ہوم الون Alone Home ، پیٹر پین اینڈ ونڈی Wendy &Pan Peterاور شرنک Shrunk کی پروڈکشن بھی روک دی گئی ہے۔

project Presley Elvis

آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس Hanks Tom اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن Wilson Rita میں گذشتہ ہفتے اس وقت کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب وہ آسٹریلیا میں ماضی کے معروف گلوکار ایلوس پریسلے Presley Elvisکی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ کررہے تھے۔ اس فلم کا ابھی تک نام تو نہیں رکھا گیا ہے تاہم فلم کی شوٹنگ شروع کردی گئی تھی۔ لیکن گزشتہ ہفتے ٹام ہینکس Hanks Tomاور ریٹا ولسن Rita Wilson نے یہ افسوس ناک خبر دے کر اپنے چاہنے والوں کو اداس کردیا کہ ان کا کورونا وائرس کے مرض 19 COVID- کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ڈاکٹرز سے مشورے کے بعد ان دونوں میاں بیوی نے خود کو دنیا سے الگ تھلگ یعنی قرنطینہ کرلیا ہے۔

اس فلم کی پروڈکشن کے فرائض بھی وارنر بروس پروڈکشن کمپنی ہی انجام دے رہی تھی۔ ٹام ہینکس میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد وارنربروس اسٹوڈیو کی انتظامیہ نے فلم پر کام عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی کے ارکان، عملے اور اداکاروں کی صحت اور حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے، لہٰذا ہم دنیا بھر میں اپنی پروڈکشن میں کام کرنے والے ہر شخص کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فلم کی شوٹنگ عارضی طور پر موخر کررہے ہیں۔

 7  Impossible Mission

ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ٹام کروز کی کام یاب فلم سیریز مشن امپاسبل کی ساتویں فلم مشن امپاسبل 7 بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی۔ ہالی وڈ پروڈکشن کمپنی پیراماؤنٹ پکچرز نے فلم کی عکس بندی کے لیے اٹلی کے شہر وینس میں تین ہفتوں کا شیڈول طے کیا تھا۔ فلم کے ہیرو ٹام کروز سمیت فلم کا عملہ بھی وینس پہنچ گیا تھا لیکن اٹلی میں کورونا کی وبا پھیلنے کے باعث نہ صرف فلم کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی بلکہ فوراً عملے کے تمام ارکان کو ان کے گھر روانہ کردیا گیا۔ پروڈکشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ اپنے عملے اور کاسٹ کی حفاظت اور احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے منسوخ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں کے لوگ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث تقریباً 400 اموات ہوچکی ہیں جب کہ 25 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہیں۔ اٹلی کی گلیاں اور سڑکیں کورونا کے ڈر سے سنسان پڑی ہیں اور لوگ گھروں میں بند ہوکر رہ گئے ہیں۔

 Widow Black

مارول اسٹوڈیو Studios Marvelکی سپرہیرو فلم بلیک وڈو Widow Blackکا انتظار شائقین لمبے عرصے سے کررہے ہیں۔ فلم میں ہالی ووڈ اداکارہ اسکارلٹ جانسن Scarlett Johansson بلیک وڈو کا مرکزی کردار اداکر رہی ہیں۔

فلم یکم مئی 2020 کو ریلیز ہونی تھی، تاہم رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ کورونا وائرس کے پیش نظر بلیک وڈو کی ریلیز بھی ملتوی کردی گئی ہے۔ ہالی وڈ کمپنی ڈزنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اور امریکی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنز کے مطابق کچھ علاقوں میں سنیما ہالز اور تھیٹرز کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے تاکہ لوگوں کی بڑی تعداد ایک جگہ جمع نہ ہو یہی وجہ ہے کہ فلم بلیک وڈو کی ریلیز ملتوی کردی گئی ہے۔

Mulan

تقریباً 200 ملین ڈالرز کے بجٹ سے بننے والی والٹ ڈزنی اسٹوڈیو کی مہنگی ترین فلم Mulan جو کہ 27 مارچ 2020کو ریلیز ہونی تھی کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اس کی ریلیز بھی ملتوی کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ والٹ ڈزنی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ آپ سے جانتے ہیں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم احتیاطاً فلم Mulan کی ریلیز ملتوی کررہے ہیں۔ فلم کی نئی ریلیز کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 9  Fast and Furious

دنیا بھر کے شائقین امریکی ایکشن فلم 9  Fast and Furiousکا بے چینی سے انتظار کررہے تھے لیکن یہ فلم بھی کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھ گئی۔ ایکشن اور تھرلر سے بھرپور یہ فلم رواں سال 22 مئی کو دنیا بھر میں ریلیز ہونی تھی لیکن کورونا کے خطرے کے پیش نظر اس کی ریلیز ایک سال آگے بڑھادی گئی اور اب یہ 2 اپریل 2021 کو ریلیز کی جائے گی۔

No time to Die James Bond

کورونا نے جیمز بانڈ کو بھی نہیں چھوڑا۔ 250 ملین ڈالرز کے بجٹ سے تیار کی جانے والی جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم نوٹائم ٹو ڈائے No time to Die James Bond دنیا بھر میں رواں سال اپریل میں ریلیز کی جانی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث فلم کی ریلیز کی تاریخ کو آگے بڑھادیا گیا ہے۔ اب جیمز بانڈ نومبر 2020 میں برے لوگوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائے گا۔

The post ہالی وڈ بھی کورونا کی زد میں appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>