نعت سننا
فرید حسین، سکھر
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک نعتیہ محفل میں شرکت کے لئے اپنے دوست کے ساتھ جاتا ہوں ۔ وہاں بڑے اچھے اچھے نعت خواں تشریف لائے ہوتے ہیں ۔ یہ نعت خواں ہمارے نبیؐ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہوتے ہیں ۔ ان کا کلام بہت اچھا ہوتا ہے۔ میں بھی اس محفل کو سننے کے لئے وہاں ایک کونے میں بیٹھ جاتا ہوں ۔ بہت مزہ آ رہا ہوتا ہے اور میں خوب خشوع و خضوع سے سب سن رہا ہوتا ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلا ہو گا ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے حضور کریمؐ کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ لازمی کیا کریں ۔
بزرگوں کو شکر قندی دینا
میاں افتخار،شیخوپورہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور میرے دادا جان کے دوست ہمارے لئے شکر قندی لاتے ہیں۔ ہماری چچی سب کے لئے دودھ میں وہ شکر قندی پکا کے لاتی ہیں ۔ ہم سب لوگ بہت مزے سے اس کو کھاتے ہیں۔ اس کا ذائقہ بے حد لذیذ ہوتا ہے ۔ میں اپنی چچی سے کہتا ہوں کہ مجھے زیادہ پیک کر دیں تا کہ میں اپنے ساتھ لے جا سکوں ۔ پھر میں دیکھتا ہوں کہ میں کسی بزرگ کے مزار پہ ہوں اور وہاں ایک بزرگ بیٹھے ہیں، میں ان کی خدمت میں وہ شکرقندی پیش کرتا ہوں تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں اور مجھے دعائیں دیتے ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا ۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی ۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔
شادی میں شرکت
محمد نواز ، جھنگ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر اس کے چچا کی شادی پہ گیا ہوا ہوں اور ڈھول والوں کے ساتھ خوب ناچ گا رہا ہوں ۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ہو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تحت کاروبار کریں ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
پرندوں کی آوازیں سننا
ثریا علیم ، ٹھٹھہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی بھابی کے ساتھ ان کی کسی رشتہ دار خاتون کے گھر آئی ہوں اور ان کا گھر دیکھ کر حیران ہوتی ہوں کہ اتنا سرسبز اور پھولوں سے بھرا ہوا گھر ہے ۔ میں ان خاتون سے کہہ کے باغ میں ہی بیٹھ جاتی ہوں جہاں پرندوں کی بہت پیاری آوازیں ہوتی ہیں اور بے حد سرسبز گھاس اور خوبصورت پھول کھلے ہوتے ہیں۔ میں سارا وقت خوشی سے ان کو دیکھتی اور اللہ کی تسبیح ہی بیان کرتی رہتی ہوں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو راحت و آرام نصیب ہو گا ۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام و سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
گھر میں جوتا تلاش کرنا
نمرہ نذیر، حیدر آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں مگر میرا جوتا نہیں مل رہا ۔ میں بہت پریشان ہوں اور سارا گھر تلاش کرتی پھر رہی ہوں ۔ مگر کہیں کوئی جوتا نظر نہیں آتا ۔ بس اسی تلاش اور پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو زندگی میں کوئی مسلہ ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی و نا چاقی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے کیا کریں ۔ مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔
دوست پانی پلاتی ہے
سمیرہ علی ، راولپنڈی
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میری ایک کولیگ کچھ بوتلوں میں آب زم زم کی طرح کا کوئی پانی لائی ہیں جو کہ مجھے بھی دیتی ہیں ۔ میں پیتی ہوں تو حیران ہوتی ہوں کہ اتنا میٹھا اور خنک پانی ۔ پھر میں ان کے پاس دوبارہ جاتی ہوں اور دوبارہ ا ن سے درخواست کرتی ہوں کہ مجھے مزید ایک بوتل دے دیں تا کہ میں اپنی والدہ کے لئے بھی گھر لے جا سکوں جس پہ وہ مجھے ایک اور بڑی سی بوتل دیتی ہیں اور میں خوشی خوشی اسے لے کر آ جاتی ہوں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر چیز میں برکت ہو گی ۔اگر بیمار ہیں تو شفا ملے گی۔کاروبار میں بھی بہتری ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں ۔
کالج میں لڑائی
جاوید احمد، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری اپنے کالج میں کچھ لڑکوں سے لڑائی ہو گئی ہے اور میرے دوستوں نے ان سے لڑائی شروع کر دی ہے۔ میں سب کو منع کرتا ہوں مگر شور میں کوئی میری بات نہیں سنتا ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ جیسے ہم سب جیل میں ہیں اور میں بپت پریشان ہو کر اللہ سے رو رو کے دعا کرتا ہوں ۔ اسی وقت مجھے اپنے پرنسپل نظر آتے ہیں جو میری طرف اشارہ کر کے کہتے ہیں کہ یہ لڑکا ایسا نہیں ہے اس کو جانے دو ۔ پھر میں ان کے ساتھ باہر آ جاتا ہوں اور گھر آ کر اللہ کا خوب شکر ادا کرتا ہوں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر قسم کی پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ اگر خدانخواستہ کسی مقدمے میں پھنسے ہیں تو بھی اللہ تعالی کی مہربانی سے خلاصی ہو گی۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ آ پ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔
وطن واپسی پر بہن بھائیوں سے ملاقات
اللہ دتہ، سرگودھا
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں پاکستان آیا ہوا ہوں اور یہاں خوب سردی کا موسم ہے۔ میں اپنے سب بہن بھائوں کو کھانے پہ بلاتا ہوں اور پھر ہم سب چھت پہ آگ جلا کے بیٹھ جاتے ہیں ۔ بہت مزہ آتا ہے۔ سب خوب ہنستے بولتے اور پرانے قصے چھیڑتے ہیں ۔ میں بہت خوش ہوتا ہوں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے ۔ کہ آپ کو کاروباری معاملات یا تعلیمی میدان میں کامیابی و ترقی ملے گی ۔ رزق میں بھی اس کی بدولت اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ اور کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
دوستوں کے ساتھ پارٹی کرنا
میاں محمود، فیصل آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ ہمارا کالج میں آخری دن ہے اور سب لوگ مل کے خوب شور شرابا مچا رہے ہیں ۔ میرے دوست اور میں بھی خوب مزے کر ربے ہیں اور ایک دوسرے کو تنگ کر رہے ہیں ۔ ہمارے ایک پروفیسر کے پاس بہت زیادہ پھل ہوتا ہے جو وہ ایک ٹیبل پہ لگا کے بیٹھے ہوتے ہیں پھر وہ ہم کو بھی کھانے کی دعوت دیتے ہیں ۔ میں بہت سارے آم اٹھا لیتا ہوں اور خوب مزے لے لے کے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کے کھاتا ہوں ۔ وہ بہت ہی میٹھے اور لذیذ ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کارو بار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی غیب سے مدد فرمائیں گے۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمﷺ کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں ۔
گھر میں زلزلہ
مومنہ خان ، سیالکوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے اندر ہوں اور بڑے زور کا زلزلہ آتا ہے جس سے یوں لگا جیسے ہمارا گھر بھی ابھی گر جائے گا ۔ پھر میری آنکھ کھل گئی۔ مجھے بتائیں کہ اس خواب کی کیا تعبیر ہے ۔
تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔ ممکن ہو تو حسب استطاعت صدقہ کریں ۔
دنیا سے رخصتی
عنبرین یوسف ، کراچی
خواب : میں اکثر خواب میں خود کو مردہ دیکھتی ہوں ۔ اس کے علاوہ مجھے عام حالات میں بھی یہی وہم ستاتے رہتے ہیں اور ہر وقت ایسا ہی سوچتی رہتی ہوں ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کی زندگی میں اگر بیمار ہیں تو شفاء نصیب ہو گی ۔ پریشانیاں و غم دور ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
جوس پینا
حریم علی، اسلام آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اور میرے میاں بازار گئے ہیں اور وہاں پھل والے کی دوکان سے پھلوں کے جوس کا ایک گلاس پیتے ہیں ۔ پھر اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی رحمت و کرم سے آرام و سکون میسر ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا رزاق کا ورد کیا کریں ۔
دوسرے شہر جانا
محمد حبیب ، گوجرانوالہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک ٹرین میں سفر کر رہا ہوں اور ریل ایک سٹیشن پہ رکتی ہے ۔ میں جلدی سے اپنا سامان اٹھاتا ہوں اور گاڑی سے اتر جاتا ہوں ۔
تعیبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اگر کوئی بیمار ہے تو شفا ملے گی ۔ کاروباری یا تعلیمی معاملات میں آسانی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
حکیم سے ملاقات
محمد خان ، میلسی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں ایک حکیم صاحب کی دوکان پہ ہوں اور ان سے زعفران خرید کے گھر لاتا ہوں ۔گھر میں والد صاحب کو دیتا ہوں ۔ اس کے بعد مجھے خواب یاد نہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل سے بزرگی میں اضافہ ہو گا ۔ کاروباری و تعلیمی معاملات میں آسانی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
کھیتوں میں کام کرنا
شاہد رفیق، مریدکے
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں آدھی رات کے وقت کھیتوں کو پانی دے رہا ہوں۔ پانی دینے کے بعد میں آرام کی غرض سے ادھر ہی ایک چارپائی پہ لیٹ جاتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کی روزی میں اضافہ ہو گا ۔کاروباری و تعلیمی معاملات میں برکت و آسانی ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
شاپنگ کرنا
ہادیہ چوہان، نارووال
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی امی کے ساتھ شاپنگ کرنے کسی بازار آئی ہوئی ہوں اور وہاں چیزیں لیتے لیتے میں ایک قینچی بھی خرید لیتی ہوں اور اپنی امی کو دے دیتی ہوں کہ اس کو سنبھال کے رکھ لیں ۔
تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ تعلیمی و کاروباری معاملات میں بھی رکاوٹ ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد یا حی یا قیوم کی تسبیح پڑھا کریں ۔
جنگل سے گزرنا
مہر شیر علی ، مری
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک پہاڑی علاقے میں ہوں اور کسی جنگل سے گزر رہا ہوں۔ وہاں مجھے ایک جھلک شیر کی دکھائی دیتی ہے ۔ جس کو دیکھ کر میں بالکل بھی نہیں ڈرتا بلکہ آگے ہو کر اس کو دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ کدھر کو جا رہا ہے ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاھر کرتا ھے کہ آپ کسی بھی مشکل کام کو اچھے طریقے سے سر انجام دے دیں گے۔ اس کے علاوہ بھی مشکلات کو تدبیر سے حل کر لیں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
دوستوں سے گپ شپ
کامران حمید، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نکلتا ہوں، شائد میں کچھ خریدنے جا رہا ہوں ۔ راستے میں کچھ دوست مل جاتے ہیں۔ میں کافی خوش ہوتا ہوں اور ہم باتیں کرتے ایک میدان میں جا نکلتے ہیں ۔ میں وہاں ایک جگہ بیٹھ جاتا ہوں ۔ ادھر کافی رش ہوتا ہے اور دوکانیں ہوتی ہیں ۔ میں سوچتا ہوں کہ چلو آگے سے لے لوں گا ۔ اتنی دیر میں بہت سی مکھیاں و مچھر ادھر آ جاتے ہیں ۔ اتنے زیادہ ہوتے ہیں کہ میں پریشان ہو جاتا ہوں۔ پاس ہی مجھے ایک کپڑا نظر آتا ہے تو میں اسی سے ہی دائیں بائیں مارتا ہوں تو وہ بھاگ جاتے ہیں۔اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو اپنی کچھ نا پسندیدہ باتوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کی وجہ سے آپ مشکلات سے دوچار رہتے ہیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں اور ان کے اخلاق حسنہ کو اپنانے کی کوشش کریں ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.