پرانے کپڑے اتارنا
سعیدہ،جہلم
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتی ہوں پھر الماری سے اپنے کپڑے نکال رہی ہوتی ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے پرانے کپڑے جو میں نے پہن رکھے ہوتے ہیں ان کو اتارتی ہوتی ہوں ۔ کپڑے اتارتے ہوئے مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ان کپڑوں کے اندر بدبو پیدا ہو چکی ہوتی ہے جس سے میری طبیعت بھی خراب ہونے لگتی ہے اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو فکر و غم سے نجات ملے گی۔ آپ کے کاروباراور رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ جس سے آپ کو قرض بھی اتارنے میں آسانی پیدا ہو گی ۔گھر میں آرام اور سکون ملے گا ۔آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔
سر پر پگڑی باندھنا
حاجی عادل بخاری، لاہور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے مرشد پاک کے عرس پر ہوتا ہوں۔ وہاں لوگوں کا بہت زیادہ رش ہوتا ہے ۔جب میں خانقاہ کے صحن میں جاتا ہوں تو وہاں پر کئی لوگ ایک بزرگ کے پاس بیٹھے ہوتے ہیں میں جب غور سے دیکھتا ہوں تو وہ میرے مرشد پاک ہوتے ہیں۔ میں اُن کے قریب جاتا ہوں تو وہ مجھے اشارے سے اپنے پاس بلاتے ہیں اور وہ بڑی شفقت سے ایک پگڑی میرے سر پر باندھ دیتے ہیں ۔ پھر ایک ڈبے سے مٹھائی نکال کر میرے منہ میں ڈال دیتے ہیں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو کسی سلسلہ میں روحانی فیض ملے گا اور اس سلسلہ کی بزرگی عطاء ہو گی۔ آپ اولیا ء اللہ کی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی ۔آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔
سرخ رنگ کا اونٹ
امجد علی ، کالاشاہ کاکو
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے آفس میں ہوتا ہوں مگر اندھیرا ہوتا ہے یعنی شاید رات کا وقت ہوتا ہے۔ میں نے دیکھا کہ ایک سرخ رنگ کا اونٹ سیڑھیوں کے پاس کھڑا ہوتا ہے‘ میں بہت زیادہ حیران ہوتا ہوں کہ یہ اونٹ میرے آفس کے پاس کیسے آ گیا۔ اونٹ مجھے دیکھتا ہے اور پھر غصے سے میری طرف آتا ہے۔ میں اس سے بچنے کیلئے ایک طرف دوڑتا ہوں اور اسے مارنے کی کوشش کرتا ہوں مگر وہ اونٹ مجھے مارتا ہے جس سے مجھے کافی زیادہ تکلیف ہوتی ہے اور پھر اسی تکلیف کی وجہ سے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی کمینہ دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ کاروبار میں بھی رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے اور کوئی پریشانی بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ آپ نمازِ پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ’’یاحی یاقیوم‘‘ کا ورد کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
خوبصورت آتش دان
نسیم بیگم‘ اسلام آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میرے شوہر جب دفتر سے واپس آتے ہیں تو ان کے ہاتھ میں ایک بڑا سا ڈبہ ہوتا ہے۔ وہ ڈبہ میز کے اوپر رکھ دیتے ہیں۔ جب میں اس کو کھولتی ہوں تو اس کے اندر ایک خوبصورت آتش دان ہوتا ہے۔ میں اس آتش دان کو بڑے کمرے کے درمیان میں اس کی جگہ پر رکھ دیتی ہوں ۔ میں صوفہ کو تھوڑی دُور کر کے اس کو رکھ دیتی ہوں کہ آگ کے شعلے کی وجہ سے کمرے میں کوئی نقصان نہ ہو۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے آپ ایک سلیقہ شعار خاتون بن جائیں گی‘ گھر میں آرام اور سکون ہوگا‘ گھر کی تزئین اور آرائش میں دلچسپی زیادہ پیدا ہوگی‘ کاروبار میں برکت ہوگی جس سے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نمازِ پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ’’یاحی یاقیوم‘‘ کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔
مسجد آباد ہوتی ہے
حافظ قدیر احمد‘ لاہور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی شہر میں اپنے کسی کام کے سلسلے میں جاتا ہوں‘ نمازِ ظہر کا وقت ہوتا ہے اور میں جلدی سے ایک قریبی بڑی مسجد میں چلا جاتا ہوں۔ جب میں مسجد کے اندر جاتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ مسجد بہت ہی خوبصورت اور بڑی ہوتی ہے۔ میں وضو کرنے کے بعد مسجد کے بڑے کمرے میں جاتا ہوں پھر میں سنت ادا کرتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ مسجد کے اندر اور باہر کافی تعداد میں لوگ نمازِ ظہر کی ادائیگی کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ میں مسجد کو آباد دیکھ کر دل میں بہت خوش ہوتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو دین کی سمجھ عطا ہو گی۔ دین اور اسلام کے ساتھ آپ کی محبت اور عقیدت میں اضافہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو صراطِ مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائیں گے۔ آپ کو دین اور دنیا دونوں میں بھلائی نصیب ہوگی۔ آپ نمازِ پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔
باغ میں گلاب کا پھول دیکھنا
شازیہ خان‘ لاہور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے شوہر کے ساتھ صبح سویرے سیر کیلئے ایک باغ میں جاتی ہوں۔ اس باغ کے اندر بڑے اچھے گلابوں کی کیاریاں ہوتی ہیں اور بڑے بڑے پودوں پر گلاب کے پھول لگے ہوتے ہیں۔ یہ گلاب کے پھول بڑے خوش نما ہوتے ہیں اور ان کا رنگ بھی بڑا سرخ ہوتا ہے۔ میں اور میرے شوہر بڑے غور سے ان پھولوں کو دیکھتے رہتے ہیں اور پھر وہاں سے آگے کی طرف چل دیتے ہیں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے ہاں ایک نیک اور صالح فرزند پیدا ہوگا جو آپ کے لئے توقیر اور عزت کا باعث ہوگا۔ آپ کے خاندان کے وقار اور عزت کو زیادہ نام دے گا۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں بھی ترقی ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نمازِ پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کریں۔
حجامت بنوانا
نوید احمد‘ فیصل آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں شہر سے اپنے گاؤں جاتا ہوں اور پھر میں نے دیکھا کہ صبح ہی صبح ہمارے گاؤں کا حجام ہمارے گھر آتا ہے اور میرے والد سے کہتا ہے کہ میں بابو صاحب کی حجامت بنانے آیا ہوں۔ میرے والد صاحب مجھے اُٹھاتے ہیں اور پھر میں چچا حجام کو سلام کرنے کے بعد وہاں کرسی پر بیٹھ جاتا ہوں اور وہ میری حجامت بنانی شروع کر دیتا ہے۔ حجامت کے دوران چچا حجام گاؤں کی تمام باتیں جو گزشتہ کئی دنوں کی ہوتی ہیں وہ مجھے سناتا جاتا ہے اور میں خاموشی سے اس کی باتیں سنتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں نکھار پیدا ہوگا۔ آپ کی عمر میں برکت ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں بھی برکت ہوگی۔ گھر کا کوئی فرد اگر بیمار ہے تو اللہ تعالیٰ شفا عطا فرمائیں گے۔ آپ نمازِ پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کریں۔
آگ بجھانا
شاہد خاں، پشاور
خواب-: میں نے خواب میں دیکھا کہ ہمارے گھر کے پاس ایک گھر ہے۔ مجھے یہ نہیں معلوم کہ یہ کس کا گھر ہے۔ میں نے دیکھا کہ رات کا وقت ہے اور اس گھر کو آگ لگی ہوئی ہے۔ میں دوڑ کر پانی لاتا ہوں اور اس آگ کے اوپر ڈالتا ہوں ۔ میں نے اپنے دوست رضا خاں کو بھی دیکھا، میں اس سے کہتا ہوں کہ آؤ یار کسی کی مدد ہو جائے گی اور تھوڑی دیر بعد آگ بجھ جاتی ہے اور پھر ہم دونوں واپس اپنے گھر آ جاتے ہیں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ دوسروں کی ضروریات اور مشکلات میں مدد کرنا چاہتے ہیں اور یہ جذبہ آپ کو دوسرے لوگوں کے ساتھ تعاون میں پیش پیش رہے گا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ مخلوق خدا کی بے لوث اور بے غرض خدمت کرنا بہت بڑا ثواب ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کریں۔
دوست سانپ پھینکتا ہے
خالد احمد، وزیر آباد
خواب-: میں نے دیکھا کہ میں اپنی فیکٹری میں ہوتا ہوں اور میرا ایک دوست مجھے ملنے کے لئے آتا ہے۔ میں اس سے مل کر خوش ہوتا ہوں۔ پھر میں نے دیکھا کہ وہ ایک بیگ سے ایک سانپ نکالتا ہے اور وہ سانپ میری طرف پھینکتا ہے۔ میں جلدی سے دو قدم دوسری طرف ہو جاتا ہوں اور وہ سانپ میرے قریب جا کر گرتا ہے۔ وہ سانپ منہ کھولے میری طرف آنا شروع کر دیتا ہے۔ اتنے میں میرا منیجر آ جاتا ہے اور وہ ایک لاٹھی سانپ کے اوپر دے مارتا ہے جس سے وہ سانپ مر جاتا ہے۔ میں اس دوست پر بہت غصے ہوتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر-: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دوست نما دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا مگر اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ محفوظ رہیں گے۔ آپ کو جلد دوست نما دشمن کا پتہ چل جائے گا۔ آپ کے کاروبار میں بھی کوئی رکاوٹ یا بندش آ سکتی ہے جس سے مال اور وسائل میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.