Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4424

شوبزکی دنیا کے اتارچڑھاؤ

$
0
0

وقت کی رفتار کا اندازہ صرف وہی لوگ لگا سکتے ہیں جووقت کی قدر کرتے اوراس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔

جولوگ وقت کے ساتھ نہیں چلتے وہ زندگی کی دوڑمیں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔ سال 2013ء اختتام پذیر ہو گیا۔ سب کچھ اتنی تیزی سے ماضی کا حصہ بنا ہے کہ سب کچھ کل کی بات لگتی ہے۔ گزشتہ برس کے استقبال کیلئے دنیا بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، خصوصی پروگرام رات بھرچلتے رہے، مگر اب سال 2013ء کا بھی اختتام ہوچکا ہے اور 2014ء کا سورج طلوع ہوگیا ہے۔ اگر ہم گزرے سال 2013ء پر نظر ڈالیں تواس دوران ان گنت خوشگواراور ناخوشگوارواقعات رونما ہوئے۔ ماضی کے تمام برسوں کی طرح 2013ء میں بھی لوگوں کوبہت سی خوشیاں ملیں اوربہت سے غم بھی۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی کی طرح پاکستان کی شوبز انڈسٹری کیلئے بھی سال 2013ء مختلف حوالوں سے ہمیشہ یادگاررہے گا کیونکہ اس کے تمام شعبوں میں مختلف ناقابل فراموش واقعات رونما ہوئے۔ بہت سے لیجنڈ فنکار اس دنیائے فانی سے رخصت ہوگئے توبہت سے فنکاروں کے ہاں نئے مہمان کی آمد ہوئی۔ کسی نے زندگی کا نیا سفر شروع کیا تو کسی کے سفر کا انجام طلاق کی صورت میں ہوا۔ بہت سے فنکاروں نے اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے پاک سرزمین کا نام دیارغیر میں روشن کیا توبہت سے فنکاراعلیٰ سول اعزاز کے حقدارٹہرے۔

سال 2013ء میں پاکستان کی 7 پنجابی ، 4 اردواور 15پشتوفلمیں جبکہ بالی وڈ کی 49 فلمیں ریلیزہوئیں ۔ ان میں ’’عشق خدا‘‘ ، ’’بھولا اشتہاری‘‘ ، ’’نوٹینشن‘‘ ، ’’سپرگرل‘‘ ، ’’لباس ‘‘ ، ’’شرابی ‘‘ چار اردو ’’ میں ہوں شاہد آفریدی‘‘ ، ’’چنبیلی‘‘ ، ’’ زندہ بھاگ‘‘ اور ’’وار‘‘ شامل ہیں۔ ’’میں ہوں شاہد آفریدی ‘‘ ، ’’چنبیلی ‘‘ ، ’’زندہ بھاگ‘‘ اور ’’وار‘‘ کے باکس آفس پر اچھے رسپانس نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کی امیدیں پیدا ہوگئیں۔ خاص طور پر ’’وار‘‘ جو بلال لاشاری کی ڈائریکشن میں بننے والی بین الاقوامی معیار کی فلم تھی اس نے ملک بھرکے سینماؤں میں ریکارڈ بزنس کیا۔

پندرہ پشتو فلموںمیں ’’لواسٹوری‘‘ ، ’’ مینہ کور‘‘، ’’منافق‘‘ ، ’’سرکار‘‘ ، ’’زما ارمان‘‘ ، ’’ لوفر‘‘ ، ’’ بنگی لالیا‘‘ ، ’’ شرط‘‘ ، ’’ قربانی‘‘ ، ’’ ضدی پختون‘‘ ، ’’ آخری گولئے‘‘، ’’ باڈی گارڈ‘‘ ، ’’ پخاورے بدمعاش‘‘ ، ’’ شیر خان‘‘ اور ’’مست ملنگ‘‘ شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ 49 بھارتی فلمیں جن میں ’’ ٹیبل21‘‘،’’متروکی بجلی کا منڈولا‘‘، ’’ریس ٹو‘‘، ’’سپیشل 26‘‘،’’اے بی سی ڈی اینی باڈی ڈانس’’، ’’جنتا بھائی کی لواسٹوری‘‘، ’’مرڈر 3‘‘،’’ضلع غازی آباد‘‘،’’آئی می اور میں‘‘ ،’’ بلڈی عشق‘‘، ’’صاحب ، بیوی ، گینگسٹر ریٹرن‘‘،’’ تھری جی‘‘،’’جولی ایل ایل بی‘‘، ’’آتما‘‘، ’’ہمت والا‘‘، ’’چشم بدود‘‘، ’’کمانڈو‘‘ِ،’’ایک تھی ڈائن‘‘، ’’عاشقی ٹو‘‘، ’’شوٹ ایٹ واڈالا‘‘، ’’گو گوا گون‘‘، ’’اورنگزیب‘‘، ’’یہ جوانی ہے دیوانی‘‘، ’’یملا پگلا دیوانہ ٹو‘‘، س’’فقرے‘‘، ’’رانجھنا‘‘، ’’شارٹ کٹ رومیو‘‘، ’’گھن چکر‘‘، ’’لیٹرا‘‘ ، ’’پولیس گری‘‘، ’’رمیا وستا ویا‘‘، ’’بجاتے رہو‘‘، ’’چنائی ایکسپریس‘‘ ،’’ ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘، ’’مدراس کیفے‘‘، ’’ستیاگرہ‘‘، ’’زنجیر‘‘، ’’شدھ دیسی رومانس‘‘، ’’جان ڈے‘‘، ’’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘‘ ،’’بے شرم‘‘، ’’باس‘‘، ’’کرش تھری‘‘ ، ’’گوری تیرے پیار میں‘‘ ، ’’سنگھ صاحب دی گریٹ‘‘ ،’’ رام لیلا‘‘، ’’دھوم تھری‘‘ اور دو بھارتی پنجابی فلمیں ’’جٹ اینڈ جیولٹ ٹو‘‘ اور ’’پاجی ان پرابلم ‘‘ بھی پہلی مرتبہ پاکستانی سینماؤں کی زینت بنیں ۔

سال 2013ء فلمی حلقوں میں اس حوالے سے بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کہ اس سال بہت سے نئے لوگوں نے انڈسٹری میں قدم رکھا جن میں پروڈیوسر‘ ڈائریکٹر اورفنکار بھی شامل ہیں جن کی نہ صرف فلمیں سپرہٹ رہیں بلکہ ان فلموں کی کامیابی نے مزید لوگوں کیلئے بھی راستے کھول دیئے۔ دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے سینماگھر بھی بننا شروع ہو گئے۔ بین الاقوامی معیار کی چند فلموں نے توپاکستان فلم انڈسٹری کوتوانا کردیا ۔

ان فلموں کی کامیابی کے بعد نہ صرف کارپوریٹ سیکٹر نے فلموں میں 50 کروڑ کی سرمایہ کاری کی بلکہ ان کے علاوہ بھی 20 سے زائد لوگوں کی فلمیں زیر تکمیل ہیں، جو آئندہ برس سینما گھروں میںنمائش کیلئے پیش کی جائیں گی اوران میں ٹی وی کے نامور فنکار اور ڈائریکٹر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ اس کے علاوہ لولی وڈ کی روایتی فلم سازی نہایت سست رہی لیکن بیان بازیوں میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر سب کوپیچھے چھوڑدیا۔ کسی نے امپورٹ قوانین کے تحت پاکستان میں نما ئش کیلئے پیش کی جانیوالی فلموں کو ذمہ دار ٹہرایا توکسی نے جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کا سہارا لے لیا مگرعملی طور پر انہوں نے کچھ نہ کرنے کی جوقسم برسوں قبل اٹھا رکھی تھی اس پرقائم رہے۔

حکومت پنجاب نے فلم سنسر بورڈ کو فعال کرتے ہوئے ماضی کی معروف اداکارہ زیبا بیگم کو چیئرپرسن بنانے کے ساتھ ساتھ بورڈ کے پانچ ممبران کا اعلان بھی کیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے اہم لوگوں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی۔ کمیٹی میں شامل اراکین نے متعدد بار میٹنگز کیں لیکن ہمیشہ کی طرح کوئی مثبت حل سامنے نہیں آسکا۔ البتہ سال کااختتام سینماانڈسٹری اور شائقین کیلئے کوئی اچھی خبرلے کرنہیں آیا کیونکہ نومبرمیں بھارتی فلموں کی پاکستان میں غیرقانونی نمائش کیخلاف ہائی کورٹ میں رٹ دائرکی گئی جس پر عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ سمگل شدہ فلموں کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس پرمرکزی فلم سنسربورڈ کے چیئرمین نے عدالت میں ہونیوالی سرزنش سے بچنے کیلئے جہاں امپورٹ قوانین کے تحت آنیوالی فلموں کوسنسرسرٹیفیکٹ جاری کرنا بند کردیئے وہیں ایک پاکستانی فلم کوبھی سنسرسرٹیفیکٹ جاری نہ کیا۔ دوسری طرف اس فیصلے کے بعد فلم اورسینما انڈسٹری میں کشمکش بڑھ گئی۔

لیلیٰ ، ثنا ، مدیحہ شاہ اورنرما سمیت متعدد فنکاروں کی سال بھرمیں ایک بھی فلم ریلیزنہیں ہوئی۔ مذکورہ اداکاراؤں نے نجی چینلز پرپیش کئے جانے والے مارننگ شوزمیں ’’ انٹریاں‘‘ کرکے اپنا کیرئیرمحفوظ کئے رکھا۔ اداکارہ نرگس ‘ دیداراورحنا شاہین نے شوبزسے مکمل طورپرکنارہ کشی اختیارکرلی جبکہ دیدارکی شادی بھی اسی سال ہوئی۔ اداکارہ جگن کاظم نے دوسری شادی کرلی۔

ہمیشہ متنازعہ خبروں کی زینت بننے والی اداکارہ وینا ملک نے امریکہ اوردبئی میںمختلف کاروبار کرنے والے کروڑپتی اسد بشیر سے دبئی میں نکاح کرلیا۔ اس بارخوشی کی بات یہ ہے کہ اپنے نکاح کی تصاویر اوراس حوالے سے خبربھی ویناملک نے خود ہی میڈیا کوفراہم کی ہے جس کے بعد ایک بات توطے ہے کہ وہ اس کی تردید نہیں کرسکیں گی۔ سُپرماڈل مہرین سید، صوفیا خان، حنا ترین، علی سفینا سمیت دیگرنے ازدواجی زندگی میں قدم رکھ دیا۔ پاکستان کے سپرسٹارعلی ظفربالی وڈ میں چھائے رہے۔

ایک طرف توان کی اداکاری کوزبردست رسپانس ملا تودوسری جانب ان کے میوزک کنسرٹس میں بھی نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک ہوتی رہی۔ یہی وجہ ہے کہ برطانوی میگزین کی ایک سروے رپورٹ کے دوران بالی وڈ کے دوسال سے فاتح اداکارہریتک روشن کے مقابلے علی ظفرکوزیادہ ووٹ ملے اورانہیں 2013ء کا پرکشش ترین اداکار ہونے کا اعزازبھی ملا۔ پاکستانی اداکارہ سارہ لورین کی بھارتی فلم میں بہترین اداکاری کے بعد بالی وڈ کے دروازے ان کیلئے کھل گئے۔

اب وہ مزید تین فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ پاکستان میں بھی ایک فلم میں اداکاری کرنے کیلئے جلد ہی کراچی پہنچیں گی۔ اسی طرح عمائمہ ملک کی پہلی بالی وڈ فلم کی عکسبندی مکمل ہوچکی ہے لیکن ان کے ساتھی اداکارسنجے دت کے جیل جانے کی وجہ سے فلم کی ریلیزنگ میں کچھ تاخیر کی گئی ہے۔

پاکستانی گلوکارراحت فتح علی خاں اورعاطف اسلم کا بالی وڈ فلموں میں راج قائم رہا۔ دونوں گلوکاروں کے گیت بالی وڈ میں فلموں سال بھرسنائی دیتے رہے اوراس کی وجہ سے بالی وڈ کے متعدد پلے بیک سنگرزاورموسیقاروں نے پراپیگنڈہ بھی کیا، لیکن ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی

۔پاکستانی اداکارہ میرا نے والدہ کے نام پر ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے فنڈز ریزنگ مہم کا آغاز کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی تعمیر تک کسی فلم میں کام نہ کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ مراکش سے تعلق رکھنے والی حسینہ وائم عمار دھامنی نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور مستقبل میں مزید دو فلموں میں کام کرنے کا معاہدہ بھی کر لیا۔

ناہید اختر کی گلوکاری کے شعبے میں واپسی محض اعلان ثابت ہوئی کیونکہ دو تقریبات میں شرکت کے بعد وہ پھر منظر عام سے غائب ہوگئیں۔ گلوکارہ راحت فتح علی خان کی ڈانسر فلک سے شادی کی خبر بین الاقوامی میڈیا میں چھائی رہی تاہم انہوں نے اس کی بھرپور انداز میں تردید کر دی۔ عاطف اسلم نے ماضی کی قریبی دوست سارہ بھروانہ سے شادی کرلی۔ سارہ چودھری ‘ببرک شاہ اور احسن خان کے گھر بیٹے اور نصیبو لعل کے گھر بیٹی پیدا ہوئی۔

کنول نے سیاست میں آنے کے باعث شوبزسے مکمل کنارہ کشی اختیار کرلی۔ دوسری طرف بھارت کے معروف فنکار سال بھرمختلف ایونٹس میں شرکت کیلئے پاکستان آتے رہے۔ ان میں اداکار نصیرالدین شاہ، شتروگھن سنہا، نیہا دھوپیا‘ کیلاش کھیر‘ رضا مراد، رتنا پھاٹک شاہ، میکا سنگھ‘ سکھبیر سنگھ‘ جوہی چاولہ ‘ نندیتا داس‘ سریکھا بھردواج‘ وشال بھردواج ، ہنس راج ہنس، گرومیت سنگھ گوکھی ، آر بی سنگھ اور گلزار شامل ہیں جنہوں نے مختلف پروگراموں اور تقریبات میں شرکت کی ۔

ان معروف فنکاروں کا بھارت واپسی پر یہی کہنا تھا کہ یہاں سے یادگارلمحات لے کر واپس جارہے ہیں۔ لیکن بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے پرمتعدد فنکاروں کوبھارت جانے سے روک دیا گیا جبکہ بھارت میں مدیحہ گوہر‘ جاوید بشیر، نسیم وکی اور علی مظفر سمیت دیگرکو دھمکیاں دی گئیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارعدنان سمیع خان کو بھی اس حوالے سے خاصی پریشانی کاسامنا رہا۔ عدالت کی طرف سے ان کے خلاف سامنے آنیوالے فیصلوں پردنیا بھرمیں تنقیدبھی کی گئی لیکن بھارتی حکومت نے کوئی نوٹس نہ لیا۔ مختلف فنکاروں کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازا گیا جن میں خالد عباس ڈار، بہاربیگم، سید نور اور شاہدہ منی بھی شامل ہیں۔

گلوکارہ قرۃ العین بلوچ ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی ہونے پر میدان سے آؤٹ ہوگئیں۔ اس سال وفات پانے والے افراد میں ڈائریکٹر علی عباس جٹ‘ اداکارہ آسیہ‘ تھیٹر کے رائٹہ وڈائریکٹر افتخار حیدر‘ نغمہ نگار ریاض الرحمن ساغر‘ نشیلا‘ خاور عباس‘ شامل خاں کے والد اور ماضی کے اداکار جہانگیر خان جنہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں کے ساتھ ’’چن وے‘‘ میں کام کیا ۔ اداکارہ انجمن کے شوہر مبین ملک کو عیدالفطر کے دن قتل کر دیا گیا۔ ان کے علاوہ گلوکارہ زبیدہ خانم اور ریشماں کی موت کا صدمہ بھی شوبز انڈسٹری کوبرداشت کرنا پڑا۔ پی ٹی وی کی مقبول ترین ڈرامہ سیریز ’’اندھیرا اجالا‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار عابد بٹ بھی انتقال کرگئے جو گزشتہ 20 سالوں سے تبلیغی جماعت سے وابستہ تھے۔ اس کے علاوہ ہدایتکار شہزاد رفیق کی فلم ’’محبتاں سچیاں‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل ماریہ خاں کم عمری میں ہی انتقال کرگئیں۔ بلال قریشی اور عروسہ قریشی سے منگنی جبکہ بابر خان اور ثنا خاں ، صنم بلوچ اور عبداللہ فرحت، حنا ترین علی سفینا ، ریجا علی اورمحمد عرفان کی شادی بھی اس سال کی اہم خبرتھیں۔

سال 2013ء شوبز کی بہت سی عظیم فنکار ہم سے جدا ہو گئے۔ سال رواں کے ماہ جنوری کی 19تاریخ کو معروف پلے بیک سنگر مہناز کا انتقال ہوگیا ،فلمی گلوکارہ زبیدہ خانم کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ انہوں نے 78برس کی عمر میں 19اکتوبر کو وفات پائی۔ گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے کئی فلموں میں اداکاری کے ہنر بھی آزمائے۔ تیسرا بڑا نام فوک گلوکارہ ریشماں کا ہے جنہوں نے اپنی گائیکی کے ذریعے پاکستان اور بھارت سمیت پوری دنیا میں اپنا ایک منفرد مقام بنایا تھا یہ عظیم گلوکارہ 3نومبر کو 66 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئیں ۔ حکومت نے ان کی فنی خدمات پر ستارہ امیتاز سے بھی نوازا تھا ۔نغمہ نگار اور صحافی ریاض الرحمان ساغر کی فلمی دنیا اور گیت نگاری کے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، وہ یکم جون کو 72سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ پی ٹی وی کے شہرہ آفاق شو ’’کسوٹی‘‘ کے میزبان قریش پور 15اگست کو 81 برس کی عمر میں ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ آسیہ 9مارچ 2013 ء کو کینیڈا میں انتقال کرگئیں۔

وہ عمر کی 65بہاریں دیکھ چکی تھیں۔ اظہار کاظمی ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار اور براڈ کاسٹر تھے۔وہ 30مارچ 2013 کو اس جہان فانی سے رخصت ہوئے۔ منظورنیازی کا انتقال 9اپریل کو ہوا۔ وہ نعت، قوالی اور صوفیانہ کلام گانے میں ملکہ رکھتے تھے۔ پاکستان کے ابتدائی دنوں میں قائد اعظم محمد علی جناح نے انہوں ’بلبل دکن‘ کا خطاب دیا تھا۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 93سال تھی۔ صفیہ رانی ریڈیو ، ٹی وی اور اسٹیج پر اداکاری کا ایک معروف نام تھا۔

وہ رواں سال 25اپریل کواس دنیا سے رخصت ہوئیں۔ ریڈیو ، ٹی وی ، فلم اور سٹیج کے مزاحیہ اداکار نشیلا اسی سال 23جون کو دنیا سے رخصت ہوئے ۔ 3اگست کو معروف صداکار حسن شہید مرزا، یکم ستمبر کو اداکار منظور مگسی، 13ستمبر کو فلمی ہیرو انور حسین ،23ستمبر کو اداکار جہانگیرخان اور28نومبر کو اداکارعابد بٹ کا انتقال ہوا۔

٭٭٭
بالی وڈ کے معروف ستارے شاہ رخ خان، عامرخان اور سلمان خان کے علاوہ رنبیرکپور، کترینہ کیف اور دیپکاپڈکون گزشتہ برسوں کی طرح چھائے رہے۔ مذکورہ فنکاروں کی ریلیز ہونیوالی فلموں نے ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے بہت سے ایوارڈز اپنے نام کئے۔ سال بھر میں شاہ رخ اورسلمان کی فلموں کے زبردست بزنس کے ریکارڈز کوعامر خان کی فلم نے توڑتے ہوئے پہلے دو دنوں میں بھارت کی تاریخ کا سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا جبکہ رنبیرکپوراوردیپکاپڈوکون کی فلموں کو بھی زبردست رسپانس ملا۔

سال 2013ء میں جہاں جوڑے بنے وہیں کہیں ایک دوسرے سے جدا ہوگئے ۔ جن میں اداکارہ نور کی تیسرے شوہر عون چودھری سے علیحدگی ہوگئی ۔ گلوکارہ عینی خالد کے شوہرملک نوید اعوان نے علیحدگی کے بعد ان پر کروڑوں روپے کا سامان چوری کا پرچہ درج کرادیا جس کے بعد وہ منظر عام سے غائب ہوچکی ہیں۔

اداکارہ لیلی کی موجودگی میں ان کے بھائی عمر پر شاپنگ مال سے چوری کرنے کا سیکنڈل خبروں کی زینت بنا ۔ بعدازاں معاملہ رفع دفع ہوگیا ۔ اداکارہ صلہ حسین اپنے شوہر اسلم پھلروان سے طلاق لے کر علیحدہ ہوگئیں۔ گلوکارہ نصیبولعل کے ہاں بیٹی اور نوراں لعل کے بیٹا پیدا ہوا ۔اداکار ببرک شاہ اور احسن خان کو بھی خدا نے بیٹا دیا ۔

اداکارہ سارہ چودھری بھی بچے کی ماںبن گئیں ۔ وینا ملک کا صوفیہ مرزا کے سابق شوہر عمر فاروق کے ساتھ شادی کا سیکنڈل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا رہا ۔ گلوکارہ شمسہ کنول کی دس برس بعد شوبز میں واپسی ہوئی ۔ معروف لوک گلوکار شوکت علی کو پنجاب انسٹیٹوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر کی طرف سے پرائیڈ آف پنجاب سے نوازا گیا ۔فاسٹ باؤلرمحمد آصف نے بھارتی فلم ’’انڈیا میں لاہور‘‘ میں کام کرنے کا معاہدہ کرلیا۔ اس فلم کیلئے پہلی مرتبہ بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے ہدایتکار، فلمساز اورنغمہ نگارپرمشتمل تین رکنی ٹیم لاہور آئی جنہوں نے یہاں نوجوان فنکاروں کے آڈیشن لئے۔

اسی دوران محمد آصف کا بھی انتخاب کیاگیا تھا۔ اس موقع پرمحمد آصف کا کہناتھا کہ وہ اداکاری کے شعبے میں بھی بہترین فنکارانہ صلاحیتوںکا مظاہرہ کریں گے۔ اداکار شان کا بالی وڈ ہدایتکار مہیش بھٹ کے ساتھ فلم ’’ارتھ‘‘ کا ری میک بنانے کے لئے بھارتی رائٹر شگفتہ رفیقی کو پاکستان بلایا تھا مگر معاملات طے نہ ہونے وہ واپس چلی گئیں۔پاکستانی گلوکارہ میشا شفیع کی بطور اداکارہ ’’ریلیکٹ فنڈامینٹلسٹ ‘‘ بین الاقوامی سطح پر ریلیز ہوئی اس کے علاوہ بھارتی فلم ’’بھاگ ملکھا بھاگ‘‘ اور پاکستانی فلم’’وار‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔
٭٭٭
ہالی وڈ باکس آفس
ہالی وڈ میں رواں سال بڑے بجٹ کی فلموں کے لئے کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا اور لمبے چوڑے خرچے والی فلمیں باکس آفس پر بس اوسط بزنس کر پائیں لیکن، کم بجٹ فلموں نے زبردست بزنس کیا اور فلم ٹریڈ کو مشکلات کا شکار ہونے سے بچا لیا۔ پچاس ملین ڈالرز کے کم بجٹ سے بنائی گئی ’اینکر مین 2۔ دی لیجنڈ کنٹی نیو‘ نے باکس آفس پر رش لے کر ایک طرف تو اسٹوڈیو مالکان میں خوشی کی لہر دوڑا دی، تو دوسری جانب، یہ امید بھی پیدا کردی ہے کہ سال 2013 ء بھی پچھلے سال کی طرح چھوٹی بجٹ کی فلموں کے لئے خوش قسمت و درخشاں ہے۔سال 2013کی شروعات ہالی وڈ کی فلموں کے لئے کچھ زیادہ زوردار نہیں تھی۔ ’آئرن مین 3‘ اور ’ڈسپی کیبل می ٹو‘جیسی فلموں کا بزنس امریکا اور کینیڈا میں پچھلے سال کے مقابلے میں 0.3فیصد کم رہا۔ لیکن، اگست سے ریلیز ہونے والی فلموں ’دی بٹلر‘ اور’کیپٹن فلپس‘ جیسی فلموں نے باکس آفس کی مندی کو 55ملین ڈالرز کما کر تیزی میں بدل ڈالا۔ ان دونوں فلموں کی ٹکٹوں کی سیل 100ملین ڈالرز فی فلم سے زیادہ رہی۔

بعد میں نمائش کے لئے پیش کی جانے والی ’وی آر دی ملرز‘ اورجے کاس پریزینٹس۔ بیڈ گرینڈ پا۔ نے بھی باکس آفس پر ریکارڈ کمائی کا سلسلہ جاری رکھا۔ تھیٹرچین اے ایم سی انٹرٹینمنٹ کے چیف ایگزیکٹو جیررڈو لوپزکے مطابق ’گریوٹی‘مقامی تھیٹرز میں صرف 50سے70ملین ڈالرز ہی کما پائی حالانکہ کہ یہ ایک اچھی فلم تھی۔سینڈرا بلکاک اور جارج کلونی اسٹاررگریوٹی کی پروموشن اور پبلسٹی دیکھتے ہوئے پیش گوئی کی جا رہی تھی کہ فلم امریکا اور کینیڈا میں 253ملین ڈالرز کا بزنس کرے گی۔تقریبا 100ملین ڈالرز کی لاگت سے بنی فلم کا سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں نمبر چھٹا رہا۔ بگ بجٹ ایکشن فلمیں مثلاً ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ اور ’اسٹار ٹریک ان ٹو ڈارک نیس‘ مقامی تھیٹرز میں کمائی کے حوالے سے سرفہرست رہیں۔ دونوں فلمیں مجموعی طور پر 160ملین ڈالرز کی لاگت سے تیار کی گئی تھیں۔

سال کی کامیاب ترین فلموں پر نظر ڈالی جائے تو ’ٹائم وارنر انک‘ کو فلم کریٹکس اور آڈینز نے خلا اور بے وزنی کے مشکل سبجیکٹ کو اچھی طرح پیش کرنے کی وجہ سے پسند کیا اور فلمی شائقین نے مہنگے ٹکٹ خرید کر آئی میکس اورتھری ڈی میں فلم دیکھی۔’دی بٹلر‘ کی شاندار کامیابی میں بڑا ہاتھ اوپیرا ونفری کی مقبولیت کا رہا جبکہ ’کیپٹن فلپس‘ میں ٹام ہینکس کی جاندار اداکاری نے نہ صرف باکس آفس پر جادو دکھایا بلکہ فلم کو آسکر ایوارڈز جیتنے کے لئے مضبوط پوزیشن میں لاکھڑا کیا۔برطانوی خبر رساں ادارے، رائٹرز سے بات چیت میں ٹریڈ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چھوٹے اور بڑے بجٹ کے ملے جلے رجحان سے بنائی گئی فلموں نے ہالی وڈ کو ایک نیا ’بوسٹ‘ دیا اور ان فلموں کی مجموعی کمائی نے پچھلے سال کا 10.8بلین ڈالرز کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔سو ملین ڈالرز سے کچھ ہی زیادہ بجٹ کی فلم ’وولف آف وال اسٹریٹ‘ نے صرف اچھا بزنس ہی نہیں کیا، بلکہ لیونارڈو ڈی کیپریو کو آسکر کی دوڑ میں شامل بھی کروا دیا۔
٭٭٭
ہالی وڈ
انجلینا جولی فلموں میں کتنے ہی خطرناک اسٹنٹ کرتی دکھائی کیوں نہ دیں، حقیقی زندگی میں بہت نرم دل ہیں اور امدادی و فلاحی کاموں میں سب سے آگے رہتی ہیں۔ انجلینا کی انہی فلاحی سرگرمیوں کے اعتراف میں انہیں ’اعزازی آسکر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔ ہالی وڈ میں ہونے والی گورنرز ایوارڈ کی شاندار او ر چکاچوند تقریب میں دنیا بھر کے مہاجرین اور انسانیت کے لئے خدمات انجام دینے پر ہالی وڈ کی سپر ہیروئن 38 برس کی انجلینا جولی کو ایوارڈ دیا گیا ۔

اس موقع پر انہوں نے بطور ڈائریکٹر اپنی پہلی فلم ’ان دا لینڈ آف بلڈ اینڈ ہنی‘ کی بوسنیا اور سربیا سے تعلق رکھنے والی کاسٹ سے تعارف بھی کروایا۔انجلینا اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے رفیوجیز کی سفیر ہیں اور 40 سے زیادہ فیلڈ مشنز مکمل کر چکی ہیں۔ ان میں حال ہی میں شام میں خانہ جنگی سے متاثر ین کی امداد کا مشن بھی شامل ہے۔

٭ شور، شرابے، موج اور مستی سے بھرپور رنگا رنگ ’ایم ٹی وی ایوارڈز میلہ‘ ’کوئین آف پاپ ‘‘ ملی سائرس نے اپنی جاندار پرفارمنس سے اپنے نام کیا ۔

٭کنٹری پاپ میوزک کی نامور گلوکارہ، ٹیلر سوفٹ نے امریکن میوزک ایوارڈز‘ کا اعلیٰ ترین تمغہ جیت لیا ۔

٭وینزویلا کی گیبریلا اسلر نے حسینہ کائنات ’’مس یونیورس‘‘ کا مقابلہ جیت لیا ہے۔ 25 سالہ گیبریلا کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں مس یونیورس کا تاج پہنایا گیا۔وہ پیشے کے اعتبار سے وینزویلا کے ایک ٹی وی چینلر پر اناؤنسر ہیں۔انھیں مقابلے میں شریک 86 حسیناؤں میں سے منتخب کیا گیا ۔

٭ بھارتی نژاد امریکی شہری نینا ڈیولوری نے ’مس امریکہ‘ کا خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ امریکی ریاستوں سے تعلق رکھنے والی 53 حسینائیں ان کے مقابلے میں تھیں۔ لیکن، نینا نے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور مس امریکہ کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔ نینا یہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی نژاد ہیں۔

٭برطانوی گلوکارہ ایڈلے کو شاہی اعزاز سے نوازا گیا۔ انہیں برطانوی شہزادے چارلس نے شاہی اعزاز سے نوازتے ہوئے ان کی گراں قدرخدمات کوشاندارالفاظ میںخراج تحسین بھی پیش کیا۔

٭ہالی وڈکی معروف فلم سیریز ’’فاسٹ اینڈ فیورس‘‘ کے مرکزی اداکارپال واکر کارحادثے میں ہلاک ہوگئے۔ ان کی ہلاکت سے دنیا بھر میں ان کے پرستاروں افسردہ دکھائی دیئے۔ ان کی وفات کوہالی وڈ کے لئے ایک بہت بڑانقصان قراردیا گیاتھا۔

 

٭آسکر ایوارڈ یافتہ فنکارہ جون فونٹین امریکی شہر کیلفورنیا میں 15دسمبر 2013 ء کو 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

٭ برطانوی اداکار، پیٹر اوٹول 81 برس کی عمر میں 14دسمبر 2013ء کو انتقال کرگئے۔


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4424

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>