شادی کاخواب
آمنہ بتول، لندن
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ گھر میں بہت زیادہ رونق ہے۔ گھر کے باہر باورچی کھانا پکانے میں لگے ہوئے ہیں۔ میں جلدی سے نہا دھو کر تیار ہوتی ہوں کہ بارات آجاتی ہے۔ دلہا میرا کزن ہوتا ہے۔ پھر میں نے دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوتی ہوں اور میرے شوہر میرے ساتھ باتیں کر رہے ہیں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ بیمار ہو جائیں جس کی وجہ سے گھر والے پریشان ہو سکتے ہیں۔کاروبار میں کوئی رکاوٹ یا بندش پیدا ہو سکتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروادی جائے گی ۔کچھ صدقہ وخیرات کریں۔
ناخن کاٹنا
صوفیہ ناز، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی اپنے ناخن کاٹنے کے بعد ان کو اکٹھا کرنا شروع کر دیتی ہوں۔ ایک کاغذ میں بند کر کے باہر پھینک دیتی ہوں۔ تعبیر بتا دیجیئے۔ یہ خواب اکثر نظر آتا ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کسی پریشان میں مبتلا ہو سکتی ہیں۔ یہ خواب نحوست کو ظاہرکرتا ہے۔ ہر کام میں رکاوٹ اور دل لگاکر نہ کرنا بھی اس میں شامل ہیں ۔کاروبار میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے جس سے آمدنی میں کمی ہو سکتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔ رات کو سیرت النبیؐ کا مطالعہ کریں ۔
استخارے کا جواب
میشا علی، اسلام آباد
خواب : میں نے اپنی چھوٹی باجی کی شادی کیلئے استخارہ کیا تھا۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری بڑی باجی اور میری چچی آپس میں لڑ رہی ہیں اور کسی بات پر کہہ رہی ہیں ان کو پکڑو، اتنے میں میں اور باجی بھاگنا شروع کردیتے ہیں اور پھر کسی کچی آبادی میں جاتے ہیں۔ وہاں کچھ لوگ ہمیں پکڑ کر کمرے میں بندکر دیتے ہیں۔ میر ی باجی مجھے کہتی ہیں کہ تم اس کھڑکی سے باہر نکل جاؤ اور کسی کو بلالاؤ۔ میرے دل میں یہ خوف ہوتا ہے کہ اگر میں وقت پر نہ پہنچی تو وہ لوگ باجی کو مار نہ دیں۔ راستے میں مجھے میرا بھائی اور کزن مل جاتے ہیں۔ میں ان کو ساری بات بتا دیتی ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ تو جا ابھی ہم اس کو لے کر آتے ہیں۔ میں گھرآتی ہوں اوراپنی کزن سے گلے ملتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جس بات کیلئے آپ نے استخارہ کیا ہے اس سے تعلق رکھتا ہے۔ اس خواب کا کچھ حصہ پریشانی کو ظاہرکرتا ہے آخرکار اللہ کی مہربانی سے دلی مراد پوری ہوگی یعنی جس جگہ آپ شادی کرنا چاہتی ہیں پریشانی اور رکاوٹ کے بعد وہاں ہو جائے گی۔ آپ پریشان نہ ہوں نماز پنجگانہ ادا کریں ۔کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کریں اورخیرات کریں۔ محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔
صبح مسواک کرنا
عثمان اقبال، جھنگ
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نماز فجر ادا کرنے کیلئے جا کر مسواک کرتا ہوں۔ مسواک کرنے کے بعد میں پھر وضو کرتا ہوں۔ اس کے بعد نہ جانے کیوں دوبارہ میں مسواک کرنے لگتا ہوں۔ برائے کرم اس خواب کی تعبیر بتادیجئیے اور میرے لئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جواس بات کو ظاہرکرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے دین اور دنیا دونوں میں بھلائی نصیب ہوگی۔ اللہ وسائل اور رزق میں برکت عطا فرمائیں گے۔ جس کی وجہ سے قرض کی ادائیگی احسن طریقہ سے مکمل ہو جائے گی۔ اولاد سعادت مند اور فرمانبردار ہوگی۔ وضو یا بغیر وضو یا اللہ یارحمٰن یا رحیم کا ورد بھی کریں۔ آپ کیلئے دعا کروا دی جائے گی۔
مسجد میں نماز ادا کرنا
عمر ریاض، جدہ
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے محلے کی جامع مسجد میں جاتا ہوں۔ وہاں وضو کرنے کے بعد نماز پڑھنے کیلئے مسجد میں داخل ہوتا ہوں۔ وہاں مجھے اپنا دوست جاوید ملتا ہے۔ میں اس سے دعا سلام کرنے کے بعد نماز ادا کرتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے آپ نیک بخت ہوں گے اور اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں میں شمار ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے رزق اور وسائل میں برکت دے گا اور دین اور دنیا دونوں میں بھلائی نصیب ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یااللہ یا رحمٰن یا رحیم پڑھ کر پانی پر دم کرکے پی لیا کریں۔
گھوڑے پر سواری
بلاول اکبر، سرگودھا
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں ہوتا ہوں۔ میرا ایک مزارعہ ایک بہت ہی اچھا گھوڑا لاتا ہے اور مجھے کہتا ہے کہ یہ گھوڑا نیا خریدا ہے۔ میں اس گھوڑے پر سوار ہوتا ہوں اور اسے اپنے علاقے میں لے جاتا ہوں۔ مجھے سواری کرتے ہوئے بہت مزہ آتا ہے۔ پھر میں اپنے گھر کی طرف آتا ہوں۔ راستے میں لوگ میری طرف دیکھتے ہیں پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے آپ کو مال و دولت عطا فرمائیں گے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ سیاست یا حکومت میں آپ کو شہرت اور منصب مل جائے اور آپ کی عزت اور توقیر میں مزید اضافہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے وسائل میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
سرراہ خوبصورت لڑکا ملنا
ن ف، فیصل آباد
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نکل کر اپنے چچا کے گھر جا رہا ہوتا ہوں کہ راستے میں ایک لڑکا جو اسی طرف جا رہا ہوتا ہے مجھے مل جاتا ہے اور میرے ساتھ باتیں کرنی شروع کردیتا ہے۔ میں بھی اس کے ساتھ باتیں کرتا ہوں پھر اسی اثناء میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کی دلی مراد پوری کریں گے۔ اگر شادی نہیں ہوئی تو آپ کی جلد شادی ہو جائے گی۔ کاروبار میں اضافہ اور رزق میں برکت نصیب ہوگی۔ اللہ تعالیٰ عزت اور وقار میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔ اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.