بولی وڈ کی جگمگاتی اور طلسماتی دنیا میں کبھی بھی کہیں بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
یہاں فلم میکر کبھی تو روایتی اور گھسے پٹے انداز میں فلمیں بنا کر کام یابی سمیٹ لیتا ہے، تو کبھی کوئی فلم ساز اپنی فلم میں مختلف نوعیت کے تجربے کرکے اسے دھماکاخیز انداز میں پیش کرتا ہے، جو لوگ اپنی فلموں میں مختلف تجربات کرتے رہتے ہیں، وہ کام یابی کی نئی منزلوں کی طرف گام زن ہوتے ہیں۔ آڈینس بھی تبدیلی کو پسند کرتے ہیں، کیوں کہ وہی روایتی انداز کی فارمولا فلمیں یا پھر بار بار دہرائی جانے والی فلمی جوڑیوں سے یکسانیت محسوس کرنے لگتے ہیں۔
کسی بھی فلم کا سب سے اہم جز اس کے بنیادی کردار ہوتے ہیں۔ بہت سے اداکاروں کی فلمی جوڑی نے کئی ہٹ فلمیں دیں اور ان کی جوڑیوں کو لوگوں نے بھی پسند کیا اور فلم سازوں نے بھی ان جوڑیوں کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرکے خوب پیسہ کمایا۔
دلیپ کمار۔ مدھو بالا، راجیش کھنہ۔ شرمیلا ٹیگور، دھرمیندر۔ ہیمامالنی، امیتابھ بچن۔ ریکھا، انیل کپور۔ مادھوری ڈکشٹ، شاہ رخ خان۔ کاجول، کا شمار ایسی ہی فلمی جوڑیوں میں کیا جاتا ہے، لیکن کچھ فلم میکر جو فلموں تبدیل پسند کرتے ہیں وہ اپنی تبدیل پسند آڈینس کے لیے روایتی فلمی جوڑی کو پیش کرنے کے بجائے ایک بالکل الگ انداز کی جوڑی کو لے کر فلم بناتے ہیں۔ ایسی ہی چند غیرروایتی فلم جوڑیوں کا اس مضمون میں ذکر کیا گیا ہے:
٭ ابھیشیک بچن۔ رانی مکھرجی:
دونوں ظاہری طور پر ایک دوسرے بالکل الگ نظر آتے ہیں۔ ابھیشیک کا قد لمبا اور رانی بوٹے سے قد کی۔ دونوں ایک دوسرے کے متضاد ہیں۔ ان کو کاسٹ کرنے میں بہت سے لوگوں نے اعتراضات اٹھائے تھے اور کہا تھا کہ یہ جوڑ ی ناکام ہو جائے گی۔ لوگ انہیں پسند نہیں کریں گے، لیکن منی رتنم نے ان دونوں کو اپنی فلم ’’یووا‘‘ میں کاسٹ کرنے کا رسک لیا، اور سب ہی نے دیکھا کہ اس فلم اور جوڑی دونوں ہی کو آڈینس نے پسند کیا۔ یووا باکس آفس پر سپر ہٹ ہوئی تھی اس فلم کے رانی اور ابھیشیک کی فلمی جوڑی نے ایک ساتھ چند اچھی فلموں میں کام کیا جیسے بنٹی اور ببلی اور لاگا چنری میں داغ وغیرہ۔
٭ ملائکہ شراوت اور راہول بوس:
چھوٹے سے قد کے مالک راہول بوس کا شمار انڈسٹری کے سنجیدہ اور میچور اداکاروں میں ہوتا ہے، جب کہ دراز قد ملائکہ انتہائی گلیمرس اداکارہ کے طور پر اپنی پہچان رکھتی ہے۔ ان دونوں نے جب فلم ’’پیار کے سائڈ ایفیکٹ‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا تب کوئی بھی نہیں جانتا تھا کہ فلم کے ساتھ ساتھ یہ جوڑی بھی ہٹ ہوجائے گی ملائکہ اور راہول ایک رومینٹک جوڑی کے طور پر کام یابی سے ہم کنار ہوئے۔
٭ بپاشا باسو اور آرمدھوان:
بنگالی ساحرہ بپاشاباسو کے فٹنس جنون سے سب ہی واقف ہیں مارکیٹ میں بپاشا کی اپنی سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز موجود ہیں، جب کہ دوسری طرف آرمدھوان کی بابت سب ہی جانتے ہیں کہ اس میں سوائے اچھی اداکاری کے بولی وڈ ہیرو والی کوئی خصوصیت نہیں۔ جسمانی طور پر بھی وہ مٹاپے کی طرف مائل ہے۔ اس تضاد کے باوجود انہوں نے ایک فلم ’’جوڑی بریکر‘‘ میں مرکزی کردار کیا، لیکن بدقسمتی سے یہ فلم فلاپ ہوگئی اور ان کی جوڑی کو بھی آڈینس نے رد کردیا۔
٭ امیتابھ بچن اور جیا خان:
بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کو فلم انڈسٹری میں انتہائی قابل احترام ہستی کے طور پر جانا جاتا ہے۔ جب رام گوپال ورما نے انہیں تیس سالہ جیا خان کے ساتھ فلم ’’نشبد‘‘ میں ایک ساتھ جوڑٰی کے طور پر کاسٹ کیا تو انڈسٹری میں اس وقت ہی اس حوالے سے کنٹروورسی شروع ہو گئی تھی۔ یہ ایک ایسے بولڈ موضوع کی فلم تھی جو انڈین معاشرے کے لیے قابل قبول نہیں تھا۔ ایک عمر رسیدہ شخص کا نوجوان لڑکی کے ساتھ رومانس کرنا کسی کو بھی نہ بھایا۔ یہی وجہ تھی کہ یہ فلم فلاپ ہوگئی اور اس سے امیتابھ کے امیج کو کو بھی دھچکا پہنچا۔
٭ نصیر الدین شاہ اور ودیا بالن:
اگر امیتابھ اور جیا خان سے موازنہ کیا جائے تو ان دونوں میں بھی بہت زیادہ عمر کا تضاد موجود تھا، لیکن کیوںکہ ان کی فلم کا موضوع عوام کا پسندیدہ تھا۔ اس لئے یہ فلمی جوڑ ی کلک کر گئی۔ آن اسکرین کیمسٹری شو کرنے میں ان دونوں ہی نے اپنی عمر کے فرق کو بالائے طاق رکھ دیا تھا۔ اس لیے ان کی دونوں فلمیں ’’عشقیہ‘‘ اور ’’ڈرٹی پکچرز‘‘ باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ کچھ لوگوں کو ان کی جوڑی پسند آئی تو کچھ نے اس پر اعتراضات بھی اٹھائے۔
٭ شاہد کپور، ودیا بالن اور رانی مکھرجی:
شاہد کپور فلم انڈسٹری میں کیوٹ اور چاکلیٹی ہیرو کے طور پر پسند کیا جاتا ہے۔ شاہد کی اداکاری میں دن بہ دن پختگی آتی جارہی ہے، لیکن ظاہری طور پر وہ ابھی بھی کالج اسٹوڈنٹ ہی نظر آتا ہے۔ ’’دل بولے ہڑپہ‘ میں رانی کے ساتھ اور قسمت کنکشن میں ودیا بالن کے ساتھ جب شاہد نے کام کیا تو ان کی جوڑی کو آڈینس نے یکسر مسترد کردیا کیوںکہ عمر کے فرق کی وجہ سے دونوں ہی ہیروئنز شاہد کی آنٹیاں نظر آرہی تھیں۔
٭ کترینہ کیف اور گووندا:
جب ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون نے فلم پارٹنر کی کاسٹ میں خوب صورت اور دراز قد اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ ہیرو کے طور پر گووندا کو کاسٹ کیا تو سب ہی نے حیرت کا اظہار کیا تھا۔ لوگوں کا خیال تھا کہ یہ انتہائی نامناسب فلمی جوڑی ثابت ہوگی، لیکن جب پارٹنر ریلیز ہوئی تو لوگوںنے انہیں پسند کیا۔
٭ سنجے دت اور لارا دتہ:
فلم ’’بلو‘‘ کے ڈائریکٹر انتھونی ڈی سوزا نے نہ جانے کیا سوچ کر ان دونوں کو اپنی فلم میں ایک ساتھ کاسٹ کیا، کیوںکہ ان دونوں میں عمر کا واضح فرق موجود تھا۔ اس لیے ان کی آن اسکرین جوڑی نے آڈینس کو خوب ہنسنے کا موقع فراہم کیا۔
٭ عمران خان اور کرینہ کپور:
دونوں ہی میں عمروں کا تفاوت ہونے کے باوجود آڈینس نے اس جوڑی کو پسند کیا، کیوں کہ دونوں ہی آن اسکرین بہت ینگ اور فریش محسوس ہوئے تھے۔ فلم ’’ایک میں اور ایک تو‘‘ میں کرینہ اور عمران کی کام یاب جوڑی بننے کے باوجود ان دونوں نے دوبارہ ایک ساتھ کام نہیں کیا۔
٭ رنبیرکپور اور کون کوناسین شرما:
ہر انداز سے ایک دوسرے سے مختلف ان دونوں ایکٹرز کو فلم ’’وویک اپ سد‘‘ میں کاسٹ کیا گیا۔ دونوں ہی کا شمار انڈسٹری کے ٹیلنٹڈ فن کاروں میں ہوتا ہے، اس لیے اس فلم میں بھی ان کی نیچرل اور بے ساختہ اداکاری کو پسند کیا گیا تھا۔ یہ فلم باس آفس پر اوسط درجے کی کامیابی حاصل کر پائی تھی۔
٭ فرحان اختر اور دیپکا پاڈوکون:
فلم میکرز اپنے فلموں میں جو مختلف انداز کے تجربات کرتے رہتے ہیں۔ وہ بسا اوقات ناکام بھی ہوجاتے ہیں۔ سب ہی کا خیال تھا فرحان اور دیپکا کی جوڑی بولی وڈ میں دھماکا کر دے گی، لیکن جب ان دونوں کو فلم کار تک کالنگ کار تک میں ایک ساتھ کاسٹ کیا گیا، تو دراز قد دیپکا کے سامنے چھوٹے قد کا فرحان بالکل غیر متوازن محسوس ہوا۔ یہ فلم ناکام ہوگئی تھی اور لوگوں نے بھی اس جوڑی پر کوئی ریسپانس نہیں دیا تھا۔
٭ بومن ایرانی اور فرح خان: فلم ’’شیریں فرہاد‘‘ کے تو بھاگ جاگ اٹھے جب اس میں ان دونوں کو کاسٹ کیا گیا۔ کسی کو بھی اس بات کا اندازہ نہ تھا کہ باکس آفس پر یہ جوڑی کلک کر جائے گی۔ دونوں ایکٹرز نے آن اسکرین ایک میچور اور فریش لو کیمسٹری دکھائی اور شاید یہی ان کی کام یابی تھی۔
٭ عامر خان اور انوشکا شرما: ڈائریکٹر راج کما ر ہیرانی جن کے ساتھ عامر پہلے ’’تھری ایڈیٹس‘‘ میں کام کر چکے ہیں، اس بار ان کی فلم پی کے میں عامر کے ساتھ بولی وڈ کی شوخ اور چلبلی اداکارہ انوشکا شرما کو کاسٹ کیا گیا ہے اس فلم کی دیگر کاسٹ میں سنجے دت اور بومن ایرانی بھی ہیں۔ فلم دسمبر 2014 میں ریلیز ہو گی اور سب ہی کا کہنا ہے کہ عامر اور انوشکا شرما کی جوڑی ہٹ ہوگی۔
٭ سیف علی خان اور تمنا بھاٹیہ: حال ہی میں ریلیز ہونے والی ساجد خان کی فلم ’’ہم شکل‘‘ نے بولی وڈ میں باکس آفس پر دھوم مچادی ہے۔ فلم کی مین کاسٹ میں سیف علی خان ، ریتش دیکھ مکھ اور رام کپور شامل ہیں۔ ساجد نے سیف کے مقابل ہیروئن کے طور پر انڈین ماڈل تمنا بھاٹیہ کو کاسٹ کیا۔ فلم کیوںکہ کام یاب ہوگئی اس لیے ان دونوں کی جوڑی بھی ہٹ قرار پائی ۔
٭ سلمان خان اور جیکولین فرننڈس:
انڈسٹری کے سب سے پاورفل ایکٹر سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کم وبیش ہر اداکارہ کی ہوتی ہے، لیکن دیکھا یہ گیا ہے کہ سلمان خان اپنی ہر فلم میں پرانی ہیروئنز کو دہرانے کے بجائے نئی اداکارہ کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’’کک‘‘ میں ان کے مقابل جیکولین اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ یہ جوڑی باکس آفس پر کیا دھوم مچاتی ہے، یہ تو فلم کی ریلیز کے بعد ہی پتا چلے گا۔
٭ رجنی کانت اور دیپکا پاڈوکون:
فلم کو چدیا میں رجنی کانت کے ساتھ جب دیپکا پاڈوکون کو کاسٹ کی گیا تو سب ہی اس پر اعتراضات اٹھائے، کیوںکہ ان دونوں اداکاروں میں عمر کے ساتھ ساتھ ہر طرح سے فرق تھا۔ دیپکا رجنی کانت کی ہیروئن کم اور بیٹی زیادہ محسوس ہوتی ہے، لیکن ڈائریکٹر سونداریا یہ فلم جب سپر ہٹ ہوئی تو تمام ناقدین فلم کے منہ بند ہو گئے تھے۔
٭ سنی دیول اور کنگنا راناوت:
پچیس سالہ کنگنا نے پینسٹھ سالہ ایکٹر سنی دیول کے ساتھ فلم ’’آئی لو نیو ایئر‘‘ میں کام کیا۔ یہ ایک بالکل غیر مناسب جوڑی تھی۔ باکس آفس پر یہ جوڑی کوئی دھماکا نہ کر پائی۔