یہ دنیا دائروں کی دنیا ہے۔ اس میں رنگ رنگ کے دائرے ہیں ۔ کچھ دائرے تو قدرت نے بنائے کہ نظام دنیا چلانے اور باہمی پہچان کے لیے ضروری تھے ۔ کچھ دائرے انسانوں نے خود بنا لیے ۔ قدرت کے دائرے تو بلاشبہ ہر کسی کے فائدے کے تھے ۔
اس لیے کہ قسّامِ ازل نے اپنی تخلیق کو ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا ہے ۔ جہاں تک انسانوں کے بنائے ہوئے دائروں کی بات ہے تو ان سے اکثر خرابی نے ہی جنم لیا ہے ۔ انسانی دائروں کی خشتِ اول پر لکھا ہے کہ اپنے حال میں مست اور اپنے مال میں غرق رہو ۔
اللہ کے بنائے ہوئے دائروں کی پہلی نشانی یہ ہے کہ انسان اس میں پہنچتے ہی تازہ دم ہو جاتا ہے اور خوشی محسوس کرتا ہے ۔
اس کی خشتِ اول پر کندہ ہے : ہمدردی، حسنِ سلوک ، باہمی تعاون اور ایثار و قربانی ۔ یہ دائرہ حال میں مست نہیں کرتا بلکہ برابر والے کو کھانا کھلاتا ہے ۔
مال میں غرق نہیں کرتا کہ اس کے اموال میں دوسروں کا بھی حق ہے ۔ مگر انسان اپنی عجلت پسندی اور جہالت کی وجہ سے نہ تو اپنے فطری دائرے کو پہچاننے کی کوشش کرتا ہے اور نہ ہی یکسوئی کے ساتھ کام پر توجہ کرتا ہے ۔ جس کا نتیجہ قدم قد م پر ناکامی ، مایوسی اور حوصلے پست ہونے کی صورت میں نکلتا ہے ۔
انسان کے خالق نے یوں تو کئی طرح کے دائرے بنائے ہیں مگر ہم بات کریں گے رجحانات اور میلانات کی ۔ رجحان یا میلان دراصل شخصیت اور صلاحیت سے مل کر واضح ہوتا ہے ۔ یعنی اگر درست طریقے سے اسے سمجھ لیا جائے تو بہت آسانی سے کسی بھی انسان کے لیے اس کے میدان عمل یا کیریئر کا انتخاب کیا جا سکتا ہے ۔ رجحان کی بنیاد پر ہم انسانوں کوآٹھ دائروں میں تقسیم کریں گے ۔
کوئی بھی انسان صرف ایک دائرے کا فرد نہیں ہوتا بلکہ ایک سے زیادہ دائروں میں شمار ہوتا ہے ۔ ہر انسان کا کوئی ایک بنیادی دائرہ ہو گا اور کوئی دوسرا دائرہ ثانوی حیثیت میں اس کے ساتھ ضرور ہو گا ۔
یہ اللہ تعالی کی طرف سے انسان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ، اسی وجہ سے انسانوں میں لچک ہوتی ہے ۔ مثال کے طور پر کسی کا بنیادی دائرہ الفاظ و معانی کا ہے مگر ثانوی دائرہ بقیہ سات میں سے کوئی ایک ہوگا ، یوں ہر کسی کا میدان عمل بالکل الگ ہو جائے گا ۔
جب آپ اپنا دائرہ تلاش کر لیتے ہیں ۔ یہ تلاش کسی ٹیسٹ کے ذریعہ بھی ہو سکتی ہے اور کسی کونسلر سے میٹنگ کے ذریعے بھی ۔ اپنے اصل دائرے میں پہنچنے کی بڑی نشانی یہ ہے کہ پیش آنے والا چیلنج بھی آپ کی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا ۔
آپ پورے تجسّس سے کام کریں گے ۔ مقابلے کی فضا آپ کو آگے بڑھائے گی ۔ اختیارات خود بخود آپ کے ہاتھ میں آئیں گے ۔
اگر آپ زندگی سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ، ہواؤوں کا رخ موڑ دینے کی طاقت حاصل کرنا چاہتے ہیں ، موت و حیات کی کشمکش سے آزاد ہو کر بڑی کامیابیوں کو حاصل کرنا چاہتے ہیں ، زندگی کن کاموں میں گزاری کا اچھا جواب چاہیے ، جوانی کن کاموں میں صرف کی ، کا اطمینان بخش جواب چاہیے اور بڑھاپے کو افسوس اور ملال سے بچانا چاہتے ہیں ، تو اپنے رجحان اور میلان کو سمجھیں اور اسی کے مطابق کام کریں ۔
الفاظ و معانی کا دائرہ
اس دائرے کے افراد الفاظ کا استعمال بہت اچھا جانتے ہیں ۔ روزمرہ زندگی میں الفاظ کے تجربات سے واقف ہی نہیں ، ماہر ہوتے ہیں ۔ ان کے لیے استعارے اور کنایے میں بات کرنا بہت آسان ہوتا ہے ۔ عبارت ہو یا کلام ، اس کی تفہیم اور تجزیہ دونوں نقد بتا دیتے ہیں ۔ زبان کا استدلال بہت مضبوط ہوتا ہے ۔
گرامر اور ہجے کی مضبوطی اور الفاظ کا وسیع ذخیرہ اچھی تحریر کے لازمی اجزاء ہیں ۔ اسی طرح مترادفات ، محاورات ، متضاد الفاظ اور زبان کو موضوع سے ہم آہنگ کرنا اس دائرے کے افراد کا فطری بہاؤ ہے ۔
اسی طرح عبارت اچھا پڑھنا ایک مہارت ہے وہیں خوبصورت لکھائی بھی دل و دماغ کی خوبصورتی کی علامت ہے ۔ ان کے تخلیقی نثرپارے ہمیں زندگی اور اس کے اتار چڑھاؤ کا فہم دیتے ہیں ، نظام دنیا کو بنانے اور چلانے کا سلیقہ سکھاتے ہیں ۔
فلسفہ ، ادب ، تاریخ ، سیاسیات ، اسلامیات ، معاشیات ، کاروبار اور قانون وغیرہ کے شعبوں میں ان کا کردار اساسی ہے ۔
یہ صلاحیت کم لوگوں میں ہوتی ہے کہ الفاظ کا کاروبار کریں اور روزی کمائیں ۔ اس کے علاوہ صحافت اور میڈیا کی دنیا کی وسعت انہیں اپنا ہنر آزمانے کی دعوت دیتی ہے ۔ قدرت نے انہیں بہت کچھ دے رکھا ہوتا ہے ۔ مگر اس تناسب اور بہتری کا خیال رکھنا اور وسیع مطالعہ کرنا فرد کی ذمہ داری ہے ۔
رنگ و آہنگ کا دائرہ
اس دائرے میں رہنے والے لوگ اپنے تخیّل اور احساسات و جذبات کا اظہار رنگ اور آہنگ سے کرتے ہیں ۔ یہ لوگ سوچ اور فکر میں گہرے ، مزاج میں رومانوی اور جذبات میں افسانوی ہوتے ہیں ۔ یہ آزادی اور خیالات کی دنیا کو مکمل آزاد رکھنا اور استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ لوگ معاشرے کو بہت کچھ دیتے ہیں ۔
جس نظریے کے ساتھ جڑیں گے اسے کمال تک پہنچائیں گے ۔ اسلام کے ساتھ جڑنے والوں نے بہت گہرائی میں جا کر دین کی خدمت کی ۔
رنگ و آہنگ کا دائرہ سخت محنت اور لگن مانگتا ہے ۔ اس دائرے میں کام محض روایتی انداز میں نہیں ہوتا ۔ سوچ کی پختگی اور کام کی مہارت مل کر ہی کامیابی حاصل کرتے ہیں ۔ ان کی کچھ عادتیں عام لوگوں کو پسند نہیں آتیں ، اس وجہ سے ان کے راستے جلد الگ ہو جاتے ہیں اور فاصلے بڑھ جاتے ہیں ۔
مارکیٹ میں اس کے کیریئر کی آمدنی کم ہوتی ہے مگر جو لوگ وسعتِ مطالعہ اور مشاہدے کی گہرائی سے اپنا دامن بھرا رکھتے ہیں، انہیں معاشر ے کو اچھی جگہ ضرور دینی پڑتی ہے ۔ کچھ لوگ کم محنت اور عام سی بات پر بڑی کامیابی حاصل کر لیتے ہیں ۔
اس لیے تخلیقی کیریئرز میں کوئی بات حتمی نہیں ہوتی ۔ اہم بات یہ ہو گی کہ آپ نے جو کیا یا بنایا! کیا وہ صحیح وقت پر اورصحیح چیز ہے؟
طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اپنے آپ کو اس دائرے میں شمار کرتی ہے ۔ وہ واقعتًا اس دائرے میں آتے ہیں یا نہیں ، اس بات کا فیصلہ تو کیریئر کونسلر کرے گا مگر انہیں یہ تو معلوم ہونا چاہیے کہ خیال کہاں سے آتا ہے؟ دائرہ کیسے بنتا ہے؟ اور علم کس طرح پروان چڑھتا ہے؟ ان سب باتوں کے ساتھ ساتھ سماجی اور ثقافتی معیارات کا خیال کیوں کر ضروری ہے ؟ یوں تعمیر کاجو ذوق بنے گا وہ انسانی تخلیق کو چار چاند لگا دے گا ۔
سماجی اور ثقافتی دائرہ
اگرچہ ہر کیریئر کسی نہ کسی انداز میں دوسروں سے تعلق رکھنے پر زور دیتا ہے مگر اس دائرے کے افراد لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہنے میں توانائی محسوس کرتے ہیں ۔ دوسروں کی ترقی اور کامیابی میں مدد کرنا بہت اچھا لگتا ہے ۔
کسی کو مشورہ بڑے شوق سے دیتے ہیں ۔ لوگ تعلق اور عقیدت کا اظہار بھی کرتے ہیں مگر ان کی اپنی زندگی اکثر و بیشتر تنگی اور ترشی میں ہی گزرتی ہے ۔ دوسروں کے فیصلوں میں سہولت دے کر اندرونی مسرت اور بیرونی شادمانی بہت ملتی ہے مگر اپنی زندگی کا سفر آگ پر چل کر ہی کٹتا ہے ۔ اس سب کچھ کے باوجود ان کی زندگی دنیا میں قابل رشک اور قابل قدر ہوتی ہے ۔
اس دائرے کے افراد اپنی روایتی وضع داری کی وجہ سے تعلقات میں استواری کی شرط ملحوظ رکھتے ہیں ۔ یوں ان کا سوشل اکاؤنٹ بڑھتا ہی رہتا ہے ۔
ہر کسی کی بات ہمہ تن گوش ہو کر سنتے ہیں اور ذہنی برابری پر آکر اپنے مؤثر ابلاغ کے ذریعہ دوسروں کے مسائل حل کرتے ہیں ۔ انہیں بات شروع کرنے اور کسی بات کو اختتام پر لے جانے کا طریقہ خوب آتا ہے ۔ سوال پوچھنے اور رائے دینے کا موقع محل اچھے سے جانتے ہیں ۔ معذرت کرنے یا سننے کا مناسب سلیقہ ان کی فطرت میں ہوتا ہے ۔
احساسات اور جذبات کا خوبصورت اندازمیں اظہار اوردلائل و شہادت کی کاٹ اس دائرے کے افراد سے زیادہ کوئی نہیں جانتا ، اسی لیے ان کے مذاکرات کامیاب ، معاملہ فہمی تیز اور ذہنی تناؤ اور دباؤ سے الگ ہو کر مضبوط قوتِ فیصلہ سے قدم بقدم کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
سماجی اور ثقافتی دائرے کے افراد میں ذہنی وسعت کے ساتھ مزاج اور طبیعت میں لچک اور تجسس بہت زیادہ ہوتا ہے۔ یوں نئی چیزوں کو لینا اور نئے نظریات کو اپنانا بہت آسان ہوتا ہے ۔ ہر ناکامی سے سیکھتے ہیں ۔ غلطی کا اعتراف فورًا کرتے ہیں ۔ کسی معاملے پر ’’ میں نہیں جانتا ‘‘ کہنے میں شرم محسوس نہیں کرتے کہ اسی سے علم اور تحقیق کے دروازے کھلتے ہیں ۔
اس دائرے کے لوگ بچوں کے قریب اور ان کے دوست ہوتے ہیں ۔ بچوں کے پروگرام ان کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں۔ بچوں سے کھیلنا اور انہیں خاندانی رکھ رکھاؤ سکھانا ان کی اولین خواہش ہوتی ہے ۔
اس کی بڑی وجہ ان کا اپنی ذات میں انجمن ہونا اور طبیعت میں تخلیقی ہونا ہوتا ہے ۔ ثقافتی واقفیت ان کے ابلاغ کو آسان بنا دیتی ہے ۔ ہر ایک دل سے ان کا قائل ہو جاتا ہے اور صبر اور حوصلے کے ساتھ ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرتا ہے ۔
قوت عمل کا دائرہ
انسانوں میں ایک گروہ ہمیشہ ایسا رہا ہے کہ جس کی جسمانی قوت مضبوط ، تمام اعضاء مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے والے تھے ۔ ہڈیوں کے جوڑ اور پٹھے روانی سے حرکت کرتے تھے ۔ انھیں اللہ نے بصری اور مکینیکل مہارتوں سے وافر حصہ دیا ہوتا ہے ۔
اسی لیے اپنے ہاتھ سے کام کرنا انہیں مزا دیتا ہے ۔ دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ان کے لیے دشوار تو نہیں ہوتا مگر اکیلے کام کرنے میں نتائج زیادہ اچھے نکلتے ہیں ۔ اسی طرح حالات کی سختی اور نزاکت ان کے لیے کسی پریشانی کا باعث نہیں بنتی ۔
اس دائرے کے افراد کو قدرت نے تندرست جسم دیا ہوتا ہے ۔ ہڈیاں مضبوط اور پٹھے طاقتور ہوتے ہیں ۔ ان کا وزن اور ساخت متوازن ہوتی ہے۔ ہر کام کو کرنے کے لیے اللہ نے جسم میں ضروری لچک رکھی ہوتی ہے ۔ کام کے لیے اعتماد کی دولت سے مالامال ہوتے ہیں اور حوصلے والا توانا دل اپنے دامن میں رکھتے ہیں ۔ ورزش کا شوق تو رگ رگ میں ہوتا ہے مگر بے قابو ورزش کر کے جسمانی نمائش میں جانے والے ان میں بہت کم ہوتے ہیں ۔
مناسب ورزش کر کے اچھی جلد رکھنے والے سماج میں زیادہ بہتر جگہ بناتے ہیں ۔ ادارے ان کے طلب گار ہوتے ہیں ۔
عام انسان ویسے بھی ان کے ساتھ رہنے اور بیٹھنے کو اچھا محسوس کرتا ہے ۔ نشست و برخاست کے خوبصورت انداز کے ساتھ ہر وقت متحرک رہنا ہر کسی کو گرویدہ بنا دیتا ہے ۔ یہ نہ تو بہت دبلے پتلے ہوتے ہیں اور نہ ہی موٹاپا چڑھا ہوتا ہے ۔ اچھا متوازن بھرا جسم ہوتا ہے ۔ رنگ جیسا بھی ہو مگر کشش رکھتے ہیں ۔
عام طور پر اس دائرے کے لوگ تین حصوں میں تقسیم ہوتے ہیں ۔ ایک جن کا اوپر ذکر گزر چکا ۔ دوسرے ، چھوٹی بڑی قیادت کے مناصب پر اور تیسرا رقص و سروداور نغمہ و ساز کی دنیا ہے ۔ اس تقسیم کی بنیاد جسمانی ساخت ، گھر ، خاندان اور تعلیم و تربیت پر منحصر ہے ۔ اس دائرے کے مرد و عورت کو ہر لمحہ اللہ تعالی سے ہدایت و رہنمائی کی دعا کرتے رہنا چاہیے ۔
قدرت کا بنایا ہوا یہ دائرہ اپنے فوائد کے اعتبار سے بہت ہی اہم ہے ۔ تاریخ میں بہت سارے بڑے کام اسی دائرے کے لوگوں نے ہی کیے ہیں۔ آخر کو قوت عمل تو یہیں سے ہی ملتی ہے ۔ قدم قدم پر جن کا سانس پھولتا ہو وہ لوگ تو دنیا میں کوئی بڑا کام نہیں کر پاتے ۔
تجربے اور مشاہدے کا دائرہ
اس دائرے میں شامل افراد گہرا مشاہدہ تو رکھتے ہی ہیں ، ساتھ ہی ساتھ ان کی ذہانت اور متانت بھی کسی طرح کم نہیں ہوتی ۔ حصول علم کی جستجو انہیں بے چین رکھتی ہے ۔ وہ علم اور مشاہدہ ہی کیا ہوا جو تجربے کی بھٹی میں اپنی حقیقت کو نہ منوا سکے ۔ اس لیے ہر چیز کو تجربے کی لیب میں یا تجربے کے میدان میں ضرور لے کر جاتے ہیں ۔
ریاضی کے اصول اپنائے جائیں گے اور حیاتیات کی باریکیوں میں زندگی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ فزکس اگر ریاضی کے اصولوں کو مانتی ہے تو کیمسٹری امکانات میں اضافہ کرتی ہے ۔ کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کی تیز دنیا مشاہدے میں ہی تجربے کا رنگ مانگتی ہے ، اس لیے کہ ان کی رفتار تیز اور معاشرے کے تقاضے زیادہ ہیں ۔
اس دائرے کے لوگ عام طور پر بہت حساس ہوتے ہیں ۔ بڑی دور سے بو سونگھ لیتے ہیں ۔ یادداشت بہت تیز اور مضبوط ہوتی ہے ۔ کسی بھی چیز کے بارے میں اپنی رائے بہت واضح رکھتے ہیں ۔ جذبات کے معاملے میں بہت مضبوط اور متوازن ہوتے ہیں ۔
اعداد و شمار کو ان کے متعین طریق کار کے مطابق پرکھے بغیر نہ تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی پاؤں جمنے دیتے ہیں ۔
ان کے تجربات بے ہنگم نہیں ہوتے ۔ تجربات بھی ایک طریق کار اور طرز فکر کے تحت ہوتے ہیں۔ انہیں تجربات سے محض مزا نہیں لینا ہوتا بلکہ مسئلہ تلاش کرنا ہوتا ہے ۔ خوبیاں اور خامیاں الگ الگ کرنا ہوتی ہیں ۔ نتائج کو پرکھنا ہوتا ہے تاکہ ہر تجربے سے انسانوں کو فائدہ ملے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا مزاج غیرجانبدار ہوتا ہے ۔
ہر باریک فرق کو بھی نمایاں کرتے ہیں اور نتائج عام فہم انداز میں عام کر دیتے ہیں تاکہ ہر کوئی تجزیہ کر سکے اور اپنی رائے دے سکے ۔ ان کا تجربہ اور رائے ، انسانی زندگی کو سہولت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
کاروباری دائرہ
اس دائرے میں اپنی دنیا آپ بناتے ہیں ۔ اعتماد اور حوصلہ بڑھتا ہے ۔ مالی وسائل کو اپنے طریقے سے بڑھاتے اور اپنے کام خود کر کے اس وقت زیادہ خوشی محسوس کرتے ہیں جب فوائد کا رخ بھی اپنی طرف ہو ۔ ان افراد کی بڑی خوبی یہ ہے کہ ملازمت میں کسی کے کام کو اپنا ہی سمجھ کر کرتے ہیں ۔
ان کے طرزِعمل کی وجہ سے ، ہر کوئی ان سے بلند توقعات اور حوصلے کی امید باندھ لیتا ہے ۔ یہ اچھے موقع کی تلاش اور کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں ۔
یہ لوگ اقتصادی سرگرمیاں بڑھا کر تجارت اور پیداوار کے فوائد میں اضافہ کرنا خوب جانتے ہیں ۔ غیر یقینی حالات میں بھی خطرات کو ایک طرف کر کے آگے بڑھنے کے راستوں سے واقف ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ لوگ غیر قانونی راستے نہیں اپناتے ۔
تعلیمی قابلیت میں مسلسل اضافہ کرتے ہیں ۔ بہترین مارکیٹنگ پلان کے ذریعہ ہمعصروں سے مقابلہ کرتے ہیں اور اپنے کام کو بڑھاتے بھی ہیں ۔ اہم بات یہ ہے کہ اہل اور قابل افراد کے لیے کشش پیدا کر دیتے ہیں ۔
ان کی غیر روایتی سوچ ، منصوبہ بندی میں جدت کو نمایاں کر دیتی ہے ۔ اشتراک عمل اور بات چیت میں وسعت قلبی سے امکانات کے دروازے کھلتے اور باصلاحیت افراد کی قربت کے راستے آسان ہو جاتے ہیں ۔
اللہ نے انھیں قیادت جرات مندانہ اور کام والہانہ انداز میں کرنے کی نعمت سے نوازا ہوتا ہے ۔ جہاں کاروباری مہم کی کامیابی پر انعام زبردست ہوتا ہے وہیں ذمہ داری کا محاسبہ سخت ہوتا ہے ۔ ان کا رویہ ریشم کی طرح نرم اور نظم لوہے کی طرح حزم ہوتا ہے ۔
کاروباری دائرے کے افراد کی کامیابی ایمانداری سے مشروط ہے ۔ ان کے اچھے بول اور اپنی ثقافت سے پیار ان کی مجلس کو وسیع بھی کرتا ہے اور طویل بھی۔ اپنے تجربات سے دوسروں کو فائدہ دیتے ہیں اور دوسروں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے بھی ہیں ۔ دنیا میں خوش حالی زیادہ تر ان سے وابستہ ہوتی ہے ۔
قیادت کا دائرہ
دائروں کی دنیا میں ایک دائرہ وہ ہے جس میں ہر کوئی باوقار انداز رکھتا ہے ۔ خوداعتمادی اور کردار کی عظمت شخصیت میں کشش اور قیادت میں روح ڈال دیتی ہے۔
مستقبل پر گہری نظر اور ذہانت ، کل کے منظرنامے کو بہت صاف اور شفاف انداز میں پیش کرتی ہے ۔ سیاسی فہم ، انتظامی مہارت اور اقدار سے وابستگی انہیں ایک خاص مقام پر لے جاتی ہے ، جہاں عام حالات میں پہنچنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہوتا ہے ۔
اس دائرے میں بات اختصار سے کی جاتی ہے اور بین السطور باتوں کو فوراً سمجھ لیا جاتا ہے ۔ معلومات اور اعداد و شمار میں خاموش ترتیب کو سمجھنا اور پیچیدہ اور بے ترتیب معلومات جوڑ کر اصل کہانی تک پہنچنا ان کی دلچسپی کا کام ہے ۔
گراف اور کرنسی کو سمجھنے کی مہارت قدرت نے طبیعت میں رکھی ہوتی ہے ۔ الفاظ اور جملوں کی گہرائی سے منطقی نتیجہ حاصل کر کے مضبوط فیصلہ کرنے کی صلاحیت انہیں سماج میں نمایاں کر دیتی ہے ۔
قیادت عوام کی کرنی ہو یا کسی ادارے کی یا کسی چھوٹے بڑے پراجیکٹ کی ، ان کی نظر ہر جانب ہو گی ۔ آخری نتیجے کو سامنے رکھ کر یہ خود ہی منصوبہ بندی کریں گے اور خود ہی متحرک رہیں گے ۔ ایک بار فیصلہ کر لینے کے بعد تبدیلی ناممکن ہوتی ہے ۔ حالات موافق ہوں یا ناموافق ان کا اعتماد اور تخلیقی صلاحیت اپنا راستہ خود بنا لیتی ہے ۔
یہ لوگ ہر دم تیار اور پْرسکون ہونے کی وجہ سے اپنی پہلی نظر مثبت رکھتے ہیں اور امید کا دامن نہیں چھوڑتے ۔ مزید یہ کہ ان کی مستقل مزاجی ، وسعت نظر اور تجزیاتی سوچ ، متعین اہدا ف کا حصول آسان بنا دیتی ہے ۔
اللہ نے انہیں بہت اچھی قوت اظہار دی ہوتی ہے اس لیے بوقت ضرورت کھلا اظہار کرتے ہیں اور پیش آنے والی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ۔ لہٰذا جہاں یہ ہوں گے وہاں قیادت کسی دوسرے کو جچے گی نہیں اور خود ہی گھوم کر ان کے پاس آجائے گی ۔
تنظیم و اہتمام کا دائرہ
دائروں کی دنیا میں یوں تو ہر دائرہ بہت اہم ہے مگر کاروبار دنیا چلانے میں تنظیم و اہتمام کے دائرے کی الگ اہمیت ہے ۔ مالی معاملات ہوں یا قانونی معاملات ، سرکاری ہوں یا نجی ، چھوٹے ہوں یا بڑے ، افراد کا مؤثر استعمال ہو یا مواد کا ، ان کاموں میں تنظیم و اہتمام اس دائرے کے افراد ہی کر پاتے ہیں ۔
میرے اللہ نے اپنی دنیا کو یونہی تو دائروں میں تقسیم نہیں کر رکھا ہے ۔ یہ لوگ فکری اور نظری اعتبار سے بہت پختہ ہوتے ہیں ۔ وہ تنقیدی سے پہلے تخلیقی سوچ رکھتے ہیں۔
اسی لیے فیصلہ سازی مثبت بھی ہوتی ہے اور بروقت بھی۔ مسائل کی جڑوں تک پہنچنا آسان ہوتا ہے۔ انتظام اور اہتمام دفتر بہت عالی شان ہوتا ہے ۔ ان کے کام اور ذات میں بہترین توازن ہوتا ہے ۔ یوں اپنا بھی خیال رکھتے ہیں اور ادارے کے وقت اور وسائل کا بھی ۔
ان افراد کو جب بھی دیکھیں ، ان کی ترجیحات بہت واضح ہوتی ہیں ۔ دباؤ ان کی صلاحیت پر اثرانداز نہیں ہوتا ۔ دباؤ کے باوجود ان کا دل اور دماغ اپنے مقصد کو بھولتا نہیں بلکہ خود بخود کام میں لگا رہتا ہے ۔
اس دائرے کے لوگ بہت باریکی سے تجزیہ کرتے ہیں ۔ بڑے بے رحم انداز سے ہر بات کا جائزہ لے کر ایسی منصوبہ بندی کرتے ہیں جس میں نہ تو کوئی ضد ہوتی ہے اور نہ ہی سارے کام ایک دو لوگوں کے گرد گھوم رہے ہوتے ہیں ۔
آپ مشاہدہ کریں گے کہ ان کی بات بہت واضح ہے ۔ ہر کام میں پابندی وقت ان کی ذات کا نمایاں پہلو ہے۔ ہر فرد کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں ۔
اسی وجہ سے ان کے کام بہت معیاری ہوتے ہیں ۔ مختصر یہ کہ اعلیٰ عہدوں کے قابل امیدوار ہوتے ہیں ۔ انتظامیہ ، بینکنگ، اکاؤنٹینٹس، اسی طرح کے دیگر شعبوں میں ان کی اہلیت کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے ۔ ( مضمون نگار کیریئر کونسلر اور ایجوکیشنل ایڈوائزر ہیں )
The post دائروں کی دنیا میں آپ کا دائرہ کون سا ہے؟ appeared first on ایکسپریس اردو.