برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
تازہ سورج گرہن آپ کے ازدواجی تعلق کے خانے میں لگا ہے اور چاند عقرب سے گزرے گا۔ ایسا وقت آپ کے جذبات کو ایک بڑا ابال دے گا اور آپ ایسا قدم اٹھاسکتے ہیں جو اس سے پہلے آپ کو مشکل لگتا رہا تھا۔ اولاد کے لیے کچھ الجھن ہوسکتی ہے۔ ان کی صحت اور ان کا رویہ آپ کو وقتی طور پر پریشان کرسکتا ہے۔ اس ہفتے کے آخر میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
کرائے دار یا مالک مکان سے معاملات خراب ہوسکتے ہیں۔ کاروبار میں نقصان کا اندیشہ ہے۔ حکومتی جرمانہ بھی ہوسکتا ہے یا کسی سے کیا گیا معاہدہ عدالتی کارروائی کا سبب بن سکتا ہے اور آپ کی نیک نامی متاثر ہوسکتی ہے۔ آپ کا سیارہ ہبوط سے گزر رہا ہے اولاد اور محبوب کی صحت اور رویہ فکرمندی لا سکتا ہے۔ 18_19 اکتوبر کو ازدواجی تعلق میں حساس مزاج لوگوں کو تو تو میں میں سننے کو مل سکتی ہے۔
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ سے غلطی کا اندیشہ ہے۔ جذبات میں بہہ سکتے ہیں۔ اپنے تخلیقی ہنر کی وجہ سے آپ اس بار شاید ماضی سا فائدہ نہ اٹھاسکیں۔ اندھا اعتماد اور سرمایہ کاری مناسب نہ ہوگی۔ ذہنی سکون متاثر رہے گا۔ اس ہفتے کی ابتدا میں ممکن ہے کوئی مالی فائدہ ہوجائے۔
آپ کا معدہ متاثر ہوسکتا ہے۔ کام اور ملازمت کے لیے آپ خاصے پُرجوش اور متحرک دکھائی دیتے ہیں۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
یہ گرہن آپ کے گھر کا سکون متاثر کرسکتا ہے۔ مکان یا پلاٹ کے لین دین میں محتاط رہیں۔ سبز باغ کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ والدہ کی صحت کا خیال رکھیں۔ آپ کی رہائش گاہ یا سونے کا کمرا تبدیل ہوسکتا ہے اور جہاں جائیں گے وہاں بھی ابھی اس ہفتے سکون کا امکان نظر نہیں آتا۔ حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوشش کریں تو بہتر ہے۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
کیریئر سے متعلق اطمینان اور سکون مشکل ہے۔ کچھ نہ کچھ چیزیں ایسی ہوسکتی ہیں جو آپ کو پریشان رکھیں۔ ان میں باس سے متعلق کچھ وہم اور گمان بھی ہوسکتے ہیں۔ آپ کو صبر اور سکون کا مشورہ ہے۔ وقتی سوچوں کے بہاؤ میں نہ بہیں تو بہتر ہے، ورنہ غلط فیصلہ آپ کے لیے مسائل کھڑے کرسکتا ہے۔ سفر اور قریبی لوگوں سے امور طے کرتے ہوئے اپنے لہجے اور رویے کو ملائم رکھیں ورنہ کچھ دوست آپ سے فاصلہ کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
ازدواجی اور محبت کے امور میں کچھ گمان ویقین کے سلسلے چلتے رہیں گے۔ کچھ الجھاؤ ذہن کو پریشان رکھیں گے۔ اس ہفتے آپ کا سفر ہوسکتا ہے اور ممکن ہے یہ سفر جذباتی ہو اور آپ اپنے پسندیدہ شخصیت سے ملاقات کرسکیں اور کچھ وقت بڑا پُرسکون گزار سکیں۔ آپ کے تیسرے خانے میں مریخ آچکا ہے۔ آپ کی سوچ اور کردار میں کچھ ہمت اور جنون آسکتا ہے اور آپ عملاً میدان میں اتریں گے۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا مشتری آپ کو پہلے ہی کم زور ظاہر کررہا ہے اوپر سے سورج گرہن، یہ وقت آپ کے لیے ازدواجی اور پرانے تعلقات کے حوالے سے ایک امتحان سے کم نہیں ہے۔ رہائش اور کاروبار کے حوالے سے بھی فکرمند دکھائی دے رہے ہیں۔ آپ کے ازدواجی تعلق میں دراڑ پڑ سکتی ہے۔ ساتھی کی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ آپ خود کو تنہا اور کم زور محسوس کرسکتے ہیں۔ صدقہ دیں اور ذکرالٰہی سے خود مضبوط کریں۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کی توانائی کا گراف جو گذشتہ 40 دن بہت نیچے تھا اب بہتر ہونے لگے گا۔ ممکن ہے پہلا اور دوسرا دن آپ کو جذباتی توانائی فراہم کرے اور آپ خود میں حالات کا مقابلہ کرنے کی مکمل طاقت اور ہمت محسوس کریں۔
آپ کے ازدواجی خانے میں مشتری موجود ہے جوکہ راجع ہے ساتھی کے ساتھ فاصلے بڑھ سکتے ہیں۔ جیسے جیسے دن گزریں گے یہ فاصلے بڑھتے نظر آتے ہیں۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
اگر آپ بیرون ملک کے لیے کوشاں ہیں تو یہ ہفتہ کچھ پیش رفت ہوتی ہوئی دکھارہا ہے، لیکن کچھ مہربانوں سے وابستہ امیدیں متاثر ہوں گی اور آپ کو پریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے اسپتال اور قیدوبند کے راستے کھل سکتے ہیں۔ مخالفین اور خرابیٔ صحت سے خود کو بچا کے رکھیں۔ ازدواجی تعلق میں بھی خرابی اور اختلاف ہوسکتا ہے۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
یہ گرہن آپ کے کیریئر کو متاثر کرچکا ہے یا وہاں لگ چکا ہے۔ کیریئر کے حوالے سے تبدیلی کا امکان ہے۔ ممکن ہے آپ کی کرسی یا کمرا تبدیل ہوجائے۔ دوستوں کا تعاون حاصل ہوگا اور ایک دوست چھپے ہاتھ سے آپ کا مددگار ہوسکتا ہے۔ کوشش کریں کہ اس ہفتے اپنے باس کی سخت سست سرزنش جو کہ غلط بھی ہوسکتی ہے سن لیں اور پی جائیں تاکہ آپ میدان میدان جیت سکیں۔
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
سفر اور رابطوں سے منسلک دلو افراد کے لیے یہ ایک اچھا وقت ہوسکتا ہے۔ اس وقت میں جہاں کئی آسانیاں اور نئی مصروفیات پیدا ہورہی ہیں وہیں آپ کے لیے لمبے سفر کرنے کا امکان ہے۔ مذہبی شخصیات سے تعلق میں بگاڑ آسکتا ہے۔ آپ کی رائے کو رد کیا جاسکتا ہے۔
پیر اور منگل کو جذباتی ہونے سے بچیں ورنہ حاصل ہونے والی ذمے داری ختم ہوسکتی ہے۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
زحل رجعت پذیر ہے اور آپ کو خوف وخدشات میں دھکیلتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ ایسے وقت میں اچانک زخم لگ سکتا یا کسی سے تلخ کلامی ہوسکتی ہے۔ ازدواجی اور شراکتی امور میں بھی کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔ وہ بچے جو بیرون ملک مقیم ہیں کچھ ایسی بے راہ روی کا شکار ہوسکتے ہیں جو آپ کو اداس اور مایوس کردے۔ کوشش کریں کہ اس صورت حال میں دوراندیشی اور صبروتحمل سے کام لیں۔
The post علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.