برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
ابتدا میں مزاج میں اداسی اور مایوسی کا سایہ سا لہراسکتا ہے، زیان کا احساس زیادہ ہوگا جب کہ ہفتے کے درمیان میں یعنی بدھ جمعرات کو مزاج میں کچھ جذباتی سے ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں، ایک بزرگ جو آپ کا بھلا چاہتا ہے سے اپنے رویے کو خراب نہ ہونے دیں۔ 20 اپریل کا گرہن آپ کے خانۂ مال میں لگ رہا ہے، یہاں عطارد موجود ہے۔ آمدن میں اچھا اضافہ ہوسکتا ہے۔ اب اس کے جائز ہونے کی تسلی آپ خود ہی کرسکتے ہیں ۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
یہ سورج گرہن ایسے وقت میں لگ رہا ہے جب چاند اپنے شرفی مقام پر ہوگا، یعنی ثور کے ابتدائی درجات پر، چاند آپ کے قریبی افراد اور سورج آپ کے گھر سے تعلق رکھتا ہے۔ بظاہر یہاں کوئی خرابی کا امکان کم ہے، ہاں، سواری، لیپ ٹاپ یا سیل فون میں اچانک کوئی خرابی ہوجائے تو کچھ بعید از امکان نہیں ہے ، کسی قریبی شخص سے تعلق میں بیٹھے بیٹھے پرانا غصہ آتش فشاں ہوسکتا ہے، مقدر آپ کا ساتھ دے رہا ہے لیکن ایک اجنبی اپنا بن کے آپ کے کسی اپنے کو آپ کا مخالف بنانے کی سازش کرسکتا ہے۔
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
پیر کی شام تک مالی فائدے کا امکان موجود ہے جب کہ منگل اور بدھ ایک مہربان کی وجہ سے مالی نقصان یا زیادہ خرچ ہوسکتا ہے، آپ کے طالع میں بارھویں کا مالک ہے اور طالع کا بارھویں میں پانچویں کے مالک کے ساتھ اور ایسے وقت میں گرہن کا لگنا، آپ کو ریڈ الرٹ جاری کرتا ہے کہ محبت کے فریب میں کسی بھی قسم کے خفیہ میل ملاقات آپ کی عزت پر کالک مل سکتے ہیں۔ آپ کا سیارہ یہیں الٹا ہونے جارہا ہے بے حد محتاط رہیں تو بہتر ہے۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
آپ کے اس ہفتے کے زائچے میں مشتری، قمر اور مریخ جو کہ آپ کی خوش بختی کے سیارے ہیں آپ کے کیریئر میں کوئی اہم تبدیلی کی راہ ہموار ہونے کی اطلاع دے رہے ہیں۔ آپ کے دوست اور اجنبی مل کر کچھ ایسا سرپرائز کا انتظام کررہے ہیں کہ آپ کے بگڑے کام ہونے کا راستہ کھل جائے گا، اگلے دو سالوں کے آپ کے بیرون ملک کے امور میں سست روی اور تعطل ہوتا رہ سکتا ہے آپ مذہب کے لیے بے حد سنجیدہ اور دوراندیش ہوتے جائیں گے۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
چاند خوف کے خانے میں زحل سے ایک مایوسی لے کر نکل رہا ہے، لیکن ایک محبوب شخص آپ کو اس مشکل وقت میں بیساکھی بن کے مدد کرے گا۔ اگرچہ منگل بدھ زیادہ امید افزا ایام نہیں ہیں، لیکن 20 اپریل کا سورج گرہن آپ کے کیریئر کے مقام پر لگ رہا ہے، کوئی خفیہ سازش طشت از بام ہوسکتی ہے، امید ہے کہ اس سے آپ کو کوئی بڑا نقصان نہیں ہوگا، لیکن کسی انکوائری کے ایک کیس میں آپ کا نام آسکتا ہے۔ اس صورت حال کو صدقے، صبر اور دانش مندی سے سمجھنے اور اس کے حل کی کوشش کریں۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
ہفتے کی ابتدا کسی پرانے دوست سے رابطے کی صورت میں ہوسکتی ہے۔ کچھ کڑوی کچھ میٹھی باتوں کا تبادلہ ہوسکتا ہے۔ 18/19 کو کوئی مشترکہ فائدہ ہوسکتا ہے جس میں آپ کے شریکِ کار سے امور طے کرنے میں کچھ جذباتی الفاظ کا مرحلہ آسکتا ہے۔ یہ حصول ٹرے میں رکھ کے نہیں ملے گا۔20 اپریل کا سورج گرہن آپ کے بیرون ملک امور میں کچھ کاغذی الجھنیں لاسکتا ہے۔آپ کا عطارد الٹا ہونے جارہا ہے کچھ پرانے معاملے تازہ ہوسکتے ہیں۔ 22/23 اپریل کو مالی فائدہ ہونے کے امکانات ہیں۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا سیارہ اگرچہ خوف و دباؤ سے نکل آیا ہے اور مقدر کے مقام پر ہے لیکن مقدر کا سیارہ کم زور ہوچکا ہے اور سورج گرہن بھی ہے، ایسے وقت میں دوستوں سے وابستہ امیدیں متاثر ہوسکتی ہیں، اگر آپ کا پیدائشی مریخ اور چاند اچھے ہیں تو آپ اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے ورنہ کیریئر اور مالی لحاظ سے مشکلات کا سامنا ہونے کا اندیشہ ہے کوئی دوست دھوکا دے سکتا ہے۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
پیر کو ملاجُلا مزاج اور حالات رہ سکتے ہیں، سنجیدگی اور تصوراتی خیالات کا ایک بے ہنگم ہجوم آپ کو ذہنی طور پر الجھائے رکھ سکتا ہے، منگل اور بدھ بلا سوچے سمجھی سرمایہ کاری یقیناً زیاں کا سبب بن سکتی ہے۔ آپ کے ساتویں خانے میں سورج گرہن لگنے جارہا ہے، آپ کے لیے عوامی زندگی سے متعلق کوئی مشکل کھڑی ہوسکتی ہے۔ آپ کی عزت پر کوئی داغ لگانے کی کوشش کرسکتا ہے۔ زحل کا محبت کے خانے میں آنا اس سے متعلق کچھ دل کے رنجیدہ ہونے کا سبب ہوسکتا ہے۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
20 اپریل کا سورج گرہن آپ کے چھٹے یعنی صحت اور کام کے خانے میں ہے۔ سورج آپ کے بزرگوں کا نمائندہ ہے والد، استاد یا راہ نما کی صحت کو اچانک کوئی مسئلہ ہوسکتا ہے یا ان کے وقار پر کوئی حرف آسکتا ہے، آپ کی ذہانت یہاں کام نہیں آسکے گی۔ ایسے وقت ہی کے لیے صبر، صدقہ اور صلٰوۃ کا حکم ہوا ہے۔ ازدواجی تعلق میں بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔ یہاں کچھ باتیں کرشماتی طور پر آپ کے حق میں ہوسکتی ہیں لیکن اس کے لیے آپ کا ذاتی پیدائشی زائچہ باقوت لازم ہوگا۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
یہ سورج گرہن آپ کے اولاد اور محبت کے خانے میں 20 اپریل کو لگنے جارہا ہے، یہاں اس سے پہلے سورج اور مشتری کا یکجا ہونا وراثتی امور میں کوئی معاملہ متحرک کررہا ہے۔ زمین سے متعلق کوئی معاملہ اہم ہوسکتا ہے۔ یہاں مریخ ہبوط کے مقام پر ہے لہٰذا مشکلات اور مخالفت کا اندیشہ موجود ہے۔ یہاں تلخی بڑھ سکتی ہے، کوشش کریں کہ ٹکراؤ کی صورت حال نہ ہو، یہاں بچوں کے اعمال اور ان کی صحت آپ کی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے، صدقہ لازمی دیں۔
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
کوئی پرانا تعلق پھر سے تازہ ہوسکتا اور اس کی وجہ سے آپ کا ازدواجی اور گھر کا ماحول بگڑ سکتا ہے۔ اچھے اور برے، عارضی اور مستقل نفع نقصان کو مدِنظر رکھ کے کوئی بھی قدم اٹھائیں بلکہ سورج گرہن کے اس وقت میں اس آگ سے اپنے گھر کو نہ جلنے دیں، کچھ دن انتظار کرلیں حالات آپ کے حق میں خود ہی ہوجائیں گے۔ جلد بازی سے گریز بہتر ہے سینے اور معدے کے مریضوں کے لیے احتیاط کا وقت ہے۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
ہفتے کی ابتدا ہی ایک اچھے مالی فائدے کی خبر سنارہی ہے، اور یہ ایک بڑا فائدہ ہوسکتا ہے۔ کوئی انعام بھی مل سکتا ہے یا ایسی آمدنی جس میں مشقت کم ہو، یہ گرہن آپ کے لیے زیادہ الجھن لاتا ہوا محسوس نہیں ہوتا۔ سوائے اس کے کہ ایک ایسا بندہ کہ جو آپ کا ماتحت ہے آپ کا افسر بننے کی کوشش کرسکتا ہے۔ ایسے میں بھی حتمی نتیجہ آپ کی بہتری ہی کی صورت میں لائے گا۔ زہرہ آپ کے سفر اور عطارد آپ کے سکون کا مالک ہے۔ یہ ایک دوسرے کے گھر آگئے ہیں سفر ہوسکتا ہے، رہائش گاہ تبدیل ہوسکتی ہے۔
The post علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.