بولی وڈ کی دنیا ایک طلسماتی دنیا ہے۔ یہاں ہر روز کچھ نہ کچھ نیا ضرور ہوتا ہے۔
ایک دوسرے سے مقابلہ بازی، کچھ الگ سے کرنے کا جنون اور خود کو سُپر کہلوانے کا یہاں ہر ایک ہی کو شوق ہے۔ ان تمام باتوں کے باوجود فلمی دنیا سے وابستہ افراد کسی نہ کسی حوالے سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔ بولی وڈ کی نئی کھیپ میں تو آپس میں رشتہ داریاں بھی ہیں۔ کوئی کسی فلم میکر کا بیٹا ہے تو کوئی کسی اسٹار کا بھائی یا بہن اور کچھ نہیں تو آپس میں دور پرے کی رشتہ داری بھی نکل آتی ہے۔ ان تمام باتوں کے علاوہ انڈسٹری کے نوجوان اسٹارز میں درمیان اور بھی بہت سی باتیں مشترکہ ہیں مثال کے طور پہ ۔
٭عالیہ بھٹ اور شردھا کپور: بولی وڈ کی ان دو خوب صورت اور ذہین ہیروئنز کا تعلق فلمی گھرانے سے ہے۔ عالیہ فلم پروڈیوسر اور ڈائرکٹر مہیش بھٹ اور ان کی دوسری بیوی روزی رازدان کی بیٹی ہے، جس نے بہت کم وقت میں اپنے آپ کو باصلاحیت اداکارہ ثابت کیا۔ بالکل اسی طرح شردھاکپور فلم انڈسٹری کے سنیئر اداکار شکتی کپور جنہوں نے فلموں میں کئی قسم کے کردار کر کے خود کو ورسٹائل اداکار ثابت کیا، کی بیٹی ہیں۔ ان دونوں ہیروئنز کا کیریر تقریباً چار، پانچ سال پہلے ایک ساتھ ہی شروع ہوا۔ شردھا کی پیلی فلم 2010میں تین پتی اور عالیہ کی پہلی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایر تھی۔ دونوں کی یہ فلمیں باکس آفس پر کوئی کمال نہ دکھاسکیں۔
البتہ یہ ضرور ہو ا کہ لوگ انہیں پہچاننے لگے۔ اس بات سے قطع نظر کہ ابتدا میں ان دونوں کی شناخت کا حوالہ ان کے مشہور والد ہی تھے، تین پتی کے بعد شردھا نے ایک اور فلم لو کا دی اینڈ میں بھی کام کیا۔ عالیہ اور شردھا دونوں ہی کسی ہٹ فلم کی تلاش میں تھیں اور ان کی تلاش جلد ختم ہوگئی۔ شردھا نے عاشقی ٹو اور عالیہ نے ہائی وے میں کام کیا۔ ان دونوں فلموں کی کام یابی نے اس بات کا احساس مضبوط کردیا کہ اس بار ان دونوں ہی نے بہترین فلموں کا انتخاب کیا ہے۔ ان فلموں میں شردھا اور عالیہ کی اداکاری اور کام کی تنقید کرنے والوں نے بھی تعریف کی۔ یوں ان دونوں کا کام یاب فلمی سفر شروع ہوا۔
عالیہ اور شردھا نے فلموں میں گانے بھی گائے۔ عالیہ نے فلم ہائی وے کے گانے سوہا سہا سے گائیکی کا آغاز کیا اور پھر اپنی اگلی فلم ہمٹی شرما کی دلہنیا میں سمجھاواں گانا بھی گایا۔ یہ سلسلہ اداکاری کے ساتھ ساتھ جاری ہے۔ دوسری طرف شردھا نے فلم ایک ولین میں گلیاں سونگ گا کر بے پناہ کام یابی سمیٹی یہ سال کا سب سے ہٹ سونگ تھا۔ اس کے بعد شردھا نے فلم حیدر میں دو جہاں گانا بھی گایا۔ اب یہ دونوں ہیروئنز ایک ساتھ فلم راک اسٹار کے سیکوئیل راک اسٹار ٹو میں کام کر رہی ہیں۔ اس فلم میں تمام گانے ان دونوں ہی کی آواز میں ریکارڈ کیے جائیں گے۔
٭ارجن کپور اور ورون دھون: ان دونوں نوجوان اسٹارز کا تعلق بھی فلمی گھرانے سے ہے۔ ارجن کپور مشہور فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بونی کپور کا بیٹا اور ورون دھون ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون کا بیٹا ہے۔ ارجن اور ورون کے لیے فلم دنیا اجنبی نہیں تھی اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی سپورٹ کی ضرورت تھی کیوںکہ ان دونوں کے والد انڈسٹری کی کام یاب ترین شخصیت ہیں۔ ارجن اور ورون نے اپنے کیریر کا آغاز بہ طور اسٹنٹ ڈائریکٹر کیا۔ ارجن فلم کل ہو نہ ہو اور ورون مائی نیم از خان میں اسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔
دونوں کے ساتھ ایک ہی اتفاق ہوا کہ دونوں کے والد نے ان کے لیے کوئی فلم لانچ نہیں کی (ابتدا میں) اسی لیے ارجن نے اپنے کیریر کا آغاز یش راج فلمز کی عاشق زادے سے اور ورون نے کے جے او ادارے کے ساتھ فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایر سے اپنا کیریر شروع کیا۔ ان دونوں کی یہ فلمیں 2012 میں ایک ساتھ ریلیز ہوئیں اور باکس آفس پر سپرہٹ ہوئیں۔ دونوں لڑکے راتوں رات اسٹار بن گئے۔ اس کے بعد ان کے فادرز نے انہیں پروڈیوس کرنے کا ارادہ کیا اور ڈیوڈ دھون نے اپنے بیٹے ورون کے لیے میں تیرا ہیرو فلم ڈائریکٹ کی اور بونی کپور نے ارجن کے لیے تیور بنائی۔
ایک انٹرویو میں ورون نے کہا تھا کہ ارجن اس کے بڑے بھائی جیسا ہے۔ وہ کہتا ہے،’’وہ میرے گھر ہی کا ایک حصہ۔ اس لیے انڈسٹری میں اور سب سے تو کمپیٹیشن ہوسکتا ہے ارجن سے میرا کوئی موازنہ نہیں۔‘‘ ارجن اور ورون دونوں بھائی اب ڈائریکٹر روہیت شیٹھی کی فلم میں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں اور اس کے لیے سلمان خان نے ان کی سفارش کی کیوںکہ سلما ن نے ان دونوں اسٹارز کا مستقبل کا سپراسٹار قرار دیا تھا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان دونوں کے فادرز سے سلمان خان نے خاص تعلقات ہیں۔
٭سوناکشی سنہا اور پرینتی چوپڑہ: پرینتی کا ایک حوالہ پریانکا چوپڑہ کی کزن ہونا بھی ہے، لیکن اب اس نے اپنی پہچان بنالی ہے۔ اس لیے کسی دوسرے حوالے سے پہچانے جانا پرینتی کو پسند نہیں۔ سوناکشی کا بیک گراؤنڈ بھی فلمی ہی ہے۔ اس کے والد شترو گھن سنہا سے سب ہی واقف ہیں۔ پرینتی اور سوناکشی فلم انڈسٹری میں آنے سے پہلے کافی عرصے تک ملازمت کرتی رہی ہیں۔ پرینتی نے یش راج فلمز کے ساتھ بہ طور اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر کام کیا، جب کہ سوناکشی فیشن ڈیزائنر کے طور پر کام کرتی رہی۔ دونوں ہی وزن کے مقابلے میں ایک جیسی تھیں۔ سوناکشی کی پہلی فلم دبنگ تھی جس میں اس کے مقابل سلمان خان تھے۔
اس فلم کے لیے سلمان خان کے اصرار پر سوناکشی کا کاسٹ کیا گیا تھا اور فلم کی کام یابی نے ثابت کیا کہ سلمان کا انتخاب بالکل درست تھا۔ پرینتی نے اپنے کیریر کا آغاز فلم لیڈیز ورس وکی بہل میں سپورٹنگ رول کرکے کیا تھا۔ تاہم اس کی کام یاب اور بہ طور سولو ہیروئن پہلی فلم عاشق زادے تھی۔ بولی وڈ کی ان دونوں ہیروئنز میں سب سے کامن یا ایک جیسی بات ان کا موٹاپا تھی۔ دونوں ہی بے انتہا موٹاپے کا شکار تھیں اور دونوں ہی نے فلموں میں کام یاب اور خوب صورت، سلم ہیروئن بننے کے لیے اپنے وزن کو کم کیا۔ کچھ عرصہ پہلے تک دونوں میں کامن کنکشن بات یہ بھی تھی کہ دونوں ہیروئنز کا رنویر سنگھ کے ساتھ نام لیا جارہا تھا۔
٭سونم کپور اور رنویر سنگھ: انڈسٹری کے ان دو اسٹارز کی مشترکہ بات ان کا فیشن کے حوالے سے سینس آف ہیومر ہے۔ رنویر اور سونم کو فیشن نت نئے فیشن اور انداز اپنانے کا شوق ہے۔ کچھ دنوں پہلے ممبئی میں ایک مشہور اور بین الاقوامی فیشن برانڈ کی دسویں سال گرہ منائی گئی اور پوری فلم انڈسٹری میں رنویر اور سونم وہ واحد اداکار تھے جنہیں اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر دعوت دی گئی تھی۔ اس فنکشن میں ان دونوں کی فیشن کے حوالے سے دل چسپی اور معلومات کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا گیا۔ دونوں ینگ اسٹارز اپنے لُک اور اسٹائل کے ساتھ کسی بھی قسم کا تجربہ کرنے سے نہیں شرماتے اور بلاجھجک فیشن کے نئے نئے انداز اپناکر فیشن کی دنیا میں بھی نام کمانا چاہتے ہیں۔ چاہے آف اسکرین ہو یا پھر آن اسکرین دونوں ہی ہر طرح کا اسٹائل اپناتے ہیں۔
انہیں لوگوں کی تنقید کا بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دونوں ہی من موجی ہیں جو خود کو اچھا لگتا ہے بس وہی کرنا ہے۔ اس کے علاوہ لباس کے معاملے میں بھی دونوں اپنی بولڈ چوائس کے لیے مشہور ہیں۔ سونم کپور کو بولی وڈ انڈسٹری میں فیشن کی ملکہ بھی کہا جاتا ہے اور رنویر کے لیے بھی یہ بات کہی جاتی ہے کہ وہ جس قسم کا لباس بھی پہن لے اسے نظرانداز کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ سب سے دل چسپ اتفاق یہ ہے کہ فیشن کی دنیا کے یہ دونوں آئی کون آپس میں دور کے کزن بھی ہیں سوم کی ماں سنیتا کپور اور رنویر کے والد جگجیت سنگھ بھاوانی آپس میں رشتہ دار ہیں ۔
٭ادیتہ رائے کپور اور ایوشمان کھرانہ: بولی وڈ کے ان دونوں ینگسٹرز نے اپنے کیریر کا آغاز ٹیلی ویژن کے ایک چینل پر بہ طور وی جے کیا۔ ادیتہ رائے کپور نے چینل وی کے ایک پروگرام کو ہوسٹ کیا تھا، جب کہ ایوشمان نے ایم ٹی وی ڈسکوری پر کام کیا۔ دونوں ہی کی فلمی دنیا میں آمد ان کے ایک مشترکہ دوست کی وجہ سے ہوئی۔ دونوں ہی نے پہلے کچھ عرصے تک ماڈلنگ کی اور پھر اپنی قسمت آزمائی کے لیے بولی وڈ کا رخ کیا۔ ادیتہ رائے کپور اور ایوشمان دونوں ہی کا تعلق فلمی گھرانے سے نہیں۔ دونوں کے بارے میں ایک اور بات مشترک ہے کہ دونوں ہی سیلف میڈ اسٹارز ہیں۔ ادیتہ نے فلم لندن ڈریمز میں ایک چھوٹے سے رول سے اپنے کیریر کا آغاز کیا، جب کہ ایوشمان نے بڑے پردے پر فلم وکی ڈونر سے انٹری دی۔
اداکار اور وی جے ہون کے ساتھ ان میں ایک مشترکہ بات یہ بھی ہے کہ دونوں ہی کو میوزک سے بے حد لگاؤ ہے۔ ادیتہ کو گٹار بجانے اور اس پر نت نئی دھنیں بنانے کا جنون ہے اور بہت جلد وہ اپنی البم بھی لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جب کہ ایوشمان کو گلوکاری کے ساتھ ساتھ کمپوزنگ کا شوق بھی ہے اور وہ کچھ سولو سونگز بھی گا چکا ہے۔ دونوں ہی فطری انداز میں کام کرتے ہیںاور ان کی اداکاری کے بارے میں انڈسٹری کے اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ اگر انہیں بہترین کردار دیے جائیں تو بہت جلد ان کا شمار بولی وڈ کے سپر اور کام یاب اسٹارز میں ہونے لگے گا۔
٭ایشا گپتا اور ملائکاشیراوت: بولی وڈ کی ان دو ہیروئنز کے درمیان کئی باتیں مشترک ہیں۔ دونوں ہی کا تعلق غیرفلمی خاندان کے مڈل کلاس طبقے سے ہے۔ دونوں ہی نے کیریر کی ابتدا ماڈلنگ اور کمرشلز سے کی۔ ملائکا اور ایشا دونوں نے اپنے آبائی گھر کو چھوڑ کر ممبئی کا رخ کیا تھا۔ ایشا نے فلمو ں میں آنے سے پہلے کئی بار مقابلۂ حسن میں شرکت کی، جب کہ ملائکہ نے ٹی وی کمرشلز سے اسٹارٹ لیا۔
ایشانے مہیش بھٹ کی فلم جنت ٹو سے اپنے فلمی کیریر کا آغاز کیا، جب کہ ملائکہ نے بھی مہیش بھٹ کی ہی فلم مرڈر سے فلموں میں انٹری دی بولی وڈ کی یہ دونوں ہیروئنز اپنے کام سے زیادہ اپنی بے باکی اور بولڈنیس کی وجہ سے جانی جاتی ہیں اور کسی بھی قسم کا کردار خواہ وہ کتنا ہی بولڈ کیوں نہ ہو کرنے سے نہیں گھبراتیں۔ ملائکہ نے ایک چائنیز فلم The Myth میں جیکی چن کے ساتھ کام کیا اور ایشا بھی انڈیا اور برطانیہ کے اشتراک سے بنائے جانے والی ایک فلمی پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔