گھر میں صحت مند بیل
اسماء خان، اسلام آباد
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کالج سے واپس آتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ گھر کے صحن میں ایک موٹا تازہ بیل بندھا ہے اور سارے گھر والے اس کے گرد جمع ہیں۔ میں حیران ہو کر پوچھتی ہوں کہ ابھی تو عید قربان بہت دور ہے تو پھر یہ بیل کیوں لے لیا ۔ اس پہ میرے والد خوشی سے بتاتے ہیں کہ ان کو یہ بہت سستا ملا ہے ،اس لئے انہوں نے خرید لیا ۔ سارے گھر والے بہت خوش ہو رہے ہوتے ہیں اور مستقبل کے لئے کوئی منصوبہ بندی کر رہے ہوتے ہیں کہ اب اگلی دفعہ ہم کو کچھ بھی نہیں لینا پڑے گا اور اس کی دیکھ بھال کریں گے تو یہ اچھا تندرست بھی رہے گا جبکہ وہ پہلے ہی سے کافی صحت مند ہوتا ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے جاہ وجلال میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ رزق کی فراوانی اور کاروبار میں برکت کو ظاہر کرتا ہے ۔ دولت کے حصول میں آسانیاں ہوں گی جس سے آپ کے مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کاورد کیا کریں۔
اپنی شادی ہوتے دیکھنا
لبنیٰ قیوم ، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میری شادی ہو رہی ہے۔ گھر میں خوب ہنگامہ ہوتا ہے اور میرے سارے کزنز و رشتہ دار سب ہوتے ہیں۔ گھر میں کافی رونق ہوتی ہے ۔ پھر نکاح کے لئے سب گھر کے مرد اندر آتے ہیں اور مجھ سے نکاح نامے پر دستخط کرواتے ہیں۔ اس کے بعد رخصتی ہو جاتی ہے اور میں گاڑی میں سوار ہو کر اپنے سسرال چلی جاتی ہوں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی غم یا خوف کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اللہ نہ کرے آپ بیمار بھی ہو سکتی ہیں ۔ گھر میں رکاوٹ یا بندش بھی ہو سکتی ہے ۔ اس طرح کاروبار میں کوئی کمی یا نقصان کا خطرہ ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔ آپ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔
ہوا میں اڑنا
توقیر رسول ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں رات اپنی چھت پہ سو رہا ہوتا ہوں پھر مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں آسمان کی طرف اڑ رہا ہوں اور اپنے آپ کو ایسا نظر آتا ہوں کہ جیسے اس دنیا کی بجائے نہ جانے کسی اوپر والے جہاں میں سفر کر رہا ہوں ۔ میں نیچے دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں تو مکانات اور دیگر اشیاء بہت چھوٹی نظر آتی ہیں ۔ میں فضا سے پھر نیچے آنا شروع ہو جاتا ہوں تو دوبارہ اپنے گھر کی چھت پہ ہوتا ہوں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے درجات میں بلندی آئے گی اور رزق میں اضافہ بھی ہو گا جس سے مال اور وسائل میں برکت ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں ۔
زلزلے سے ڈر کربھاگنا
سارہ حنیف، گوجرانوالہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے ایک دوست کے گھر میں ہوں ۔ میری ایک دوست کی سالگرہ کا فنکشن ہے اور میری تمام سہیلیاں اس کے گھر میں موجود ہیں۔ اچانک مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میری کرسی ہل رہی ہے۔ میں اپنی دوسری دوست کی طرف دیکھتی ہوں تو وہ کہتی ہے کہ زلزلہ آرہا ہے۔ اس پہ ہمارے گروپ کی ایک دو لڑکیاں جو زلزلے سے بہت خوف زدہ ہوتی ہیں چیخنا شروع کر دیتی ہیں اور باہر کی طرف بھاگتی ہیں ۔ میں بھی باقی سب دوستوں کے ساتھ باہر کی طرف لپکتی ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہو تا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا مشکل کا اچانک سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ کسی اچانک بیماری کو بھی دلیل کر سکتا ہے جس سے ناگہانی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔
شیر پلاٹ میں سو رہا ہے
چودھری احمد علی، رحیم یار خان
خواب-:میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے گھر کے ساتھ ایک پرانا خالی پلاٹ ہے اور اس پلاٹ کے اندر ایک شیر سو رہا ہوتا ہے۔ میں اس پلاٹ کے قریب جاتا ہوں اور شیر کو دیکھ کر خوفزدہ ہوتا ہوں ۔ میں اس کے انتہائی قریب جاتا ہوں اور محسوس کرتا ہوں کہ شیر گہری نیند سو رہا ہوتا ہے پھر میں ایک دکان سے کچھ چیزیں خرید کر واپس گھر جاتا ہوں اور تسلی کرتا ہوں کہ شیر ابھی سو رہا ہوتا ہے ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-:یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آسکتی ہے، کوئی قریبی رشتہ دار یا دوست دشمنی کرنے کی کوشش کرے گا مگر اللہ تعالیٰ کی رحمت سے آپ محفوظ رہیں گے۔ کاروبار میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے یا سلام یا حفیظ کا ورد بھی کیا کریں اور ہر منگل یا ہفتہ کو کالے ماش، کالے چنے یا کالا کپڑا اپنے اوپر سے وار کر کسی مستحق کو دے دیں۔
سسرآم دیتا ہے
فردوس، ملتان
خواب-: میں نے دیکھا کہ میں اپنی بیوی کو ملنے کے لئے گاؤں جاتا ہوں، میرے سسر بھی وہاں ہوتے ہیں وہ مجھے وہاں پر دیکھ کربہت خوش ہوتے ہیں، بچے بھی آ جاتے ہیں۔ میرے سسر اپنے ملازم سے آموں کی دو پیٹی منگوا کر مجھے دیتے ہیں اور خود بس سٹینڈ پر آتے ہیں۔ ان کا ملازم بھی ساتھ تھا جس نے دونوں آموں کی پیٹیاں اٹھائی ہوئی تھیں۔ پھر میرے سسر نے دونوں آموں کی پیٹیاں بس کے اندر رکھ دیں اور ہم بھی بچوں کے ساتھ بس میں بیٹھ جاتے ہیں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر آپ کی بیگم حاملہ ہے تو اللہ تعالیٰ آپ کو بیٹے سے نوازے گا۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ کاروبار میں ترقی ہو گی ۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ کسی بزرگ سے آپ کو روحانی فیض بھی مل سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثر ت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد بھی کریں ۔ اگر ہو سکے تو کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
دروازے پر پردہ
افسری بیگم ساہیوا ل
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ کچھ سودا خریدنے کے لئے بازار جاتی ہوںاور جب میں سامان خرید کر بازار سے واپس آتی ہوں تو میں نے دیکھا کہ میرے گھر کے دروازے کے اوپر ایک خوبصورت پردہ پڑا ہوا ہوتا ہے۔ میں اس پردے کو دیکھ کر بہت پریشان ہو جاتی ہوں کہ کس نے پردہ ڈالا ہے، میں نے تو کبھی بھی دروازے پر پردہ نہیں لگایا تھا۔ مگر آج نہ جانے میرے گھر کے دروازے کے اوپر پردہ کون لگا گیا۔ میں اسی پریشانی میں سوچ رہی ہوتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی خوف یا غم درپیش ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کوئی کاروباری راز پوشیدہ نہیں رہے گا۔ کچھ باتوں سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہو سکتا ۔ آپ کے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں اور کچھ اللہ کی راہ میں صدقہ خیرات کریں۔
کپڑوں پر غلاظت دیکھنا
چودھری اعجاز احمد،ملتان
خواب: میں نے چند دن پہلے دیکھا اور کافی پریشان ہوگیا۔ خواب کچھ یوں ہوتا ہے کہ میں دفتر جانے کے لئے اپنے کمرے کی الماری سے کپڑے نکالتا ہوں اور یہ دیکھ کر پریشان ہوتا ہوں کہ میرے ایک سفید رنگ کے سوٹ کے اوپر گندگی اور غلاظت لگی ہوتی ہے۔ قمیض اور شلوار بھی کافی زیادہ غلاظت سے بھری ہوتی ہے۔ پریشان ہوجاتا ہوں کہ یہ گندگی کہاں سے ان کپڑوں کے اوپر لگ گئی۔ میں اسی سوچ میں ہوتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آ سکتی ہے اور کسی طرف سے کوئی الزام بھی لگایا جا سکتا ہے جس سے آپ کی عزت اور وقار کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔ کاروبار میں بھی کمی آسکتی ہے جس سے مال اور وسائل میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ گھر میں پریشانی وغیرہ آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اورکثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔
بلندی سے گرنا
ناہید خانم۔ سوات
خواب:۔میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک پہاڑ پر بیٹھی ہوں۔ پہاڑ کے ایک طرف سمندر ہے اور دوسری طرف آبادی ہے۔ میں آبادی کی طرف جانا چاہتی ہوں اور اٹھ کر آہستہ آہستہ اترنے لگتی ہوں اور اچانک ایک سانپ میرے ہاتھ پر گر جاتا ہے۔ میں ایک دم ڈر جاتی ہوں کہ کہیں مجھے کاٹ نہ لے۔ یہ سوچ کر میں تیزی سے قدم بڑھاتی ہوں مگر پھسل جاتی ہوں اور تیزی سے نیچے گرنے لگتی ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔کئی دفعہ کھانا دیر سے کھانے سے معدہ میں رطوبت جمع ہو جاتی ہے اور درد اور گیس کا باعث بنتی ہے اور کبھی ہضم اور قبض کی شکایت پیدا ہو جاتی ہے۔ صبح ہلکی اور موسمی غذائیں استعمال کریں۔ موسم تبدیل ہو رہا ہے۔ اس لیے دیر سے کھانا مت کھائیں، جلدی کھائیں اور زود ہضم غذائیں استعمال کریں۔
لڑکی کو مارنا
وحید احمد۔ سرگودھا
خواب:۔میں نے کل رات خواب میں ایک لڑکی دیکھی جو کہ میرے ساتھ باغ میں چہل قدمی کر رہی تھی۔ اچانک ایک دم سے کہیں سے کچھ لوگ نمودار ہوتے ہیں اور اس کو پکڑ کر مارنا شروع کر دیتے ہیں۔ میں اس وقت بہت ڈر جاتا ہوں اور ایک درخت کے پیچھے چھپ جاتا ہوں۔ کافی دیر بعد جب سب لوگ چلے جاتے ہیں تو میں باہر نکلتا ہوں اور دیکھتا ہوں کہ وہ لڑکی مر چکی ہے۔ یہ دیکھ کر میں احساسِ ندامت، ڈر اور خوف کے ساتھ بھاگ جاتا ہوں۔ جب میں گھر پہنچتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ وہی لڑکی میری والدہ کے ساتھ بیٹھی باتیں کر رہی ہوتی ہے۔
تعبیر:۔آپ کے خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کسی کی طرف ملتفت ہیں اور اس کے حصول میں بظاہر ناکام ہوئے ہیں۔ صحیح قدم اٹھانے اور صحیح ذرائع استعمال کرنے سے یہ سب رکاوٹیں دور ہو سکتی ہیں۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور یاحی یاقیوم کا ورد کریں۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات کا اہتمام کریں۔
سونے کی انگوٹھی
سمیرا بتول، لاہور
خواب؛۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوں اور کچھ دن گزارنے اپنی امی کے گھر جانے والی ہوں جب شام کو میرے میاں گھر آتے ہیں تو میرا سامان پیک دیکھ کر ایک لفافہ مجھے دیتے ہیں ۔ میں جلدی میں اس کو کھول کر نہیں دیکھتی بلکہ سامان میں رکھ دیتی ہوں اور جب امی کے گھر ایک دن میری نظر اس پر پڑتی ہے تو میں کھول کر دیکھتی ہوں تو اس میں سونے کی ایک انگوٹھی ہوتی ہے ۔ میں اسے دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور اپنے میاں کو فون کرکے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی و فضل سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا ۔ جس سے گھر میں آرام و سکون کی فراوانی ہوگی۔ اس سے کاروبار میں برکت بھی مراد ہو سکتی ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ رات کو سونے سے قبل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں ۔
سورج کی روشنی کم ہوتے دیکھنا
محمد عنایت، لاہور
خوا ب ؛ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ اپنے گاؤں چھٹیا ں گزارنے گیا ہوا ہوں اور ایک دن میں اپنے کزنز کے ساتھ کھیتوں میں سیر کو جاتا ہوں، وہاں ہم تقریباً پورا دن گزارتے ہیں اور کھاتے پیتے مزے کرتے ہیں ۔ پھر میرے کزنز وہیں موجود ڈیرے پر چارپا ئیوں پر نیم دراز باتیں کرنے لگ جاتے ہیں۔ میں ذرا چلتا ہوا آگے کھیتوں کی طرف جاتا ہوں ، وہاں میری نظر سورج ڈوبنے کے منظر پر پڑتی ہے ۔ مجھے یوں لگتا ہے کہ جیسے اس کی روشنی مدھم ہو رہی ہو ۔ مجھے یہ اپنا وہم لگتا ہے اور میں غور سے دیکھتا ہوں مگر واقعی سورج آہستہ آہستہ نیچے کی طرف جا رہا ہوتا ہے اور اس کی تمازت تیزی سے ختم ہو رہی ہوتی ہے۔ یہ دیکھ کر میں ڈیرے کی طرف بھاگتا ہوں کہ اپنے کزنز کو بلاؤں ، مگر اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی ناگہانی مصیبت یا پریشانی آسکتی ہے ۔ یا مالی طور پر مفلسی کا دورہ ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں نقصان کا بھی احتمال ہے ۔ اگر ملازمت ہے تو اس میں بھی مسائل کا سامنا درپیش ہو سکتا ہے ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور صدقہ و خیرات لازمی کریں ۔
کمرے کی صفائی
توصیف شہزاد ، لاہور
خواب ؛ میں نے دیکھا کہ میں شام کو دفتر سے گھر آتا ہوں تو میرا کمرہ کافی صاف ستھرا ہوتا ہے ۔کافی چیزوں کی سیٹنگ تبدیل کی گئی ہوتی ہے ۔ میں دل میں سوچتا ہوں کہ شائد امی نے اس کمرے کی خاص تفصیلی صفائی کرائی ہے ۔ سب سے زیادہ مختلف مجھے اپنا بستر لگتا ہے جو کہ بالکل سفید ہوتا ہے کیونکہ ہمارے گھر میں زیادہ تر بستروں پر رنگدار چادریں استمال ہوتی ہیں ۔ سفید رنگ کا بستر مجھے بھی کافی اچھا لگتا ہے اور میں اس پر لیٹ جاتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اچھا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے گھریلو یا کاروباری معاملات میں آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا ۔ حتی کہ خاندان میں بھی نیک نامی بڑھے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
تلاوت کرنا
اسماء علی ، لاہور
خواب ؛۔ میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے کالج میںکوئی فنکشن ہو رہا ہے جس میں لوگ اسٹیج پہ بلا کے باقی لوگوں کو مجبور کر رہے ہوتے ہیں کہ وہ بھی کچھ پڑھیں یا گائیں ۔ جب میری سہیلیاں میرا نام پکارتی ہیں تو میں وہاں جاکر اونچی آواز میں قرآن پاک کی تلاوت شروع کردیتی ہوں ۔ کیونکہ میری آواز کافی اچھی ہے (میں گھر میں بھی نعت خوانی کرتی رہتی ہوں) اس وقت سبھی لوگ میری تعریف کرتے ہیں اور میری ٹیچر باقاعدہ مجھے بلاکر مبارک دیتی ہیں ۔ اس کے بعد میر آنکھ کھل جاتی ہے۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر:۔ بہت اچھا خواب ہے جو اس بات کو دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ نیکی کی طرف مائل ہوں گی اور قرآن پاک کی تلاوت کا شوق بھی رہے گا ۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے کیونکہ اس سے دل کو سکون حاصل ہوگا۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور روزانہ سورۃ البقرہ کی تلاوت کریں چاہے چند آیات یا ایک صفحہ ہی پڑھیں مگر روزانہ اس کو معمول بنالیں ۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
زعفران کے پودے
ثناء ابراہیم ، لاہور
خواب :۔ میں نے دیکھا کہ میں نے زعفران کے پودے خریدے ہیں اور ان کو اپنے گھر میں لگایا ہے۔ کچھ دنوں بعد ان سے پودے نکل آتے ہیں اور کچھ ہی عرصہ بعد ان پہ انتہائی خوبصورت پھول نکل آتے ہیں جن کو دیکھ کر ہم سب گھر والے بہت خوش بھی ہوتے ہیں اورحیران بھی کہ اتنے زیادہ پھول ۔ میں بہت خوشی خوشی ان سے زعفران کی ڈنڈیاں چن لیتی ہوں۔
تعبیر:۔ بہت اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بہت رحمت آپ پہ نازل ہوگی جس پر شکر واجب ہے آپ پہ اور اس کے علاوہ مالی معاملات میں بہت آسانی وبرکت ہوگی جس سے گھریلو وکاروباری زندگی بہت آرام دہ ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں حسب توفیق صدقہ خیرات لازمی کیا کریں۔
باغ سے پھول توڑنا
صائمہ نعمان ، لاہور
خواب ؛ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی دوست کے گھر دعوت میں آئی ہوئی ہوں اور اس کے باغ میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ چہل قدمی کر رہی ہوں۔ اس کے باغ میں رنگارنگ کے پھول کھلے ہوئے ہیں جن کو میں دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور باقی دوستوں کے منع کرنے کے باوجود وہ پھول توڑ لیتی ہوں جن کو میری دوست یاسمین کے پھول کہہ کر پکارتی ہے۔ پھر اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر ؛۔ یہ خواب کسی گھریلو یا کاروباری معاملے میں پریشانی یاغم کی طر ف اشارہ کرتا ہے۔ خاص طور پر اگر آپ شادی شدہ ہیں تو گھریلو معاملات میں سخت کشیدگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ آپ ہر منگل یا جمعرات کو گیارہ روپے صدقہ دیں ۔ ہر نماز کے بعد استغفار کی تسبیح پڑھیں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.