آنکھیں چہرے کی خوب صورتی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اگر انھیں ٹھیک طریقے سے سنوارا جائے تو ان کی دل کشی میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ آئی میک اپ میں لائنر کی خا ص اہمیت ہوتی ہے ۔آنکھیں چھوٹی ہوں یا بڑی ،لائنر کی صحیح تکنیک سے انھیں دل کش ’ لُک‘ دیا جا سکتا ہے ۔ خواتین کو زیادہ مشکل آئی لائنر لگانے میں ہی پیش آتی ہے لیکن اس کے بغیر میک اپ ادھورا رہتا ہے۔
تھوڑی سی مشق سے جیل، پینسل، پین،لیکوئیڈ اور کریمی آئی لائنر لگانے میں مہارت حاصل ہو سکتی ہے ۔آج کل صرف سیاہ رنگ کے آئی لائنر مارکیٹ میں دست یاب نہیں ہیں بلکہ نیلا، سفید، ہرا، گلابی ، خاکے اور آسمانی رنگ کے آئی لائنر بھی بآسانی مل جاتے ہیں۔ خاص طور پر آسمانی اور نیلا آئی لائنر جو لیڈی ڈیانا استعمال کرتی تھیں، ایک بار پھربے حد مقبول ہو رہا ہے ۔ اب سیاہ رنگ کی جگہ خاکی رنگ نے لے لی ہے ۔ پہلے بلیک اسموکی میک اپ اِن تھا اور اب اسموکی میک اپ میں خاکی آئی شیڈ اور اسی رنگ کا آئی لائنر استعمال کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ آئی لائنر کے لیے بولڈ شیڈز ،گلوس لائنربھی مقبول ہیں۔
بعض اوقات خواتین کو آئی لائنر کے رنگوں کے انتخاب میں مشکل پیش آتی ہے۔ میک اپ کے ماہرین کہتے ہیں کہ خواتین کی رنگت، آنکھوں کے رنگ اور عمر پر منحصر ہوتی ہے۔آنکھیں بڑی ہوں یا چھوٹی، یہ بات بھی لائنر پر اثر انداز ہو گی ۔اس لیے بہتر ہے کہ اپنی شخصیت کو سمجھیں اور اس کے بعدآئی میک اپ کو مہارت سے اپنائیں۔
تقاریب میں جاتے ہوئے خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ آئی لائنر دیر تک قائم رہے ۔اس کے لیے ضروری ہے کہ آئی شیڈ اور آئی لائنر میچنگ رنگ کا لگائیں ۔ میک اپ کرتے ہوئے اکثر خواتین کا دھیان صرف اور صرف فاؤنڈیشن کی طرف رہتا ہے کہ گرمی یا سردی کی وجہ سے بیس خراب نہ ہو جائے اور اسی لیے وہ اپنی آنکھوں کے میک اپ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیتی ہیں ۔ اس کے علاوہ آنکھیں بڑی لگنے کے لیے گہرے شیڈ کے آئی لائنر کے ساتھ سنہری یا سلور رنگ کا گلیٹر آئی لائنر لگائیں ،یوں آپ کی آنکھیں روشن اور بڑی بڑی محسوس ہوںگی۔
بہتر یہ ہے کہ شیڈو شیلڈ کا بھی استعمال کیا جائے ۔آج کل لائنر کے ساتھ ونگ لائنر اسٹیمپ بھی دست یاب ہے۔ ان کی مدد سے بہترین ونگ بنانا مشکل نہیں۔ اس کے لیے سب سے پہلے آنکھیں بند کر کے پلکوں کے ساتھ ایک باریک لکیر بنائیں۔ لائنر کی چوڑائی کے مطابق اسے ٹھیک کر سکتی ہیں۔ اس کے بعد لائنر کے دونوں کنارے برابر کریں۔ قدرتی لُک کے لیے لوئر لائنر کا استعمال کریں۔آنکھ کے اندرونی کونے سے بیرونی کونے تک لائنر کی لکیر متوازن کرنے کے بعد بیرونی کنارے پر ایک ونگ بنائیں۔ بیرونی کنارے پر سمندر کی لہر سے مشابہ لکیر ہی ونگ آئی لائنر کہلاتی ہے۔ اس حوالے سے دوسرے بہت سے انداز بھی پسند کیے جاتے ہیں ،جن میں کیٹ آئی ، ڈبل آئی لائنر ، کلاسک لُک ، ریورس لائنر ،فنگی اسٹائل وغیرہ خاص طور پر مقبول ہیں۔
The post آئی لائنر کے استعمال سے آنکھیں پُرکشش بنائیں appeared first on ایکسپریس اردو.