چھت پر صبح کی نماز پڑھنا
منزہ بیگم ، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر ہوں اور نماز پڑھ کے اوپر ہی چل رہی ہوں جیسے واک کرنے کے لئے ہم پھرتے ہیں۔ چلتے چلتے دن کی روشنی نمودار ہونے لگتی ہے اور سورج طلوع ہونے لگتا ہے۔ مجھے یہ نظارہ بہت اچھا لگتا ہے اور میں ٹکٹکی باندھ کے دیکھتی چلی جاتی ہوں ۔ جب سورج اتنا بلند ہو جاتا ہے کہ میری آنکھیں چندھیانے لگتی ہیں تو میں پیچھے ہٹ جاتی ہوں۔ اس کے بعد مجھے نہیں یاد، شائد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پر مستحکم ہوں گے۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں۔
جنگل میں جانور کا حملہ
رمیہ علی،لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اکیلی پتہ نہیں کہاں چلی جا رہی ہوں ۔ رات کا وقت ہے اور کافی اندھیرا سا ہے بلکہ یوں سمجھیں جیسے جنگل سا ہے۔ اچانک سامنے سے ایک جانور مجھ پر حملہ کرنے کے لئے میری طرف چھلانگ لگاتا ہے اور میں خوفزدہ ہو کہ وہیں پتھر بن جاتی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے مگر بہت دیر تک خوف کا شکار رہتی ہوں ۔ پلیز مجھے بتائیے کہ اس کی کیا تعبیر ہے ۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔
چھت پر سانپ
صوفیہ بشیر، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر گئی ہوئی ہوں اور وہاں سیڑھیاں چڑھتی ہوئی اوپر والی منزل کی طرف جا رہی ہوں۔ اچانک میری نظر اوپر کی طرف جاتی ہے وہاں مجھے ایک بہت بڑا کالے رنگ کا سانپ دکھائی دیتا ہے جو چھت سے چمٹا ہوتا ہے۔ اس کو دیکھ کے میں بہت زیادہ خوفزدہ ہو جاتی ہوں کیونکہ تنگ سی سڑھیوں میں مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ مجھ پر گر جائے گا ۔ اس کے بعد مجھے نہیں یاد کہ وہ گرا یا نہیں اور میں نے کیا کیا ۔ شائد میری آنکھ کھل گئی ہو ۔ مجھے کچھ بھی یاد نہیں، مگر یہ جو حصہ مجھے یاد ہے وہ اسی خوفناک سانپ والا یاد ہے۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔
قرآن مجید کی تلاوت کرنا
حمید رضا علی، اسلام آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی مجمعے یا جلسے نما جگہ پر ہوں اور پتہ نہیں شائد کسی کے کہنے پر یا خود ہی وہاں لوگوں کے سامنے کھڑا ہو کر قرآن پاک کی سورت کی تلاوت کرنے لگ جاتا ہوں ۔ وجہ مجھے نہیں پتہ کہ میں کیوں ادھر کھڑا ہو کر تلاوت کر رہا ہوتا ہوں مگر یہ یاد ہے کہ لوگ خاموشی سے سن رہے ہوتے ہیں ۔ جب میں تلاوت ختم کر کے اسٹیج سے نیچے اترتا ہوں تو وہاں ایک بزرگ بارعب سے چہرے والے مجھے گلے لگا کہ بہت پیار کرتے ہیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔گھریلوو کاروباری معاملات میں دشمن پر فتح نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
گھر کے لان میں پھول
صالحہ نیاز، شیخوپورہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے چھوٹے سے لان میں کھڑی اپنے پودوں کو دیکھ رہی ہوتی ہوں ۔ اور حیران ہو رہی ہوتی ہوں کہ اس وقت سردی کے موسم میں خزاں ہر طرف ہے مگر میرا باغ انتہائی گرین اور رنگ برنگے پودوں و پھولوں سے بھرا ہوا ہے۔ کہ ایسے خوش شکل پھول ہوتے ہیں کہ میں وہاں کھڑی یہ سوچ رہی ہوتی ہوں کہ یہ تو میں نے نہیں خریدے، یہ میرے باغ میں کیسے آ گئے۔ ان پر کافی تتلیاں بھی آ کر بیٹھی ہوتی ہیں ۔ غرض بالکل بہار کا سا سماں ہوتا ہے۔ جبکہ آج کل سردی کی وجہ سے سب جانتے ہیں کہ کہیں بھی ہریالی نہیں ہے ۔ برائے کرم مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر :اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ علم و ہنر کی دولت آپ کو نصیب ہو گی جس سے دنیاوی طور پر بھی آپ کو فائدہ ہو گا ۔ یعنی مال و وسائل میں بھی برکت ہو گی۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ تلاوت قرآن پاک کو اپنا معمول بنا لیں۔
فوت شدہ افراد کو شادی میں دیکھنا
انیسہ انصاری، سکھر
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی شادی میں گئی ہوئی ہوں۔ وہاں کافی چمک دمک والا ماحول ہوتا ہے جیسے عام طور پر ہمارے معاشرے میں ہوتا ہے۔ وہیں مجھے عورتوں کے گروپ میں انتہائی خوش و خرم اپنی کچھ رشتے دار نظر آتی ہیں جو انتقال کر چکی ہیں ۔ وہ بھی انتہائی زرق برق لباس پہنے مٹھائی کے ڈبے لئے موجود ہوتی ہیں۔ مجھے اس کے بارے میں بتا دیجئے کہ یہ کیسی شادی تھی جس میں سب مرے ہوئے ہی لوگ تھے ۔
تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔
چشمے سے پانی پینا
ملیحہ طور، اسلام آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ کہیں چھٹیاں منانے جا رہی ہوں۔ ہم لوگ راستے میں تھکاوٹ اتارنے کے لئے رکتے ہیں۔ اچانک میری نظر پہاڑی کی ایک سائیڈ پر پڑتی ہے جہاں سے ایک پتلی سی نالی آ رہی ہوتی ہے۔ آگے بڑھنے پر ہم دیکھتے ہیں کہ آگے ایک زبردست سا چشمہ ہوتا ہے۔ ہم سب پیاس سے بے حال ہوتے ہیں تو پانی دیکھ کہ خوشی سے آگے آ کر اس کو پیتے ہیں، منہ دھوتے ہیں ۔ وہ پانی بہت ہی میٹھا اور مزے دار ہوتا ہے۔ ہم سب پی کر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس ویرانے میں ہم کو پانی ملا ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔
زبردستی شادی پر لے جانا
راجہ بشیر، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک شادی پر ہوں جو کہ ہمارے کسی رشتے دار کی ہے۔ جہاں میں جانا نہیں چاہتا مگر میری بیوی زبردستی مجھے لے جاتی ہے۔ وہاں جانے سے پہلے ہمارے گھر میں بہت لڑائی ہوتی ہے۔ جب ہم لڑ جھگڑ کر شادی پر پہنچتے ہیں تو مجھے یہ دیکھ کے بہت حیرت ہوتی ہے کہ دلہن اور دولہا ہمارے وہ رشتے دار ہوتے ہیں جن کا آج سے کئی سال پہلے انتقال ہو چکا ہوتا ہے۔ وہ بہت خوش نظر آ رہے ہوتے ہیں۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوھر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے۔ جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پر صدقہ و خیرات بھی کریں۔
درخت لگانا
منصورہ سلیم، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک خشک جگہ پہ کھڑی ہوں، دور دور تک کوئی سایہ نہیں اور گرمی کافی ہے۔ اگلے ہی لمحے میں دیکھتی ہوں کہ میں اپنی دوستوں کے ساتھ مل کر اس علاقہ میں درخت لگا رہی ہوں اور ساتھ ہی دیکھتی ہوں کہ وہ جگہ بہت ہری بھری ہو گئی ہے۔ ہر طرف سبزہ ہے اور لہلہاتے درخت۔ سب لوگ بہت خوش ہوتے ہیں اور میں بھی یہ سب دیکھ کہ بہت خوش ہوتی ہوں ۔
تعبیر: ۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے کسی خوشخبری کے ملنے پہ دلیل کرتا ہے۔ کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی بھی امید ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ خواب اچھا ہے اس میں بالکل بھی گھبرانے والی کوئی بات نہیں ہے۔
بیل گم ہو جاتا ہے
حرا پروین، لاہور
خواب : میرے ابو نے خواب میں دیکھا کہ ہم ایک بیل خرید کر لائے ہیں اور ہم نے اس کو اپنے صحن میں باندھ دیا ہے۔ ہمسائے وغیرہ بھی آ کر ہم کو مبارک باد دیتے ہیں ۔ پھر میں اس کے آگے چارہ ڈالتی ہوں مگر وہ کھاتا نہیں ۔کچھ دیر بعد ہم دیکھتے ہیں کہ وہ کہیں نہیں ہے۔ ہم سارا علاقہ دیکھتے ہیں مگر وہ کہیں نہیں ہوتا ۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسے پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔کاروبار اور نوکری میں مالی پریشانی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے پڑھا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کریں۔ چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کیا کریں۔
قرآن کی آیات لکھنا
الماس خان،گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ ہم اپنی نانی کے گھر گرمیوں کی چھٹیوں میں آئے ہوئے ہیں۔ یہاں میری نانی کے رشتے داروں کے ہاں ہماری دعوت ہوتی ہے جس میں مجھے بہت خوبصورت قلم ملتا ہے جس سے میں قرآن پاک کی آیات کو لکھتا ہوں۔ سب لوگ یہ دیکھ کہ بہت خوش ہوتے ہیں اور میں خود بھی حیران ہو رہا ہوتا ہوں کہ اتنی خوبصورتی سے میں نے کیسے لکھ لیا۔ یہاں پہ موجود لوگ مجھ سے اصرار کرتے ہیں کہ میں ان کو بھی کچھ لکھ کے دوں اور میں خوشی خوشی ان سب کے لئے فرمائشیں نوٹ کرنے لگ جاتا ہوں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں ۔ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔
رشتہ دار کا بکری بھیجنا
امین دلاور،لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے کسی رشتے دار نے ہمارے لئے تحفتاً ایک بہت صحت مند بکری بھیجی ہے، میری بیوی اس کو دیکھ کے بہت ناراض ہو رہی ہے کہ ہم کہاں رکھیں گے اور اس سے تو بہتر ہے کہ بیچ دیا جائے۔ مگر مجھے وہ بہت پسند آتی ہے اور میں سختی سے کہتا ہوں کہ نہیں میں خود اس کی دیکھ بھال کر لوں گا۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ھے کہ اللہ کی رحمت سے آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا ۔ نیک نامی میں اضافہ ہو گا جو کاروبار یا نوکری یا پھر گھریلو سطح پہ بھی ہو سکتا ہے۔ آپ صلہ رحمی سے کام لیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
لذیذ پکوان کھانا
رحیم الدین علی، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کہیں کسی خوبصورت سی جگہ پہ موجود ہوں اور ہم سب کھانا کھانے کے لئے اس جگہ آئے ہیں۔ پھر ایک آدمی آتا ہے اور میرے سامنے ایک خوان رکھ دیتا ہے جس میں تیتر تلے ہوئے رکھے ہوتے ہیں ۔ میں اپنے دوستوں کو بھی اس میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں اور ہم سب اس کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور انتہائی مزے لے کر کھاتے ہیں اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
آم کھانا
وقار الحق، اسلام آباد
خواب ؛ میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی درخت سے آم توڑ کر کھا رہا ہوں اور اپنے گھر والوں کو بھی توڑ توڑ کر دیتا ہوں، وہ سب بھی بہت مزے لے لے کر کھاتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں کوئی خوشخبری آنے والی ہے ۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابند ی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
بس میں سفر کرنا
مرتضٰٰی منصور، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں بس میں کہیں جا رہا ہوں، راستے میں اچانک بس خراب ہونے پر دوسری سواریوں کے ساتھ میں بھی وقت گزارنے کو ٹہلتا ہوا کھیتوں کی طرف نکل جاتا ہوں ۔ وہاں کچھ آدمی بیٹھے کھانا کھا رہے ہوتے ہیں ۔ سلام دعا کے بعد وہ مجھے اپنے ساتھ کھانے میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں جو کہ میں قبول کر لیتا ہوں کھانا ہوتا تو سادہ ہے مگر بے حد لذیذ جس کا ذائقہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ دل میں مسلسل خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ھم کو یہ نعمت دی۔ وہ خوشی، سکون اور مزہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ، کاروبار میں وسعت ہو گی اور برکت بھی۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
نئے گھر میں گندگی
مہرین علی، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ ہم نیا گھر لیتے ہیں اور خوشی خوشی سب رشتے داروں کو دکھانے کے لئے لے کر جاتے ہیں ۔ سب کو ہی بہت پسند آتا ہے مگر میری نند کے چہرے پہ وہ خوشی نہیں ہوتی جو وہ اظہار کرنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے۔ اتنی دیر میں میرے میاں اپنے بھائی کو سارا گھر دکھا کے لاتے ہیں تو میری نظر ان کے پاوں پہ پڑتی ہے جہاں انسانی گندگی لگی ہوتی ہے اور شدید بو آ رہی ہوتی ہے۔ میں پیچھے دیکھتی ہوں تو سارے سفید فرش پہ جا بجا گندگی کے نشان پڑے ہوتے ہیں۔ بس اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: یہ خواب اللہ نہ کرے پریشانی و حرام مال کو ظاہر کرتا ہے ۔کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاہرہ کریں ۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں۔ ہو سکے تو حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کریں ۔
خشک میوہ جات خریدنا
عمران یوسف،لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں موسم کے لحاظ سے خشک میوہ جات خریدنے اپنے دوست کے ساتھ بازار آتا ہوں اور ہم دونوں مختلف چیزیں خریدتے ہیں۔ میں زیادہ تر اخروٹ لیتا ہوں ۔ گھر آ کے جب ہم ان کو کھانے لگتے ہیں تو وہ سب انتہائی کڑوے ہوتے ہیں جن کو کھانا ناممکن ہوتا ہے۔ میں ایک کے بعد ایک توڑتا چلا جاتا ہوں مگر کوئی ایک بھی ٹھیک نہیں نکلتا سب کے سب انتہائی کڑوے ہوتے ہیں۔
تعبیر: یہ خواب مالی معاملات میں پریشانی کو ظاہر کرتا ہے۔ غیر ضروری اخراجات یا اصراف اس کا سبب ہو سکتا ہے۔کاروبار میں بھی رقم بلاک ہونے کا احتمال ہے۔ اس سے اللہ نہ کرے کہ قرض تک کی نوبت آ سکتی ہے۔ آپ حلال روزی کا اہتمام کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ صدقہ و خیرات بھی حسب توفیق کرتے رہا کریں۔
گندے اور خراب دانت
زوھیب رب نواز، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کالج جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں، اچانک میری نظر اپنے دانتوں پر پڑتی ہے جو کہ بہت گندے اور خراب نظر آ رہے ہوتے ہیں ۔ میں یہ دیکھ کر کافی پریشان ہوتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ مجھے فوراً کسی ڈاکٹر کے پاس جا کر دانت چیک کرانے چاہئیں، اس کے بعد مجھے یاد نہیں۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری آ جائے جس کی وجہ سے آپ پریشان ہو سکتے ہیں ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔
سانپ کاٹ لیتا ہے
لبنٰی سعید، شاہ کوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے صحن میں صفائی کر رہی ہوں ۔ وہاں جو کونے میں درخت ہے اس کے نیچے دھوتے ہوئے اچانک کوئی چیز میرے اوپر گرتی ہے جس سے میں ایک دم بہت خوفزدہ ہو جاتی ہوں۔ دیکھتی ہوں تو وہ ایک پتلا سا کالا سانپ ہوتا ہے جو میری طرف لپکتا ہے۔ میں تیزی سے جھاڑو اس کی طرف پھینکتی ہوں مگر وہ اس کو لگتا نہیں اور وہ تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میری ٹانگ پہ اچھل کے کاٹ لیتا ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا جس سے آپ کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد کیا کریں ۔کوشش کریں کہ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ صبح بعد از فجر اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصرمن اللہ و فتح قریب پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھے۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.