Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

’’پیرنی‘‘ پر انحصار اچھا نہیں

$
0
0

پولیس نے کراچی کے علاقے ڈالمیا میں چھپے ہوئے خزانے کی تلاش میں گھر میں کھدائی کرنے پر اس مکان کے مالک، ایک جعلی پیرنی اور کُھدائی کرنے والے 8 مزدوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

مکان کے مالک کا کہنا ہے کہ اُس کے برادر نسبتی نے گھر میں زیرزمین خزانہ چھپے ہونے کا خواب دیکھ کر انہیں آگاہ کیا تھا، جس پر اُس نے پیرنی سے رابطہ کیا جس نے گھر میں کھدائی کے مقام کی نشان دہی کرتے ہوئے آدھا خزانہ خود لینے کی شرط عائد کی تھی۔

اصولاً تو یہ خواب خود مالک مکان کو آنا چاہیے تھا، لیکن ان کے برادرنسبتی یعنی سالے صاحب نے دیکھ لیا۔ گویا خواب غلط آنکھ میں ’’لینڈ‘‘ کرگیا۔ کہتے ہیں ساری خدائی ایک طرف جورو کا بھائی ایک طرف، لیکن ان صاحب نے سالے پر بھروسا نہیں کیا اور پیرنی صاحبہ کو اس راز میں شامل کرلیا۔ کہانی کے یہاں تک پہنچتی ہے تو یہ سبق ملتا ہے کہ کسی ’’پیرنی‘‘ پر زیادہ انحصار نہیں کرنا چاہیے، ورنہ وہ خواہ مخواہ کھدائی کروادیتی ہے، نتیجے میں چوہا بھی نہیں نکلتا، بلکہ کھودنے والا خود کھودے ہوئے گڑھے میں جاگرتا ہے۔

مالک مکان صاحب کی سادہ دلی دیکھیے کہ انھوں خزانے کے راز میں کتنے لوگوں کو شریک کرلیا۔ برادرنسبتی تو خیر خواب دیکھ کر حصہ دار بن ہی چکا تھا، لیکن پیرنی صاحبہ کے لیے بھی آدھا خزانہ مختص کردیا، پھر آٹھ مزدور کھدائی پر لگادیے، جو یقیناً اپنا اپنا حصہ وصول کرتے۔ یوں ان صاحب کو خزانے سے جو حاصل ہوتا وہ کھدائی کی بھرائی میں لگ جاتا۔ موصوف کے اس عمل سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ خزانہ پانے سے زیادہ لُٹانے ٹھکانے لگانے میں دل چسپی رکھتے تھے۔ بہ ہر حال اب وہ خود، پیرنی اور مزدور پولیس کے لیے ’’خزانہ‘‘ ہیں، جو کسی خواب اور کھدائی کے بغیر ہاتھ آگیا ہے۔

ویسے ان دنوں بغیر خواب کے بھی غریبوں کے پاس ایسے خزانے دریافت ہورہے ہیں جو ان کے خواب وخیال میں بھی نہیں تھے۔ کسی دن اچانک کسی مفلس کے بینک اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کا خزانہ نکل آتا ہے، یہاں کھدائی خزانہ نکلنے کے بعد ہوتی ہے جس میں گڑے مُردے اُکھاڑے جاتے ہیں۔ مذکورہ مالک مکان کو چاہیے کہ مایوس نہ ہوں، وہ اور ان کے برادرنسبتی اب خواب دیکھنے کے بہ جائے کُھلی آنکھوں سے اپنے اپنے بینک اکاؤنٹس پر نظر رکھیں، ممکن ہے کوئی خزانہ نکل آئے۔

 

The post ’’پیرنی‘‘ پر انحصار اچھا نہیں appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>