برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
پیر اور منگل گھر، والدہ یا اپنی صحت کے حوالے سے پریشانی کا اندیشہ ہے۔ کرائے پر مکان ہے تو مالک مکان تنگ کرسکتا ہے یا اس سلسلے میں کوئی الجھن ہوسکتی ہے۔ پانی کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔ شریکِ حیات کے ساتھ بچوں کی وجہ سے تلخ کلامی ہوسکتی ہے۔ جمعرات اور جمعہ بہتر دن ہیں۔ کسی بزرگ سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ شریکِ حیات کے ساتھ تعلق بہتر ہونے کی امید ہے۔ ہفتہ اتوار مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
کوئی پرانی /موروثی بیماری آپ کو پریشان کرسکتی ہے۔ خواتین کو گائنی اور مرد حضرات کو شوگر اور اعضائے مخصوصہ سے متعلق مشکل سے سامنا ہوسکتا ہے۔ سانس کی تنگی بھی ہوسکتی ہے۔ ایک قریبی عزیزہ سے کسی بات پر غلط فہمی یا اناپرستی کی وجہ سے تعلق بگڑ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں شریکِ حیات کا بھی کوئی کردار ہوسکتا ہے۔ جمعہ یا ہفتہ مالی فائدہ کسی تحفے یا انعامی صورت میں ہونے کی امید ہے۔
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
پیر اور منگل خوراک کے حصول میں دقت اور خرابی کا اندیشہ ہے۔ ممکن ہے جو چیزیں آپ خرید کے لائیں وہ کھانے کے قابل نہ ہوں۔ مضرِصحت ہوسکتی ہیں۔ اس کی وجہ سے اسپتال کا چکر لگانا پڑسکتا ہے۔ خیالات میں تضادات کا سلسلہ آپ کے معدے اور دماغی سکون کو برہم کرسکتا ہے۔ پرسکون رہنے کی کوشش کریں وقت پر کھانا اور نیند لیں۔ ہفتہ یا اتوار کو کوئی پرانا ڈوبا ہوا پیسہ مل سکتا ہے۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
محبوب اور بچوں سے وابستہ امیدیں پوری ہوتی ہوئی نظر نہیں آتیں۔ آپ پر مایوسی، جذبات اور غصے کا حملہ ہوسکتا ہے۔ اپنی برداشت کو بڑھائیں۔ آپ کسی کا بھی مقدر میں لکھا مٹا نہیں سکتے۔ اپنی بساط بھر کوشش کریں نتیجہ اللہ کے حوالے کردیں۔ہفتہ اوراتوار کو امید کی جاسکتی ہے کہ ایک اہم شخص سے آپ کی ملاقات ہو یا کال پر رابطہ ہوسکتا ہے جو آپ کے لیے آمدن کے نئے امکانات میں معاون ہوسکتا ہے۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
مالی امور میں اگرچہ کوئی مسئلہ نہیں لیکن ایسا ہوسکتا ہے کہ کوئی اہم رقم آگے پیچھے ہوگئی ہو یا آپ سے کوئی غلط فیصلہ ہوگیا ہو۔ اس سلسلے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ آپ کی سوچوں میں کافی جارحانہ انداز دیکھا جاسکتا ہے پیر اور منگل، سفر، مطالعہ، سوچ بچار کا امکان ہے۔ قریبی افراد سے دورانِ گفتگو کوشش کریں کہ آپ کا لب و لہجہ نرم ہو۔ جلد بازی آپ کے لیے نقصان لاسکتی ہے۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
اخراجات کا پلڑا کافی بھاری ہے۔ اس ہفتے کچھ ضروری امور پر آپ کو اخراجات کرنا پڑسکتے ہیں۔ ممکن ہے کسی پرانے لین دین کی وجہ سے آپ کی کسی سے تو تو میں میں ہوجائے۔ یہاں اس بات کا امکان موجود ہے کہ کسی نہ کسی وجہ سے آپ کا نقصان یا سوچ سے زیادہ خرچ ہوجائے گا۔ 19 اور20 تاریخ کو شریکِ حیات یا محبوب سے کسی بات پر اختلافِ رائے ہوسکتا ہے۔ کوشش کریں کہ اسے اتفاق میں تبدیل کرلیں۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
مریخ اور کیتو اور چاند آپ کے غصے میں بے قابو ہونے کی آگاہی دے رہے ہیں۔ پرانا لین دین، شریکِ حیات کا رویہ اور صحت کے مسائل ہوسکتے ہیں۔ آپ نے جن دوستوں سے امید لگا رکھی ہے ان کے ذہن آپ کے خلاف کچھ خفیہ کھچڑی پک رہی ہے۔ اندھا اعتماد نہ کریں۔ زیادہ امید نہ لگائیں۔ 19اور20 ستمبر کو کام میں ناگہانی مسائل آسکتے ہیں اور آپ کے ہاتھ سے مالی نقصان یا زیادہ خرچ ہوسکتا ہے۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
نیند متاثر رہے گی، کھانا پینا مناسب وقت پر نہ ہونے کی وجہ سے صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ اداسی اور مایوسی وجہ سے اور بن وجہ کے ہوسکتی ہے۔ 19،20 ستمبر کو شریکِ حیات سے تعلق بگڑ سکتا ہے۔ دوریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ آپ کی عزت پر کیچڑ اچھالا جاسکتا ہے، لیکن ایک مہربان آپ کو اچھے مشورہ دیتا اور آپ کی ہمت بندھاتا ہوا نظر آتا ہے۔ ہفتے اور اتوار کو شریکِ حیات یا بیرون ملک کے ذرائع سے مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کے بزنس یا جاب میں کسی کیس یا عدالتی مسائل کا سامنا جو کہ آپ کو کرنا پڑ رہا تھا اس میں اب الجھاؤ ختم ہوتا ہوا نظر آرہا ہے اور آپ کی فائل مضبوط اور بہتر ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ آپ کے باس کا رویہ بہتر ہوجائے گا۔ لیکن اس ساری صورت حال میں کام کے حوالے جو مسلسل ذہنی الجھن کا سامنا کرنا پڑا ہے اس کی وجہ سے آپ کی صحت متاثر ہوسکتی ہے اور آپ کی توانائی کا گراف نیچے آسکتا ہے۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
18اور19 کو چاند عقرب میں آکے آپ کی سوچوں کو متاثر کررہا ہے۔ آپ کے شریکِ حیات کسی پرانے مسئلے کو وجہ بناکر آپ کو پریشان کرسکتا ہے۔ یہ وقت دل کے اداس ہونے کا سامان کرسکتا ہے۔ پرانا تعلق پھر سے تازہ ہوسکتا ہے رابطہ بحال ہوسکتا ہے۔ عزت اور وقار پر حرف آسکتا ہے۔ کسی صنفِ نازک کی وجہ سے آپ کو عزت کے ساتھ مالی نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ خفیہ مراسم میں احتیاط برتیں۔ ہفتہ اور اتوار قدرے بہتر ایام ہیں۔
برج دلو
سیارہ یورنیس 21 جنوری تا 19 فروری
آپ کی سوچ جارحانہ ہوچکی ہے اور آپ میں ایک توانائی اور پھرتی آچکی ہے۔ اب اس کا استعمال درست انداز میں کرنا آپ کی ذمے داری ہے۔ سفر بے انتہا ہونے والے ہیں۔ آپ کو ایک پل سکون نہیں آنے والا ہے۔ کچھ نہ کچھ کر گزرنے کی جستجو آپ کو بے تاب رکھے گی۔ چھوٹے بھائی اور پڑوسیوں سے تعلق میں بگاڑ آسکتا ہے۔ ممکن ہے آپ کا بھائی کسی دوردراز کے سفر پر چلا جائے لیکن اس کی وجہ سے آپ کے لیے کچھ مسائل آسکتے ہیں ۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
اولاد کا نمائندہ سیارہ اچانک جائے حادثہ اور کم زور جگہ سے گزرنے والا ہے۔ ایسے میں حاملہ خواتین کو اپنی صحت کے لیے اپنے طبیب سے مسلسل رابطے میں رہنا ضروری ہے۔ بچوں کی مصروفیات پر نظر رکھیں۔ اسی وقت میں جیب میں سوراخ ہوسکتا ہے، یعنی زیادہ اخراجات ہوسکتے ہیں یا نقصان ہوسکتا ہے۔ شریکِ حیات کے ساتھ مسلسل رہنے والی تلخی امید ہے اس ہفتے کے آخر میں بہتر ہوجائے گی۔
The post علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.