فرانس: سابق صدر نکولس سرکوزی، بدعنوانی پر تین سال قید
مارچ: فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید کی سزا، کیس کی سماعت کرنے والے جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ان جرائم سے عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔
فرانس کے 2007 سے 2012 تک صدر رہنے والے نکولس سرکوزی پر جج گِلبرٹ ازیبرٹ کو اپنی سیاسی جماعت ری پبلیکنز کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کی خفیہ معلومات کی فراہمی کے بدلے موناکو میں اعلیٰ عہدے کی پیش کش کرکے رشوت دینے کی کوشش کا الزام تھا۔ تفتیش کاروں نے اس خفیہ فون لائن کو ٹیپ کیا تھا جس سے سابق فرانسیسی صدر، گِلبرٹ ازیبرٹ اور اپنے وکیل تھیری ہرزوگ سے رابطہ کیا کرتے تھے۔
مہنگائی کی شرح میں اضافہ
فروری میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 8.70 فی صد ہوگئی اور چار ماہ کی بلند ترین شرح پر پہنچ گئی۔ کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق فروری میں جنوری کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 3 فی صد اضافہ ہوا، جنوری میں مہنگائی کی شرح 5.70 فی صد تھی، رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 8.25 فی صد رہی۔
غیرقانونی طور پر بنے وکلاء دفاتر مسمار کرنے کا حکم
2 مارچ: عدالت عظمیٰ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سیکٹر ایف ایٹ ضلع کچہری اسلام آباد میں تعمیر کی گئی تمام تر غیرقانونی تعمیرات اور وکلاء کے غیرقانونی چیمبرز کو گرانے کے حکم کے خلاف دائر کی گئی اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی اپیل کی سماعت کے دوران وکلاء کو دو ماہ کے اندر تمام چیمبرز خالی کرنے جب کہ اسی اراضی پر اگر کوئی عدالتی تعمیرات ہیں تو انہیں ایک ہفتے کے اندر ہٹا دینے کا حکم جاری کرتے ہوئے اپیل نمٹا دی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن فٹ بال گراؤنڈ پر ملکیت کا دعویٰ کیسے کرسکتی ہے؟ عدالت کسی بھی غیرقانونی کام کو جواز فراہم نہیں کرے گی، اگر اس گراؤنڈ پر عدالتیں بنی ہوئی ہیں تو انہیں بھی فوری طور پر ہٹادیا جائے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ہم کس بنیاد پر وکلاء کے غیر قانونی چیمبرز کو برقرار رکھنے کی اجازت دیں؟ وکلاء کا فٹ بال گراؤنڈ پر کوئی حق دعویٰ نہیں ہے، جس وکیل نے پریکٹس کرنا ہے وہ اپنا دفتر کسی اور جگہ پر جا کر بنائے۔
سینیٹ الیکشن: ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت
سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضایع کرنے کا طریقہ بتانے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضایع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جب کہ یہ واضح بھی نہیں کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ نمبر یاد رکھنا ہیں، خیال رہے کہ یہ ویڈیو حکم راں جماعت تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ اور ان کے سرکردہ افراد کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔
قومی بچت: شرح منافع میں اضافہ
قومی بچت کی اسکیموں پر شرح منافع میں اضافہ کردیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 9.42 سے بڑھا کر 9.51 فی صد کردیا گیا۔ اسپیشل سیونگز سرٹیفکٹس پر شرح منافع 7.97 فی صد سے بڑھا کر 8.40 فی صد کردیا گیا۔
3 بڑے نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا کام، 200 گھر مسمار
شہریوں کو ہر بارش میں ڈوبنے سے بچانے کے لیے کراچی کے 38میں سے3 بڑے اور اہم برساتی نالوں کے کنارے پختہ تجاوزات کو ہٹانے اور ان کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، منظور کالونی فائربریگیڈ اسٹیشن سے کے پی ٹی فلائی اوور تک دونوں اطراف 7 کلومیٹر طویل نالے کو صاف کردیا گیا۔ یہاں سے دو سو پختہ گھروں اور اسٹرکچر کو مسمار کرنے کا کام مکمل ہوگیا۔
سینیٹ انتخابات میں حکومت کو بڑا دھچکا
3 مارچ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر کام یاب ہوگئے۔ سید یوسف رضا گیلانی کو 169، حفیظ شیخ کو 164ووٹ ملے، جب کہ 7ووٹ مسترد ہوئے۔ تاہم اب پی ٹی ائی 26 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن گئی۔
میانمار: فوجی آمریت کے خلاف نکلنے والے مظاہرین پر فائرنگ
میانمار میں فورسز نے فوجی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک ہوگئے۔
پاکستان سپر لیگ 6 ملتوی
کھلاڑیوں کی جانب سے کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کورونا ایس اوپیز کی سنگین خلاف ورزیوں اور 3 مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6 کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔
امریکی بیان پر پاکستان کا ردعمل
5 مارچ:پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کے جموں و کشمیر سے متعلق اس بیان کو خطے کی متنازع حیثیت کے برعکس قرار دیا جس میں بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے لیے بھارت کا وفاقی علاقہ کی اصطلاح استعمال کی گئی۔
پاکستان: مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ
مہنگائی میں 0.61 فی صد مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد مہنگائی بڑھ کر 14.95 فی صد ہوگئی۔
وزیراعظم دوسری مرتبہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کام یاب
6 مارچ: وزیراعظم عمران خان ملک کی سیاسی تاریخ میں دوسرے وزیراعظم بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی ایک ہی مدت میں دو مرتبہ قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان نے دوسری مرتبہ اعتماد کا ووٹ لیا۔ 178 ارکان نے ان پر اعتماد کیا۔ اس سے قبل 1993 کو نواز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا تھا۔
تاریخی ملاقات
پاپائے روم نے آیت اﷲ سیستانی سے نجف میں تاریخی ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں دونوں راہ نماؤں نے عراق کی مسلم اکثریت کو ملک کی عیسائی برادری کو گلے لگانے کا پیغام دیا۔ دونوں بزرگ مذہبی راہ نماؤں کے درمیان یہ پہلی اور تاریخی ملاقات تھی۔
افغان خواتین کے لیے امریکی ایوارڈ
7 مارچ: امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے افغانستان سے تعلق رکھنے والی سات خواتین کو بعد از مرگ باہمت خواتین کی خدمات کے اعتراف میں دیے جانے والے ’’ویمن آف کریج ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا ہے۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والی ان سات خواتین لیڈروں اور کارکنوں نے گذشتہ سال افغان عوام کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بھارت میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کا احتجاج
8 مارچ:عالمی یوم خواتین کے موقع پر زرد رنگ کا لباس اور اسکارف اوڑھے ہزاروں خواتین نئی دہلی کے اطراف میں واقع بھارتی کسانوں کے احتجاجی کیمپوں میں شامل ہوگئیں جہاں لاکھوں کسان گذشتہ تین ماہ سے زاید عرصے سے نئی دہلی کی سرحد پر دھرنا دیے بیٹھے تھے۔ کسانوں کا مطالبہ تھا کہ مودی حکومت کی جانب سے کی گئی متنازع اصلاحات کو واپس لیا جائے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صرف ہریانہ کے ساتھ دہلی کی سرحد کے قریب 20 ہزار سے زاید خواتین جمع ہوئیں۔
چین: پہلا کورونا پاسپورٹ
10مارچ:چینی حکومت نے کورونا وائرس کے دوران اپنے شہریوں کے لیے دنیا کا پہلا وائرس پاسپورٹ متعارف کرادیا۔ یہ پاسپورٹ ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے طرز پر تیار کیا گیا ہے۔
سندھ: ہزاروں سرکاری اسکول بند
صوبہ سندھ کے طلبہ و طالبات کو میٹرک تک مفت تعلیم فراہم کرنے کی دعوے دار سندھ حکومت نے 7974 اسکولز مستقل طور پر بند رکھنے کا اعتراف کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تعلیم سے محروم بے سہارا اور لاوارث بچوں کے لیے دائر مختلف آئینی درخواستوں کی سماعت کی اس موقع پر سیکریٹری تعلیم نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت عالیہ کے سامنے اعتراف کیا کہ صوبے بھر میں ہزاروں کی تعداد میں اسکول بند ہیں جن کی مختلف وجوہات ہیں۔
پاکستان: کورونا ویکسین لگانے کا آغاز
ملک بھر میں 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز ہوا۔ پنجاب میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بزرگ شہری رجسٹرڈ ہوگئے جب کہ بزرگ شہریوں کو ویکسین کے بعد 30 منٹ مراکز میں رکھنے کا انتظام کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن
12مارچ: پی ڈی ایم سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہار گئی اور اس کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد ہوگئے جس کے بعد صادق سنجرانی کی جیت کا اعلان کردیا گیا۔ حکومتی اتحاد کے امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے، جب کہ ان کے مدمقابل امیدوار سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے۔ مجموعی طور پر 8 ووٹ مسترد ہوئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی اتحاد کے مرزا محمد آفریدی 10 ووٹوں کی برتری سے ڈپٹی چیئرمین بن گئے۔ اپوزیشن کے مولانا عبدالغفور حیدری کو 44 ووٹ ملے۔
سری لنکا میں برقعے پر پابندی
13مارچ: سری لنکا میں مسلمانوں کو اقلیت میں ہونے کی وجہ سے ایک اور پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہاں کے حکومتی وزیر نے کہا ہے کہ برقع پہننے پر پابندی ہوگی اور ہزار سے زاید اسلامی اسکولوں کو بند کردیا جائے گا۔
کورونا کی وجہ سے حج کوٹا معدوم
14مارچ: کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے حج2021 کے لیے پاکستان کو حج کا معمول کا کوٹا ملنے کے امکانات معدوم ہوگئے اور امکان ظاہر کیا گیا کہ اس سال بھی محدود حج کرایا جائے گا۔
میانمار فوجی آمریت کے خلاف مظاہرے جاری
میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف ملک کے دارالحکومت ینگون میں جاری مظاہروں میں سیکیوریٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ سے 38افراد ہلاک ہوگئے جب کہ اقتدار سے بے دخل کیے جانے والے سیاسی راہ نماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انقلاب لانے کے لیے اپنی مزاحمت جاری رکھیں۔
پاکستان: بجلی صارفین پر مزید 1060 ارب روپے کا بوجھ منتقل کرنے کا منصوبہ
15 مارچ: پاور ڈویژن نے بجلی صارفین پر1 ہزار 60 ارب روپے کا بوجھ منتقل کرنے کا پلان گردشی قرض میں اضافہ ختم کرنے کے لیے تیار کرلیا۔ کابینہ کی توانائی کمیٹی نے پلان کی منظوری دے دی۔ پلان کے تحت سوا 2 برس میں بجلی فی یونٹ 4 روپے 60 پیسے مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی۔
کوسووو نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کردیا
کوسووو نے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کردیا۔ کوسووو کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانے کا افتتاح اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔
حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی
16مارچ: مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں ہونے والے پی ڈی ایم کا اہم اجلاس بے نتیجہ رہا۔ جے یو آئی، ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کا موقف ہے کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
بھارتی مظالم کے خلاف مقبوضہ جموں کشمیر میں مکمل ہڑتال
غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے 2 نوجوانوں کو شہید اور متعدد رہائشی مکانات کو تباہ کیے جانے کے خلاف شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دونوں اضلاع میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔
طالبان کی امریکا کو دھمکی
17 مارچ:افغان طالبان نے امریکا کو دھمکی دی کہ یکم مئی تک افغانستان سے اپنی فوج نکالے ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے۔ امریکی صدر بائیڈن کے فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے طالبان ترجمان ذبیح اﷲ مجاہد کا کہنا تھا کہ امریکا دوحہ معاہدے کے مطابق یکم مئی تک افغانستان پر قبضہ ختم کرے، فوج نہیں نکالی تو تمام نتائج کا ذمے دار امریکا خود ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس یکم مئی تک کی مہلت ہے اگر وہ اپنی افواج کو افغانستان سے نہیں نکالتا تو پھر ہمارے سخت رد عمل کے لیے تیار ہوجائے۔
بھارت: اذان پر پابندی کی مہم
18مارچ: بھارت میں ہندو انتہاپسند سیاسی جماعت بی جے پی کی مرکزی حکومت کے دور میں گذشتہ کئی برس سے اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف شدید ترین نفرت انگیز مہم جاری رہی۔ اس دوران گؤ رکشا، بابری مسجد تنازع، شہریت بل، ہجوم کے ہاتھوں پرتشدد ہلاکتوں سمیت کئی معاملات کی آڑ میں مسلمانوں پر بھارت کی زمین تنگ کی جاتی رہی۔ اسی سلسلے میں الٰہ آباد سینٹرل یونی ورسٹی کی وائس چانسلر سنگیتا سریواستوا نے ایک درخواست دائر کی کہ اونچی آواز میں اذان دینے پر پابندی عاید کی جائے۔ سنگیتا سریواستوا نے ضلعی انتظامیہ کو شکایت درج کرائی، جس میں انہوں نے کہا کہ ہر روز صبح ساڑھے 5 بجے اونچی آواز میں دی جانے والی فجر کی اذان سے نیند میں خلل آتا ہے اور سر میں درد ہوتا ہے، لہٰذا فجر میں اونچی آواز میں اذان پر پابندی عائد کی جائے۔
سندھ میں گورنرراج کی دھمکی
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر پی ڈی ایم اسلام آباد میں کوئی حرکت کرتی ہے تو اس کا جواب سندھ میں گورنرراج کے نفاذ کی صورت میں دیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کا ٹیکس چھوٹ ختم کرنے پر زور
19مارچ: وفاقی حکومت نے 500 ملین ڈالر قرض وصول کرنے کے لیے آئی ایم ایف کے دباؤ پر مختلف شعبوں کو 140 ارب روپے کی انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کے لیے حکومت صدارتی آرڈیننس لائے گی اور اس ضمن میں ضابطہ کی کارروائی بھی مکمل کرلی گئی۔
آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم
20مارچ: حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف کی شرائط پر 3 آرڈیننس کے ذریعے منی بجٹ لانے کی تیاری کرلی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے تینوں آرڈیننس جلد جاری ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ متوقع آرڈیننس اسٹیٹ بینک کی خود مختاری، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کی قیمتوں کو اضافے سے متعلق خودمختاری دینے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے 140ارب روپے کا ٹیکس استثناء ختم کرنے سے متعلق ہیں۔ کابینہ کی جانب سے ان آرڈیننسز کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی ریزیڈنٹ نمائندہ ٹیریسیا دابا نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا ٹوئٹ کیا تھا۔
جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان مکین میں فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہوگئے۔ شہداء میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی انیس الرحمن اور سپاہی عزیز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع تربت کے آبسر بازار میں دستی بم دھماکے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔
سعودی عرب: ریاض میں ڈرون حملہ
سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی تیل کی ترسیل متاثر ہوگی۔ آتش زدگی سے کچھ دیر قبل حوثی باغیوں کے ایک ترجمان نے ریاض کی سمت 6 ڈرون طیاروں کے ساتھ حملوں کا دعویٰ کیا۔
سعودی عرب پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کے لیے سرگرم
21 مارچ: سعودی نائب وزیرخارجہ عادل الجبیر نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ عرب نیوز کو دیے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پورے خطے میں امن چاہتا ہے اور اس کے لیے متعدد سطح پر کوشش کرتا ہے۔
آسٹریلیا: شدید سیلاب کی زد میں
آسٹریلیا کو شدید بارشوں اور 50 برس بعد بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔ ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث ڈیمز کے بند ٹوٹ گئے اور آبی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ سڈنی سمیت کئی بڑے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں کو خالی کروا لیا گیا اور ہزاروں افراد کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ حکومت نے 16 علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ آمدورفت معطل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ اگلے ہفتے کے آخر تک جاری رہ سکتا ہے۔
بھارتی فوج کی جعلی مقابلے میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت
22 مارچ : کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی ضلع شوپیاں میں کی گئی۔ گذشتہ ہفتے سے لے کر بائیس مارچ تک شہید نوجوانوں کی تعداد 7 ہوچکی تھی۔ قابض فوج نے نام نہاد آپریشن کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ حریت راہ نما عبدالحمید لون کے مطابق شہید نوجوانوں کی شناخت عامر شفیع، رئیس احمد، عاقب ملک اور الطاف احمد وانی کے نام سے ہوئی ہے اور چاروں کا تعلق شوپیاں سے ہے۔ قابض فوجیوں نے کارروائی کے دوران 2 گھروں کو بھی تباہ کردیا۔ احتجاج کے خدشے کے پیش نظر پورے علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کو بند کردیا گیا۔
براڈ شیٹ انکوائری کمیشن کی رپورٹ
براڈشیٹ انکوائری کمیشن کی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ میں کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔ انکوائری کمیشن نے براڈ شیٹ کیس کی تحقیقات مکمل کرلیں اور اپنی رپورٹ وفاقی حکومت کو بھجوا دی، انکوائری کمیشن کی رپورٹ 500 صفحات پر مشتمل ہے، رپورٹ کے مطابق 500 صفحات کی رپورٹ کے ساتھ مختلف شخصیات کے بیانات اور دستاویزات کو الگ رکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائی کا ریکارڈ غائب ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، براڈ شیٹ کمپنی کی 15 لاکھ ڈالر رقم کی غلط ادائی کی گئی، غلط شخص کو ادائی ریاست پاکستان کے ساتھ دھوکا ہے، ادائیگی کو صرف بے احتیاطی قرار نہیں دیا جا سکتا، وزارت خزانہ، قانون، اٹارنی جنرل آفس سے فائلیں چوری ہو گئیں، پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے بھی ادائیگی کی فائل سے اندراج کا حصہ غائب ہوگیا، براڈ شیٹ کمیشن کو تمام تفصیلات نیب کی دستاویزات سے ملیں۔ کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم پاکستان کو بھجوا دی گئی۔
امریکا میں مسلح حملے
امریکا کے شہر اٹلانٹا میں ایک ہی دن مسلح حملوں کے نتیجے میں 6 ایشیا نژاد افراد سمیت 8 خواتین کی ہلاکت کے بعد ایشیائی امریکی شہریوں کے ساتھ تفریق کا سد باب کرنے کے لیے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن کا سلسلہ کئی شہروں تک پھیل گیا ہے۔
خبررساں اداروں کے مطابق ایشیائی امریکی اور بحرالکاہل جزائر نامی شہری تنظیم نے مغربی شہر سان فرانسسکو سے مشرقی شہر پٹزبرگ تک درجنوں شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس دوران تارکین وطن کا پس منظر رکھنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ نسل پرستی وائرس کی طرح ہے۔
ایشیائی باشندوں سے نفرت ختم کرو۔ مظاہرین نے بینر اٹھا رکھے تھے اور وہ حکام سے نسل پرستانہ حملوں کے برخلاف تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کر رہے تھے۔ اس تنظیم کی 19 مارچ کی رپورٹ میں واضح کیا گیا تھا کہ عام وبا کے دوران ایک سال کے اندر ایشیاء نژاد شہریوں کے خلاف 3800 امتیازی اور نسل پرستانہ حملے کیے گئے ہیں، جن میں سے 68 فی صد خواتین اور 29 فی صد مردوں کے خلاف تھے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوم پاکستان
24 مارچ: کشمیری خواتین اور بچوں نے یوم پاکستان کا جشن منانے کے لیے سری نگر میں تقریب کا اہتمام کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خواتین اور بچے سری نگر شہر میں ایک جگہ پر جمع ہوئے اور پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا اور پاکستانی پرچم لہرایا۔ بچوں نے سبز اور سفید رنگ کے غبارے بھی ہوا میں چھوڑے جو پاکستانی پرچم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس موقع پر شرکا نے کہا کہ کڑے وقت کے باوجود وہ مقدس سرزمین پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ کشمیری مسلمان پاکستان کے مسلمانوں کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان: ژالہ باری اور طوفانی بارشوں سے تباہی
ملک کے مختلف علاقوں میں خوف ناک ژالہ باری اور طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بہ حق ہوگئے۔ اولوں نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں فصلیں تباہ کر دیں، کئی علاقوں میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے اموات ہوئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقے ملک میں مشرق سے داخل ہونے والے بارشوں و برف باری کے سسٹم کی زد میں آگئے۔ طوفانی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے کئی علاقوں میں ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سستے مکانات اسکیم
25 مارچ: اسٹیٹ بینک نے سستے مکانات کے لیے قرض لینے کے حوالے سے حکومت کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے بینکوں کو ہدایات جاری کردیں۔ حکومت نے ہاؤ سنگ فنانس کی مارک اپ سبسڈی اسکیم پر نظرثانی کی ہے، توقع ہے کہ نظر ثانی شدہ اسکیم ہاؤ سنگ فنانس تک بڑی تعداد میں موجود ان گھرانوں کی رسائی کو خاصا آسان بنا دے گی جو فی الحال ذاتی مکان کے مالک نہیں ہیں۔
گذشتہ سال اکتوبر میں حکومت نے تعمیراتی شعبے اور نئے مکانات کی خریداری کے لیے مارک اپ سبسڈی کی سہولت فراہم کرنے کا آغاز کیا تھا تاکہ پہلی بار مکان خریدنے والوں کو قابل برداشت مارک اپ ریٹس پر فنانس فراہم کیا جائے۔ یہ سہولت ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی‘‘ کے انتظامات کے ساتھ فراہم کی جارہی ہے جس پر اسٹیٹ بینک بینکوں کے ذریعے عمل درآمد کر رہا ہے۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے اہم راہ نما کی رحلت
تحریک مزاحمت کے اہم راہ نما شیخ عمر برغوثی انتقال کرگئے۔ مرحوم 26 سال اسرائیلی جیلوں میں قید رہے، جب کہ ان کے بھائی اسرائیلی جیلوں میں طویل ترین قید کاٹنے والے فلسطینی ہیں۔ مرحوم کا ایک بیٹا صالح صہیونی فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرچکا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں ان کی وفات کو فلسطینی تحریک کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔
شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا کام یاب تجربہ
26 مارچ:پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا کام یاب تجربہ کیا۔ شاہین ون اے بیلسٹک میزائل 900 کلو میٹر تک ہدف کو کام یابی کے ساتھ نشانہ بنا سکتا ہے۔ میزائل تجربے کا مقصد ویپن سسٹم کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرا میٹرز کو دیکھنا تھا۔
مہنگائی کی سالانہ شرح 15.35 فی صد ہوگئی
ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران آٹا، چینی، ٹماٹر، انڈے، چاول، مرغی سمیت 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں جب کہ عالمی بینک نے غربت میں کمی لانے کے لیے مزید 60 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 25 مارچ 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ملک میں مہنگائی کی شرح 15.35 فی صد رہی ہے۔
پنجاب کورونا کی زد میں
27 مارچ: پنجاب میں کورونا تیزی سے پھیلنے لگا جس کے بعد سخت پابندیوں کا انتباہ جاری کردیا گیا، جب کہ سندھ میں مزارات دوبارہ بند کردیے گئے ہیں‘ ملک میں کورونا سے مزید 67 اموات ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ برطانیہ سے آئی نئی کورونا کی قسم زیادہ خطرناک ہے، تیزی سے پھیلتی ہے، لوگوں کو اندازہ نہیں کورونا کی تیسری لہر کتنی خطرناک ہے۔
میانمار: فوجی آمریت کے خلاف مظاہروں میں شدت
میانمار میں فوجی آمریت کے خلاف جاری مظاہروں کے شرکا پر فوج کی فائرنگ سے مزید 91 سے زاید افراد ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یکم فروری کو ہونے والی فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرین ینگون، منڈالے اور دیگر قصبوں کی سڑکوں پر نکل آئے۔ میانمار کے جرنیلوں کی جانب سے مسلح افواج کا دن منایا گیا اور ساتھ ہی مظاہرین کے لیے انتباہ جاری کیا گیا کہ انہیں باہر نکلنے پر سر اور پیٹھ میں گولی لگ سکتی ہے۔
معزول قانون سازوں کی قائم کردہ فوج مخالف گروپ سی آر پی ایچ کے ترجمان ڈاکٹر ساسا نے ایک آن لائن فورم کو بتایا کہ آج کا دن مسلح افواج کے لیے شرم کا دن ہے۔ ہفتے کا دن جو فوجی بغاوت کے بعد سب سے خونی دن تھا، ہونے والی ہلاکتوں کے بعد ملک میں فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 400 سے زاید ہوگئی ہے جب کہ ہزاروں کی تعداد میں شہری زخمی ہوئے ہیں۔
امریکا کا ’’ون بیلٹ اینڈ ون روڈ‘‘ منصوبہ
28 مارچ: امریکی صدر جوبائیڈن نے برطانیہ کو چین کے دنیا بھر میں اقتصادی راہ داری کے تحت سڑکوں کے جال ’’ون بیلٹ اینڈ ون روڈ‘‘ کی طرز کا نیا منصوبہ بنانے کی تجویز پیش کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جو بائیڈن نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو ٹیلی فونک گفت گو میں کہا کہ جمہوری ممالک کو چین کے طرز پر بیلٹ اینڈ روڈ جیسا منصوبہ بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر نے صحافیوں بتایا تھا کہ جمہوری ممالک کو بھی معاشی مدد کے منتظر ممالک کی معاونت کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ جیسے منصوبوں پر غور کرنا چاہیے۔
انڈونیشیا میں خودکش حملے
انڈونیشیا میں گرجا گھر کے باہر ہونے والے 2 مبینہ خودکش حملوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔ انڈونیشیا کے شہر ماکسار میں گرجا گھر میں ایسٹر کی مناسبت سے دعائیہ تقریب جاری تھی کہ اسی دوران گرجا گھر کے باہر زور دار دھماکے ہوئے۔ پولیس کے مطابق دعائیہ تقریب ختم ہونے پر 2 افراد نے گرجا گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی گارڈز کے روکنے پر دونوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ پولیس کا کہنا ہے گرجا گھر کے باہر سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں جو مبینہ طور پر خودکش حملہ آوروں کی ہیں۔
بنگلا دیش: مودی کی آمد پر احتجاج
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنگلادیش آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے دوسرے روز بھی مزید پانچ افراد ہلاک اور12زخمی ہوگئے۔ 2 روز میں پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ چٹاگانگ کے ضلع برہمن باریہ کے اسپتال کے ایم ایس نے میڈیا کو بتایا کہ گولیاں لگنے سے زخمی17افراد کو اسپتال لایا گیا ۔ سیکڑوں مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا، جو گجرات میں مسلم کش فسادات پر مودی کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔
عبدالحفیظ شیخ عہدے سے برطرف
29 مارچ: وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی پر قابو نہ پانے پر مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے برطرف کردیا اور ان کی جگہ حماد اظہر کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اویس منظور سمرہ کو ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ مقرر کردیا گیا۔ حماد اظہر نے فیصلے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کا اضافی چارج دے کر عزت بخشی ہے، پاکستان کی معیشت میں 2018ء سے قابل ذکر بہتری آئی ہے۔
مودی کو عمران خان کا جوابی خط
30مارچ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام بھارت سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔ عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو جوابی خط لکھا جس میں یوم پاکستان کی مبارک باد دینے پر نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے۔ تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ عمران خان نے مزید لکھا کہ کوویڈ 19کے خلاف بھارت کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 65 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے بجلی کے صارفین پر 4 ارب 59 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 65 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری فروری 2021ء کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی جب کہ نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری کے مہینے میں ایل این جی کی کم دست یابی کے باعث صارفین کو 21 کروڑ روپے مالیت کا ریلیف نہ مل سکا۔
ایف آئی اے: شوگر سٹہ بازوں کے خلاف کارروائی
31 مارچ: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 40 بڑے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد کردیے، منجمد کیے گئے بینک اکاؤنٹس میں جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس شامل ہیں۔ ایف آئی اے کو 424 اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 70ارب کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ مل گیا۔ ایف آئی اے نے چینی سٹہ بازوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے 40 بڑے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد کردیے۔
افغانستان میں بم دھماکے
افغانستان کے صوبہ بلخ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ دھماکے میں 3 فوجی اہل کاروں سمیت 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبہ کاپیسا اور صوبہ سرپل میں دو مختلف واقعات میں دو مقامی آرمی کے اہل کار، ایک این ڈی ایس اہل کار اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے۔ صوبہ سرپل میں مقامی آرمی اہل کاروں کی ہلاکت سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ہوئی۔ دوسری جانب افغانستان کے صوبہ پکتیا میں طالبان حملے میں کرنل فریدون فیاض ہلاک ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق لوگار پکتیا ہائی وے پر طالبان نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
The post سنڈے ایکسپریس سال نامہ 2021-22 ( مارچ) appeared first on ایکسپریس اردو.