دیومالائی اور ایکشن کردار توگویا لکھے ہی ان کے لئے گئے ہیں، یوں لگتا ہے افسانوی دنیا کے کردار جیتے جاگے روپ میں آپ کے سامنے آ گئے ہیں ، ہالی وڈ کے لیجنڈ اداکار لیام نیسن کو اداکاری میں ایسا ہی ملکہ حاصل ہے ۔
قدرت کی طرف سے عطا کردہ وجیہہ شکل و صورت اور قد کاٹھ والے کرداروں میں رنگ بھرنے میں ان کے بھرپور معاون ہوتے ہیں ، یونانی دیوتا کے روپ میں ہوبہو دیوتا اور فوجی کمانڈڑ کے کردار میں سخت اور درشت لب ولہجہ اور آہنگ انھیں کردار کی بلندیوں پر پہنچا دیتا ہے۔ تاہم انھیں اس مقام تک پہنچنے میں بہت نشیب و فراز سے گزرنا پڑا مگر انھوں نے ہمت نہ ہاری ۔
لیام جان نیسن شمالی آئر لینڈ کی کائونٹی اینٹرم کے علاقے بیلی مینا میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد برنارڈ نیسن بیلی مینا کے ایک پرائمری سکول کے منتظم تھے جب کہ ان کی والدہ بطور شیف ملازمت کرتی تھیں ۔
گویا ان کے خاندان میں سے کسی کا بھی دور دور تک شوبز کی چکاچوند دنیا سے کوئی واسطہ نہ تھا۔ تاہم انھیں والد کی ملازمت سے یہ فائدہ ضرور ہوا کہ پرائمری کی سطح پر تعلیم کی بہتر سہولت میسر آگئی ۔ لیام چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔9 سال کی عمر میں انھیں باکسنگ کا شوق چرایا تو انھوں نے آل سینٹ یوتھ کلب سے باکسنگ کی تربیت لینا شروع کر دی اور تھوڑے ہی عرصہ میں السٹر امیچور سینٹر باکسنگ چیمپئن بن گئے۔
جب وہ گیارہ سال کے تھے تو ان کی خوبصورتی کو دیکھتے ہوئے سکول کے تھیٹر میں انھیں ایک کردار کرنے کا کہا گیا جو انھوں نے محض اس لئے قبول کر لیا کہ ان کی ایک کلاس فیلو بھی اس ڈرامے میں شریک تھی ، یوں انھوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور پھر یہ سلسلہ چل نکلا اور انھوں نے سکول تھیٹر میں کافی کام کیا۔
سکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد 1971ء میں لیام نے کوئینز یونیورسٹی بلفاسٹ شمالی آئر لینڈ میں فزکس اور کمپیوٹر سائنس میں داخلہ لیا،گویا ان کے ذہن میں سائنس کے میدان میں ملازمت کی خواہش تھی مگر اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے فٹ بال کے کھلاڑی کے طور پر اپنی جگہ بنائی اور دبلن میں فٹبال کلب شمراک روورز کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر بدقسمتی سے انھیں کنٹریکٹ کی آفر نہ ہوئی یوں وہ فٹبال کے کھلاڑی نہ بن سکے۔ شائد قدرت ان کی صلاحیتوں سے کوئی دوسرا کام لینا چاہتی تھی ۔
یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد لیام نیسن واپس بیلی مینا آ گئے اور ملازمت کے لئے کوششیں شروع کیں مگر انھیں تعلیم کے مطابق کوئی ملازمت نہ مل سکی ۔
زندگی گزارنے کے لئے کوئی نہ کوئی کام تو کرنا تھا اس لئے انھوں نے بطور فورک لفٹر اپنی عملی زندگی کا آغاز کر دیا ، چند ماہ اسی طرح کے کام کرنے کے بعد انھوں نے نیوکیسل میں معلم کا دوسالہ کورس کرنے کے لئے داخلہ لے لیا اس کا مقصد بھی ملازمت کا حصول تھا مگر انھیں پھر بھی کسی تعلیمی ادارے میں ملازمت نہ مل سکی اور انھیں واپس اپنے آبائی شہر لوٹنا پڑا اور پیسہ کمانے کے لئے کئی کام کئے۔
1976ء میں لیام نیسن اپنے اصل رجحان کی طرف لوٹے اور انھوں نے بلفاسٹ میں ایک معروف تھیٹر لیرک بلیئرز میں ملازمت کر لی یعنی تھیٹر میں اداکاری کو بطور پیشہ اپنا لیا ۔ 1977ء میں انھیں پہلی مرتبہ ایک مذہبی فلم پلگرم پروگرس میں کام کرنے کا موقع ملا جس میں ان کا کردار بہت اہم تھا، یوں انھیں فلم میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوا ۔
1978ء میں انھیں دبلن میں ایک تھیٹر ڈرامے میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی، چونکہ یہ پیشکش بہت اہم تھی اور مستقبل میں انھیں بہت فائدہ ہوتا اس لئے انھوں نے ہامی بھر لی، یوں انھیں آئر لینڈ کے قومی تھیٹر ایبے میں کام کرنے کا موقع ملا اور انھوں نے متعدد ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ 1980ء میں فلم ساز جان بورمین نے لیام کو تھیٹر میں کام کرتے دیکھا تو اس کی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوئے اور اسے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی جسے انھوں نے قبول کر لیا اور لندن چلے گئے۔
یہاں پر انھیں اداکارہ ہیلن مرن کا ساتھ میسر آیا جو شوبز کی دنیا میں اپنی جگہ بنا چکی تھیں ، وہ لیام کے لئے کافی معاون ثابت ہوئیں ، یوں انھیں چھوٹے بجٹ کی فلموں اور ٹی وی میں کام ملنا شروع کر دیا ۔ 1982ء سے 1987ء کے دوران لیام نے پانچ فلموں میں کام کیا جس میں انھیں فلم دی بونٹی میں معروف ہالی وڈ اداکارمل گبسن اور انتھونی ہوپکن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جبکہ فلم دی مشن میں رابرٹ ڈی نیرو اور جیرمی آئرن کے ساتھ کام کیا ۔
یوں انھیں اداکاری کے میدان میں جان پہچان کا کافی موقع ملا ۔ لیام نیسن نے اگلے سال ہالی وڈ میں بسیرا کیا اور فلم سسپکٹ مں چیر اور ڈینس کوئڈ کے ساتھ کام کیا ۔ 1990ء میں فلم ڈارک مین میں اہم کردار ادا کیا ، تاہم ابھی زندگی میں کٹھن منزلیں باقی تھیں اسی لئے اگلے دوسال انھیں کوئی بڑا کام نہ مل سکا تب پھر انھوں نے براڈوے میں ایک تھیٹر ڈرامے میں کام کیا ، خوش قسمتی سے فلم ڈائریکٹر سٹیون سپیلبرگ بھی اس ڈرامے کو دیکھنے کے لئے موجود تھے۔
وہ ان کی اداکارانہ صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوئے اور انھوں نے فلم سچنڈر لسٹ میں لیام کو اہم کردار کرنے کی پیشکش کی حالانکہ اس سے قبل بہت سے نامور اداکار اس کردار کو کرنے کی ہامی بھر چکے تھے مگر قدرت نے یہ کردار شائد ان کے لئے تخلیق کیا تھا اسی لئے انھوں نے ہی کیا اور ان پر خوب جچا ، یہ فلم بہت پسند کی گئی اور اس نے متعدد ایوارڈ حاصل کئے۔
اس فلم کی کامیابی پر لیام نیسن کا شمار ہالی وڈ کے بڑے اداکاروں میں ہونے لگا ۔ اس کے بعد 1995ء میں انھوں نے فلم راب رائے اور 1996ء میں مائیکل کولنز میں کام کیا اور خوب شہرت کمائی ۔ 1998 ء میں وکٹر ہیوگو کی فلم لس مزرایبل میں کام کیا، اس کے بعد فلم دی ہانٹنگ میں کام کیا ۔ 1999ء میں ہی انھیں ٹی وی فلم سیریز سٹار وارز کی طرز پر بننے والی بڑی سکرین کی فلم دی فینٹم مینیس میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی جو انھوں نے قبول کر لی ۔
ناقدین کی سخت تنقید کے باوجود فلم کامیاب رہی اور بزنس کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہی ۔ 2001ء میں انھوں نے ایک دستاویزی فلم جرنی ان ٹو امیزنگ کیوز میں صداکاری کی جس پر انھیں متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ۔ 2002ء میں فلم کے 19 دی وڈو میکر اور گینگز آف نیویارک میں کام کیا ، اس کے بعد فلم لو ایکچوئلی اور فلم کنسے میں کام کیا جو بہت پسند کی گئیں ، خاص طور پر گینگز آف نیویارک اور کنسے فلمی ایوارڈز کے لئے نامزد ہوئیں ۔
ہالی وڈ بلاک بسٹر فلم دی کرانیکل آف نارنیا میں شیر کے کردار اسلان کے لئے صدا کاری کی، یہ فلم بھی بزنس کے لحاظ سے بہت کامیاب رہی۔ 2007ء میں امریکی خانہ جنگی پر بننے والی فلم سیرافم فالز میں کام کیا ، 2008ء میں ایکشن فلم دی ٹیکن میں کام کیا ۔ اس فلم نے پوری دنیا میں 223.9 ملین ڈالر کا بزنس کیا ۔ اسی طرح فلم کلیش آف دی ٹائی ٹن میں یونانی دیوتا زیوس کا دیومالائی کردار کیا، یہ فلم باکس آفس پر بہت کامیاب ثابت ہوئی اور اس نے 475 ملین ڈالر کا بزنس کیا ۔
اس کے بعد فلم دی اے ٹیم میں فوجی کمانڈر کا کردار ادا کیا جو ایک فوجی مشن کے لئے سابقہ گوریلا فوجیوں کو اکٹھا کر کے لڑاکا ٹیم بناتا ہے ، ان میں سے ہر فوجی کسی نہ کسی فن میں ماہر ہوتا ہے اور بے خوف وخطر لڑائی میں کود پڑتا ہے ۔ فلم ان نون بھی بہت پسند کی گئی ۔ 2012ء میں لیام نیسن کو فلم دی گرے میں بہت پسند کیا گیا ۔ اسی طرح انھوں نے ٹیکن 2 اور بیٹ مین سیریز کی فلم دی ڈارک نائٹ رائزز میں کام کیا ۔
یہ فلمیں بھی بہت کامیاب ہوئیں ۔ فلم نان سٹاپ اور اے واک امنگ دی ٹامب سٹونز بھی بہت پسند کی گئی ۔ لیام نیسن نہ صرف فلم کے بڑے اداکار ہیں بلکہ ٹی وی سیریز سٹاروار اور دستاویزی فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ سٹار وار سیریز یوں تو عوام میں پہلے سے ہی کافی مقبول تھی مگر اس میں ان کے کیپٹن بننے کے بعد اسے مزید مقبولیت حاصل ہوئی ۔ اسی طرح انھوں نے اینی میٹڈ فلموں میں بھی کافی کام کیا جو بہت بزنس کے لحاظ سے بہت کامیاب رہیں ۔
لیام نیسن نے اداکارہ نتاشا رچرڈسن سے شادی کی ۔ نتاشا سے ان کی پہلی ملاقات 1993ء میں ایک تھیٹر ڈرامے اینا کرسٹی میں کام کے دوران ہوئی جو محبت میں تبدیل ہو گئی ۔ انھوں نے 3 جولائی 1994ء میں شادی کی ، ان کے دوبیٹے مائیکل اور ڈینیل ہیں ۔ لیام نیسن کی بیوی نتاشا کو 2009ء میں ایک حادثہ پیش آیا جس میں ان کے سر پر شدید چوٹ لگی اور وہ چل بسی ۔ لیام کو 2011 ء میں یونیسف کی طرف سے گڈ ول ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا۔
لیام نیسن کا شمار ہالی وڈ کے ایسے 100بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے جن کی فلمیں عوام میں ہمیشہ مقبول رہتی ہیں ۔ تاہم ہالی وڈ سپر سٹار ہونے کے باوجود فلم کا سب سے بڑا ایوارڈ آسکر ان کی پہنچ سے ابھی تک دور ہے۔
لیام نیسن کا اسلام کی طرف رجحان:
گزشتہ سال دسمبر میں برطانوی اخبار سن سے گفتگو کرتے ہوئے لیام نیسن نے دین اسلام کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں جب میں ترکی کے شہر استنبول میں تھا تو وہاں میں نے نماز کے لئے دی جانے والی اذان سنی جو گویا میری روح میں اتر رہی تھی، استنبول میں چار ہزار سے زائد مساجد ہیں ظاہر ہے یہ تجربہ کا فی مرتبہ ہوا ۔ روح میں اتر جانے والا یہ تجربہ اتنا خوبصورت تھا کہ اس نے مجھے مسلمان ہونے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا۔
اعزازات :
٭ ملکہ ایلزبتھ نے 1999ء میں لیام نیسن کو آفیسر آف آرڈر آف دی برٹش ایمپائر کے اعزاز سے نوازا
٭ دی امریکن آئر لینڈ فنڈ نے 2008ء میں پرفارمنگ آرٹ ایوارڈ دیا۔
٭ کوئنیزیونیورسٹی بلفاسٹ نے 2009ء میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا
٭ فلم سچنڈلر لسٹ میں بہترین اداکار کے طور پر شکاگو فلم کریٹک ایسوسی ایشن ایوارڈ، لندن فلم کریٹک ایوارڈ، اکیڈمی ایوارڈ ، بفٹا ایوارڈ ، دلاس فورٹ ایوارڈ ، فلم کریٹک ایسوسی ایشن ایوارڈ اورگولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا گیا
٭ بیلی مینا بورو کونسل کی طرف سے فریڈم آف بورو ایوارڈ دیا گیا
٭ فلم مائیکل کولن میں بہترین اداکار کے طور پر ایوننگ سٹینڈرڈ برٹش فلم ایوارڈ دیا گیا
٭ فلم کنسے میں بہترین اداکار کے طور پر آئرش فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ فلم دی گرے میں بہترین اداکار کے طور پر فینگوریا چین سا ایوارڈ سے نوازا گیا