Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

خوابوں کی تعبیر

$
0
0

خانہ کعبہ کا طواف کرنا
غلام مصطفی، کراچی
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں مکہ شہر میں ہوتا ہوں پھر میں خانہ کعبہ کے اندر جاتا ہوں اور خانہ کعبہ کا طواف شروع کر دیتا ہوں۔ سات پھیرے مکمل کرتا ہوں اور پھر تھوڑی دیر کے لئے خانہ کعبہ میں بیٹھ جاتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ کے رزق اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ مال اور دولت میں فراوانی ہو گی۔ یہ ایک بہت بڑی سعادت اور نیک بخشی کی دلیل بھی ہے۔ آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یاحی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

عاجزی سے رونا
شہزاد خان، صوابی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں بازار میں ہوتا ہوں جس جگہ میں کھڑا ہوتا ہوں وہاں الیکشن ہونے لگتا ہے۔ وہیں ایک لڑکا مجھے بتاتا ہے کہ جس لڑکی کو تم چاہتے ہو اس کی تو شادی ہو رہی ہے۔ میں بہت پریشان ہوتا ہوں۔ میں فوراً اس کے گھر فون کرتا ہوں تو کافی دیر بعد وہ لڑکی فون پر جواب دیتی ہے کہ میں صرف تمہاری ہوں اور تمہارے ساتھ ہی شادی کروں گی۔ پھر وہ فون بند کر دیتی ہے۔ میں وہاں سے آکر بڑی عاجزی سے روتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے رو رو کر دعا کرتا ہوں ۔ پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی دلی مراد پوری ہوگی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو دین اور دنیا دونوں کی نعمتوں سے نوازے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو سکون اور راحت نصیب فرمائیں گے۔ زندگی بہتر طریقے سے گزر جائے گی۔ آپ نماز پنجگانہ باقاعدگی سے ادا کیا کریں اور کثرت کے ساتھ وضو یا بغیر وضو یا رحیم یااللہ کا ورد کیا کریں۔

غمگین ہو جانا
تارا ریاض، سبی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میری والدہ میری باجی کے گھر سے ہو کر آتی ہیں۔ اس وقت وہ بہت اداس اور پریشان ہوتی ہیں۔ میں ان کی طرف دیکھتی ہوں کہ کیا وجہ ہے۔ پھر میں ان سے پوچھتی ہوں تو امی بتاتی ہیں کہ میرے دولہا بھائی بیمار ہیں۔ یہ بات سن کر میں بہت غمگین ہو جاتی ہوں اور وہاں سے اپنے کمرے میں آکر بستر پر لیٹ جاتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جس سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے گھر میں کوئی خوشخبری آئے گی اور آپ غم اور اداسی کے جال سے باہر نکل جائیں گی۔ اگر کوئی بیماری ہوگی تو اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے شفا ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور رات کو بعد از نماز عشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ یا سلام یا حفیظ پڑھ کر خود پر دم کر لیا کریں۔

امی کی قینچی
زبیدہ، سکھر
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری امی کمرے میں شور مچا رہی ہوتی ہیں۔ پتہ کرنے پر یہ بات سامنے آتی ہے کہ امی کی قینچی کہیں گم ہوگئی ہے جو انہوں نے کپڑے سینے کی مشین پر رکھی ہوئی تھی۔ مگر اب ان کو قینچی کی ضرورت ہے اور قینچی نہیں ملتی۔ میں امی کو بتاتی ہوں کہ مل جائے گی مگر وہ سنتی ہی نہیں، اتنے میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کے عزیزوں اور رشتہ داروں میں جو ناراضگی ہے وہ دور ہو جائے گی۔ جائیداد کی تقسیم ہو جائے گی اور آپ کو اس میں سے اپنا معقول حصہ بھی مل جائے گا۔ اس کے بعد آپ کی پریشانی اور غم و فکر دور ہو جائے گا۔ معاشی حالات بہتر ہو جائںں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یاحفیظ یا اللہ کا ورد بھی کیا کریں۔

چشمے کا پانی پینا
ناصر محمود، چین
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیت کی طرف جا رہا ہوتا ہوں ۔ میرا کھیت پہاڑ کے دامن میں ہے۔ جب میں پہاڑ کے قریب سے گزرتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ پہلے چشمہ سے پانی بہت کم ہوتا تھا لیکن آج جب میں چشمہ کے پاس سے گزرتا ہوں تو پانی کناروں سے باہر بڑی تیزی سے نکل رہا ہوتا ہے۔ میں تھوڑی دیرتک اس پانی کو دیکھتا اور پھر دونوں ہاتھوں سے پانی پیتا ہوں۔ جب میں سیر ہو جاتا ہوں تو اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ پھر اپنے کھیت کی طرف جاتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے عزیز و اقارب کو آپ سے فائدہ ہوگا اور اگر آپ نوکری کرتے ہیں تو نوکری میں ترقی ہو سکتی ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کاروبار یا دکانداری کرتے ہیں تو اس میں برکت ہوگی۔ آپ آرام اور سکون سے آباد رہیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور کا ورد بھی کریں۔ رات کو سیرت کی کتاب میں سے حضورؐ کے اخلاق کا حصہ پڑھا کریں۔

حضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار
احمد باسط، کینیڈا
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں لاہور میں ہوتا ہوں۔ وہاں اپنا کام کرنے کے بعد سیدھا حضرت داتا علی ہجویریؒ گنج بخش سرکار کے دربار میں حاضری دیتا ہوں۔ بہت زیادہ رش ہوتا ہے مگر میں مزار کے سامنے چلا جاتا ہوں وہاں دعا کے لئے ہاتھ اٹھاتا ہوں۔ میری آنکھیں بند ہوتی ہیں۔ اس دوران میرے کندھے کے اوپر کسی کا ہاتھ پڑتا ہے۔ میں مڑ کر دیکھتا ہوں تو میرا دوست انور ہوتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کسی روحانی بزرگ سے ملاقات ہوگی اور اس بزرگ کا فیض آپ کو حاصل ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رنج و غم دور ہوں گے اور آرام اور سکون کی برکت ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کریں۔ کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کریں۔ اگر کبھی لاہور آنا ہو تو حضور داتا گنج بخش ؒ ہجویری سرکار کے مزار جا کر فاتحہ خوانی ضرور کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔

والد نور کے ہالے میں
شاداب احمد، فیصل آباد
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے والد جو تین چار روز پہلے وفات پا چکے ہیں آسمان سے زمین پر آتے ہیں۔ وہ نور کے ہالے میں لپٹے ہوتے ہیں۔ وہ ہمارے گھر میں آتے ہیں نور کا یہ ہالہ انہیں چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہے۔ نورانی فرشتے ان کے گرد ہیں۔ میرے والد بارعب مطمئن اور خوشگوار نورانی چہرے کے ساتھ ہمارے گھر میں ایک شیشم کا درخت تھا جو اب کٹ گیا، وہاں آکر رک جاتے ہیں۔ میری والدہ اور میں والد کو نور کے گھیرے میں دیکھ کر سبحان اللہ، الحمداللہ، اللہ اکبر اور با آواز بلند لاالہ الااللہ پڑھتے ہوئے نہایت ادب اور تعظیم سے ان کے پیچھے پیچھے چلتے ہیں۔آنکھ کھلی تو میں بلند آواز میں کلمہ پڑھ رہا تھا۔اس کی تعبیر کے ساتھ کوئی روحانی وظائف بھی بتائیے اور مراقبہ میں دعا کروادیں۔
تعبیر:اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے والد عالم اعراف میں ایک اچھے مقام پر ہیں اور وہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے سکون اور آرام میں ہیں۔ ان پر اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نبی کریمؐ کی شفقت ہے۔ آپ تمام گھر والے مل کر سوا لاکھ مرتبہ تیسرا کلمہ پڑھ کر اپنے والد کو ایصال ثواب کردیں اور کچھ ان کے نام کے کپڑے یا کھانا غرباء میں تقسیم کردیں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔

زخم ٹھیک ہوگیا
مہوش خالد، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں نماز پڑھ رہی ہوتی ہوں کہ میری ایک دوست مجھے سر پر بلا مارتی ہے اور میرے سر سے خون نکلتا ہے میں بہت چیختی ہوں۔ پھر میں کمرے میں ہوتی ہوں اور ڈاکٹر میرا آپریشن کرتے ہیں اور میرے جسم پر ہلدی کا لیپ کردیتے ہیں۔ ہلدی کی وجہ سے میرا زخم ٹھیک ہو جاتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے اس خواب کی تعبیر بتادیں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جودوحصوں پر مشتمل ہے۔ خواب کا پہلا حصہ اللہ کی بندگی اور سعادت کی نشاندہی کرتا ہے۔ دوسرا حصہ پریشانی ظاہرکرتا ہے جو وقتی طور پر آئے گی۔ مگر اللہ تعالیٰ آپ کو آرام وسکون عطا فرمائیں گے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں۔ باوضو یا بغیر وضو کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کریں اور اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات کریں۔

بازار میں شوروغل
سرمد مغل، سرگودھا
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ بازار سے گزر رہا ہوں کہ راستے میں ایک جگہ کافی لوگ جمع ہیں۔ بازار میں ان کی لڑائی کی وجہ سے کافی شوروغل ہوتا ہے۔آوازوں کی سمجھ نہیں آتی ہے۔ میں بھی ایک طرف کھڑے ہوکر دیکھتا ہوں پھر ہجوم میری طرف بڑھتا ہے۔ میں ان کے گھیرے میں بھی آجاتا ہوں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتاہے کہ اللہ نہ کرے آپ کی پریشانیوں اور مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ کسی بنے ہوئے کام میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے سکون اور آرام میں خلل پیدا ہوسکتا ہے آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کریں اور رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت کی کتاب میں حضورﷺ کی اسوہ حسنہ کا مطالعہ کریں اور کوشش کریں کہ ان پر عمل کریں۔

مجھے گولی لگ گئی
سجاد رضا، اٹک
خواب: کچھ دن پہلے میں نے خواب میں دیکھا جس کی وجہ سے میں کافی پریشان ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میں بازار میں جا رہا ہوں وہاں ایک موٹر سائیکل سوار بہت تیزی سے گزرتا ہے اور ایک دکاندار کو جا کر مارنا شروع کردیتا ہے۔ میں ان دونوں کو لڑتا ہوا دیکھ کر ان کے پاس جاتا ہوں اور دونوں کو ایک دوسرے سے چھڑواتا ہوں۔ ایک لڑکے نے پستول نکال کرگولی چلائی جو مجھے لگ جاتی ہے۔ میں زخمی ہوکر زمین پر گر جاتا ہوں۔ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے پتا چلتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کو کوئی بڑا نقصان ہو جائے۔کاروبار میں بھی نقصان ہو سکتاہے۔آپ نماز پنجگانہ اداکریں اور کثرت سے ہرنماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ اللہ کی راہ میں صدقہ اور خیرات کریں۔

شادی ہونا
سائرہ سلیم، سرگودھا
خواب: میں نے دیکھا کہ میری شادی ہو رہی ہے۔ میں دلہن بنی بیٹھی ہوں۔ میری ایک دوست میرے ساتھ ہے۔ وہ بہت خوش ہے کہ میں نے جس لڑکے کو پسند کیا اس سے میری شادی ہو رہی ہے۔ پھر منظر بدلتاہے میرا دولہا میرے ساتھ بیٹھا ہے ہم دونوں ایک جگہ بیٹھے باتیں کرتے ہیں۔ میرا میاں اس شادی پر بہت خوش ہے۔ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی خوف یا غم مسلط ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کسی قسم کی بیماری آپ کو نشانہ بنا لے جس سے آپ پریشان ہو سکتی ہیں۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اورکثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ رات کو بعد ازنمازعشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ یا حفیظ یا اللہ پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیا کریں۔ گھر میں لوبان کی دھونی دیں اور اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات کریں۔

صندل کا شربت پینا
اکرم امین، اٹک
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں باہر سے گھر آتا ہوں۔ مجھے سخت گرمی لگی ہوئی ہے اور میں پسینے میں شرابور ہوں پھر میری بیوی مجھے صندل کا شربت تیار کرکے دیتی ہے اور وہ شربت میں پیتا ہوں۔ شربت پےنو کے بعد مجھے سکون ملتا ہے اور میں آرام سے سو جاتا ہوں۔ اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: اس خواب سے پتہ چلتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر آپ بیمار ہیں تو جلد آپ کو صحت عطا ہو گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر دراز فرمائیں گے اورآپ کو صحت، آرام اور سکون کی زندگی عطا ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا اللہ یا رحمن یا رحیم کاورد کریں،کوشش کریں کہ صبح فجر کی نماز کے بعد گہرے گہرے سانس ناک کے ذریعہ اندر لیا کریں اورآہستہ آہستہ ہوا باہر نکال دیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔

فیروزے کی انگوٹھی
سیماب غزل، فیصل آباد
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے میاں میرے لئے فیروزے کی ایک انگوٹھی لاتے ہیں اور وہ انگوٹھی مجھے دیتے ہیں۔ انگوٹھی سونے کی اور بہت خوبصورت ہوتی ہے، میں جلدی سے ہاتھ دھو کر اس انگوٹھی کو اپنے دائیں ہاتھ میں پہن لیتی ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے، جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے مقصد میں کامیاب کریں گے۔ آپ کو راحت اور آرام ملے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے رزق اور وسائل دونوں میں برکت عطا فرمائیں گے۔ اچھے کام کرنے میں فتح ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یا شکور یا عزیز کا ورد کیا کریں، آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی، کچھ خیرات بھی کریں۔

گھر میں گندم کا ڈھیر
حسین بخش، جھنگ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کام سے گھر واپس آتا ہوں جب میں اپنے بڑے کمرے میں جاتا ہوں تو وہاں گندم کا ایک بہت بڑا ڈھیر پڑا ہوتا ہے۔ میں اس کو قریب سے دیکھتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ یہ گندم کہا ںسے آئی ہے اور کس نے ادھر رکھ دی ہے؟ میں ابھی اس بات کو سوچ رہا ہوتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق اور وسائل میں برکت ہو گی، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے کاروبار اور ملازمت میں ترقی ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور کا ورد کیا کریں۔ بعد از نماز عصر اوّل آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ گیارہ مرتبہ سورہ کوثر پڑھ کر خود کو دم کر لیا کریں، گھر میں لوبان کی دھونی دیں۔

خود کو قبرستان میں دیکھنا
محمد طہٰ، کراچی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں چند لوگوں کے ساتھ ایک قبرستان میں ہوتا ہوں، ہم لوگ ایک جگہ باتیں کر رہے ہوتے ہیں، قبرستان میں کچھ قبریں پکی ہوتی ہیں اور کچھ کچی، میں ایک قبر پر کھڑا ہو کر فاتحہ پڑھتا ہوں، اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ خواب آپ کے لئے باعث عبرت ہو گا۔ قید خانے سے بھی تشبیہہ دی جا سکتی ہے۔ آپ کے لئے مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ’’استغفار‘‘ بھی کریں۔ کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کریں یا اپنے اوپر سے وار کر صدقہ کر دیں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔

کاروبار پر بندش
روحیل عالم، مانسہرہ
خواب: میں خواب میں خود کو ہر وقت پریشان دیکھتا ہوں، آپ سے گزارش ہے کہ میری مدد فرمایئے۔ میری ایک چھوٹی سی دکان ہے دو تین سال سے دن بدن میں مقروض ہوتا جا رہا ہوں، میں نے دو تین عاملوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ آپ پر جادو ہے، زلزلے کی وجہ سے بھی کاروبار متاثر ہے، آپ مہربانی فرما کر بتایئے کہ کیا میرے کاروبار پر کسی نے بندش کروائی گئی ہے؟
جواب: اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے، آپ بندش اور جادو کے چکر میں نہ پڑیں۔ عامل حضرات اگر یہ نہ بتائںپ تو ان کا کاروبار نہیں چلتا، وہ لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دینا چاہتے ہیں۔ آپ رات کو بعد از نماز عشاء اوّل و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 21 مرتبہ سورہ فلق، 21 مرتبہ سورہ الناس پڑھ کر پانی پر دم کر کے دو حصوں میں تقسیم کریں۔ ایک حصہ گھر اور دکان کے اندر چاروں کونوں میں چھڑک دیں، اور دوسرا حصہ خود پی لیا کریں۔ اس عمل کو آپ 90 یوم تک کریں آپ اپنے کام کی نئے سرے سے منصوبہ بندی کریں اور ان حالات کا جائزہ لیں جن کی وجہ سے آپ کو قرض لینے کی نوبت آئی۔ بعد از نماز عصر اوّل و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 11مرتبہ سورہ کوثر پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیا کریں۔ آپ کو کسی بھی عامل کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف اور صرف نماز پنجگانہ ادا کر کے اللہ تعالی سے دعا کریں۔

باغ میں سبز گھاس
باسط شاہ، چیچہ وطنی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں ایک باغ میں سیر کر رہا ہوتا ہوں۔ باغ کے اندر سبز رنگ کی بڑی خوبصورت گھاس ہوتی ہے، اور میں اس وقت گھاس پر چلتا ہوں۔ گھاس بڑی نرم ہوتی ہے اور اس پر چل کر میرا دل بہت خوش ہوتا ہے، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے، اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کوظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ اللہ تعالیٰ مال اور وسائل میں برکت عطا فرمائیں گے۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ کاروبار میں ترقی کے نئے نئے مواقع ملیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔ رات کو سوتے وقت نبی کریم ﷺ کی سیرت کا مطالعہ بھی کریں۔

گھوڑے پر سواری
تافی اللہ دتہ، خانپور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں ہوتا ہوں۔ میرا ایک مزارعہ ایک بہت ہی اچھا گھوڑا لاتا ہے اور مجھے کہتا ہے کہ یہ نیا گھوڑا خریدا ہے۔ میں اس گھوڑے پر سوار ہو جاتا ہوں اور اسے اپنے علاقے میں لے جاتا ہوں۔ مجھے سواری کرتے ہوئے بہت مزہ آتا ہے۔ پھر میں اپنے گھر کی طرف آتا ہوں۔ راستے میں لوگ میری طرف دیکھتے ہیں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ تعبیر بتا دیجئے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے آپ کے مال و دولت میں اضافہ فرمائیں گے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ سیاست یا حکومت میں آپ کو بہت عزت اور کوئی منصب بھی مل سکتا ہے۔ آپ کی عزت اور توقیر میں بھی اضافہ ہو گا، اللہ تعالیٰ آپ کے وسائل میں اضافہ فرمائیں گے، آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں، وضو یا بغیر وضو کے۔

The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>