Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

نئے سال میں بہت کچھ نیا پن بھر دیجیے

$
0
0

خوشیوں میں بسا ایک اور سال آپ کی زندگی میں روشنیاں بھرنے آن پہنچا ہے۔گزرے سال کے دکھ درد تکالیف بالکل بھلائے تو نہیں جا سکتے، لیکن انھیں وقت کی دوڑ میں بھولنے کی کوشش کی ضرور کی جا سکتی ہے۔

آپ زندگی کے رنگ چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں تلاش کرنا سیکھیں اور اس نئے سال میں وہ سب کچھ بھلانے کی پوری کوشش کریں، جو آپ کے لیے باعث تکلیف بنا۔زندگی کے جو رنگ ہیں نا یہ بہت خوب صورت ہیں۔

ان رنگوں میں خود کو چھپا کر خوش ہوں اور اپنے خاندان کو بھی اسی خوشی کی لپیٹ میں لے آئیے۔کچھ نیا سوچیں،کچھ نیا دیکھیں اور کچھ نیا پہنیں۔ بھول جائیں وہ لمحات جنھوں نے آپ کو درد دیا، افسردہ کیا یا کسی بھی تکلیف کی وجہ بنے۔

آپ سوچیں اپنے اردگرد کے افراد کے متعلق جو آپ کی آنکھوں میں تیرنے والے آنسوؤں سے پریشان ہو جاتے ہیں اور آپ کے خوشی سے تمتاتے چہرے میں انھیں سکون ملتا ہے۔ نئے سال کے نئے سورج کی کرنوں سے کوئی شکوہ نہ کریں، بلکہ نئی امنگوں کے ساتھ جینے کا آغاز کریں۔ آج ہم کچھ لفظوں کے ذریعے آپ کو زندگی کا نیا رنگ دکھائیں گے، ایک ایسا راستہ، جو صرف خوشیاں بانٹنے کا ہے۔

اگر آپ خاتون خانہ ہیں، اور اپنے خاندان کے لیے کچھ ایسا کرنا چاہتی ہیں، جس کے ذریعے سب یک جان دو قلب ہو جائیں، تو نئے سال کی شروعات ایک ٹی پارٹی سے کریں۔ سب کو اکھٹا کریں۔ خوشی سے بلائیں اور اچھا سا استقبال کریں۔ کچھ دیر سب کو ایک ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیں۔ گلے شکوے ختم کرائیں اور دیکھیں کتنا اچھا منظر سامنے آتا ہے اور پارٹی کا اختتام قہقہوں پر ہوگا۔

آپ ایک بہترین ماں کے روپ میں نئے سال کا آغاز کرنا چاہتی ہیں، تو اپنے بچوں کے ساتھ مل کر گھر میں کوئی اچھی سی ڈش بنائیں اور انھیں آپس میں لطف اندوز ہونے کا بھرپور موقع دیں۔ ایک پروفیشنل ورکر ہیں، تو کھانے کے وقفے میں کچھ اہتمام کر لیں۔ اپنے احباب کو نئے سال کی خوشی میں ایک سرپرائز دیں۔ انھیں بتائیں کہ وہ آپ کے لیے اہم ہیں۔

اس طرح آپ کا اپنے دوستوں کے ساتھ تعلق مزید پائیدار اور غلط فہمیوں سے پاک ہوگا۔ اگر آپ ایک ڈیزائنر ہیں، تو اپنے نئے سال کے مقاصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کچھ ایسا نیا ڈیزائن مارکیٹ میں لانے کی کوشش کریں، جو پہلے موجود نہ ہو۔ ڈیزائن پر رنگ تبدیل کر دینا ہی کافی نہیں بلکہ اس ڈیزائن کو ہی بدل دیں جو اہل ذوق خواتین کو پسند نہیں ہے۔

اس میں کچھ نیا پن، کچھ نئی چیز لائیں جو دوسروں کو اپنی طرف متوجہ کرے۔ اگر آپ ایک لکھاری ہیں، تو اپنے لفظوں کی پٹاری سے ایسا کچھ نیا نکالیں، جو قارئین کو اپنی طرف متوجہ کر لے، جس کے سحر سے وہ مشکل سے ہی نکلیں۔ اپنی طرف سے کوشش کریں کہ خوشی ہی بکھیریں، آنسوؤں کی مالا کو کچھ لمحوں کے لیے کہیں چھپا دیجیے۔ پتھر ہوئی آنکھوں کو ہنسنا سیکھا دیں۔ بہتے جھرنوں کو رکنا اور کہکشاؤں کو ٹھیرنا سیکھا دیں۔

یہ سوچیں کہ ہوسکتا ہے کوئی آپ کے لفظوں سے سنور جائے۔ کسی کے بہتے ہوئے آنسو ایک ہنسی میں بدل جائیں۔ اگر آپ ایک معالج ہیں، تو بدل دیں مایوسی میں ڈوبے چہروں کو۔ انھیں موت کے خوف سے نکال لائیں۔ زندگی کی تمنا ان کے دلوں میں بھریں۔ انھیں سمجھائیں کہ وہ اپنے آپ کو زندگی کی طرف لانے کی کوشش کریں۔

سب کچھ بدل جاتا ہے، اگر یقین اور دعا کی تسبیح ہاتھ میں ہو۔ آپ کی تھوڑی سی کوشش سے اگر کوئی جینا شروع کر دے، تو اس سے بڑھ کر کیا ہو سکتا ہے۔ ہمیشہ مثبت سوچیں اور اسی پر عمل کریں، جو آپ کو بہترین بنا دے۔ ایسے لوگوں کی شر پسندی کا نشانہ نہ بنیں جو نہ صرف آپ کو بل کہ آپ سے منسلک ہر رشتے کو نقصان پہنچائیں۔

یہ یاد رکھیں آپ کی اولین ترجیح آپ کے اپنے ہو، چاہے ماں ہو باپ  ہوں بہن بھائی ہوں بچے ہوں یا شوہر۔ اگر آپ کو محسوس ہو کہ وہ سب آپ سے خوش اور مطمئن ہیں، تب اپنے احباب پر نظر دوڑائیں اور انھیں زندگی کی خوشیوں کی طرف لانے کی تگ و دو کریں۔

آپ کی فیملی ماں باپ بیوی بچے آپ کے لیے سب سے اہم ہیں انھیں توجہ اور وقت دیں۔ نئے سال کی شروعات میں آپ کی پہلی ترجیح آپ کے وہ رشتے ہونے چاہیں، جو آپ سے دور ہیں اور وہ آپ کی ایک دستک کے منتظر ہیں۔

The post نئے سال میں بہت کچھ نیا پن بھر دیجیے appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>