باغ سے پھل توڑ کر کھانا
ناہید خان ، سوات
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کے سامنے باغ میں موجود ہوں اور وہاں موجود پھل دار درختوں سے سیب اتار کر کھا رہی ہوں اور ساتھ ساتھ یہ بھی سوچ رہی ہوں کہ باقی کے مزید توڑ کر گھر لے جائوں گی ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کے رزق میں برکت ہو گی۔ اللہ تعالی کی طرف سے عزت و برکت میں اضافہ ہو گا مگر آپ کا ذھن دنیا داری کی طرف زیادہ رہے گا اور مال و دولت جمع کرنے کا شوق رہے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور سیرت کی کتب کا مطالعہ کیا کریں۔ اور کوشش کریں کہ اس پہ تفکر کیا جائے ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
موسیقی سے لگاؤ
محمد جاوید، فیصل آباد
خواب : چند روز پہلے ایک عجیب سا خواب دیکھا کہ میں کسی پتھر کے اوپر بیٹھا ہوں اور بانسری بجانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ اس میں سے بہت ہی سریلی آوازیں آتی ہیں اور میں خود بھی بے خود ہو کر سنتا رھتا ہوں۔
تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی اندیشہ یا پریشانی آپ کے ذہن پہ سوار رہے گی جس کو لے کر آپ پریشان رہیں گے۔ اس کا تعلق کاروباری معاملات سے بھی ہو سکتا ہے اور تعلیمی بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ آپ کے لئے دعا کروا دی جائے گی ۔
بھنا ہوا گوشت
لیاقت علی، گوجرانوالہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کہیں دعوت پہ گیا ہوا ہوں اور وہاں پہ ہم کو ایک تھال میں انتہائی لذیز بھنا ہوا گوشت ملتا ہے جو کہ انتہائی مزیدار ہوتا ہے۔ ہم سب جیسے کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ اس پہ پیٹ تو بھر جاتا ہے مگر نیت سیر نہیں ہوتی۔ سچ پوچھیں تو میں نے زندگی میں کبھی اتنا لذیذ کھانا نہیں کھایا ہوتا ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے آپ کو مال و دولت عطا کریں گے ۔ مال و وسائل میں اضافے سے رزق میں بھی برکت ہو گی اور اس سے زندگی میں آسانی پیدا ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
مذاق میں نسوار منہ میں رکھنا
عبداللہ ، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ مارکیٹ میںکچھ کھا پی رہا ہوں۔ اسی دوران ایک پٹھان چیزیں بیچنے آتا ہے تو میرے دوست مذاق میں مجھے نسوار خرید کر دیتے ہیں۔ میں بھی مذاق میں اسے کھا لیتا ہوں مگر اس کا ذائقہ مجھے اس قدر برا لگتا ہے کہ میں فوراً تھوک دیتا ہوں۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔
مدینہ منورہ میں حاضری
رمضان اسلم، جھنگ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اور سب گھر والے مدینہ شریف میں ہیں اور بہت خوش ہیں کہ اللہ نے ہم کو اس قابل سمجھا اور ہمیں یہاں آنے کا موقع دیا ۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔
ڈھابے پر کھانا
غلام اللہ، چکوال
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے خالو اور میں کہیں کسی سے ملنے کے لئے گھر سے نکلتے ہیں، راستے میں کسی ڈھابے نما ھوٹل پہ کچھ کھانے کے لئے رکتے ہیں جو کھانا ہم کو ملتا ہے وہ انتہائی بد ذائقہ ہوتا ہے۔
ہم اس کو واپس کر کے کچھ اور منگواتے ہیں مگر وہ بھی انتہائی بدمزہ اور باسی ہوتا ہے کہ ہم ایک نوالہ بھی نہیں لے سکتے۔ میرے خالو کہتے ہیں کہ اس کو چھوڑ دو ہم کہیں اور سے کچھ لے لیتے ہیں۔
اسی طرح ہم وہ کھانا چھوڑ کے آگے کہیں اور جاتے ہیں حالانکہ مجھے بہت شدید بھوک لگی ہوتی ہے میں پھر بھی وہ کھانا نہیں کھا پاتا ۔ آگے کچھ ہی دور جانے پہ ہم کسی اور ھوٹل میں جاتے ہیں اور کھانا منگواتے ہیں مگر جب کافی دیر بعد کھانا آتا ہے تو وہ بالکل بھی کھانے کے قابل نہیں ہوتا، انتہائی بدذائقہ۔ یہ دیکھ کر میں بہت ڈر جاتا ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور مجھے کچھ یاد نہیں رہا ۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔
کلائنٹ سے پیسے لینا
تسلیم عارف، راولپنڈی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں آفس کے کام کے سلسلے میں کراچی آیا ہوا ہوں اور بنک کی چھٹی ہونے کی وجہ سے کلائنٹ سے پیسے خود ہی لے کر واپس پنڈی آ گیا ہوں ، پھر نہ جانے وہ پیسے کدھر گئے ۔ میں سارا گھر تلاش کر رہا ہوں، ساتھ میں سب فیملی بھی ہے مگر کسی کو بھی نہیں مل رہے ۔ پریشانی اتنی ہے کہ جب میری آنکھ کھلی تب بھی میرا دل بہت پریشان تھا ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.