میک اپ میں سب سے مشکل اور توجہ طلب مرحلہ آنکھوں کے میک اپ کا ہوتا ہے، کیوں کہ ہر خاتون اس کی تکنیک سے ناواقف ہوتی ہے۔ کچھ عورتیں تو لپ اسٹک یا بلش آن کو ہی آنکھوں پر مل کر خوش ہو جاتی ہیں، جو ایک غلط طریقہ ہے۔
آئی شیڈز لگانے کا اپنا انداز اور طریقہ کار ہے۔ اسی لیے بازار میں کئی اقسام کے شیڈز دست یاب ہیں، جو یہاں رہنے والی خواتین کی آنکھوںکو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جاتے ہیں۔
ہم یہ بات مانتے ہیںکہ آنکھوں کا میک اپ تھوڑا سا مشکل ضرور ہے، مگر ناممکن نہیں۔ سب سے پہلے اپنی آنکھوں کی بناوٹ اور قسم پر غورکریں۔ گہرے رنگوں کے شیڈ لگانے سے اجتناب برتیے۔ خصوصاً گرمیوں میں تیز رنگ دیکھنے والی نگاہ میں چبھتے محسوس ہوں گے۔ ہلکا گلابی، برانز، آسمانی یا اسکن کلر لگائیں۔
آنکھوں کے میک اپ کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ کوئی سے بھی تین گہرے، درمیانے اور ہلکے رنگ کے ’آئی شیڈ‘ لے کر سب سے ہلکا رنگ بھنوؤں کی نچلی سطح پر لگائیں، درمیانہ رنگ پپوٹوں کے درمیان میں برش کی مدد سے پھیلائیں، اس کے ساتھ ہلکے سے گہرے رنگ کا بھی ٹچ دیں۔
آخر میں پلکوں کے ساتھ ساتھ گہرا رنگ بہت پتلا سا کر کے لگائیں۔ اس کے اوپر لائنر لگا لیں، اس طرح سے کیا جانے والا آنکھوں کا میک اپ آپ کی مہارت کو ظاہر کرے گا۔ اگر آپ ایک ہی رنگ استعمال کرنا پسند کرتی ہیں، تو اس کے تین شیڈ گہرا، درمیانہ اور ہلکا لگایا جا سکتا ہے۔
اسموکی رنگوں میں اگر سفید یا سلور رنگ کے شیڈ کا اضافہ کیا جائے تو، یہ گوتھک آئی میک اپ کہلاتا ہے، سلور یا سفید رنگ کے آئی شیڈو کو بھنوؤں کے نیچے لگائیں، اس کے بعد اچھی طرح سے ملائیں، پپوٹوں کے اوپر بلیک اور گرے شیڈ کوملا کر لگائیں، اسے خوب بلینڈ کریں۔ کونوں کو خوب صورت بنائیں۔ آنکھ کے نچلے حصے میں گہرا کاجل یا پینسل سے لکیر کھینچیں، یہ گوتھک آئی میک اپ کو مکمل حسن بخشے گا۔ سرخ، سفید اور زرد رنگ کے لباس پر آنکھوں کے لیے یہ شیڈ مناسب رہتا ہے۔ یہ رات میں ہونے والی دعوت میں لگایا جا سکتا ہے، خاص طور پر کھلی جگہ اور روشنیوں سے سجے ہال میں ایسی آنکھیں منفرد نظر آتی ہیں۔ اس کے ساتھ گلابی لپ اسٹک یا لپ گلوس لگایا جاتا ہے۔
آنکھوں کو ’’گلیمریس لک‘‘ دینے کے لیے کچھ نئے انداز کے میک اپ کے طریقے اور تیکنک استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس میں دو رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، پہلا رنگ بیس ہوتا ہے، جب کہ دوسرا شیڈ اس سے ہلکا ہوتا ہے۔ عموماً کالے اور سرمئی آئی شیڈو سے آنکھوںکو اسموکی بنایا جاتا ہے، ان کو ملا کے پپوٹوں پر لائنر کی طرح تھوڑا موٹا لگائیں، اسے برش کی مدد سے نفاست سے باہر کی جانب پھیلائیں، بھنوؤں کے نیچے والی جلد پر پر لائٹ گولڈن شیڈ لگائیں۔ یہ میک اپ رات کی دعوت میں بہت اچھا لگتا ہے اور آنکھوں کی سحر انگیزی بڑھاتا ہے۔
مور کے خوب صورت رنگوں سے مشابہہ اس آئی میک اپ کے لیے اپنے لباس کی مناسبت سے سبز، جامنی، زرد یا نیلے میں سے کسی بھی رنگ کا انتخاب کیا جا سکتا ہے، پہلے آنکھوں کی کریز پر میٹ گولڈ رنگ لگائیے، خیال رکھیے کہ یہ رنگ بھنوؤں کی نچلی جلد یا پپوٹوں تک نہ جائے۔ اب کوئی سے بھی دو پسندیدہ رنگ لے کر آدھے آدھے پپوٹوں پر لگائیے، مگر دونوں ملنے نہ پائیں، انہیں الگ الگ ایپلیکیٹر سے بلینڈ کریں۔ گہرے رنگوں کو اگر ہلکا کرنا چاہیں، تو کوئی ہائی لائٹر برش اوپری سطح پر پھیریں۔ نچلی آنکھوں پر کاجل کی پتلی لکیر لگائیے۔
گرمیوں کے لیے ایک اور طرز کا میک اپ بھی کیا جاتا ہے، جس کے لیے پہلے بھنوؤں کے نچلے حصے پر سلور ہائی لائٹر لگائیے، سلور رنگ کا شیڈ بھنوؤں کے نیچے بیس کے طور پر لگائیے۔ اس کے بعد نیلے یا فیروزی رنگ لے کر اس کے اندر ہلکی سی سلور رنگ کی آمیزش کریں اور اسے بھی آنکھوں کے پپوٹوں پر لگائیے۔ یہ آنکھوں پر بہت بھلا لگے گا۔
آنکھوں کامیک اپ کرتے ہوئے چند باتوں کو ذہن نشین کرلیں، پپوٹوں پر آئی شیڈ لگانے کے بعد اس کو ٹھیک طریقے سے بلینڈ کیا جائے، تو یہ آنکھوں کی دل کشی میں اضافے کا باعث بنے گا، ورنہ آنکھیں بھدی لگیں گی۔
شیڈز کا بہت زیادہ استعمال آنکھوں کا حسن خراب کر دے گا، اس لیے رنگوں کو ٹھیک طریقے سے جلد پر بلینڈ کریں اور زائد رنگ جھاڑ دیں۔
اگر آنکھوں کا میک اپ ہلکا ہے تو لپ اسٹک شوخ یا تیز رنگ کی لگائی جا سکتی ہے، مگر بھاری آئی میک اپ پر لپ گلوس یا ہلکے رنگ کی لپ اسٹک لگانی چاہیے۔
اگر برش موجود نہیں، تو کاٹن بڈ کی مدد سے بھی شیڈز کو بلینڈ کیا جا سکتا ہے۔
بھنوؤں کی نچلی جلد پر کبھی بھی گہرے رنگ استعمال نہ کریں، بلکہ ہلکا زرد، سفید یا سنہری رنگ لگائیں۔
اپنی آنکھوں کی خوب صورتی بڑھانے کے لیے کالے رنگ کا لائنر اور مسکارا لگائیے۔
اگر دن کی دعوت میں آنکھوں کا گہرا میک اپ کرنا ہو تو، نیچرل گلابی بلش آن اور لپ گلوس لگائیے، یہ آپ کو تروتازہ ظاہر کرے گا۔
The post نین سنوارنے کے کچھ نئے انداز۔۔۔ appeared first on ایکسپریس اردو.