اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’’ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن‘‘ کے تحت 27 ستمبر کو سیاحت کا عالمی دن منایا گیا، کیوں کہ ہم ہر عالمی دن مناتے ہیں اس لیے یہ دن بھی منایا، لیکن سیاحت کا دن منانے سے زیادہ ضروری ہے کہ ہم دنیا بھر کے سیاحوں کو منا کر پاکستان لائیں۔
سیاحوں کو منانے، رجھانے اور لانے کے لیے ہمیں ان سے رابطہ کرکے انھیں پاکستان کے مختلف شہروں اور مقامات سے روشناس کرانا چاہیے۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ سیاحت کے شوقین افراد کے لیے پاکستان اور اس کے سیر کے قابل کچھ مقامات کا تعارف پیش کردیں۔ تو پہلے حاضر ہے خود پاکستان کا تعارف:
٭پاکستان
پیارے سیاحو! ہمارا ملک پاکستان جنوبی ایشیا میں واقع ہے۔ یہ لوکیشن اتنی اچھی ہے کہ ہم نے نیا پاکستان بھی یہیں بنایا ہے۔ پاکستان کے مشرق میں بھارت ہے، مغرب میں ایران اور افغانستان، شمال میں چین، جنوب میں سمندر ہے۔ چین اور سمندر سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔
پاکستان میں آپ ہوائی جہاز سے، سڑک سے اور افغانستان سے آسکتے ہیں۔ کلبھوشن یادیو جیسے بعض ’’سیاح‘‘ ایران کے راستے بھی آجاتے ہیں۔
پاکستان میں سیاحوں کے لیے دیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ اسی لیے ہمارے قومی شاعر نے کہا ہے ۔۔۔’’کھول آنکھ، زمیں دیکھ، فلک دیکھ، فضا دیکھ۔‘‘ اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ پیارے! یہ پاکستان ہے یہاں منہ اٹھا کر چلنا مت شروع کردے، آنکھیں کُھلی رکھ زمیں دیکھ۔۔۔ کہیں کوئی گٹر تو نہیں کُھلا، کوئی گڑھا تو نہیں، فلک دیکھ۔۔۔ کہ بجلی کا تار تو گرنے کو نہیں، فضا دیکھ ۔۔۔ مکھیاں تو نہیں بھنبھنا رہیں اور جراثیم لے کر تجھ پر حملہ کرنے تو نہیں آرہیں۔ بس اتنی سی احتیاط کے ساتھ پاکستان میں سیاحت کا بھرپور لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔ تو سیاحو! ہم آپ کو پاکستان کے اہم سیاحتی مقامات سے روشناس کراتے ہیں۔
٭اسلام آباد
اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے۔ یہ راولپنڈی کے ساتھ ہے۔ ہمیشہ ہی سے ساتھ ہے، مگر ان دنوں کچھ زیادہ ہی ساتھ ہے۔ اسلام آباد کے لیے راولپنڈی کا ساتھ ضروری ہے، ورنہ دارالحکومت میں حکومت کو ’’ہارالحکومت‘‘ سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ یہاں تاریخی عمارتیں تو نہیں مگر عمارتوں میں تاریخ ضرور بنتی ہے۔ چوں کہ سنہری حرفوں سے تاریخ لکھنے کے لیے سونے کا پانی چاہیے، جو بہت منہگا ہے، چناں چہ سیاہ تاریخ لکھ کر کام چلایا جاتا رہا ہے۔ اس شہر میں اکثر لوگ حکومت کرنے، جیبیں بھرنے اور دھرنے کے لیے آتے ہیں۔ جو سیاح یہاں گھومنے پھرنے آنا چاہتے ہیں وہ انتظار فرمائیں،کیوں کہ مولانا فضل الرحمٰن آنے والے ہیں، اگر وہ راستے سے اُلٹے قدموں گھوم گئے تو سیاح آکر گھوم لیں۔
٭کراچی
کراچی آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، اس کی بڑائی میں لینڈمافیا اور بلڈرز کا سب سے بڑا کردار ہے، جن کی پستیوں اور مستیوں کے باعث شہر میں دور دور تک تازہ بستیوں کا جنم ہوا۔ لیکن سیاحوں کو ان بستیوں سے کیا لینا دینا، ہمیں تو بس انھیں کراچی کی وسعت کے بارے میں بتانا تھا۔ بس یوں سمجھ لیں کہ یہ اتنا بڑا شہر ہے کہ خود کراچی کراچی میں کہیں کھوگیا ہے۔
کراچی میں سیاحوں کے دیکھنے کو سمندر ہے۔ خود کراچی والوں کو بھی ایک زمانے تک نہیں پتا تھا کہ یہاں سمندر ہے۔ پھر ہمارے ایک ادیب انتظارحُسین نے انھیں بتایا کہ ’’آگے سمندر ہے۔‘‘ کراچی والے تو اتنا جاننے ہی پر خوش ہوگئے کہ آگے سمندر ہے، لیکن ان کے راہ نماؤں نے کسی انتظارحُسین کا انتظار کیے بغیر سمندر سے آگے کی دنیا دریافت کرلی اور دبئی، امریکا اور برطانیہ جابسے۔ ہمارا مشورہ ہے کہ سیاح حضرات سمندر پر نہ جائیں، سمندر تو دنیا بھر میں ہے کہیں بھی دیکھ سکتے ہیں، ہمارا کچرے سے اَٹا ساحل دیکھ کر ہمیں شرمندہ کرنا ضروری ہے۔
کراچی میں قائداعظم کا مزار بھی ہے۔ قائداعظم وہ ہیں جنھوں نے پاکستان بنایا تھا، اس احسان کے جواب میں قوم نے ان کا مزار بنادیا، ہم احسان کا بدلہ مزار سے دیا کرتے ہیں۔ اگر سیاح مزارقائد پر نہ جانا چاہیں تو کوئی بات نہیں، ہمارے وزیراعظم بھی نہیں جاتے۔
کراچی میں پانی کی قلت ہے، اتنی کہ عوام قطرے قطرے کو ترستے ہیں اور حکم رانوں کو چُلو بھر پانی بھی میسر نہیں۔ چناں چہ کراچی میں آکر سیاح منہہ دھوئے بغیر جس منہ سے آئے تھے وہی لے کر جائیں گے، اس لیے بہتر ہوگا کہ کراچی نہ آئیں۔
٭پشاور
پشاور خیبرپختون خوا کا دارالحکومت ہے، یہ وہی صوبہ ہے جس میں بسنے والوں کے بارے میں ہمارے ایک قومی نغمے میں بچوں کو پاکستان کی سیر کراتے ہوئے یہ کہہ کر ڈرایا گیا ہے کہ ’’ٹھوکر میں زلزلے یہاں ہیں، مُٹھی میں طوفان یہاں۔۔۔سر پہ کفن باندھے پھرتا ہے دیکھو ہر اک پٹھان یہاں‘‘ نغمے کے ان مصرعوں سے ڈر کر بچے اس صوبے کی سیر کرنے نہیں گئے تھے۔ تاہم سیاحوں کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، اب یہاں لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ مٹھی میں چار پیسے آجائیں، اس لیے مٹھی میں زلزلے اور طوفان رکھنے کی گنجائش نہیں رہی ہے۔ رہی بات کفن کی تو جب سے سر پر منہگائی کا بوجھ پڑا ہے لوگوں نے کفن کھول کر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے رومال بنالیے اور انھیں بیچ بیچ کر گھر چلارہے ہیں۔ پشاور میں ’’بی آر ٹی پروجیکٹ‘‘ سیاحوں کی دید کا منتظر ہے۔ دنیا گھومنے والوں کے بہت سے شاہ کار بنے دیکھے ہوں گے، لیکن پشاور میں پہلی مرتبہ وہ کوئی زیرتکمیل اور بنتا بگڑتا شاہ کار دیکھ پائیں گے۔ اس طرح وہ منصوبے اور بے وقوف بنانے کا عمل بھی سیکھ سکتے ہیں۔
٭لاہور
لاہور ہمارا تاریخی شہر ہے۔ یہاں مغلوں کی بنائی ہوئی عمارات ہیں، جن میں شاہی قلعہ خاصے کی چیز ہے۔ یہ عمارت اتنی تاریخی ہے کہ جو پاکستانی اپنی تاریخ سے سبق نہیں سیکھتے انھیں یہ قلعہ سرکاری طور پر دکھایا جاتا ہے۔ کہتے ہیں ’’جس نے لاہور نہیں دیکھا وہ پیدا نہیں ہوا‘‘، یہی وجہ ہے کہ بعض حکم رانوں نے یہ سمجھ کر کہ لاہور کے باہر کوئی پیدا ہی نہیں ہوتا، اپنی ساری توجہ لاہور پر مرکوز رکھی۔ لاہور میں مغلوں کے بعد سب سے زیادہ تعمیرات شریفوں کی ہیں۔ سیاح مغلوں کے بارے میں مورخوں کی پھیلائی ہوئی کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، مغل بہت شریف تھے، اور شریف تو پورے مغل تھے۔
ان عمارات کے علاوہ لاہور میں مینارپاکستان، عجائب گھر، چُڑیا گھر اور عثمان بزدار ہیں۔ اللہ شہر کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے، مگر وقت کا کیا پتا، اس لیے سیاح ذکر کردہ عمارات پہلی فُرصت میں دیکھ لیں، عثمان بزدار کو اگلے تیس چالیس سال بعد بھی کسی دورے میں دیکھا جاسکتا ہے۔
٭موہنجودڑو
حکومت سندھ نے سیاحوں کی سہولت کے لیے پورے سندھ کو موہنجو دڑو میں تبدیل کردیا ہے، تاکہ دوردراز کا سفر کرکے ان پانچ ہزار سال پُرانے آثار کو دیکھنے کے بہ جائے کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ جیسے شہروں ہی کو موہنجودڑو کے روپ میں دیکھیں اور دل شاد کریں۔ سیاح کچھ دن ٹھیر کر سندھ آئیں تو انھیں پتھر کا دور بھی یہیں دیکھنے کو مل جائے گا، اس کے لیے فلمیں دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ہمیں یقین ہے کہ ہماری تحریر پڑھ کر دنیا بھر کے سیاح پاکستان کا رُخ کرلیں گے، اتنے سارے سیاحوں کے قیام کے لیے ہوٹل کم پڑجائیں تو انھیں حکومت کے تیار کردہ پچاس لاکھ گھروں میں ٹھیرایا جاسکتا ہے، اس کے باوجود سیاحوں کی کھپت نہ ہوسکے تو سرکار کی جانب سے لگائے جانے والے لاکھوں درخت کس دن کام آئیں گے۔ ان درختوں پر مچان بنا کر سیاحوں کو فطری ماحول میں رہائش فراہم کی جاسکتی ہے، ورنہ وزیراعظم ہاؤس تو ہے ہی خالی، بس یہ ہوگا کہ ایوان وزیراعظم کی دیواروں پر سیاحوں کے دھوئے ہوئے کچھے سوکھ رہے ہوں گے، تو کیا ہوا، یہ مناظر ہمارے لیے کوئی نئے تو نہیں۔
The post آؤ سیاحو! سیر کرائیں تم کو پاکستان کی appeared first on ایکسپریس اردو.