مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا،’’آپ کا ہنسنا بہت کم ہوگیا ہے، اور آپ کُھل کر بات بھی نہیں کرتے۔‘‘ میاں صاحب نے جواب دیا،’’ہنسنا کیسا، ہم تو کُھل کر رو بھی نہیں سکے۔‘‘
میاں صاحب کا یہ جواب ہماری آنکھیں نم اور نتیجتاً ہمارے گھر میں ٹشوپیپرز کی تعداد کم کرگیا۔ کیا جملہ ہے، اگر کسی فلمی قلم کار کے ہتھے چڑھ گیا ہوتا تو اب تک جوں کا توں یا معمولی سی تبدیلی کے ساتھ کسی فلم کا مشہور مکالمہ بن چکا ہوتا، جیسے: ’’ہنسنا کیسا پارو! میں تو کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’ڈان کو پکڑنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے، مگر مسئلہ یہ ہے کہ چھپنے کے چکر میں ڈان ہنسنا کیسا کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’کتنے آدمی تھے، سردار دو، وہ دو اور تم تین پھر بھی خالی ہاتھ واپس آگئے۔ تم نے عزت کی وہ واٹ لگائی ہے کہ گبر ہنسنا کیسا کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’انارکلی! سلیم کی محبت تمھیں مرنے نہیں دے گی اور ہم تمھیں جینے نہیں دیں گے‘‘، انارکلی،’’ظلِِ الٰہی! آپ نے ایسی بات کردی کہ میں ہنسنا کیسا کھل کر رو بھی نہیں سکی‘‘،’’موگمبو خوش ہوا، مگر حالات ایسے ہیں کہ ہنسنا کیسا کُھل کر رو بھی نہیں سکا‘‘،’’میں تیرا خون پی جاؤں گا، کیوں کہ تیری وجہ سے ہنسنا کیسا میں کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’ایک بار میں نے کمٹمینٹ کرلی تو میں خود کی بھی نہیں سُنتا۔۔۔مسئلہ بس یہ ہے کہ ہنسنا کیسا میں کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’رشتے میں ہم تمھارے باپ لگتے ہیں۔ نام ہے شہنشاہ، ہماری بس ایک ہی مجبوری ہے کہ ہنسنا کیسا ہم تو کُھل کر رو بھی نہیں سکے۔‘‘،’’ہار کر جیتنے والے کو بازی گر کہتے ہیں، مگر جیتنے تک بے چارہ بازی گر ہنسنا کیسا کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست، اگلے سین تک ہنسنا کیسا میں کُھل کر رو بھی نہیں سکتا۔‘‘،’’میرے کرن ارجن آئیں گے، تب تک ہنسنا کیسا میں کُھل کر رو بھی نہیں سکوں گی۔‘‘،’’پریم نام ہے میرا، پریم چوپڑا، ہنسنا کیسا میں تو کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’خاموش ش ش ش ش۔۔۔۔۔۔اچھا صاب! ہنسنا کیسا میں تو کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’مائی نیم از خان اینڈ آئی ایم ناٹ آ ٹیررسٹ۔۔۔البتہ ہنسنا کیسا میں کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘،’’ٹینشن لینے کا نہیں صرف دینے کا۔۔۔۔اَپن کیا ٹینش دے گا بھائی! اپن کا تو وہ حال ہے کہ ہنسنا کیسا کُھل کر رو بھی نہیں سکا۔‘‘
محمد عثمان جامعی
usman.jamai@express.com.pk
The post واہ نواز شریف صاحب! کیا فلمی ڈائیلاگ مارا ہے appeared first on ایکسپریس اردو.