عیدالفطر کا موقع ہو تو ہر گھر میں روایتی میٹھے پکوان بنائے جاتے ہیں۔ کہیں شیر خرمے میں خشک میوے اور مٹھائی ڈال کر پکایا جاتا ہے اور مہمانوں کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔
کہیں صبح کے ناشتے میں ابلی ہوئی سوئیوں پر چینی اور دیسی گھی ڈال کر اس کا مزے دار ناشتہ تناول کیا جاتا ہے تو کہیں چھواروں میں کھویا بھر کر اسے فریز کردیا جاتا ہے اور پھر مہمانوں کی آمد پر اس خاص روایتی میٹھے پکوان سے ان کی تواضع کی جاتی ہے۔
گو کہ عید کے موقعے پر سوئیوں کی ڈش اور شیرخرمہ ہر دستر خوان اور عید ٹرالی کا خاص جزو سمجھی جاتی ہے، اس کے باوجود وقت گزرنے کے ساتھ سوئیوں سے تیار کردہ نت نئی ڈشز اور دیگر میٹھی ڈشز کو مہمانوں کی تواضع اور خاطر داری کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔ لہٰذا خواتین کی اکثریت عید کے مواقع پر نئی اور منفرد تراکیب کی تلاش میں رہتی ہے، اسی لیے آج ہم آپ کے لیے چند ایسی تراکیب لے کر آئے ہیں جو بے حد آسان ہیں اور ان کے ذائقے بھی لذیذ ہیں تو پھر آج ہی پکائیے جس کے بعد مہمان ہوں یا اہل خانہ آپ کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں گے۔
سوئیوں کا پکوان۔۔۔۔ اسٹفڈ ورمیسلی
درکار اجزاء:
سوئیاں:آدھا پیکٹ
دودھ: پونا کپ
ونیلا کسٹرڈ پائوڈر: ڈیڑھ کھانے کا چمچا
چینی: آدھا کپ یا حسب ذائقہ
کریم: ایک پیکٹ
چیڈرچیز: ڈھائی کھانے کا چمچا کدوکش کیا ہوا
موزریلا چیز: ڈھائی کھانے کا چمچا کدوکش کیا ہوا
ونیلا ایسنس: ایک چائے کا چمچا
مکھن: پانچ کھانے کے چمچے
چاشنی بنانے کے اجزاء:
چینی: ایک کپ
پانی: ایک کپ
زعفران کا ایسنس: چند قطرے
بادام پیستے: حسب ضرورت باریک کٹے ہوئے سجاوٹ کے لیے
ترکیب: دودھ میں چینی ملاکر دھیمی آنچ پر پکائیں، ابال آجانے پر کسٹرڈ پائوڈر کو تھوڑے سے پانی یا دودھ میں گھول کر ڈالیں اور پھر پکائیں جس کے بعد چولہے سے اتار کر کریم، چیڈرچیز، موزریلا چیز اور ونیلا ایسنس اس میں ملادیں۔ دوبارہ تھوڑا پکاکر پھر اتار لیں۔ اس کے بعد سوئیوں کو مکھن کے ساتھ چوپر میں ڈا؛ کر پیس لیں۔ کپ کیک کی ٹرے میں پیپر کیس لگاکر تھوڑا تھوڑا سوئیوں کا آمیزہ ڈالیں اور چمچے سے دبائیں جس کے بعد کسٹرڈ ایک سے دو چمچے ڈالیں، اس کے بعد اس پر سوئیوں کا آمیزہ ڈال کر چمچے سے دبائیں۔ احتیاط کریں کہ کسٹرڈ اوپر نہ آئے۔ اب پہلے سے گرم کیے ہوئے اوون میں 180ڈگری پر بیک ہونے کے لیے رکھ دیں۔ چینی اور پانی ملاکر چاشنی تیار کرلیں۔ اتنا پکائیں کہ چینی اچھی طرح گھل کر حل ہوجائے، لیکن یہ چاشنی گاڑھی نہ ہو۔ پھر اس میں زعفران کا ایسنس شامل کردیں۔ اوون میں چیک کریں۔ اگر سوئیاں اوپر سے سنہری رنگ کی ہوجائیں تو نکال لیں۔ تھوڑی چاشنی تمام سوئیوں کے کیس میں ڈالیں اور اوپر سے بادام اور پستہ چھڑک دیں۔ ٹھنڈا ہونے دیں۔ پھر کپ کیک کی ٹرے سے نکال کر ڈش میں رکھیں۔ فریج میں ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔
…
کولڈ کافی پڈنگ
درکار اجزاء
کافی: دو کھانے کے چمچے
دودھ:آدھا لیٹر
چینی پانچ کھانے کے چمچے یا حسب ذائقہ
کریم: دو پیکٹ
کیک رسک: میڈیم سائز کے دو پیکٹ
ترکیب:دودھ میں ایک کھانے کا چمچہ چینی کافی اور تین کھانے کے چمچا چینی ملاکر پکائیں۔ ابال آجائے تو اتار لیں۔ تھوڑی سی کریم میں بقیہ کافی اور بقیہ چینی ملاکر مائیکرو ویو اوون میں ایک سے دو منٹ کے لیے گرم کریں پھر نکال کر اچھی طرح ملائیں۔ جب چینی اور کافی اچھی طرح گھل جائے تو مزید کریم اس میں ملالیں۔ اب ایک شیشے کی گہری ڈش لیں۔ ایک ایک کیک رسک کو کافی میں ڈبوکر ڈش میں تہہ لگاتی چلی جائیں۔ پھر کریم کی تہہ لگائیں، پھر اس کے اوپر بقایا کیک رسک کو کافی میں بھگوکر ان کی تہہ لگادیں۔ پھر بقیہ کریم کی تہہ لگا کر اس پر تھوڑی سی کافی چھڑک دیں اور بقایا کریم سے پھول بناکر فریج میں رکھ دیں۔ کم از کم تین سے چار گھنٹے ضرور رہنے دیں یا عید ٹرالی کے لیے تیار کرنا ہو تو چاند رات کو بناکر فریج میں رکھ دیں۔ یہ لذیذ کولڈ کافی پڈنگ آپ کے مہمانوں کو یقیناً پسند آئے گی۔
…
چاکلیٹ پن وہیل سینڈوچ
درکار اجزاء:
ڈبل روٹی کے سلائس: تین سے چار عدد
مکھن : ایک کھانے کا چمچا
کوکو پائوڈر : ایک کھانے کا چمچا
چینی : دو کھانے کے چمچا
پانی: آدھا کھانے کا چمچا
دودھ: آدھا کھانے کا چمچا
ونیلا ایسنس: چند قطرے
کریم : آدھا سے ایک کپ
اخروٹ: آدھا کپ کوٹے ہوئے
ترکیب:سلائس روٹی کے کنارے کاٹ کر بیلن سے بیل لیں۔ ایک چھوٹی دیگچی میں مکھن، کوکو پائوڈر، چینی، پانی، دودھ اور ونیلا ایسنس کو ملاکر پکائیں۔ چینی گھل جائے اور گاڑھا ہونے لگے تو اتار کر تھوڑی سی کریم ملالیں۔ زیادہ پتلا نہ ہو۔ پھر ہر سلائس پر یہ سوس لگائیں۔ تھوڑی سی کریم ڈالیں اور اخروٹ چھڑکیں۔ پہلے ایک فوائل پیپر یا پلاسٹک کے اوپر سلائس رکھ کر یہ سب لگادیں اور پلاسٹک یا فوائل پیپر یا پلاسٹک میں لپیٹ دیں اور فریج میں رکھ دیں۔ چند گھنٹوں بعد نکال کر پلاسٹک یا فوائل ہٹاکر رول کے سلائس کاٹ لیں ۔ کریم سے گارنش کرکے پیش کریں۔
…
باؤنٹی کھجور
درکار اجزاء:
چھوارے: آٹھ سے دس عدد
کھوپرا پسا ہوا: آدھا کپ
کریم: حسب ضرورت
چینی: ایک کھانے کا چمچا
ملک چاکلیٹ: پائو سے آدھا کپ کرش کی ہوئی
ترکیب:چھواروں کے بیج نکال لیں۔ چھواروں کو دو حصوں میں ٹکڑے نہ ہونے دیں۔ پھر پانی میں بھگودیں۔ کھوپرے میں ایک چائے کا چمچا چینی، پسی ہوئی اور تھوڑی سی کریم ملاکر گاڑھا سا آمیزہ تیار کرلیں۔ کریم کی مقدار زیادہ نہ ہو۔ ایک دیگچی میں پانی گرم کریں۔ چاکلیٹ اور کریم کو ملاکر ایک پیالے میں رکھیں۔ پیالے کو کھولتے پانی کی دیگچی پر رکھ دیں۔ پیالے کا سائز بڑا ہونا چاہیے۔ چاکلیٹ پگھل جائے تو اتار کر کریم کے ساتھ اچھی طرح مکس کرلیں۔ چھواروں کو پانی سے نکال کر صاف نیپکن سے خشک کرلیں۔ چھواروں کے اندر کھوپرے کا آمیزہ بھرکر چاکلیٹ میں ڈپ کریں۔ چمچے کی مدد سے اچھی طرح چاکلیٹ سے چھوارہ ڈھک جائے تو کسی پلیٹ میں ڈال کر فریز کردیں۔ چند گھنٹوں بعد ذائقے دار بائونٹی کھجور کا مزہ اٹھائیں۔
۔۔۔
اوریوڈیلائٹ
درکار اجزاء:
اوریو بسکٹ یا چاکلیٹ بسکٹس: نو سے دس عدد یا حسب ضرورت
دودھ: آدھا لیٹر
چینی: چار کھانے کے چمچے یا حسب ذائقہ
ونیلا کسٹرڈ پائوڈر: دو کھانے کے چمچے
سوس کے اجزاء:
مکھن : ایک کھانے کا چمچا
کوکو پائوڈر: ایک کھانے کا چمچا
چینی : دو کھانے کے چمچے
پانی: آدھا کھانے کا چمچا
دودھ : آدھا کھانے کا چمچا
ونیلا ایسنس: چند قطرے
کھوپرا پسا ہوا: سجاوٹ کے لیے حسب ضرورت
ترکیب: چند بسکٹ کے علاوہ بقیہ تمام بسکٹ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ دودھ میں چینی ملاکر ابال لیں۔ کسٹرڈ پائوڈر کو تھوڑے دودھ یا پانی میں گھول کر اس میں ملاکر اتنا پکائیں کہ کسٹرڈ گاڑھا ہوجائے۔ اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ ایک چھوٹے سوس پین میں سوس کے اجزا ملاکر پکائیں۔ چینی گھل جائے اور گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں۔ سرونگ ڈش یا پیالیوں میں تھوڑے بسکٹ کے ٹکڑے ڈالیں، اس پر کسٹرڈ کی تہہ لگائیں۔ دوبارہ بسکٹ کے ٹکڑوں کی تہہ لگائیں۔ آخر میں کسٹرڈ کی تہہ لگائیں۔ کچھ دیر بعد احتیاط سے سوس اس کے اوپر ڈالیں۔ علیحدہ کیے ہوئے بسکٹ سے سجاکر پسا ہوا کھوپرا چھڑک دیں۔ فریج میں چند گھنٹوں کے لیے رکھ دیں۔ عید ٹرالی پر اوریوڈیلائٹ کو بچے بڑے سبھی پسند کریں گے۔
۔۔۔
پائن ایپل کریم
درکار اجزاء:
پائن ایپل کے ٹکڑے: ایک پیالی
کریم: ایک پیالی
چینی: دو کھانے کے چمچے یا حسب ذائقہ
اخروٹ: آدھی پیالی موٹا کوٹا ہوا
چاکلیٹ چپس: دو کھانے کے چمچے
ترکیب: کریم میں چینی ملاکر پائن ایپل کے ٹکڑے اور اخروٹ ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ پھر سرونگ ڈش میں ڈال کر چاکلیٹ چپس سے سجاکر فریج میں ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں۔ جھٹ پٹ تیار ہونے والی یہ ڈش سبھی کو بے حد پسند آئے گی اور یقین مانیے آپ کا عید کی مہمان نوازی کا مزہ بھی دوبالا ہوجائے گا۔
The post میٹھی عید لائی میٹھی میٹھی سوغاتیں appeared first on ایکسپریس اردو.