روزنامہ ایکسپریس کے قارئین کو عیدالاضحیٰ مبارک ہو! عیدالاضحیٰ کے موقع پر عید کے پہلے دن سے ہی ہر گھر میں گوشت کے لذیذ پکوان پکائے جاتے ہیں۔ قربانی کے بعد کہیں کلیجی بھونی جارہی ہوتی ہے تو کہیں باربی کیو کے لیے گوشت کو مسالا لگایا جارہا ہوتا ہے۔
کہیں گوشت کو تقسیم کرنے کے لیے پیکٹ بنائے جاتے ہیں تو کچھ گوشت فریزر میں محفوظ کیا جاتا ہے۔ یہی تمام سرگرمیاں عیدالاضحیٰ کا خاصہ ہیں۔ البتہ اس دوران چند باتوں کا خصوصی طور پر خیال رکھنا ہوتا ہے، وہ یہ کہ قربانی کے بعد اس جگہ کو اچھی طرح دھلواکر جراثیم کش دوا یا محلول چھڑک دیں۔ گوشت بھی محفوظ کرنے سے قبل صاف کرکے دھوکر چھلنی میں رکھ دیں۔ پانی نکل جائے تو پیکٹ بناکر فریز کردیں۔ گوشت کو پکاتے وقت اچھی طرح سے گلالیں۔ ادھ گلا گوشت جراثیم کی وجہ سے بہت سی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔
گوشت کے پکوان کے ساتھ کچی سبزیوں کا سلاد اور مشروبات یا کولا ڈرنکس کے بجائے روایتی لیموں کی سکنجبین بہترین اور زود ہضم بھی ہے۔ باربی کیو کے لیے بھی گوشت کو مسالے ادرک لہسن اور پسا کچا پپیتا لگاکر رات بھر رکھ دیں تاکہ مسالا گوشت میں اچھی طرح جذب ہوجائے اور کچے پپیتے، ادرک اور لہسن کی وجہ سے وہ اچھی طرح گل بھی جائے۔ باربی کیو کے ساتھ بھی املی اور پودینے کی چٹنی ضرور پیش کریں۔ عید کے موقع پر ہر گھر میں نت نئی ڈشز پکتی ہیں۔ لذت بھرے کھانوں کی خوشبو گھر بھر میں پھیل جاتی ہے اور تمام مکینوں کو کھانے کی میز کی جانب کھینچ لاتی ہے۔
ان کھانوں کی خوشبو گھریلو ملازمین ، پڑوسی، چوکی دار، مالی تک بھی جاتی ہوگی۔ بہت سے افراد یہ لذت بھرے پکوان کھانے کی استطاعت نہیں رکھتے تو جب آپ کچھ بھی پکائیں تو تھوڑا زیادہ پکائیں اور ایسے افراد کو ضرور دیں۔ پڑوس میں بھی ضرور بھیجیں کیوں کہ یہ بہت بڑی نیکی ہے۔ اس نیک عمل سے آپ کے کھانے میں بھی برکت ہوگی اور ذائقے کی لذت بھی بڑھ جائے گی۔ عید کے موقع پر چوں کہ آپ لذت بھرے نئے پکوان کی تراکیب کی تلاش میں رہتے ہیں لہٰذا ہم آپ کے لیے چند ایسی ہی لذیذ تراکیب لے کر آئے ہیں۔ ذیل میں درج تراکیب کو پکائیے، خود بھی کھائیے اور مہمانوں کو بھی کھلائیے۔ یقیناً اپ کے مہمان آپ کی تیار کردہ ڈشز کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
بیف روش
یہ کوئٹہ کی روایتی ڈش ہے جسے نمکین گوشت بھی کہا جاتا ہے
اجزاء:
گوشت ایک کلو: (ثابت بڑا ٹکڑا یا بڑی بوٹیاں)،ہڈیاں: دو چار عدد،پسا ہوا ادرک اور لہسن: دو کھانے کے چمچے، نمک: ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ پسی ہوئی: دو کھانے کے چمچے ، یا حسب ذائقہ ،ہری مرچ : پسی ہوئی حسب ذائقہ، آلو : چار سے چھے عدد، ٹماٹر چھوٹے: چھے سے آٹھ عدد، ہری مرچیں: دس سے بارہ عدد، تیل: حسب ضرورت
ترکیب:
گوشت کو صاف کرکے دھوکر اس میں ادرک لہسن پسا، نمک، کالی مرچ پسی ہوئی، ہری مرچ پسی ہوئی سب چیزیں ڈال کر اس میں ہڈیاں بھی دھوکر ڈال دیں۔ حسب ضرورت پانی شامل کردیں تاکہ اچھی طرح گل جائے۔ جب ایک ابال آجائے تو دھیمی آنچ پر پکائیں۔ چند گھنٹوں میں گوشت گل جائے گا تو گوشت کو نکال کر تیل میں تلیں۔ رنگت تبدیل ہو لیکن زیادہ خستہ نہ ہو۔ اس کو پلیٹ میں نکال لیں ۔ اسی تیل میں آلو کے چپس کاٹ کر تل لیں، جب وہ بھی تیار ہوجائیں تو نکال کر ٹماٹر اور ہری مرچ شامل کردیں اور ڈھکن ڈھک کر فرائی کریں پھر ڈش میں نکال لیں۔ گوشت کا جو مسالا دیگچی میں بچا ہو، اب اس کو پکائیں، جب گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں۔ ڈش میں گوشت رکھیں پھر آلو کے چپس، فرائی ٹماٹر اور فرائی ہری مرچوں سے سجاکر بچے ہوئے مسالے کا سوس اس کے اوپر ڈال کر پیش کریں۔ تندروی نان اور کلچوں کے ساتھ دہی کا رائتہ بھی ہو تو ذائقہ دوبالا ہوجائے گا۔
فرائیڈ بیف شاشلک اسٹک
اجزاء:
گائے کا گوشت: آدھا کلو،آلو: دو عدد،شملہ مرچ: دو عدد،ٹماٹر: دو عدد، لیموں کا رس : دو کھانے کے چمچے، میدہ: چار کھانے کے چمچے، بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچہ، کالی مرچ پسی ہوئی: ایک چائے کا چمچہ یا حسب ذائقہ، لال مرچ پسی ہوئی: ایک چائے کا چمچہ یا حسب ذائقہ، نمک: حسب ذائقہ، کارن فلور: دو کھانے کے چمچے، انڈے: ایک سے دو عدد، ڈبل روٹی یا توس کا چورا حسب ضرورت، ادرک لہسن پسا ہوا: ایک چائے کا چمچہ
ترکیب:
گوشت کی چھوٹی بوٹیاں بنوالیں۔ دھوکر ادرک لہسن ڈال کر اتنا پانی ڈال کر پکائیں کہ گوشت گل جائے۔ آلو چھیل کر گوشت کی بوٹیوں کے برابر سائز کے ٹکڑے کاٹ کر ابال لیں۔ شملہ مرچ کے بھی اسی سائز کے ٹکڑے کاٹ لیں۔ ٹماٹر کے درمیان سے بیج نکال کر اسی سائز کے ٹکڑے کاٹ لیں۔ گوشت اور آلو گل جائیں تو دونوں کو نکال کر رکھ لیں۔ ایک پیالے میں لیموں کارس، میدہ، بیکنگ پاؤڈر، کالی مرچ، لال مرچ، نمک، کارن فلور سب کو اچھی طرح ملاکر اس میں گوشت، آلو احتیاط سے ملائیں اور آدھا گھنٹہ رکھ دیں۔ پھر شاشلک اسٹک میں ایک گوشت کی بوٹی پھر شملہ مرچ کا ٹکڑا پھر آلو پھر ٹماٹر کا ٹکڑا پروئیں، پھر دوبارہ گوشت کی بوٹی پھر شملہ مرچ، آلو اور ٹماٹر کا ٹکڑا آخر میں گوشت کی بوٹی لگائیں، پھر اس کو پھینٹتے ہوئے انڈا لگاکر توس کا چورا لگادیں اور درمیانی آنچ پر گرم تیل میں فرائی کریں۔ دونوں طرف سے گولڈن براؤن ہونے پر پیپر پر نکال کر سلاد کے پتوں کے درمیان سجاکر پیش کریں۔ ساتھ ٹماٹو کیچپ اور چٹنی بھی پیش کریں عید کی ٹرالی کے لیے بہترین آئٹم ہے۔
بوٹی مسالا
اجزاء:
گوشت: آدھا کلو چھوٹی بوٹیاں بنوالیں، ادرک لہسن پسا ہوا: ایک کھانے کا چمچہ، کچا پپیتا پسا ہوا: ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، بیسن کا آٹا: دو کھانے کے چمچے، (انہیں بھون لیں)، پیاز درمیانہ سائز کی: ایک عدد انڈے کی طرح کاٹ لیں، ہرا دھنیا: آدھی گڈی باریک کاٹ لیں، ہری مرچ: پانچ سے چھ عدد یا حسب ذائقہ باریک کاٹ لیں، کوٹی ہوئی لال مرچ : ایک چائے کا چمچہ، نمک: ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالا پسا ہوا: ایک چائے کا چمچہ، جائفل جاوتری پسا ہوا: آدھاچائے کا چمچہ، ثابت دھنیا: آدھاچائے کا چمچہ بھون کر کوٹ لیں، ثابت سفید زیرہ: آدھاچائے کا چمچہ بھون کر کوٹ لیں، بھونی ہوئی پیاز: دو سے تین کھانے کے چمچے، دہی :دو تین کھانے کے چمچے، تیل: تین سے چار کھانے کے چمچے
ترکیب:
گوشت کی بوٹیوں کو صاف کرکے دھوکر تمام مسالے سوائے تیل کے اچھی طرح مل کر رات بھر یا چند گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر دیگچی میں تیل گرم کرکے یہ گوشت کی بوٹیاں ڈال کر دھیمی آنچ پر ڈھک کر پکائیں۔ ضرورت ہو تو پانی شامل کردیں۔ جب گوشت گل جائے تو ہلکا سا بھون کر اتار لیں۔ پانی نہ ہو۔ اس پر کوئلے کا دم دے کر ہرا دھنیا، ادرک اور لیموں سب باریک کاٹ کر سجادیں۔ چپاتی اور املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
’’کھاؤسے‘‘ (ایک روایتی میمنی ڈش)
اجزاء:
گوشت: چھوٹی بوٹیاں کرالیں،کڑی پتے: بیس سے پچیس عدد، ٹماٹر: چار سے چھ عدد، لال مرچ پسی ہوئی: حسب ذائقہ، نمک: حسب ذائقہ، ہلدی: ایک چائے کا چمچہ، تیل : حسب ضرورت
دہی : ایک پاؤ، بیسن: ایک پیالی، پانی : حسب ضرورت ، نوڈلز: آدھا پیکٹ، چپس: حسب ضرورت سجانے کے لیے، ہرا دھنیا: ایک گڈی باریک کٹا ہوا، چاٹ کا مسالا: حسب ذائقہ
ترکیب:
تیل گرم کرکے اس میں کڑی پتے ڈال دیں۔ تین چار ٹماٹرپیس کر ڈال دیں۔ لال مرچ، نمک اور آدھا چائے کا چمچہ ہلدی ڈال کر بھون کر تھوڑے سے پانی کا چھینٹا دیں۔ دہی میں بیسن کا آٹا اور چار سے چھ گلاس پانی ڈال کر بلینڈ کرلیں، پھر یہ آمیزہ مسالے میں ڈال کر پکنے دیں۔ جب کڑی تیار ہوجائے تو اتار لیں۔
دوسری دیگچی میں تیل گرم کرکے دو تین ٹماٹر باریک کاٹ کر اس میں ڈالیں اور پھر اس کے ساتھ لال مرچ، نمک اور آدھا چائے کا چمچہ ہلدی بھی ڈال دیں اور اچھی طرح بھون لیں۔ گوشت کو پہلے سے ابال لیں۔ گل جائے تو اتارلیں۔ گوشت کی بوٹیوں کو بھونے ہوئے مسالے میں شامل کرکے تھوڑی یخنی بھی شامل کریں۔ نوڈلز کو علیحدہ کرکے تھوڑا نمک اور تیل ڈال کر ابال لیں۔ اب پیالے میں پہلے کڑی پھر نوڈلز ڈالیں پھر اس کے اوپر گوشت ڈالیں اور چپس ہرا دھنیا اور چاٹ کے مسالے سے سجادیں، لذیذ ڈش تیار ہے۔
تکہ بریانی
اجزاء:
گوشت: ایک کلو بڑی بوٹیاں بنوالیں، دہی: آدھا کلو، نمک: حسب ذائقہ، لال مرچ پسی ہوئی: حسب ذائقہ، لیموں: دو عدد
دھنیا پیسا ہوا: ایک کھانے کا چمچہ، زیرہ پسا ہوا: ایک کھانے کا چمچہ، زردے کا رنگ: حسب ضرورت، چاول: ایک کلو، پیاز درمیانی: پانچ عدد، ادرک لہسن پیسا ہوا: ایک چائے کا چمچہ، تیل: ڈیڑھ پیالی، ہلدی: آدھا چائے کا چمچہ، آلو: چار عدد، ٹماٹر: چار عدد، سوکھے آلو بخارے: چھ سے آٹھ عدد، بریانی کا ایسنس: چند قطرے، ثابت گرم مسالا: حسب ضرورت، پانی: حسب ضرورت
ترکیب:
گوشت کو صاف کرکے دھوکر رکھیں۔ ایک پیالے میں آدھا دہی لیں اس میں تھوڑا نمک، لال مرچ پسی ہوئی، لیموں کا رس، زردے کا رنگ، دھنیا پسا ہوا آدھا کھانے کا چمچہ، زیرہ پسا ہوا آدھا کھانے کا چمچہ سب ملاکر گوشت میں ڈال کر اچھی طرح ملائیں کہ مسالا گوشت پر لگ جائے۔ آدھا سے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
ایک دیگچے میں تیل گرم کریں۔ پیاز باریک کٹی ہوئی ڈال کر سنہری ہونے تک تل لیں۔ آلو بھی چھلے اور ٹکڑے کٹے ہوئے ڈال دیں۔ بھونیں پھر ٹماٹر کٹے ہوئے، ادرک لہسن پیسا ہوا، نمک، لال مرچ پسی ہوئی، ہلدی سب ڈال کر بھونیں، بچا ہوا دہی، دھنیا پسا ہوا اور زیرہ پسا ہوا بھی ڈال دیں بھونیں پھر تھوڑا پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر ڈھک کر پکنے دیں۔ آلو گل جائیں تو آلو بخارے ڈال دیں۔ تھوڑی گریوی ہونی چاہیے۔ گوشت کو الگ دیگچے میں پکنے رکھ دیں۔ ضرورت ہو تو پانی شامل کریں۔ گوشت گل جائے تو اتار لیں اورکوئلے کا دم دے دیں۔ چاول کے لیے گرم مسالا اور نمک ڈال کر پانی ابال لیں۔ چاول تین کنی ابل جائیں تو چھان کر ایک دیگچے میں آدھے چاول کی تہہ لگائیں۔ اس پر آلو کا مسالا ڈال کر بقیہ چاول کی تہہ لگاکر تھوڑے سے پانی میں زردے کا رنگ گھول کر ڈالیں۔ بریانی کا ایسنس ڈالیں اور دم پر رکھ دیں۔ ڈش میں پہلے بریانی ڈالیں پھر تکے اس کے اوپر سجادیں۔ رائتے اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔
اسپیشل کڑاہی گوشت
اجزاء:
دنبے کا گوشت یا چربی والا گوشت: آدھا کلو، تیل: تین سے چار کھانے کے چمچہ، ادرک لہسن پسا ہوا: ایک چائے کا چمچہ، قصوری میتھی: ایک کھانے کا چمچہ صاف کرکے پانی میں بھگودیں، نمک: ایک چائے کا چمچہ یا حسب ذائقہ، لال مرچ پسی ہوئی: دو چائے کا چمچہ یا حسب ذائقہ، دھنیا پسا ہوا: ایک چائے کا چمچہ، ہلدی: پاؤ چائے کا چمچہ، ٹماٹر: چار عدد، بڑی ہری مرچیں: چھ سے آٹھ عدد، ہرا دھنیا: آدھی گڈی، ادرک باریک کٹا ہوا: ایک کھانے کا چمچہ
ترکیب:
گوشت کو دھوکر تیل گرم کرکے اس میں گوشت اور ادرک لہسن پیسا ہوا ڈال کر بھونیں پھر قصوری میتھی ڈال کر پھر تھوڑا کا پانی ڈال کر ڈھک دیں۔ دھیمی آنچ پر پکائیں۔ جب گوشت آدھا گل جائے تو نمک، لال مرچ پسی ہوئی، ہلدی، دھنیا پیسا ہوا ڈال کر بھونیں۔ ٹماٹر کاٹ کر تھوڑا پانی ڈال کر بلینڈر میں پیس لیں۔ پھر گوشت میں بڑی ہری مرچیں آدھا ہرا دھنیا کٹا ہوا اور پیسے ہوئے ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب گوشت گل جائے تیل اوپر آجائے تو ہرا دھنیا اور ادرک چھڑک دیں تیار ہے۔ گرم قندھاری نان یا کلچوں کے ساتھ تناول فرمائیں۔
The post کچھ نئے ذائقے آزمائیں appeared first on ایکسپریس اردو.