کسی بھی فلم کا نام یا ٹائٹل اس لحاظ سے اہم سمجھا جاتا ہے کہ اس سے فلم کی اسٹوری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے یا یوں سمجھ لیں کی فلم کا نام وہ آئینہ ہے، جس کے دوسری طرف فلم کی کہانی نظر آتی ہے۔اس لیے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر فلم کے نام کا انتخاب نہایت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔
زبان زد عام ہو جانے والی فلموں کے نام اکثر و بیشتر ہٹ فلموں کے ہی ہوتے ہیں، اس لیے فلم ساز مختصر نام رکھنے کو زیادہ بہتر سمجھتے ہیں، جیسے کہ کرش، چنائے ایکسپریس، دبنگ، تھری ایڈیٹس، چک دے، ریڈی، گول مال وغیرہ۔ لیکن اب فلم ساز یہ کوشش بھی کر رہے ہیں کہ ان کی فلم کا نام نہ صرف مختصر ہو بلکہ ایسا انوکھا بھی ہو کہ پہلے کسی نے نہ سنا ہو اور نہ کسی اور فلم کا نام ہو۔ ذیل میں بولی وڈ کی آنے والی چند ایسی ہی فلموں کے ناموں کا ذکر ہے جنہیں سن کر ہی حیرت کا جھٹکا لگتا ہے:
ایکشن جیکسن
سائوتھ کے ایکٹر اور ڈائریکٹر پربھو دیوا نے بولی وڈ میں دبنگ، روڈی راٹھور، وانٹڈ جیسی ہٹ فلمیں دے کر خود کو ایک کام یاب ڈائریکٹر ثابت کیا ہے۔ اسی لیے ممبئی میں اب ان کے پا س کام کی کمی نہیں ہے۔ یہ بھی اپنی فلم کا مختصر نام رکھنے میں مشہور ہیں، لیکن اس بار ان کی آنے والی فلم کا نام نہ صرف مختصر ہے، بلکہ اوروں سے ہٹ کر بھی ہے۔ ان کی اگلی فلم کا نام ایکشن جیکسن ہے، جیسا کہ نام ہی سے ظاہر ہے کہ یہ ایک مکمل ایکشن فلم ہے۔ جیکسن کا ٹائٹل رول اجے دیو گن کر رہے ہیں۔ پربھو دیوا اداکار اجے دیوگن کو اپنے لیے لکی اسٹار مانتے ہیں اور اسی لیے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ کام اجے کے ساتھ ہی کریں۔ 1988میں ہالی ووڈ میں ایکشن جیکسن کے نام سے فلم بن چکی ہے۔ اسی لیے بہت ممکن ہے کہ پربھودیوا نے یہ نام اسی فلم کا چرایا ہو۔
ریمبو راج کمار
پر بھو دیوا کی ایک اور فلم جس کا نام کسی ہالی ووڈ سے مماثلت تو نہیں رکھتا لیکن اتنا انوکھا اور منفرد ضرور ہے کہ لوگ صرف نام کی وجہ سے ہی سنیما ہالز کا رخ کر سکتے ہیں۔ ریمبو راج کمار جیسا کہ نام ہی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مکمل طور پر مزاحیہ فلم ہوگی۔ اس کی کاسٹ میں شاہد کپور اور سوناکشی سنہا شامل ہیں۔ شاہد فلم کا ٹائٹل رول کر رہے ہیں اور سوناکشی کے ساتھ یہ ان کی پہلی فلم ہے۔ آن اسکرین ان دونوں کی جوڑی کیسی رہتی ہے یہ فلم کی ریلیز کے بعد ہی پتا چلے گا۔
بلٹ راجا
بولی وڈ کی ایک اور مضحکہ خیز فلم کا مضحکہ خیز نام ہے، بلٹ راجا، اور جیسا کہ نام ہی سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ایک کرائم ایکشن فلم ہو گی۔ اس کی کاسٹ میں سیف علی خان اور سوناکشی سنہا شامل ہیں۔ اس فلم کے ڈائریکٹر ٹگمانشوڈھولیا اس سے پہلے حاصل، صاحب بیوی اور گینگسٹر اور پان سنگھ تو مار جیسی سنجیدہ موضوعات کی فلمیں بنا چکے ہیں۔ مذکورہ تمام فلمیں کم بجٹ کی فلمیں تھی، لیکن بلٹ راجا ہائی بجٹ کی فلم ہے اور ظاہر ہے کہ کاسٹ بھی اے کلاس ہی ہے۔ اس لیے ڈھولیا اپنی دیگر فلموں کی نسبت اس پر بہت زیادہ محنت کر رہے ہیں۔
مکی وائرس
مکی وائرس ایک کم بجٹ کی فلم ہے جسے اوسط درجے کی کام یابی حاصل ہوئی۔ فلم کے ڈائریکٹر سوربھا ورما ہیں جن کے کریڈٹ پر ابھی تک کوئی خاص فلم نہیں اور اب تک جو فلمیں وہ بنا چکے ہیں ان کا نام بھی عام لوگوں میں سے کم ہی کو معلوم ہوگا۔ شاید یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اپنی اس فلم کا نام اتنا انوکھا اور منفرد رکھا کہ اگر مکی وائرس بھی ان کی گذشتہ فلموں کی طرح ناکام ہوجائے، تب بھی صرف نام کی وجہ سے ہی لوگ اس فلم کو یاد رکھ سکیں۔ مکی وائرس کی کاسٹ میں مینش پال، ایلی ایورام، منیش چوہدری وغیرہ شامل ہیں۔ یہ ایک مزاحیہ فلم ہے، جس کی کہانی ایک کمپیوٹر ہیکر کے گرد گھومتی ہے۔
جان ڈے
ایک اور حیرت انگیز نام سے مزین فلم جان ڈے۔ فلم کے نام ہی سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی ایک شخص کے گرد ہی گھومتی ہے۔ جان ڈے کے ڈائریکٹراشیش ہورسولومون ہیں، جب کہ اس کی کاسٹ میں نصیرالدین شاہ، رندیپ ہودا اور ویپن شرما شامل ہیں۔ فلم کی کہانی ایک بینک مینجر کے گرد گھومتی ہے۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ اس فلم میں نصیرالدین شاہ نے شان دار پرفارمینس دی ہے۔