مئی … جون
یکم مئی
شہبازشریف بڑا مالیاتی پیکیج حاصل کرنے میں کام یاب
مئی کے مہینے میں وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب سے تقریباً 8 ارب ڈالرز کا پیکیج حاصل کرنے میں کام یاب ہو گئے۔
یکم مئی کو سعودی عرب میں شہباز شریف نے وہاں اعلٰی حکام سے ملاقاتیں کیں جس کے بعد دو مئی کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے اپنے دورۂ سعودی عرب میں پاکستان کے لیے مالی پیکیج حاصل کرلیا جو خستہ حال معیشت کو سہارا دے گی، جس میں تیل فنانسنگ کی سہولت، اضافی رقوم چاہے وہ ڈپازٹس کی صورت میں ہو یا سکوک اور4.2 ارب ڈالرز کے رول اوور کی صورت میں ہو، شامل تھے۔
06 مئی
بیرونی سازش کا بیانیہ اور انکوائری کمیشن
عمران خان کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان کی حکومت کو گرانے کے لیے سازش کی گئی ہے اور بیرونی طاقتوں کے ایما پر ایسا کیا گیا ہے جس کا اظہار وہ اپنے طوفانی دوروں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا کرتے تھے۔
اس پر وفاقی حکومت کی جانب سے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان چھے مئی کو وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آزاد اور خودمختار کمیشن عمران خان کے سازش کے بیانیہ کی تحقیقات کرے گا۔ اس کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف نے کمیشن کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کے لیے آزاد جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
کورونا کی وبا اور عالمی ادارۂ صحت کا انکشاف
وبائی مرض کورونا کے متعلق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا۔ چھے مئی کو یہ انکشاف ہوا کہ پاکستان میں کووڈ کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ گنا زیادہ ہے۔ یہ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا دعویٰ تھا۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق وبائی امراض کے اثرات کو سمجھنے کے لیے اضافی اموات کی پیمائش ایک لازمی جُزو ہے اور کئی ممالک میں ڈیٹا سسٹمز میں محدود سرمایہ کاری کی وجہ سے زیادہ تر اموات کی اصل حد اکثر پوشیدہ رہتی ہے۔ کہا یہ گیا تھا کہ پاکستان میں اس وبائی مرض سے جو ہلاکتیں بتائی گئی ہیں، وہ بہت کم ہیں جب کہ اصل تعداد کہیں زیادہ ہے۔
تاہم پاکستان میں وزیر اعظم کے سابق معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ تخمینوں، مفروضوں اور اندازوں پر مبنی ہے اور اس میں زمینی حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
کیوبا: فائیو اسٹار ہوٹل میں دھماکا
کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے ایک ہوٹل میں دھماکے سے 22افراد ہلاک ہوگئے۔ سات مئی کو یہ خبر پھیلی کہ ہوانا کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں دھماکے کے بعد 74افراد زخمی بھی ہوئے۔ ممکنہ طور پر یہ دھماکہ گیس کے اخراج کے باعث پیش آیا۔ دھماکے کے وقت ہوٹل میں کوئی سیاح یا غیرملکی موجود نہیں تھا کیوں کہ ہوٹل کی تزئین و آرائش کی جارہی تھی۔
07 مئی
سری لنکا نے پانچ ہفتوں میں دوسری بار ایمرجینسی نافذ کرنے کا اعلان کیا
سری لنکا میں مالیاتی بحران کے باعث 5 ہفتوں کے دوران دوسری بار ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ سات مئی کو غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکن صدارتی دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایمرجنسی کا نفاذ سیکیورٹی اور امن عامہ کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔ سری لنکن وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 50 ملین ڈالر سے کم رہ گئے ہیں۔
09 مئی
گورنر پنجاب کا عہدہ اور سیاسی رسہ کشی
ملک کی سیاست میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی کا سلسلہ، دونوں جانب سے تندوتیز بیانات اور عمران خان کے جلسے جاری تھے کہ پنجاب کی سیاست میں بحرانی کیفیت اس وقت پیدا ہوگئی جب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ا ن کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ کابینہ ڈویژن نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نو مئی کو خبر آئی کہ گورنر پنجاب کو ہٹانے کی جو سمری بھیجی گئی تھی، اس کی آئینی مدت مکمل ہو گئی ہے اور نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم کی تجویز پر گورنر کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
کہا گیا کہ نئے گورنر کی تقرری تک اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی قائم مقام گورنر پنجاب ہوں گے۔ صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کو صدر کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جاسکتا۔ یاد رہے کہ پنجاب میں سیاسی اور آئینی بحران اپریل میں وزیراعظم کے گورنر سے متعلق ایک سمری صدر علوی کو بھیجنے سے شروع ہوا تھا اور یہ طوفان مئی کے آخری دنوں میں تھم سکا تھا اور میڈیا اور ہر ٹاک شو کا موضوع رہا۔
11 مئی
سندھ میں ہائی وے پر حادثے میں پندرہ افراد جاں بحق
گیارہ مئی کو صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو میں انڈس ہائی وے پر وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ انڈس ہائی وے پر (جامشورو۔مانجھند) کے قریب پیش آیا جہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے ہائی وے پر ترقیاتی کام تاخیر کا شکار بتایا گیا تھا۔ حادثہ ہائی وے پر شاہ اویس موڑ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک کوئلے کی کان سے سیہون جا رہا تھا کہ کنڈیارو سے کراچی جانے والی وین سے ٹکرا گیا۔
شیریں ابوعاقلہ کی شہادت
اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے الجزیرہ کی خاتون صحافی گیارہ مئی کو شہید ہوگئیں۔یہ مقبوضہ غرب اردن (ویسٹ بینک) میں ایک کارروائی کی کوریج کے دوران پیش آنے والا واقعہ تھا جس میں فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیریں ابو عاقلہ ایک پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کی کوریج کررہی تھیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق ان پر اسرائیلی فوجیوں نے گولی چلائی تھی۔
انھیں سر میں گولی مار کر ہلاک کیاگیا۔شیریں ابو عاقلہ عرب دنیا میں صحافت کے سب سے جانے پہچانے چہروں میں سے ایک تھیں۔
12 مئی
کراچی میں تخریب کاری کا واقعہ
بارہ تاریخ کو جمعرات کی شب کراچی کے صدر کے علاقے میں دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور دیگر چودہ زخمی ہوگئے۔ دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب تھا، کوئی ادارہ یا کوئی مخصوص گاڑی ٹارگٹ نہیں تھی۔ کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت کوسٹ گارڈ کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی، جس کے قریب ہی دھماکا ہوا۔
جی سیون وزرائے خارجہ کا اجلاس
دنیا کے سات امیر ترین ممالک کے وزرائے خارجہ ایک میز پر آئے تو12 مئی کو یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت اور عالمی سطح پر خوراک کی شدید قلت پیدا ہونے سمیت کئی اہم عالمی مسائل سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترقی یافتہ صنعتی ممالک کے گروپ کا یہ اجلاس شمالی جرمنی میں بالٹک سمندر کے سیاحتی قصبے وائزن ہاؤس میں ہوا اور تین روز جاری رہا۔
13 مئی
ماہرینِ فلکیات اور سائنس دانوں کا تاریخی کارنامہ
دنیا کی جدید تاریخ میں پہلی مرتبہ ماہرینِ فلکیات نے ہماری کہکشاں ’’ملکی وے‘‘ میں موجود ایک عظیم بلیک ہول کی تصویر حاصل کرنے میں کام یاب ہوئے۔ اس سے متعلق طویل عرصہ سے تحقیق جاری تھی اور ماہرین یہ تصویر کھینچنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
13مئی کو دنیا کے سامنے آنے والی اس تصویر کو ایک بڑا کارنامہ کہا گیا جس میں ہم اس بلیک ہول کو دیکھ سکتے ہیں جس کا زمین سے 27 ہزار نوری سال فاصلہ بتایا گیا ہے۔ اس بلیک ہول کو سیجٹیریس اے کانام دیا گیا ہے جس کا حجم سورج سے 43 لاکھ گنا بڑا ہے۔ یہ بلیک ہول ہماری کہکشاں کے مرکز میں واقع ہے۔
فاصلہ بتایا گیا ہے۔ اس بلیک ہول کو سیجٹیریس اے کانام دیا گیا ہے جس کا حجم سورج سے 43 لاکھ گنا بڑا ہے۔ یہ بلیک ہول ہماری کہکشاں کے مرکز میں واقع ہے۔
16 مئی
شہرِقائد میں دہشت گردی کا تیسرا واقعہ
کراچی میں 3ہفتوں کے دوران دہشت گردی کی تیسری کارروائی ہوئی اور سولہ مئی کو میمن مسجد کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جب کہ ان کے بیٹے سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ اس دھماکے سے وہاں موجود کئی موٹر سائیکلوں اور کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی جب کہ ایک پولیس موبائل بھی تباہ ہوگئی۔
خودکش حملہ جس میں تین بچے شہید ہوئے
شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں سیکیوریٹی فورسز کے تین اہل کار اور تین معصوم بچے شہید ہوگئے۔
17 مئی
منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا: عدالتی فیصلہ
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد حکومتی اراکین کی جانب سے وفاداری بدلنے پر ممکنہ نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں آئین کی دفعہ 63 اے کی تشریح کے لیے ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس کا فیصلہ 17مئی کو سنایا گیا۔
اس حوالے سے قانونی مباحث اور وکلا کے علاوہ میڈیا میں بھی تجزیہ کار اپنا نقطۂ نظر پیش کرتے رہے تھے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلے میں کہا کہ پارٹی پالیسی سے ہٹ کر کوئی بھی رکن ووٹ دیتا ہے تو وہ شمار نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنی چاہیے۔
18 مئی
شیرانی میں چلغوزے کے باغات خاکستر
جنگلات میں آگ لگنے سے نباتات اور ماحول کو نقصان کی خبریں اس سال ملکی اور غیرملکی ذرائع ابلاغ میں بھی زیربحث رہیں۔ یہ سلسلہ مختلف صوبوں اور وہاں کے علاقوں میں مئی کے آغاز پر ہی شروع ہوگیا تھا، لیکن 18مئی کو بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے میں لگنے والی آگ میں قدرتی ماحول کو بڑا نقصان ہوا۔
یہ آگ دراصل ضلع موسیٰ خیل کے علاقے زمری پلاسین کے پہاڑوں میں لگی تھی جو 9مئی کو وہاں سے پھیلتی ہوئی 18مئی کو ضلع شیرانی کے علاقے دہانہ سر کے پہاڑی سلسلے تورغر، ڈبرہ اور ملحقہ پہاڑی سلسلے میں پھیل گئی۔
اس آگ پر قابو پانے کی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کوششیں شروع ہوئیں تو اس وقت تک خاصا نقصان ہو چکا تھا اور 24 مئی کو آگ پر قابو پایا جاسکا تھا۔ یہ بھی کہا گیا کہ آگ تورغر میں لگی تھی جہاں سے شیرانی تک پہنچی اور پھر یہ شرغلی تک پہنچ گئی۔ اس آگ کو بجھانے اور اپنے مکان وغیرہ کو بچانے کی کوشش میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
شیریں مزاری کی گرفتاری اور رہائی
پاکستان تحریک انصاف کی راہ نما اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی اسلام آباد سے گرفتاری کی اطلاع سوشل میڈیا پر طوفانی رفتار سے پھیلتی گئی اور پارٹی ورکروں سمیت قائدین نے اپنا احتجاج اپنے سوشل میڈیا روابط پر ریکارڈ کرواتے ہوئے اسے ن لیگ کی بوکھلاہٹ قرار دیا۔
اس حراست کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیریں مزاری کی بیٹی اور معروف وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ ’’مرد پولیس اہلکاروں نے میری والدہ کو مارا اور اپنے ساتھ لے گئے، مجھے صرف اتنا بتایا گیا کہ انہیں لاہور کا اینٹی کرپشن ونگ اپنے ہمراہ لے کر گیا ہے۔‘‘ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے کہا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کو قانون کے مطابق اسلام آباد کی خواتین پولیس اہلکاروں نے گرفتار کیا، کسی قسم کی مس ہینڈلنگ کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ خواتین پولیس افسران نے محکمہ اینٹی کرپشن کی درخواست پر ان کو گرفتار کیا۔ شیریں مزاری کو رات گئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں انھوں نے عدالت کو اس واقعے کی تفصیلات بتائیں۔ عدالت نے ان کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
22 مئی
سری نگر ہائی وے پر ملوں گا!
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا۔ 22 مئی پشاور میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی نے لانگ مارچ کی تاریخ کا فیصلہ کرلیا ہے، 25 مئی کو دن 3 بجے اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر ملوں گا۔ لانگ مارچ کا اعلان ہوا اور حکومت کی تیاریاں شروع ہوگئیں جس میں پولیس کا پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن شامل تھا۔
پیر کو رات گئے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور سرکردہ کارکنوں کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ ڈی چوک پر رکاوٹیں اور کنٹینرز رکھ دیے گئے جب کہ مقررہ تاریخ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے ڈی چوک میں جمع ہونے پر پولیس نے شیلنگ کی جس سے ڈی چوک ایک بار پھر میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا۔
23 مئی
چیف جسٹس سپریم کورٹ کا نام دنیا کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں
چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کو23مئی کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے 100 بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا گیا۔
یہ ٹائم میگزین کی جانب سے 2022 کی سو بااثر افراد کی فہرست تھی جس میں جسٹس عمر عطا بندیال کا نام بھی شامل تھا۔ فہرست کے لیے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا پروفائل سینئر وکیل اعتزاز احسن نے تحریر کیا تھا۔ انہیں فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے سے متعلق ٹائم میگزین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال پر نہ صرف انصاف کی فراہمی بلکہ فراہمی انصاف کے تاثر کی بھاری ذمہ داری عائد ہے۔
25 مئی
بھارت: بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی کیس میں یاسین ملک کو سزا
دنیا بھر میں بھارت ایک بار پھر کشمیر کے معاملے میں اپنی غیرمنصفانہ اور ہٹ دھرم روش کے سبب اس طرح بدنام ہوا کہ عدالت نے کشمیری راہ نما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے لیڈر یاسین ملک کو جھوٹے کیس میں عمرقید کی سزا سنادی۔
خیال رہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت نے یکطرفہ ٹرائل کے بعد 19 مئی کو یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔ 25 مئی کو بھارتی عدالت میں یہ فیصلہ سنایا گیا تھا۔
28 مئی
اسپتال میں آتش زدگی ،11 نومولود ہلاک
افریقی ملک سینیگال کے ایک اسپتال میں28مئی کو آگ لگنے سے 11نومولود بچے جاں بحق ہوگئے۔ آگ بچوں کے وارڈ میں لگی تھی ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی۔
29 مئی
بلدیاتی الیکشن دل چسپ، نتائج حیرت انگیز قرار
29 مئی کو بلوچستان میں 32 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن نے ملکی ذرایع ابلاغ کی توجہ حاصل کرلی جس کے نتائج کو اس اعتبار سے دل چسپ قرار دیا گیا کہ ماضی کے مقابلے میں ا س مرتبہ زیادہ تعداد میں خواتین امیدواروں کی شمولیت رہی، لیکن اس مرتبہ بلوچستان کی نئی ’حق دو تحریک‘ بھی گوادر میں قوم پرست جماعتوں پر حاوی رہی۔
ان انتخابات کا ایک اور د ل چسپ پہلو یہ تھا کہ عام نشستوں پر مجموعی طور پر 132 خواتین میں سے سب سے زیادہ 22 خواتین امیدوار ضلع کوہلو سے میدان میں تھیں۔ تاہم ان میں سے صرف تین کام یاب ہو سکیں، جن میں سے دو بلامقابلہ منتخب ہوئیں، جب کہ ایک خاتون امیدوار صرف تین ووٹ لے کر کام یاب ہوئیں۔
مجموعی طور پر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں ان انتخابات میں اکثریت آزاد امیدواروں نے حاصل کی جب کہ سیاسی جماعتوں میں پورے بلوچستان کی سطح پر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں۔
نیپال کا مسافر طیارہ تباہ
نیپال میں اتوار کو لاپتا ہونے والے ’تارا ایئر‘ کے مسافر طیارے کا ملبہ لگ بھگ 24 گھنٹے کی تلاش کے بعد مل گیا۔ 29مئی کو بتایا گیا کہ اس طیارے میں عملے اور مسافروں سمیت 22 افراد سوار تھے۔
حادثہ ایک دن قبل پیش آیا تھا جب جڑواں انجن والے طیارے نے نیپال کے پوکھرا سے جومسوم کے لیے اڑان بھری تھی اور اس کے چند ہی منٹ بعد طیارے کا ایئر کنٹرول سسٹم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اس حادثے کے بعد طیارے کا ملبہ مستانگ کے کوانگ علاقے میں ملا تھا جو نیپال کی شمالی ریاست گنڈکی کا ایک ضلع ہے۔ اس طیارے میں 13 نیپالی شہریوں کے علاوہ چار انڈین اور دو جرمن شہری بھی سوار تھے۔
30 مئی
گورنر پنجاب: صدرِ پاکستان نے سمری پر دستخط کردیے
آخرکار 30 مئی کو صدرِ پاکستان عارف علوی نے مسلم لیگ ن کے راہ نما بلیغ الرحمٰن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی جس کے بعدانھوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔ تاہم ملکی سیاست میں اس معاملے پر خاصی گرماگرمی اور کشمکش دیکھی گئی اور صدر مملکت کی جانب سے بلیغ الرحمٰن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی سے قبل یہ قومی سطح پر ایک اہم معاملہ رہا تھا۔
سونے کی کان میں جھگڑا، 100 مزدور جان سے گئے
یہ واقعہ تیس مئی کا ہے جب افریقی ملک چاڈ میں سونے کی کان میں کام کرنے والے دو افراد کے درمیان ایک غیر معمولی تنازع ہوا جو جھڑپ میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث تقریباً 100 مزدور ہلاک اور40زخمی ہوگئے۔
یکم جون
ترکیہ میں شہبازشریف کی طیب اردوان سے ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف ترکیہ پہنچے، جہاں صدر طیب اردوان سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں تجارتی معاہدوں اور کئی شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا۔
یکم جون کو ترکیہ میں صدارتی محل میں 7 معاہدے، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر اتفاق کے بعد دوسرے دن اس حوالے سے خبر سامنے آئی جس کے مطابق پاک ترک تجارتی معاملات حل کرنے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں راہ نماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی میڈیا کی زینت بنی۔
صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کرتے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف دونوں ملک ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک وزیرخارجہ، وزیرتجارت اور ممتاز کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ میں ترکیہ میں ممالک کے درمیان 7معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
بی جے پی کی راہ نما کے گستاخانہ بیان پر عالمِ اسلام کا سخت ردعمل
بھارت میں مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں اور تشدد بڑھتا ہی جارہا ہے اور معمولی بات پر مسلمانوں کی جان لینے کے واقعات عام ہورہے ہیں ۔
مئی کے آخری ہفتے میں بی جے پی کی ایک راہ نما کا پیغمبر اسلام ﷺ سے متعلق گستاخانہ بیان سامنے آیا تھا جس کے خلاف دنیا بھر میں مسلمانوں نے احتجاج کیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی ترجمان نپور شرما کی جانب سے ٹی وی پروگرام کے دوران توہین آمیز گفتگو کے بعد دہلی میں پارٹی کے میڈیا ہیڈ نوین جندال کی ایک متنازع ٹویٹ بھی سامنے آئی تھی اور اس کے خلاف مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی۔
عالم اسلام کے بھارت سے درآمد شدہ اشیاء استعمال نہ کرنے کے اعلان کے بعد مودی سرکار کو اپنی پارٹی رکن اور عہدے دار کے خلاف فیصلہ کرنا پڑا۔ اسلامی ممالک نے بھارتی سفیروں کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا اور دنیا بھر میں مظاہروں میں بھارتی حکومت کی جانب سے عوامی سطح پر معافی مانگنے اور توہین آمیز بیانات کی مذمت کا مطالبہ کیاگیا۔
اس سلسلہ میں بالخصوص عرب ممالک کی جانب سے شدید احتجاج اور ردعمل میں تجارت منقطع کرنے کی بات کی گئی۔ ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی نے شدید ردعمل کے بعد پارٹی ترجمان نوپور شرما کی بنیادی رکنیت معطل کردی، اس کے علاوہ نئی دہلی میں بی جے پی کے میڈیا ہیڈ نوین جندال کو بھی گستاخانہ ٹوئٹ پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کردیا گیا۔
بنگلادیش: آگ نے 49 انسانوں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا
بنگلادیش میں شپنگ کنٹینر ڈپو میں پانچ جون کو ہول ناک آتشزدگی کے نتیجے میں 49افراد ہلاک ہوگئے جب کہ میڈیا رپورٹوں کے مطابق300سے زائد زخمی ہوئے۔
بنگلادیشی حکام کے مطابق ملک کے ساحلی شہر چٹاگانگ میں ایک کنٹینر ڈپو میں یہ آگ لگی جس میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق بی ایم اِن لینڈ کنٹینر ڈپو میں آگ ہفتے کی نصف شب اس وقت بھڑک اٹھی جب کیمیکل سے بھرے کنٹینر میں دھماکے ہوئے۔ بی ایم اِن لینڈ کنٹینر ڈپو بنگلادیش اور نیدرلینڈ کا مشترکہ منصوبہ ہے۔
04 جون
جنگلات اور پہاڑی سلسلوں میں آتش زدگی اور ہلاکتیں
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں جنگل میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہونے کی افسوس ناک خبر چار جون کو سامنے آئی۔ یہ آگ اس گاؤں میں نہیں لگی تھی بلکہ قریب کے علاقے میں تقریباً صبح نو بجے بھڑکی تھی اور آگ تیزی سے کئی کلومیٹر رقبے پر پھیل گئی اور گاؤں علی جان تک پہنچ گئی ۔
جہاں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ خیبر پختونخوا کے جنگلات میں صرف ماہ مئی میں آگ لگنے کے 313 واقعات پیش آئے۔ چھے اور سات جون کو بھی خیبر پختونخوا کے چار مختلف اضلاع کے پہاڑوں اور جنگلات میں بھڑکی ہوئی آگ سے درخت اور ہر قسم کا سبزہ خاکستر ہوتا رہا جب کہ فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں آسانی سے کام یابی نہیں ملی۔ ادھر خانپور تحصیل کے مکھنیال رینج میں جنگل میں لگی آگ نے کئی ایکڑ پر پھیلے درختوں کو جلا ڈالا اور ہری پور، اسلام آباد کی انتظامیہ کو آگ پر قابو پانے کے لیے متحرک ہونا پڑا۔
08 جون
چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی سیاسی میدان میں جدا ہوگئے
چوہدری برادران کو ایک صف میں لانے کے لیے مفاہمت کی کوششیں ثمربار ثابت نہیں ہوسکیں۔ چوہدری شجاعت اور پرویزالہٰی نے راہیں جدا کرلیں۔ آٹھ جون کو یہ خبر آئی اور ذرائع کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت مسلم لیگ ن کے ساتھ جانے کے حامی ہیں لیکن پرویز الٰہی نے تحریک انصاف سے امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔
اس وقت کہا گیا کہ مونس الہی سابق وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کے حامی ہیں اور مونس الہی نے چوہدری پرویزالہٰی اور دیگر کو پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے پر آمادہ کیا ہے۔ چوہدری شجاعت نے پرویزالہی کی آمادگی نہ ملنے پر اپنی پوزیشن واضح کردی۔
09جون
الیکشن ترامیم اور نیب کا بل
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ترمیمی ایکٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا جب کہ نیب آرڈیننس 1999ء میں مزید ترامیم کا بل بھی منظور ہوا۔9 جون کو میڈیا پر چلنے والی خبروں میں بتایا گیا کہ اس ترمیم میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو ختم کر دیا گیا ہے۔
عامر لیاقت حسین کا انتقال
جون کے مہینے میں پاکستان بھر میں یہ خبر نہایت دکھ اور افسوس کے ساتھ سنی گئی کہ عامر لیاقت حسین کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ ٹیلی ویژن پروگراموں کے مقبول میزبان اور کام یاب اینکر پرسن تھے جب کہ سیاست داں کی حیثیت سے عامر لیاقت سندھ سے ایم این اے کے طور پر اسمبلی کا حصہ تھے ۔ عامر لیاقت حسین کو کراچی میں ان کے گھر سے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اُن کی موت کی تصدیق کی۔
ڈاکٹروں کے مطابق وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ یہ واقعہ9 جون کا ہے۔ اس وقت عامر لیاقت کے ڈرائیور جاوید کا کہنا اس روز عامر لیاقت کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا تاہم اندر سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس کے بعد دروازہ کھولا گیا تو وہ بے ہوش پڑے تھے۔ عامر لیاقت حسین اپنے آبائی گھر خداداد کالونی میں موجود تھے جہاں سے ان کو فوری اسپتال لے جایا گیا۔ عامر لیاقت حسین کی عمر 49 برس تھی۔وہ 2018 کے انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
اس سے قبل 2002 تا 2007 بھی رکن قومی اسمبلی رہے۔ عامر لیاقت پہلی بار ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ وزیر مملکت برائے مذہبی امور کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے تھے۔
ارد و کا ’سفیر‘ دنیا چھوڑ گیا!
اردو کے معروف ادیب، نقاد اور محقق پروفیسر گوپی چند نارنگ پندرہ جون کو امریکا میں انتقال کر گئے۔ گوپی چند نارنگ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ بھارت کے باسی تھے اور امریکا میں سکونت اختیار کر رکھی تھی اور وہیں انتقال کیا۔
پروفیسر گوپی چند نارنگ کو عہدحاضر کا صف اوّل کا اردو نقاد اور محقق مانا جاتا تھا۔ انھیں جب بھی پاکستان میں علمی و ادبی کانفرنسوں میں مدعو کیا جاتا وہ ضرور شریک ہوتے تھے۔ گوپی چند نارنگ کو اردو کے سفیر کے طور پر جانا جاتا تھا۔ انھوں نے ادب، شاعری، تنقید اور ثقافت پر 60سے زائد کتب تصنیف کیں۔
17 جون
پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کردیں
پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی تمام شرائط پوری کردیں اور17 جون کو اس ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایف اے ٹی ایف نے اسے تسلیم کر لیا ہے، لیکن فی الحال پاکستان کو گرے لسٹ سے نہیں نکالا گیا ہے۔ اس بارے میں فیٹف کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے کی گئی اصلاحات اور ان پر عمل درآمد کے سیاسی عزم کا جائزہ لینے کے لیے وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
ایف اے ٹی ایف کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے تمام 34 نکات سمیت دونوں ایکشن پلانز پر بھرپور عمل درآمد کیا، پاکستان نے اقوام متحدہ کی طرف سے نامزد گروپوں، ان کے سینئر رہنماؤں اور کمانڈروں کے خلاف دہشت گردی کی تحقیقات کرکے مقدمات قائم کرنے میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے بھی خاطر خواہ کام یابیاں حاصل کیں۔
ایف اے ٹی ایف کے گزشتہ اجلاس میں پاکستان نے 34 میں سے 32 شرائط پر پہلے ہی عمل درآمد کرلیا تھا، جب کہ اس سال پاکستان نے تمام 34 نکات پر عمل درآمد کرکے کام یابی حاصل کی۔ 28 فروری 2008 کو پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا،16 فروری 2012 کو پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کیا گیا، 26 فروری 2015 کو مثبت پیش رفت پر پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔28 جون 2018 کو پاکستان کو تیسری مرتبہ گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔
18جون
کابل : گوردوارا میں آٹھ دھماکے
18 جون کو کابل میں سکھوں کے گرودوارے میں متعدد دھماکوں کے بعد تین ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی جن میں ایک سکھ اور طالبان کا اہل کار اور ایک حملہ آور شامل تھا۔ کابل میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وہاں دھماکوں اور فائرنگ کا سلسلہ صبح چھ بجے شروع ہوا تھا اور تقریباً دس بجے تک صورتحال کشیدہ رہی اور فائرنگ ہوتی رہی۔
کہا گیا کہ گرودوارے میں کُل آٹھ دھماکے ہوئے اور جس مقام کو نشانہ بنایا گیا وہ دراصل ایک کمپاؤنڈ ہے جس میں 20 سے 25 سکھ خاندانوں کی رہائش اور عبادت گاہ ہے۔
21جون
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔21جون کو اس کیس کی سماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ واضح رہے کہ یہ کیس 2014ء میں شروع ہوا تھا۔
22جون
افغانستان میں زلزلہ، ایک ہزار افراد جان سے گئے
افغانستان میں 22ج ون کو رات کے وقت زلزلے سے تباہی کے بعد 1000 افراد ہلاک اور 1500 کے زخمی ہو نے کی تصدیق ہوئی۔ حکام نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یہ افتاد رات ڈیڑھ بجے ٹوٹی تھی جس میں زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 تھی جبکہ اس کا مرکز خوست سے 44 کلومیٹر کی فاصلے پر معلوم ہوا تھا۔ زلزلے سے مشرقی صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
24جون
سپرٹیکس کا اعلان اور وفاقی وزیرخزانہ کی وضاحت
حکومت پاکستان نے معاشی خودکفالت و خودانحصاری کے حصول اور درپیش چیلینجز پر قابو پانے ، غربت اور مہنگائی میں کمی کے لیے بڑی صنعتوں پر سپرٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تو ہر طرف مخالفت اور سرمایہ دار برادری کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی۔
24 جون کو حکومت کے اس اہم اعلان کے فوری بعد وفاقی وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل نے سپرٹیکس کے حوالے سے وضاحت بھی جاری کی تھی۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ان مخصوص 13 سیکٹرز کے لیے سپرٹیکس 10 فی صد لگایا گیا ہے، اس طرح ان سیکٹرز پر ٹیکس 29 فی صد سے 39 فیصد ہو جائے گا اور یہ ٹیکس بجٹ خسارے میں کمی کے لیے ایک بار لگایا گیا ہے۔ پاکستان کی وفاقی حکومت کی جانب سے دو ہفتے قبل پیش کیے جانے والے اگلے مالی سال کے بجٹ کے لیے ٹیکس کا ٹارگٹ سات ہزار ارب روپے رکھا تھا جسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی شرائط کے تحت 7400 ارب کیا گیا ہے۔
26جون
برکس اجلاس: پاکستان کی عدم شمولیت پر سوالات
پاکستان نے برکس اجلاس کی میزبانی پر چین کو مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی تنظیم کے ایک رکن ملک کی جانب سے پاکستان کو اجلاس میں شرکت سے روکنے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ 26 جون کو یہ خبر میڈیا میں زیربحث آئی۔ برکس دراصل دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کا ایک بااثر کلب ہے جس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
بیجنگ نے 23 اور 24 جون کو برکس اجلاس کی میزبانی کی تھی جس میں شامل ممالک عالمی آبادی کا 40 فیصد سے زائد حصے اور دنیا کی مجموعی ملکی پیداوار کا تقریباً ایک چوتھائی حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
رواں سال برکس کی جانب سے ’عالمی ترقی پر اعلیٰ سطح کا ڈائیلاگ‘ منعقد کیا گیا جس میں ان 2 درجن ممالک نے اجلاس میں ورچوئلی شرکت کی جو تنظیم کے رکن نہیں تھے۔ اس اجلاس میں پاکستان کی عدم شمولیت نے کئی سوالات کو جنم دیا جس پر میڈیا کے سامنے جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کسی ملک کا نام لیے بغیر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ ’ایک رکن‘ نے پاکستان کی شرکت کو روک دیا۔
کراچی: پیپلز بس سروس کا آغاز
کراچی کے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بڑی خوش خبری پیپلز بس سروس کے آغاز کی صورت ملی، جسے ابتدائی طور پر ماڈل کالونی ملیر سے ٹاور تک روٹ پر چلایا جانے لگا۔ شہری کئی سال سے شہر میں بسیں اور مختلف روٹ کی سواریوں سے محروم تھے اور اتنے بڑے شہر میں خستہ حال بسوں اور کوچوں کی تعداد بھی گھٹ کر چند ہزار رہ گئی تھی۔
The post 2022 بیتے برس کا البم / مئی ، جون appeared first on ایکسپریس اردو.