مسجد میں لیکچر
شہزاد بٹ ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں شائد کہیں ملک سے باہر ہوں اور کسی بہت بڑی مسجد میں ہوں ۔ وہاں پہ ایک بہت پر نور شکل والے عالم ہیں جو نماز کے بعد شائد کسی موضوع پہ لیکچر دے رہے ہیں ۔ میں بھی بیٹھا ان کی گفتگو سے فیض یاب ہو رہا ہوں اس کے بعد وہ مجھے اپنے ساتھ تبرکات دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں جس پہ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کارو بار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی غیب سے مدد فرمائیں گے ۔رات کو سونے سے پہلے نبی کریمﷺ کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں ۔کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔
لذیذ چاول کھانا
صہیب احمد ، وہاڑی
خواب : میں نے دیکھا کہ مجھے ایک ڈبے میں کوئی تحفہ آیا ہے ۔ میں اسے کھول کر دیکھ کر رہا ہوں کہ وہ انتہائی لذیذ چاول ہوتے ہیں جو کہ بہت ہی منفرد ذائقہ رکھتے ہیں ۔ میں اپنی بیوی کو بلاتا ہوں کہ یہ تم بھی کھا کر دیکھو جس پہ وہ بھی کھا کر کہتی ہے کہ سب اجزا بے حد خالص اور منفرد ہیں ۔ یہ نہیں پتہ کہ کس نے بھیجا ہے مگر میں دیکھتا ہوں کہ ہم سب کھاتے ہوئے بہت خوش ہیں اور خوب مزے لے کر کھا رہے ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر قسم کی پریشانیوں سے نجات ملے گی۔ اگر خدانخواستہ کسی مقدمے میں پھنسے ہیں تو بھی اللہ تعالی کی مہربانی سے خلاصی ہو گی ۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ آ پ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔
قیمتی ریشم کا تھان
سلیمان خواجہ ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میری بیوی کو کسی نے بہت قیمتی ریشم کا تھان بھیجا ہے اور میں اس پہ پریشان ہوں کہ کل ہم کو بھی اب ان کو اتنا قیمتی تحفہ دینا ہو گا مگر میری بیوی اس فکر سے بے پروا ہو کر اس کو کھول کر دیکھتی ہے اور بہت خوشی کا اظہار کرتی ہے۔ اس کے بعد میں اپنی والدہ کو بھی اس طرح خوش ہوتے اور شکر ادا کرتے دیکھتا ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو کاروباری معاملات یا تعلیمی میدان میں کامیابی و ترقی ملے گی ۔ رزق میں بھی اس کی بدولت اضافہ ہو گا ۔ جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔ اور کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
ٹھنڈے پانی سے غسل
نجمہ کوثر ، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی بہت ہی پر فضا مقام پہ ہوں اور میرے میاں وہاں انتہائی ٹھنڈے پانی سے غسل کرنے کے بعد اس کو پی بھی رہے ہیں کہ یہ پانی بے حد میٹھا اور شفا بخش ہے ۔ میں البتہ ذرا ہچکچاتی ہوں ۔ پینے میں البتہ ان کے بھائی بھی بہت خوشی سے اس کو پیتے ہیں اور بے حد تعریف کرتے ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی غیب سے مدد فرمائیں گے ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیجئے اور ممکن ہو سکے تو صدقہ و خیرات کرتے رہیے ۔
فصل کاٹنا
عاطف حسین ،لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی زمینوں پہ ہوں اور اپنے مددگاروں کے ساتھ مل کر فصل کاٹ رہا ہوں ۔ اس کے بعد خود کو زمین تیار کر کے اس میں بیج لگاتے دیکھتا ہوں مگر اس کے ساتھ ساتھ ہی اس فصل کو کاٹنے لگ جاتا ہوں ۔ میرے پڑوسی مجھے وہاں سے اپنی مدد کے لئے اپنی زمینوں پہ لے جاتے ہیں اور میں ان کے ساتھ مل کر بھی ان کی سبزیاں نکالنے لگتا ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلائی ہو گی ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے حضور کریم کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ لازمی کیا کریں ۔
بزرگ کو پانی پلانا
عثمان احمد، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں شائد دبئی میں ہوں اور کسی صحرا جیسی جگہ پر ہوں مگر دور دیکھتا ہوں تو نخلستان نظر آتا ہے ۔ وہاں قریب جا کر دیکھتا ہوں تو بہت سے کھجور کے درخت ہیں اور شائد کوئی کنواں نما چیز میں ادھر سے پانی نکالتا ہوں تو کوئی بزرگ بھی آ جاتے ہیں یا شائد پہلے سے موجود تھے ۔ میں ان کی خدمت میں پانی پیش کرتا ہوں تو وہ بہت خوش ہوتی ہیں اور مجھے دعائیں دیتے ہیں ۔ میں خود بھی اتنی سرسبز جگہ کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ صحرا میں ایسی جگہ تو نعمت سے کم نہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا ۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی ۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔
بے لباس ہونا
احمد سلمان ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں مارکیٹ میں جا رہا ہوں اور اچانک بہت ہی پریشانی ہوتی ہے کہ میں خود کو بے لباس دیکھتا ہوں ۔ اس وقت مجھے سمجھ نہی آتی کہ میں کہاں چھپ جاوں ۔ مجھے انتہائی پریشانی کا سامنا ہوتا ہے ۔ جب میری آنکھ کھلی تو بھی مجھے بہت ہی زیادہ گھبراھٹ و شرمندگی تھی ۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ہو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔ کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تخت کاروبار کریں ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.