سنیئر فن کار انور بلوچ سپردخاک
یکم جولائی کو پاکستان ٹیلی ویژن کے سنیئر فن کار انوراقبال بلوچ 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، انہیں کراچی میں میوہ شاہ قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ مرحوم اداکار عارضہ قلب اور کینسر میں مبتلا تھے، ان کا جنم کراچی میں ہوا تاہم والد کا تعلق مکران (بلوچستان) سے تھا۔
فوجی طیارہ تباہ
4 جولائی کو فلپائن میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 42 فوجی اور 3 شہری ہلاک ہو گئے، طیارہ جنوبی علاقے میں لینڈنگ کے دوران گرا۔
دلیپ کمار کا انتقال
7 جولائی کو لیجنڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار ممبئی میں جہان فانی سے کوچ کرگئے، 98 سالہ ’’ٹریجڈی کنگ‘‘ کا کیریئر 5 دہائیوں پر محیط تھا۔ وہ 1922ء میں پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق دلیپ کمار کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔
ہیٹی کے صدر کا قتل
7 جولائی کو ہیٹی کے صدر جووئینل موئس کو ان کی نجی رہائش گاہ پر قتل کر دیا گیا۔
دنیا کا طویل القامت ریت کا قلعہ
7 جولائی کو ڈنمارک میں دنیا کے طویل القامت ریت کے قلعے کی تعمیر مکمل ہوئی، جس کے لئے 5 ہزار ٹن ریت استعمال کی گئی۔
پہلی عرب خلاباز
8 جولائی کو شارجہ کی ایک خاتون نورالمطروشی پہلی خلاباز عرب خاتون قرار پائیں۔
سیلاب سے سوا دو سو افراد جاں بحق
12 جولائی کو تباہ کن بارشوں کے سبب جرمنی اور بیلجیئم میں سیلاب کی وجہ سے سوا دو سے زائد افراد جان سے گئے۔
سابق اولمپیئن ہاکی نوید عالم
13جولائی کو سابق ہاکی اولمپیئن نوید عالم انتقال کر گئے، وہ 1994ء کے عالمی کپ اور 1996ء اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن رہے، نوید عالم خون کے کینسر میں مبتلا تھے۔
پانچویں بار وزیراعظم
13 جولائی کو شیر بہادر دیو پانچویں بار نیپال کے وزیراعظم بن گئے۔
سابق صدر ممنون حسین
14 جولائی کو سابق صدر مملکت ممنون حسنین کینسر کے باعث جہان فانی سے کوچ کر گئے، سابق صدر 1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔ ممنون صدارت سے قبل 1999ء میں گورنر سندھ بھی رہ چکے تھے۔
اسرائیل میں سفارت خانہ
14 جولائی کو متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں باقاعدہ سفارت خانہ کھول دیا، جس کے بعد امارات خلیجی ممالک میں سفارت خانہ کھولنے والی پہلی ریاست بن گئی۔
سانحہ داسو
14 جولائی کو خیبرپختونخوا کے علاقے کوہستان میں داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ورکرز کی بس کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 9 چینی اور 4 پاکستانی دم توڑ گئے۔ جاں بحق پاکستانیوں میں 2 ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔ چینی ورکرز اور پاکستانی عملے کو لے جانے والی بس فنی خرابی کے باعث پہاڑی نالہ میں جاگری، گیس اخراج سے دھماکہ ہو گیا۔ بعدازاں اس واقعہ کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ دہشت گردی تھی۔
ٹی وی اداکارہ سلطانہ ظفر کا انتقال
16 جولائی کو ٹیلی ویژن کی نام ور پاکستانی اداکارہ سلطانہ ظفر 66 برس کی عمر میں امریکا میں انتقال کر گئیں۔ اداکارہ نے ڈراما سیریل تنہائیاں، ان کہی اور آخری چٹان میں اپنے کردار سے انڈسٹری میں پہچان بنائی۔
نائلہ جعفری کی رحلت
17جولائی کو معروف پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ نائلہ جعفری 41 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ اداکارہ 2016ء سے کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا تھیں۔
روڈ حادثے میں 34 افراد جاں بحق
19جولائی کو انڈس ہائی وے پر تونسہ بائی پاس کے قریب بس اور ٹرالر میں خوف ناک تصادم کے نتیجے میں 34 افراد جاں بحق جب کہ 41 شدید زخمی ہوگئے۔ حیران کن طور پر 46 نشستوں والی بس میں 75 مسافر سوار تھے۔
نور مقدم کیس
20 جولائی کو سابق پاکستانی سفیر شوکت مقدم کی بیٹی نورمقدم کو بے دردی سے قتل کردیا گیا، پولیس نے قتل میں ملوث ملزم و بزنس مین ظاہر جعفر کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق ان دونوں کے پہلے سے ہی تعلقات تھے۔ ہائی پروفائل کیس تاحال زیرسماعت ہے۔
پیراگلائیڈنگ کا نیا عالمی ریکارڈ
20 جولائی کو یورپی پیراگلائیڈرز نے بلتورو (سیاچن) میں 8407 میٹر کی بلندی پر پیراگلائیڈنگ کرکے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا، اس سے قبل عالمی ریکارڈ 8157 میٹر کا تھا۔
عارف نظامی رخصت ہوئے
21 جولائی کو ملک کے سنیئر صحافی، تجزیہ کار اور سی پی این ای کے صدر عارف نظامی جہان فانی سے رخصت ہوئے، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ عارف نظامی نوائے وقت کے بانی حمید نظامی کے صاحبزادے اور مجید نظامی کے بھتیجے تھے اور کئی دہائیوں تک شعبہ صحافت سے منسلک رہے۔
تین کشتیاں ڈوب گئیں
21 جولائی کو راغگان ڈیم ضلع باجوڑ میں تین کشتیوں کے ڈوبنے سے 4 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد لاپتا ہوگئے۔ عیدالاضحی کے پہلے روز تفریح کی غرض سے 18 افراد پر مشتمل کشتی ڈیم کے قریب گئی اور ڈوب گئی، جس کے بعد دو ریسکیو کشتیاں انہیں بچانے کے لیے گئیں لیکن وہ خود بھی ڈوب گئیں۔
The post سنڈے ایکسپریس سال نامہ 2021-22 ( جولائی / اگست) appeared first on ایکسپریس اردو.