Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

بولی وڈ کی تاریخ کے 10 مہنگے ترین گانے

$
0
0

شوبز کی دنیا میں صرف فلم ہی نہیں بلکہ میوزک بھی ایک بہت بڑی انڈسٹری کا روپ دھار چکا ہے۔ انٹرنشنل فیڈریشن آف دی فونوگرافک انڈسٹری (2015ء) کے مطابق دنیا بھر میں یہ صنعت 15بلین ڈالر سے اوپر پہنچ چکی ہے، لیکن بات اگر وطن عزیز کی ہو تو یہاں دیگر شعبوں کی طرح میوزک انڈسٹری کا حال بھی کچھ اچھا نہیں۔ ہماری فلموں میں اچھی کہانی اور پرفارمنس نہ رہی تو اچھا میوزک بھی غائب ہوگیا۔

پاکستان میں آج بھی ایک پنجابی فلم کا پورا بجٹ 50 لاکھ روپے سے کم رکھا جاتا ہے تو اس میں سے میوزک کا کتنا ہو گا؟ اردو فلموں کا بجٹ اگرچہ کروڑوں کے ہندسے کو چھونے لگا ہے، لیکن فلمی میوزک کو وہ اہمیت نہیں مل رہی، جو اس کا حق بنتا ہے، لوگوں کے کان اچھی موسیقی کو ترس گئے ہیں۔

اس کے مقابلے میں اگر ہم بھارتی میوزک کی بات کریں تو یہ ریونیو کے اعتبار سے گلوبل میوزک مارکیٹ میں پہلے 20 ممالک میں شامل ہے، اور ماہرین کے مطابق دو سال بعد یعنی 2019ء میں بھارتی میوزک انڈسٹری 3 سو ملین ڈالر (19 ارب بھارتی روپے) کے ساتھ عالمی میوزک مارکیٹ میں پہلے دس ممالک میں شامل ہو جائے گی۔ بولی وڈ کے گانوں کا بجٹ آج ہزاروں اور لاکھوں سے نکل کر کروڑوں روپے تک پہنچ چکا ہے۔ یہاں ہم بولی وڈ کے ایسے دس گانوں کا ذکر کرنے جا رہے ہیں، جنہیں اس انڈسٹری کے مہنگے ترین گانے ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ( کرنسی کے اعتبار سے نیچے دئے گئے تمام اعدادوشمار بھارتی روپے کے مطابق دیئے گئے ہیں، کیوں کہ ایک بھارتی روپیہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں تقریباً پونے دو روپے(1.65) بنتا ہے)

پارٹی آل نائٹ


بولی وڈ کی تاریخ کا سب سے مہنگا گانا 2013ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’باس‘‘ کا ’’پارٹی آل نائٹ‘‘ کو قرار دیا جاتا ہے، جو معروف بھارتی پوپ گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے گایا۔ اکشے کمار اورسوناکشی سنہا پر فلمائے جانے والے اس گانے کے لئے 6 سو غیر ملکی ماڈلز کو بیک گراؤنڈز ڈانسر کے طور پر ہائیر کیا گیا۔ یہ گانا نصف بھارت اور باقی بنکاک میں فلمایا گیا اور اس پر مجموعی لاگت 6 کروڑ روپے آئی۔ ’’باس‘‘ کے ڈائریکٹر انتھونی ڈی سوزا اور پروڈیوسر ایشون وردا جبکہ اس کے لکھاری ساجد فرہاد ہیں۔

ملنگ


2013ء میں ریلیز ہونے والی مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور کترینہ کیف کی فلم دھوم تھری کا گانا ’’ملنگ‘‘ مہنگے ترین گانوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا، اس گانے پر 5 کروڑ روپے لاگت آئی۔ گانے کے لئے خصوصی طور پر امریکا سے 2 سو جمناسٹک ڈانسرز کو بلایا گیا۔ 20 روز تک فلمائے جانے والے اس گانے کے لئے کاسٹیومز (ملبوسات) بھی امریکا سے ہی منگوائے گئے۔ فلم دھوم تھری کے ڈائریکٹر وجے کرشنا اچاریا اور پروڈیوسر ادیتیا چوپڑا تھے۔

ٹھاء کر کے گولی مار


بولی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر روہٹ شیٹی کی کامیڈی فلم ’’گول مال ٹو‘‘ 2008ء میں ریلیز ہوئی، جس میں فلمی دنیا کے معروف ستاروں جیسے اجے دیوگن، کرینہ کپور، توشر کپور، ارشد وارثی، امریتا اروڑا اور سلینا جیٹلی نے کام کیا، اس فلم کے گانے ’’ٹھاء کرکے گولی مار‘‘ کو فلمانے کے لئے مالک کو ساڑھے 3 کروڑ روپے خرچ کرنا پڑے۔ اس گانے میں 10 لگژری گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ گانے میں 1000 رقاصوں کے ساتھ ساتھ 200 تربیت یافتہ فائٹرز کو بھی لیا گیا اور اسے ممبئی میں ہی 12 دن کی مسلسل شوٹنگ کر کے فلمایا گیا تھا۔

سیچرڈے سیچرڈے


رومانس اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘‘ جولائی 2014ء میں ریلیز ہوئی۔ فلم کے ڈائریکٹر ششانک کھیتران جبکہ پروڈیوسر بولی وڈ کا معروف ترین نام کرن جوہر تھے۔ اس فلم کا مہنگا ترین گانا ’’سیچرڈے سیچرڈے‘‘ ہیرو ورون دھون اور ہیروئن عالیہ بھٹ پر فلمایا گیا، جس کی لاگت 3 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ گانے کو ممبئی میں فلمایا گیا۔

ڈولا رے ڈولا


جولائی 2002ء میں سپرسٹار شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشٹ اور ایشوریہ رائے بچن کی مشہور فلم ’’دیوداس‘‘ ریلیز ہوئی۔ فلم کے ساتھ اس کا ایک گانا ’’ڈولا رے ڈولا‘‘ بھی انتہائی مشہور ہوا۔ فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی نے اس گانے کے لیے خوبصورت اور انتہائی مہنگا سیٹ لگوایا تھا۔ اس نغمے کو ہندی سنیما کے سب سے مہنگے نغموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ فلم کی کوریوگرافر سروج خان کا کہنا ہے کہ اس گانے کی شوٹنگ پر تقریباً اڑھائی کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے۔ سروج خان کے مطابق اس نغمے کو انھوں نے نٹوری سٹائل میں شوٹ کیا کیونکہ یہ درگا پوجا کے تہوار کا گانا تھا اور اس کی شوٹنگ میں 13 دن لگے تھے۔ اس گانے میں ڈانسرزکے بڑے بڑے گروپ تھے، ساتھ ہی کاسٹیومز(ملبوسات) بہت مہنگے تھے۔ بھاری ساڑھی اور زیورات کے ساتھ ڈانس کرنے میں پہلے مادھوری اور ایشوریہ دونوں ہی ہجکچاہٹ محسوس کر رہی تھیں لیکن بعد میں دونوں ہی نے بھرپور محنت سے گانے میں جان ڈال دی۔

جب پیار کیا تو ڈرنا کیا


1960ء کی کلاسیکل فلم ’’مغلِ اعظم‘‘ کے گانے ’’جب پیار کیا تو ڈرنا کیا‘‘ کے لیے ڈائریکٹر کے آصف نے شیش محل کا سیٹ لگوایا تھا، جس کے لئے بیلجیئم سے شیشہ منگوایا گیا تھا۔ شیش محل کی ہو بہو نقل بنوانے میں تقریباً دو سال لگے اور فلمی تاریخ کے ماہرین کے مطابق 150 فٹ لمبے اور 80 فٹ وسیع اس محل پر باقی فلم کے بجٹ سے بھی زیادہ پیسہ خرچ پوا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مغل اعظم ایک بلیک اینڈ وائٹ فلم تھی لیکن یہ گانا ٹیکنی کلر میں فلمایا گیا۔ فلم ماہرین کے مطابق آج کے دور میں اگر یہ گانا فلمایا جاتا تو اس پر تقریباً اڑھائی کروڑ روپے لگتے۔

پریم رتن دھن پایو


نومبر 2015ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ میں ہوبہو فلم ’’مغل اعظم‘‘ کے جیسا شیش محل تیار کیا گیا جسے تقریباً 300 کاریگروں نے بنایا تھا۔ فلم کے اسی سیٹ پر فلم کا ٹائٹل سانگ بھی فلمایا گیا تھا۔ اس سیٹ کے لیے ڈائریکٹر سورج برجاتیا نے تقریباً اڑھائی کروڑ روپے خرچ کیے۔ سیٹ ڈیزائنر نتن دیسائی نے بتایا کہ ہم نے سیٹ بنانے کے لیے 300 مزدور لگائے پھر بھی اسے بنانے میں ساڑھے چھ ماہ لگے۔

رادھا ناچے گی


پروڈیوسر بونی کپور، سنجے کپور اور ڈائریکٹر امیت رویندرناتھ شرما کی فلم ’’تیور‘‘ جنوری 2015ء میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کا گانا ’’رادھا ناچے گی‘‘ اس سال کا مہنگا ترین گانا تھا، جس کی لاگت اڑھائی کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، یہ گانا فلم کی ہیروئن سوناکشی سنہا پر فلمایا گیا۔ گانے کے لئے ہیروئن نے جو لہنگا پہنا، صرف اسی کی قیمت 75لاکھ روپے تھی، یوں یہ گانا مہنگے ترین گانوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر براجمان ہوا۔

پیا کے بازار


فلم ’’ہمشکل‘‘ کے گانے ’’پیا کے بازار‘‘ کو فلمانے کے لئے مالک کو 2 کروڑ پر خرچ کرنا پڑے۔ اس گانے کے لئے ممبئی میں ایک شاندار سیٹ لگایا گیا، جس میں تین ہیروئنز کے علاوہ 5 سو بیک گراؤنڈ ڈانسرز نے کام کیا، فلم کی مجموعی لاگت میں اس گانے پر بڑا حصہ خرچ کیا گیا۔ اس فلم کے ڈائریکٹر ساجد خان جبکہ پروڈیوسر وشو بھگننائی تھے۔

جلیبی بائی


بولی وڈ بولڈ فلم سٹار ملکہ شراوت پر فلمایا جانے والا آئٹم سانگ ’’جلیبی بائی‘‘ پروڈیوسر کو ڈیڑھ کروڑ میں پڑا۔ فلم ’’ ڈبل دھمال‘‘ کی شوٹنگ اگرچہ گواء اور مکاؤ (چین) میں ہوئی، لیکن اس گانے کو محبوب سٹوڈیو میں خصوصی طور پر فلمایا گیا یعنی گانے میں دکھائی دینے والا کیسینو سٹوڈیو میں ہی بنایا گیا۔

اربوں روپے کا بجٹ رکھنے والی بولی وڈ فلمیں

بولی وڈ کی دنیا میں اب تک ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے مہنگی ’’فلم باہوبلی 2‘‘ کو قرار دیا جاتا ہے، یہ تامل فلم رواں سال ہی ریلیز ہوئی ہے۔ اس فلم کا بجٹ 250 کروڑ روپے تھا۔ بجٹ کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آنے والی فلم بھی ’’باہوبلی‘‘ ہی ہے، 2015ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم کا تخمینہ لاگت 180 کروڑ روپے لگایا گیا۔

2015ء میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’’پریم رتن دھن پاؤ‘‘ کا بجٹ بھی تقریباً 180کروڑ روپے رکھا گیا۔ 2013ء میں ریلیز ہونے والی عامر خان اور کترینہ کیف کی فلم ’’دھوم 3‘‘ کے لئے 175 کروڑ، 2015ء میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم ’’دل والے‘‘ 165 کروڑ، 2014ء میں ہریتک روشن کی آنے والی فلم ’’بینگ بینگ‘‘ 160 کروڑ، 2014ء ہی میں شاہ رخ خان کی فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ 150 کروڑ، 2015ء میں رنویر سنگھ اور دیپکا کی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ 145 کروڑ، 2016ء میں سلمان خان اور انوشکا شرم کی فلم ’’سلطان‘‘ 140کروڑ اور 2014ء میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی ہی فلم ’’کک‘‘ کا بجٹ 140 کروڑ روپے تھا۔

ان کے علاوہ بولی وڈ کی دو نئی آنے والی فلموں کے بجٹ نے بھی پوری دنیا میں دھوم مچا رکھی ہے، ان میں سے ایک رجنی کانت کی فلم ’’2.0‘‘ ہے، جس کا بجٹ تقریباً ساڑھے 3 سو کروڑ بتایا جا رہا ہے۔ دوسری فلم کا نام ’’مہابھارتا‘‘ ہے، جو دو حصوں پر مشتمل اور اس کا بجٹ ایک ہزار کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔n

The post بولی وڈ کی تاریخ کے 10 مہنگے ترین گانے appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles