ایک سال سے بے روزگار ہوں۔۔۔۔۔
سوال: آٹھ افراد پر مشتمل کنبے کا میں واحد کفیل ہوں اور گذشتہ ایک سال سے بے روزگار ہوں۔ مکان کرائے کا ہے۔ تین بچے اسکول میں پڑھتے ہیں۔ اسکول کی فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے بچوں کو اسکول سے نکالنے کا نوٹس مل چکا ہے۔ اُدھر مالک مکان کا بھی کرایہ چڑھتا جارہا ہے، اس لیے وہ بھی مکان خالی کرنے کو کہہ رہا ہے۔ محلے کی کریانے کی دکان سے راشن اُدھار لے کر تین وقت کے کھانے کا بندوبست ہورہا تھا اب اُس نے بھی مزید اُدھار دینے سے انکار کردیا ہے۔ دفاتر اور فیکٹریوں کے میں روزانہ ہی چکر لگاتا ہوں۔ ہر ایک کی منتیں کرتا ہوں۔ لیکن کوئی جاب دینے کے لیے تیار نہیں۔ حالات کی وجہ سے بیوی کا رویّہ بھی جارحانہ ہوگیا ہے۔ بچے افسردہ رہتے ہیں۔
(نور محمد : لاہور)
جواب: وظائف کی جو طویل فہرست آپ نے اپنے خط میں تحریر کی ہے وہ سب وظائف ترک کردیں۔ پانچ وقت نماز باجماعت ادا کریں۔ ترتیب سے قرآن پاک کی تلاوت کیجیے۔ آدھی رات کے بعد دو نفل ادا کرکے ننگے سر قبلہ رُخ کھڑے ہوکر 300 مرتبہ ’’یاعزیز ‘‘ پڑھ کر گڑگڑا کر عاجزی کے ساتھ اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔
ادھوری شخصیت
سوال: میں بی ایس سی فائنل ایئر کی اسٹوڈنٹ ہوں۔ چند سال قبل جب میں چھٹی جماعت میں تھی تو مجھے لقوہ ہوگیا تھا۔ میرے والدین نے میرا بہت علاج کرایا۔ تقریباً چھے ماہ بعد میری طبیعت قدرے بہتر ہوگئی تو یہ سوچ کر کہ اب یہ صحت مند ہوگئی ہے انہوں نے میرا علاج بند کردیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مجھے اس بات کا احساس ہونے لگا کہ مجھ میں کوئی کمی رہ گئی ہے۔ میں شوخ و طرار لڑکی ہوں اور ہر وقت دوسروں کو ہنساتی رہتی ہوں لیکن جب خود کو آئینے میں دیکھتی ہوں تو رونے کو دل کرتا ہے۔ میرے تمام بھائی بہن خوب صورت ہیں۔ میں اب احساس کمتری کا شکار ہوتی جارہی ہوں۔ میں سوچتی ہوں کہ مجھ جیسی ادھوری شخصیت کے لیے رشتہ کیسے آئے گا۔
(نام شائع نہ کریں)
جواب: روزانہ صبح اور شام اکتالیس اکتالیس مرتبہ اللہ تعالیٰ کے اسماء: یا قوی یا عزیز یا وکیل یا غفار، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے دونوں ہاتھوں پر دم کرلیں اور دونوں ہاتھ دعا کی طرح تین بار چہرے پر پھیرلیں۔ روزانہ صبح اور شام ایک ایک ٹیبل اسپون شہد بھی پییں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
ان شاء اللہ آپ کا احساس کمتری بھی جاتا رہے گا اور اللہ کی رحمت سے آپ کو اچھا جیون ساتھی بھی جلد ملے گا۔
وہم ہوگیا ہے
سوال: میری چھوٹی بہن پڑھی لکھی ہے اور گھر کے سارے کام ٹھیک ٹھاک کرتی ہے لیکن اُس کے دل میں عجیب و غریب خیالات آتے رہتے ہیں۔ پہلے یہ خیالات صرف رات کے وقت آتے تھے اب تو تقریباً سارا دن ہی یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔ برتن دھوتے وقت چار چار پانچ پانچ مرتبہ ایک ایک برتن کو دھوتی رہتی ہے۔ رات کو دو تین مرتبہ نیند سے اُٹھ کر باتھ روم میں ہاتھ منہ دھوتی ہے۔ ہر چیز کو چیک کرتی رہتی ہے کہ وہ مقررہ جگہ رکھی ہوئی ہے یا نہیں۔ اُس کے دماغ میں یہ وہم بیٹھ گیا ہے کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو بہت بڑا نقصان ہوجائے گا۔
(نمرہ۔ حیدرآباد)
جواب: اپنی بہن سے کہیں کہ روزانہ اکیس اکیس مرتبہ اﷲ لا الہٰ الا ھو الحی القیوم صبح نہار منہ اور شام ہاتھوں پر دم کریں اور دونوں ہاتھ چہرے پر پھیر لیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اسمِ الہٰی یاسلام کا ورد کرتی رہیں۔
ساس کا دل نرم ہوجائے
سوال: میری ساس کا سلوک میرے ساتھ اچھا نہیں۔ اُن کی ہر ممکن کوشش یہی ہے کہ میرے شوہر کا میرے ساتھ جھگڑا ہوجائے۔ میں اُن کی ہر طرح سے خدمت کرتی ہوں اور انہیں خوش رکھنے کی کوشش بھی کرتی ہوں لیکن اُن کے رویے میں ذرا بھی تبدیلی نہیں آتی۔ اپنے شوہر کو بتاتی ہوں تو وہ مجھے کہتے ہیں کہ ماں کا درجہ بہت بلند ہے۔ اُن کی ہر غلطی معاف ہے۔
(ش۔ اسلام آباد)
جواب: رات کو سونے سے پہلے وضو کرکے اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ سورہ مریم کی پہلی آیت کھٰیٰعص اکتالیس مرتبہ پڑھ کر اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ آپ کی ساس کے دل میں آپ کے لئے نرمی آجائے۔
چہرہ پر سختی
سوال: میری عمر 17 سال ہے۔ میں کسی کے خلاف اپنے دل میں بُرائی نہیں رکھتی اور سب کے لیے اچھا ہی سوچتی ہوں لیکن اس کے باوجود میرے چہرے پر بہت سختی نظر آتی ہے۔ میرا چہرہ اپنی عمر کے لحاظ سے بھی بہت بڑا لگتا ہے۔
(گ۔ ب۔ کراچی)
جواب: رات سونے سے پہلے ایک تسبیح سورہ یوسف (12)کی آیت 19 قال یبشریٰ ھٰذا غلم واسروہٗ بضاعۃً پڑھ کر ایک لوٹے پانی پر دم کریں اور اس پانی سے چہرہ دھوئیں۔ یہ خیال رکھیں کہ یہ پانی کسی گملے یا کیاری ہی میں گرے۔ اس عمل کی مدت چالیس روز ہے۔ ناغہ کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔
حافظہ سے شادی کی خواہش ہے
سوال: میں حفظ و ناظرہ قرآن کاایک مدرسہ چلا رہا ہوں۔ میری عمر تقریباً 25 سال ہے۔ دو جگہ سے میری منگنی ٹوٹ چکی ہے۔ خواہش تھی کہ قرآن پاک کی حافظہ سے شادی کروں گا تاکہ وہ مدرسے کے کاموں میں میرا ہاتھ بٹا سکے۔ خداخدا کرکے حسبِ خواہش ایک رشتہ ملا، ابو رشتہ مانگنے گئے تو اُن لوگوں نے ابو کو انتظار کرنے کے لیے کہہ دیا، لیکن اب اس بات کو بھی کئی مہینے گزر چکے ہیں اور اُن لوگوں کی طرف سے کوئی معقول جواب نہیں آیا۔
(زید۔کراچی)
جواب: بعد نماز عشاء اوّل و آخر گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ اکتالیس مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ کر شادی کے لئے دعا کریں۔ یہ عمل 40 روز تک جاری رکھیں۔
آوارہ لڑکے
سوال: ہمارے گھر کے سامنے فٹ پاتھ پر کچھ آوارہ قسم کے لڑکوں نے بیٹھنا معمول بنالیا ہے۔ پان کھا کھا کر پیک تھوکتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے گھر کی دیواریں بھی گندی ہوگئی ہیں۔ یہ لوگ نشہ بھی کرتے ہیں۔ پورا محلہ ان سے عاجز ہے لیکن انہیں روکنے کے لیے کوئی بھی کسی قسم کا قدم نہیں اُٹھاتا۔ محلے میں سب پڑھے لکھے لوگ رہتے ہیں۔ سب مل کر چاہیں تو ان کے والدین سے بات کریں اور محلے کا ماحول ٹھیک ہوجائے۔ ہمارے گھر میں کوئی مرد نہیں۔ ہم تین بہنیں اپنی والدہ کے ساتھ رہتی ہیں۔ ہم چاروں ہی اسکول میں پڑھاتی ہیں۔ آپ سوچ سکتے ہیں ان آوارہ لڑکوں کی وجہ سے ہم لوگوں کو کس قدر اذیّت کا سامنا ہوتا ہوگا۔ ہمیں یقین ہے کہ اﷲ کے پاک کلام کی برکت سے یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ پلیز آپ ضرور ہمیں کچھ بتائیے۔
(نام شائع نہ کیا جائے)
جواب: آپ ایک فل اسکیپ کے چمک دار کاغذ پر کسی کاتب سے خوب صورت خط میں:
نصر من اﷲ و فتح قریب، لکھوا کر فریم کروالیں اس فریم کو گھر کے کورڈ ایریا کے داخلی دروازے کے اوپر لٹکادیں۔ فریم لگانے سے قبل حسبِ استطاعت کچھ صدقہ کردیں۔ آپ، آپ کی بہنیں اور والدہ محترمہ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھے یا سلام کا ورد کرتی رہا کریں۔
دکان چل نہیں رہی
سوال: میری ایک دکان ہے۔ میں نے اس پر بہت محنت کی ہے اور کافی پیسہ بھی لگایا ہے لیکن ابھی تک صحیح معنوں میں آمدنی نہیں ہوسکی۔ گھر کے خرچے کے لیے اب اُدھار لینا پڑرہا ہے۔
(ع۔خ: حیدرآباد)
جواب: بعد نمازِ عشاء 101مرتبہ ’’یامجیب الدَّعوٰۃ‘‘ گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر روزگار میں کشادگی اور برکت کے لیے دعا کریں۔ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا رزاق یا فتاح کا ورد کرتے رہا کریں۔ یہ عمل کم از کم نوے روز تک جاری رکھیں۔
کہیں دوبارہ فیل نہ ہوجاؤں
سوال: میں پہلی جماعت سے ہمیشہ اول یا دوم پوزیشن لیتا رہا۔ میٹرک بھی اچھے نمبروں سے پاس کیا۔ تمام ٹیچرز مجھے ایک لائق اسٹوڈنٹ سمجھتے تھے۔ لیکن فرسٹ ایئر میں نہ جانے مجھے کیا ہوا کہ میرا دل پڑھائی سے اُچاٹ ہوگیا اور میرے پیپرز اچھے نہیں ہوئے۔ مجھے سخت شرمندگی اُٹھانی پڑی۔ اب یہ حال ہے کہ پڑھتے وقت ذہن یکسو نہیں ہوپاتا۔ اِدھر اُدھر کے خیالات آنے لگتے ہیں، جو کچھ یاد کرتا ہوں کچھ دیر بعد بھول جاتا ہوں۔ ہر وقت یہی ڈر رہتا ہے کہ میں آئندہ سال فیل ہی نہ ہوجاؤں۔
(م۔ ف۔ کراچی)
جواب: فجر کی نماز باجماعت ادا کریں اور اُس کے بعد چہل قدمی کریں۔ کھلی فضا میں گہرے گہرے سانس لیں۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کچھ وقت کھیل کود بھی ضروری ہے۔
صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ قمر کی آیت 17، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پییں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
امی ابو سے زیادہ پڑھی لکھی ہیں
سوال: ہم دو بہنیں اور دو بھائی ہیں۔ ہماری امی صوم و صلوٰۃ کی پابند ہیں۔ اُن کی تعلیم بی اے ہے، لیکن امی کو آج تک کوئی دیرپا خوشی حاصل نہیں ہوئی۔ شادی کے چند سال بعد ابو نے امی کو اس لیے چھوڑ دیا کہ امی ابو سے زیادہ پڑھی لکھی ہیں۔ جب ہم چھوٹے تھے تو ابو نے ہم بھائی بہنوں کو امی سے چھین لیا۔ جب ہم لوگ بڑے ہوگئے اور ہمارے اخراجات بڑھ گئے تو ابو ہمیں ہماری امی کے پاس ماموں کے گھر چھوڑ گئے۔ امی اسکول میں پڑھاتی تھیں لیکن ایک مہینے پہلے بغیر کسی وجہ کے امی کی ملازمت ختم ہوگئی۔ ماموں کے اپنے اخراجات ہیں اور ابو کسی بھی طرح ہمارے اخراجات اُٹھانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان حالات میں بڑے بھائی نے پڑھائی چھوڑ دی ہے ۔ ہم بھائی بہنیں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن امی کو اب تک کہیں جاب نہیں مل سکی ہے۔
(ن۔ع ۔ لاہور)
جواب: فجر کی نماز کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ101 مرتبہ یامقتدر پڑھ کر اﷲ تعالیٰ کے حضور عاجزی کے ساتھ اپنے تمام مسائل کے حل کے لیے دعا کریں۔ اپنی امی سے کہیں کہ وہ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کرتی رہا کریں۔ یہ عمل کم از کم 40 روز تک جاری رکھیں۔
اعصابی تکلیف
(عمران احمد۔ ڈسکہ)
سوال: میں سخت اعصابی تکلیف میں مبتلا ہوں۔ گردن اور کمر میں مستقل درد رہتا ہے۔ جسم کے پٹھے اکڑے ہوئے ہیں۔ بغیر سہارے کے میں سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتا۔ ذرا سا پیدل چل لوں تو سانس پھول جاتا ہے۔
جواب: روغن سورنجان تلخ کمر میں ہلکے ہاتھ سے دائروں میں مالش کریں۔ دس منٹ دن میں اور دس منٹ رات میں۔ سونٹھ کا سفوف ایک ماشہ صبح اور ایک ماشہ شام دو پیالی پانی میں اتنی دیر تک پکائیں کہ پانی ایک پیالی کے برابر باقی رہ جائے۔ اب اسے چھان کر ایک چمچہ شہد ملا کر پییں۔ اس علاج کی مدت کم از کم اکیس روز ہے۔
قرضہ بڑھتا جارہا ہے
(م۔ ا۔خ: سیالکوٹ)
سوال: گھریلو مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ قرضہ اس قدر ہوگیا ہے کہ جو رقم آتی ہے وہ قرضوں کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے۔ گھر میں بہت زیادہ بدحالی اور تنگ دستی ہے۔ ہر فرد پریشان رہتا ہے۔ بچے پڑھے لکھے ہیں لیکن ملازمت سے محروم ہیں۔
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101سورۂ آلِ عمران کی آیت نمبر37 : ان اﷲ یرزق من یشاء بغیر حساب،101مرتبہ ، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر روزگار میں برکت اور قرض کی ادائیگی کے لیے اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل اکتالیس روز تک جاری رکھیں۔
خود کو کمتر سمجھتی ہوں
سوال: میں نے اچھے نمبروں سے ایف اے کرنے کے بعد اب بی کام میں ایڈمیشن لیا ہے۔ خوش شکل ہوں اور پڑھائی میں بھی اچھی ہوں ۔ خدا کا دیا سب کچھ ہے لیکن پھر بھی شدید احساسِ کمتری میں مبتلا ہوں۔ ہر وقت ذہن پر ایک خوف طاری رہتا ہے کہ میں جو بھی کام کروں گی یا جس پروگرام میں بھی حصہ لوں گی وہاں Reject ہوجاؤں گی۔ کسی فنکشن میں جاتی ہوں چاہے میں سب سے اچھی لگ رہی ہوں ، میرے اندر بے چینی رہتی ہے کہ میں اچھی نہیں لگ رہی۔ جب دوسری لڑکیوں کو دیکھتی ہوں تو خود کو کمتر سمجھنے لگتی ہوں۔ جب میں تنہا ہوتی ہوں تو میرے اندر یہ خیال ہوتا ہے کہ میں بہت کچھ کرسکتی ہوں لیکن وقت آنے پر سب گڑبڑ ہوجاتا ہے۔
(م۔ ن۔ راولپنڈی)
جواب: نیلے رنگ کا چمک دار نگینہ چاندی کی انگوٹھی میں جڑوا کر اس طرح پہنیں کہ نگینہ آپ کی انگلی سے مَس ہوتا رہے۔ روزانہ ہلکی پھلکی جسمانی ورزش بھی ضروری ہے۔ کم از کم گھر میں کچھ دیر رسی کود لیا کریں۔ رنگ اور روشنی کے طریقہ علاج پر تیار کردہ نیلی شعاعوں کا پانی صبح شام ایک ایک کپ پییں۔
رات سونے سے پہلے 101مرتبہ یا اللّٰہ، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔
خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
’’روشن راستہ‘‘ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469
The post روشن راستہ appeared first on ایکسپریس اردو.