Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

اچھا تو ہم چلتے ہیں۔۔۔

$
0
0

شہرت اور دولت ایسا نشہ ہے جو ایک بار لگ جائے تو چھوٹے نہیں چھوٹتا۔ جب انسان کو شہرت کی عادت ہوجاتی ہے تو پھر اس کے لیے گم نامی کی زندگی میں واپس جانا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔

دنیا میں بہت سے شعبے ہیں جو انسان کو دولت مند تو بنا دیتے ہیں لیکن لاکھوں لوگوں کی بھیڑ میں وہ لوگ گم نام ہی رہتے ہیں۔ تاہم فلم انڈسٹری ایسا شعبہ ہے جو انسان کو دولت کے ساتھ شہرت بھی دیتا ہے اور جب انسان کام یابی کے زینے چڑھتے ہوئے مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ جاتا ہے تو اسے واپسی کے سارے راستے ناممکن سے لگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلم نگری میں کام کرنے والے لوگ برس ہابرس اس انڈسٹری سے وابستہ رہتے ہیں۔

فلم انڈسٹری کی ایک خوب صورت بات یہ بھی ہے کہ مشہور اداکار کبھی ریٹائر نہیں ہوتے اور نہ ہی گم نامی کی زندگی گزارتے ہیں بلکہ ان کی شہرت اور مقبولیت کی بدولت انہیں نہ صرف ان کی زندگی میں بلکہ مرنے کے بعد بھی یاد رکھا جاتا ہے۔ جب ہی تو کہا جاتا ہے مشہور اداکار کی شہرت کو کبھی زوال نہیں۔ لیکن کبھی کبھی زیادہ شہرت بھی وبال جان بن جاتی ہے اور فن کار اتنی زیادہ شہرت کو سنبھال نہیں پاتے۔ لہٰذا شہرت کی اس نگری میں بہت سے فن کار ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنی نجی وجوہات کی بنا پر اور کچھ نے تو مقبولیت سے تنگ آکر شہرت کی اس نگری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا اور ایک عام انسان کی طرح زندگی جینے کو ترجیح دی۔ ان فن کاروں میں بولی وڈ، لولی وڈ اور ہالی وڈ کے اداکار شامل ہیں۔ اس مضمون میں ایسے ہی کچھ اداکاروں کا تذکرہ پیش ہے:

زائرہ وسیم :ایسی کئی اداکاروں مثالیں موجود ہیں جنہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ کر پُرسکون زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا اور آج تک اس پر قائم ہیں، جس کی تازہ مثال حال ہی میں شوبز کو خیرباد کہنے والی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ زائرہ وسیم ہیں، جنہوں نے حال ہی میں فلم انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے مکمل طور پر بولی ووڈ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ خوب صورت جھرنوں اور حسین وادیوں کی سرزمین کشمیر سے تعلق رکھنے والی اداکارہ زائرہ وسیم جنت نظیر وادی کی طرح خوب صورت تو ہیں ہی لیکن ان میں اداکاری کی صلاحیت بھی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے، جسے انہوں نے اپنی پہلی فلم ’’دنگل‘‘ میں کام کرکے ثابت بھی کر دکھایا۔

اپنی پہلی ہی فلم سے زائرہ وسیم نے نہ صرف لوگوں کی داد سمیٹی بلکہ شوبز میں منفرد پہچان بنانے میں بھی کام یاب ہوگئیں جب ہی تو بولی وڈ کے منجھے ہوئے اداکار عامر خان نے انہیں اپنی فلم ’’سیکریٹ سُپراسٹار‘‘ میں مرکزی کردار دیا اور اس بار بھی زائرہ اپنی اداکاری سے لوگوں کو متاثر کرنے میں کام یاب رہیں۔

کیریئر کی ابتدا میں عامرخان جیسے سپراسٹار کے ساتھ کام کرنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے اور یہ موقع لاکھوں لوگوں میں صرف زائرہ وسیم کو میسر آیا۔ کیریئر کی پہلی دو فلموں میں عامر خان کے ساتھ کام کرنے کے بعد زائرہ وسیم نے اداکارہ پریانکاچوپڑا کے ساتھ فلم سائن کی اور یہ ان کا بولی ووڈ میں کام یابی کی جانب ایک اور قدم تھا۔ کیریئر کی شروعات میں ہی صف اول کے اداکاروں اور بڑی بجٹ کی فلموں میں کام کرنے کے باعث زائرہ وسیم کو بھارتی فلم انڈسٹری کی اگلی سپراسٹار کہا جارہا تھا۔ لیکن کشمیر کی اس کَلی کے اچانک شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے اعلان نے پوری فلم انڈسٹری میں طوفان مچادیا۔ زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلموں میں کام کرنے کی وجہ سے اپنے مذہب سے دور ہوتی جارہی ہیں اور ان کا ایمان خطرے میں پڑنے لگا ہے لہٰذا وہ اب مزید فلموں میں کام نہیں کریں گی اور اپنی زندگی اپنی شرطوں پر جییں گی۔ یوں زائرہ کا سفر فلم انڈسٹری میں اختتام پذیر ہوگیا۔

عائشہ خان : پاکستان شوبز انڈسٹری کی کام یاب اداکارہ عائشہ خان نے ٹی وی کے بعد فلموں میں بھی قسمت آزمائی اور ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ اور ’’وار‘‘ جیسی کام یاب فلموں میں کام کرکے خود کو منوایا۔ عائشہ خان ڈراما سیریل ’’مہندی‘‘، ’’من مائل‘‘، ’’خدا میرا بھی ہے‘‘،’’کچھ پیار کا پاگل پن‘‘،’’من و سلویٰ‘‘ اور ’’کافر‘‘ سمیت متعدد کام یاب ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔ تاہم انہوں نے گذشتہ برس اچانک شوبز سے لاتعلقی کا اعلان کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔ عائشہ خان نے شوبز چھوڑنے کی و جہ شادی کو قراردیتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد ان کی پہلی ترجیح اداکاری نہیں بلکہ ان کا گھر اور شوہر ہوں گے لہٰذا وہ شوبز کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ رہی ہیں۔ عائشہ خان سختی سے اپنے فیصلے پر کاربند ہیں اور شادی کے بعد کسی فلم یا ڈرامے میں نظر نہیں آئیں۔

نور بخاری:پاکستانی اردو اور پنجابی فلموں کی خوب صورت اداکارہ نور بخاری ’’سنگم‘‘،’’مجھے چاند چاہیے‘‘،’’ظل شاہ‘‘،’’بھائی لوگ‘‘، ’’عشق پازیٹیو‘‘ اور ’’سایۂ خدائے ذوالجلال‘‘ جیسی کام یاب فلموں میں کام کرچکی ہیں۔ اداکارہ نور بخاری کا شمار نوے کی دہائی میں لولی وڈ پر راج کرنے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

نور بخاری جہاں اداکاری کرنے کے لیے مشہور ہیں وہیں شادیاں کرنے اور طلاق لینے کے لیے بھی مشہور ہیں۔ اداکارہ نور چار بار شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور چاروں بار ان کی شادی کا انجام طلاق پر ہوا۔ تاہم دو سال قبل نور نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کرکے اپنے چاہنے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔ نور بخاری نے شوبز چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب دین کے راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے اسی لیے وہ اب مزید فلموں اور ڈراموں میں کام نہیں کریں گی۔ اداکارہ نور نے خود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ دین کی راہ پر خود نہیں آتے بلکہ اللہ آپ کو اس راستے کے لیے چُنتا ہے اور وہ خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے انہیں دین کے راستے کے لیے منتخب کیا۔ اداکارہ نور نے نہ صرف دین کے لیے شوبز کو چھوڑا بلکہ اب وہ حجاب بھی کرتی ہیں۔

سارہ چوہدری:من موہنی صورت اور دل فریب مسکراہٹ والی اداکارہ سارہ چوہدری نے پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے متعدد ڈراموں میں کام کیا اور خوب شہرت سمیٹی۔ ڈراما سیریل ’’تیرے پہلو میں‘‘ نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا اور انہیں پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی سپراسٹار کہا جارہا تھا۔تاہم سارہ چوہدری نے بھی اپنے عروج کے زمانے میں شوبز کو خیرباد کہہ کر اپنے چاہنے والوں کو دنگ کردیا۔ سارہ چوہدری نے بھی دین کی راہ اختیار کرنے کی وجہ سے شوبز کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

میناکشی ششادری:بولی وڈ میں90 کی دہائی میں اداکارہ میناکشی ششادری کا طوطی بولتا تھا۔ مینا کشی خوب صورتی میں تو اپنی مثال آپ ہیں ہی، اداکارہ بھی بے حد کمال تھیں۔ فلم ’’شہنشاہ‘‘، ’’ہیرو‘‘،’’گھائل‘‘اور’’دامنی‘‘میں بہترین اداکاری کرنے والی میناکشی آخری بار اداکار سنی دیول کے ساتھ فلم ’’گھاتک‘‘ میں جلوہ افروز ہوئی تھیں۔ اپنی اداکاری اور خوب صورتی سے لاکھوں لوگوں کو دیوانہ بنانے والی اداکارہ میناکشی نے شادی کے بعد فلموں کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا اور رخصت ہوکر نہ صرف پیادیس سدھار گئیں بلکہ اپنے وطن سے دور امریکا جاکر بس گئیں۔ میناکشی کے مداح آج بھی اپنی دامنی کو فلموں میں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں لیکن میناکشی فلموں میں واپس نہ آنے کے اپنے فیصلے پر سختی سے کاربند ہیں۔

سلینا جیٹلی:خوب صورت آنکھوں اور دل فریب مسکراہٹ سے لوگوں کو گھائل کرنے والی اداکارہ سلینا جیٹلی فلموں میں اداکاری سے قبل مس انڈیا کا تاج بھی جیت چکی ہیں۔ اداکارہ سلینا جیٹلی نے 2003 میں اداکار فردین خان کے ساتھ فلم ’’جانشین‘‘ کے ساتھ فلموں میں قدم رکھا تھا اور اپنی خوب صورتی سے لوگوں کو دیوانہ بنانے میں کام یاب رہی تھیں۔ بعدازاں سلینا نے ’’سلسلے‘‘، ’’نوانٹری‘‘، ’’ٹام، ڈک اینڈ ہیری‘‘، ’’گول مال ریٹرن‘‘ اور’’اپنا سپنا مَنی مَنی‘‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔ سلینا جیٹلی کی فلمیں باکس آفس پر سُپرہٹ تو نہیں ہوئیں لیکن ناکام بھی نہیں ہوئیں۔ ان کا شمار بولی وڈ کی اوسط درجے کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے لیکن ان کی خوب صورتی کے دیوانے لاکھوں میں ہیں۔ اداکارہ سلینا جیٹلی نے دبئی کے بزنس مین پیٹر ہاگ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد فلموں کے بجائے شوہر، گھر اور بچوں کی ترجیح دینے کا فیصلہ کیا اور آج وہ دو بچوں کے ساتھ خوب صورت شادی شدہ زندگی گزار رہی ہیں۔

جیک گلیسن:لولی وڈ اور بولی وڈ کی طرح ہالی وڈ میں بھی بہت سے فن کار ہیں جنہوں نے شوبز نگری کو خیر باد کہہ کر نارمل زندگی جینے کا فیصلہ کیا۔ ہالی وڈ کی مقبول ترین ڈراما سیریز ’’گیم آف تھرون‘‘ میں جوفری براتھیون کا کردار ادا کرنے والے اداکار جیک گلیسن نے ڈرامے میں اپنے کردار کی موت کے بعد ہالی ووڈ کو مکمل طور پر خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔ جیک نے اپنے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اداکاری کرنا ان کا شوق تھا لیکن وہ اس شعبے کو مستقبل میں جاری رکھنا نہیں چاہتے۔

جین ہیک مین:ہالی وڈ کے اداکار جین ہیک مین کو 1998 میں ریلیز ہوئی فلم ’’اینیمی آف دی اسٹیٹ‘‘ اور 1992 میں ریلیز ہوئی فلم ’’ان فورگیون‘‘ میں ان کی اداکاری کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ اداکار جین ہیک مین نے 2004 میں ہالی وڈ کو خیرباد کہہ کر بطور مصنف کیریئر کو آگے بڑھایا۔ 2004 سے لے کر 2008 تک انہوں نے مصنف ڈینئل لینی ہان کے ساتھ مل کر کئی ناول لکھے جن میں ’’ویک آف دی پیڈیڈو اسٹار‘‘،’’جسٹس فور نن‘‘،’’ورملین‘‘ اور ’’اسکیپ فروم اینڈرسن ویلے‘‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’’مارننگ پیک‘‘ اور ’’پرسوئٹ‘‘ کے عنوان سے کتابیں بھی لکھی ہیں۔

کیمرون ڈیاز:1994 کی سپر ہٹ فلم ’’دی ماسک‘‘ سے کیریئر کی شروعات کرنے والی اداکارہ کیمرون ڈیاز کا شمار ہالی وڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کی فلمیں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں شامل ہیں۔ کیمرون بہترین اداکاری پر متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔ تاہم 2014 کے بعد اداکارہ کیمرون کسی فلم میں نظر نہیں آئیں۔ فلموں سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد کیمرون ڈیاز نے بھی بطور مصنفہ کیریئر آگے بڑھانے کو ترجیح دی۔ ان کی اب تک دو کتابیں ’’دی لونگیویٹی‘‘ اور ’’دی باڈی بک‘‘ منظر عام پر آچکی ہیں۔

امانڈا بائنس:ہالی ووڈ کی اداکارہ امانڈا بائنٹس نے بطور چائلڈ اداکارہ کیریئر کا آغاز کیا اور 2000 میں فلم ’’وہاٹ اے گرل وانٹس ٹو ہیئر اسپرے‘‘ میں کام کرکے باقاعدہ ہالی ووڈ میں کام کرنا شروع کیا۔ امانڈا آخری بار 2010 میں فلم ’’ایزی اے‘‘ میں نظر آئی تھیں جس کے بعد انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

گریٹا گاربو: ہالی وڈ اسٹار گریٹا گاربو کا شمار 1930 کی سپراسٹارز میں ہوتا ہے جنہوں نے یہ کہہ کر فلم نگری کو خیرباد کہہ دیا تھا کہ وہ اکیلی رہنا چاہتی ہیں۔ گریٹا گاربو فلمی دنیا اور پریس سے اس قدر اکتا چکی تھیں کہ وہ نہ تو انٹرویو دیتی تھیں، نہ آٹوگراف۔ گریٹا نے 36 برس کی عمر میں ہالی وڈ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا ان کا کہنا تھا کہ وہ اس چمکتی ہوئی فلم نگری سے دور ایک نارمل زندگی جینا چاہتی ہیں۔

شیرلی ٹیمپل:ہالی وڈ کی اداکارہ شیرلی ٹیمپل نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنی اداکاری کا لوہا منوالیا تھا۔ انہیں 1935 میں 7 سال کی عمر میں اسپیشل جووینائل آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ تاہم 1950 میں صرف 22 سال کی عمر میں شیرلی نے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا اور شوبز چھوڑنے کے 10 سال بعد 1960 میں شیرلی ٹیمل ایک بار پھر سرخیوں کا حصہ بنیں لیکن اس بار اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ سیاست میں انٹری کی وجہ سے۔ 1989 میں شیرلی ٹیمل نے چیکو سلوواکیا میں امریکی سفارت کار کے طور پر فرائض انجام دیے۔

سر سین کونری:بیسویں صدی میں پُرکشش ترین مردکا خطاب حاصل والے جیمز بونڈ اسٹار سرسین کونری نے 2003 میں اداکاری کو خیرباد کہہ دیا۔ کونری کے ایک قریبی دوست کے مطابق وہ فلموں میں کسی بوڑھے کا چھوٹا سا کردار ادا کرنا نہیں چاہتے تھے اور انہیں کسی رومینٹک فلم میں ہیرو کے مرکزی کردار کی پیشکش نہیں ہورہی تھی لہٰذا انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

The post اچھا تو ہم چلتے ہیں۔۔۔ appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles