Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

بیٹیوں کے ساتھ ہمارا سماجی رویّہ

$
0
0

اﷲ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا، جس کا مفہوم یہ ہے کہ آسمانوں اور زمین کی سلطنت و بادشاہت صرف اﷲ ہی کے لیے ہے۔ وہ جو چاہے پیدا کرتا ہے۔ جس کو چاہتا ہے بیٹیاں دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے بیٹے دیتا ہے۔ اور جس کو چاہتا ہے بیٹے اور بیٹیاں دنوں عطا کردیتا ہے۔ اور جس کو چاہتا ہے بانجھ کردیتا ہے۔ اس کے ہاں نہ لڑکا پیدا ہوتا ہے اور نہ لڑکی پیدا ہوتی ہے، لاکھ کوشش کرے مگر اولاد نہیں ہوتی ہے۔ یہ سب کچھ اﷲ تعالیٰ کی حکمت اور مصلحت پر مبنی ہے۔ جس کے لیے جو مناسب سمجھتا ہے وہ اس کو عطا فرما دیتا ہے۔

لڑکیاں اور لڑکے دونوں اﷲ کی نعمت اور ایک دوسرے کی ضرورت ہیں۔ عورتیں مرد کی محتاج ہیں اور مرد عورتوں کا محتاج ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے اپنی حکمت سے دنیا میں ایسا نظام قائم کیا ہے کہ جس میں دونوں کی ضرورت اور دونوں ایک دوسرے کے محتاج ہیں۔ اﷲ کی اِس حکمت اور مصلحت کی روشنی میں جب ہم اپنا جائزہ لیتے ہیں تو ہم میں سے بعض لوگ ایسے نظر آئیں گے کہ جن کے یہاں لڑکے کی بہت آرزو اور تمنّا کی جاتی ہے۔ جب لڑکا پیدا ہوتا ہے تو اس وقت بہت خوشی کا اظہار کیا جاتا ہے اور اگر لڑکی پیدا ہوجائے تو خوشی کا اظہار نہیں کیا جاتا ہے، بل کہ بچی کی پیدائش پر شوہر یا گھر کے دیگر افراد عورت سے خفا ہوتے ہیں۔ حالاں کہ اس میں عورت کا کوئی قصور نہیں ہے۔ یہ سب کچھ اﷲ کی عطا ہے، کسی کو ذرّہ برابر بھی اعتراض کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ لڑکیوں کو کم تر سمجھنا زمانۂ جاہلیت میں کٖفار کا عمل تھا۔ نبی اکرم ﷺ نے بیٹیوں کی پرورش پر جتنے فضائل بیان فرمائے ہیں ، بیٹے کی پرورش پر اس قدر بیان نہیں فرمائے۔ لہٰذا بیٹی کے پیدا ہونے پر بھی ہمیں خوشی کا اظہار کرنا چاہیے۔

حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرمؐ نے ارشاد فرمایا، مفہوم: ’’جس شخص کی تین بیٹیاں یا تین بہنیں ہوں، یا دو بیٹیاں یا دو بہنیں ہوں، اور وہ ان کے ساتھ بہت اچھے طریقے سے زندگی گزارے (یعنی ان کے جو حقوق شریعت نے مقرر فرمائے ہیں وہ ادا کرے، ان کے ساتھ احسان اور سلوک کا معاملہ کرے) اور ان کے حقوق کی ادائی کے سلسلے میں اﷲ تعالیٰ سے ڈرتا رہے تو اﷲ تعالیٰ اس کی بہ دولت اس کو جنّت میں داخل فرمائیں گے۔‘‘ (ترمذی) اسی مضمون کی حدیث حضرت ابوہریرہؓ سے بھی مروی ہے مگر اس میں اتنا اضافہ ہے کہ آپؐ کے ارشاد فرمانے پر کسی نے سوال کیا کہ اگر کسی کی ایک بیٹی ہو (تو کیا وہ اس ثواب عظیم سے محروم رہے گا؟) آپؐ نے ارشاد فرمایا: جو شخص ایک بیٹی کی اسی طرح پرورش کرے گا، اس کے لیے بھی جنّت ہے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حضور اکرمؐ نے ارشاد فرمایا، مفہوم: ’’جس شخص پر لڑکیوں کی پرورش اور دیکھ بھال کی ذمے داری ہو اور وہ اس کو صبر و تحمل سے انجام دے تو یہ لڑکیاں اس کے لیے جہنّم سے آڑ بن جائیں گی۔‘‘ (ترمذی)

حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرمؐ نے ارشاد فرمایا، مفہوم: ’’جس شخص کی دو یا تین بیٹیاں ہوں اور وہ ان کی اچھے انداز سے پرورش کرے (اور جب شادی کے قابل ہوجائیں تو ان کی شادی کردے) تو میں اور وہ شخص جنّت میں اس طرح داخل ہوں گے جس طرح یہ دونوں انگلیاں ملی ہوئی ہیں۔‘‘ (ترمذی)

حضرت عائشہؓ سے ایک قصہ منقول ہے کہ ایک خاتون میرے پاس آئی جس کے ساتھ اس کی دو بچیاں تھیں۔ اس خاتون نے مجھ سے کچھ سوال کیا، اس وقت میرے پاس سوائے ایک کھجور کے اور کچھ نہیں تھا۔ وہ کھجور میں نے اس عورت کو دیدی۔ اس اﷲ کی بندی نے اس کھجور کے دو ٹکڑے کیے اور انہیں دونوں بچیوں کے ہاتھ پر رکھ دیا۔ خود کچھ نہیں کھایا۔ حالاں کہ خود اسے بھی ضرورت تھی۔ اس کے بعد وہ خاتون بچیوں کو لے کر چلی گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد حضور اکرمؐ تشریف لائے تو میں نے اس خاتون کے آنے اور ایک کھجور کے دو ٹکڑے کرکے بچیوں کو دینے کا پورا واقعہ سنایا۔ آپؐ نے ارشاد فرمایا: جس کو دو بچیوں کی پرورش کرنے کا موقع ملے اور وہ ان کے ساتھ شفقت کا معاملہ کرے تو وہ بچیاں اس کو جہنّم سے بچانے کے لیے آڑ بن جائیں گی۔ (ترمذی) ان احادیث سے معلوم ہوا کہ لڑکیوں کی شریعت کے مطابق تعلیم و تربیت اور پھر ان کی شادی کرنے پر اﷲ تعالیٰ کی طرف سے تین فضیلتیں حاصل ہوں گی: جہنم سے چھٹکارا، جنّت میں داخلہ اور حضور اکرمؐ کے ساتھ جنّت میں ہم راہی۔

قرآن کی آیات و دیگر احادیث کی روشنی میں یہ بات بڑے وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ شریعت کے مطابق اولاد کی بہتر تعلیم و تربیت وہی کرسکتا ہے جو اﷲ تعالیٰ سے ڈرتا ہو۔ حضور اکرمؐ کا طرزِ عمل ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ حضور اکرمؐ اپنی چہیتی بیٹی حضرت فاطمہؓ سے بہت ہی شفقت اور محبّت فرمایا کرتے تھے۔

The post بیٹیوں کے ساتھ ہمارا سماجی رویّہ appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>