ایسے افراد جنہیں بار بار پیشاب کی حاجت یا پیشاب کرنے کے بعد بھی قطروں کا نکلتے رہنے اور رات سوتے وقت بار بار اٹھنے سے نیند کی خرابی کاسامنا ہو وہ سمجھ لیں کہ انہیں مثانے کی کمزوری کا مرض لاحق ہے۔
مثانے کی کمزوری کے بہت سے اسباب ہو سکتے ہیں، ان میں پیشاب کی حاجت پر ٹائلٹ نہ جانا، سرد تاثیر کی غذائیں بکثرت استعمال کرنا، نیکوٹین اور کیفین کے حامل مشروبات جیسے چائے،کافی، سگریٹ،کولڈ ڈرنکس وغیرہ کا زیادہ استعمال کرنا، مثانے کی پٹھے کمزور ہونا اور میٹا بولزم کی خرابی کے ساتھ ساتھ دائمی قبض ہونا بھی اس مرض کا باعث بن سکتا ہے۔ مثانے کی کمزوری میں مبتلا افراد کو سب سے پہلے چائے، کافی، سگریٹ، کولڈ ڈرنکس اور سفید چینی کا استعمال حتی المقدورکم کر دینا چا ہیے۔
زیادہ تر مشاہدے میں آیا ہے کہ تیز پتی اور تیز میٹھے والی چائے کی زیادتی سے بھی مثانے کی کمزوری کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ لہذا مندرجہ بالا بیان کردہ مثانے کی کمزوری کے اسباب کو تلاش کریں اور انہیں دور کرنے کی کوشش کریں۔ بطورِ گھریلو علاج صندل پاؤڈر آدھی چمچی، زیرہ سفید ایک چمچی اور مغز بادام دو چمچ سفوف بنا لیں۔ صبح اور شام ایک پاؤ دہی میں ایک کھانے والا چمچ ڈالیں اور لسی بنا کر پی لیا کریں۔ موسم کی مناسبت سے اپنے غذائی معمولات ترتیب دیتے ہوئے برف کی مصنوعات،ٹھنڈے یخ پانی اور سفید چینی کے استعمال سے مکمل پرہیز کریں۔
بھنے ہوئے چنے، کالے تل، مغز بادام اور شکر 50 گرام کی مقدار میں ہم وزن کو سفوف بنا کر دیسی گھی میں نیم بھنا کر کے رکھ لیں۔ رات کو سوتے وقت ایک چمچ چائے والا کھاکر سو جایا کریں۔ بطورِ علاج قرصِ زریں دو دو گولیاں صبح و شام کھانے کے بعد پانی کے ساتھ کھانا شروع کر دیں۔ چند دنوں کے استعمال سے ہی آپ کو اس مسئلے سے چھٹکارا مل جائے گا۔ دھیان رہے قبض کی صورت میں بھی جب مثانے پر دباؤ پڑتا ہے تو پیشاب کے قطرے بار بار آنے لگتے ہیں، لہٰذا ایسی غذا کھائیں جس سے قبض نہ ہو۔ چاول، چکنائیاں اور ترش و بادی غذاؤں سے پرہیز کریں۔
The post مثانے کی کمزوری، وجوہات اور علاج appeared first on ایکسپریس اردو.